Tag: Tibet

  • تبت میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 126 ہو گئی

    تبت میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 126 ہو گئی

    چین کے خود مختار علاقے تبت میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 126 ہو گئی ہے، جب کہ 190 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ اس خطے میں 5 سال کے دوران آنے والا یہ سب سے خطرناک زلزلہ ہے، گزشتہ روز 7.1 کا زلزلہ نیپال، بھارت اور بھوٹان میں بھی محسوس کیا گیا۔

    زلزلے کے بعد شروع ہونے والا ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، امدادی کارکنان رات بھر ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کرتے رہے، امدادی کاموں میں حصہ لینے کے لیے 14,000 سے زیادہ امدادی کارکن تبت پہنچ چکے ہیں۔

    چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ منگل کو آنے والے زلزلے کے بعد سے، ماؤنٹ ایورسٹ کی بنیاد سے تقریباً 50 میل دور 400 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا ہے، جہاں زلزلے سے ہزاروں گھر تباہ ہو گئے ہیں۔

    امریکا میں شدید برفباری کا 32 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے 3 ہزار سے زیادہ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، جب کہ زلزلے کے بعد متعدد علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گو کِنگ بھی بدھ کے روز ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے تبت پہنچے، جہاں منفی 16 سینٹی گریڈ تک گرنے والا سخت سرد موسم ریسکیو کے کاموں میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ اس خطے میں زلزلے عام ہیں، جو کہ ایک اہم ارضیاتی فالٹ لائن پر واقع ہے، تاہم حالیہ برسوں میں منگل کے دن کا زلزلہ چین کے مہلک ترین زلزلوں میں سے ایک تھا۔

  • بڑا کارنامہ، چین نے ’دنیا کی چھت‘ پر بلٹ ٹرین چلا دی

    بڑا کارنامہ، چین نے ’دنیا کی چھت‘ پر بلٹ ٹرین چلا دی

    بیجنگ: چین نے ’دنیا کی چھت‘ پر تیز ترین ریلوے سروس فراہم کر دی ہے، یہ اپنی نوعیت کا ایک اور بڑا چینی کارنامہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی چھت کہلائے جانے والے علاقے تبت میں چین نے بلٹ ٹرین سروس شروع کر دی ہے، تبت کے رہائشی اس خطے کے دل کش پہاڑی علاقوں کا نظارہ اب تیز ترین سفر کے ساتھ کر سکیں گے۔

    ڈھائی سو میل (435 کلو میٹر) طویل ریلوے لائن تبت کے دارالحکومت لہاسا کو اس خطے کے ایک شہر نینگچی سے منسلک کرتی ہے، 25 جون کو اس سروس کے آغاز کے ساتھ ہی اب چین کے زیر تحت 31 علاقوں میں تیز ترین ٹرین کا سفر ممکن ہوگیا ہے۔

    تبت میں تیز رفتار ریلوے لائن کی تعمیر کوئی آسان کام نہیں تھا، کیوں کہ اس کا 90 فی صد روٹ سطح سمندر سے 3 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی پر واقع ہے، یہی وجہ ہے کہ اس ریلوے لائن کی تعمیر میں 6 سال کا عرصہ لگا، اس دوران 47 سرنگیں اور 121 پلوں کی تعمیر ہوئی، جو مجموعی روٹ کے 75 فی صد حصے پر پھیلے ہوئے ہیں، اس میں 525 میٹر طویل زانگمو ریلوے برج بھی شامل ہے، جو دنیا میں اس طرز کا سب سے بڑا اور بلند ترین برج ہے۔

    اس منصوبے پر 5 ارب 60 کروڑ ڈالرز خرچ کیے گئے اور اس کی تعمیر سرکاری ادارے چائنا اسٹیٹ ریلوے گروپ نے کی، یہ ہائی اسپیڈ ٹرینیں خود کار آکسیجن سپلائی سسٹمز سے بھی لیس ہیں، جو ٹرینوں میں آکسیجن کی سطح کو مسلسل 23.6 فی صد پر رکھتے ہیں، کیوں کہ سطح سمندر سے زیادہ بلندی پر تیز سفر کے دوران آکسیجن کی کمی کا خطرہ ہے، اس کے علاوہ ٹرینوں کی کھڑکیوں میں شیشوں کی ایک خاص تہ موجود ہے، جو زیادہ الٹرا وائلٹ شعاعوں کی سطح کو مدِ نظر رکھ کر ڈیزائن کی گئی ہے۔

    یہ تبت کی پہلی برقی ٹرین سروس ہے، یہ ٹرینیں زیادہ سے زیادہ لگ بھگ سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکتی ہیں، جو چین کے دیگر خطوں کی ٹرین سروس سے سست سمجھی جا سکتی ہے، جن کی زیادہ سے زیادہ رفتار 217 میل فی گھنٹہ ہے۔

  • تبت اپنا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب

    تبت اپنا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب

    لھاسا: چین کے خود مختار علاقے تبت نے ماحولیات کے لحاظ سے دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو جاری کی گئی تبت کے محکمہ ماحولیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے نے گزشتہ سال مستحکم ماحولیاتی معیار کو برقرار رکھا ہے، اور یہ اب بھی ماحولیات کے لحاظ سے دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔

    تبت کو اپنے بلند و بالا پہاڑوں کے باعث دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے، یہ چین کا جنوب مغربی علاقہ ہے اور خود مختار ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020 میں تبت کے اہم دریاؤں اور جھیلوں کے پانی اور ہوا کا معیار بہترین رہا۔

    رپورٹ کے مطابق 2020 کے آخر تک تبت میں 4 لاکھ 12 ہزار 200 مربع کلو میٹر کے مجموعی رقبے پر جنگلی حیات کے محفوظ علاقے بنائے گئے، جو تبت کے کُل رقبے کے ایک تہائی سے زیادہ بنتا ہے۔

    اس علاقے میں محفوظ قرار دیے گئے جانوروں (یعنی جن کا شکار یا انھیں نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا) کی انواع کی آبادی میں گزشتہ برس نمایاں اضافہ بھی دیکھا گیا، جب کہ تبت میں پائے جانے والے نایاب اور خطرے سے دوچار جنگلی پودوں کی کل 214 اقسام کو ’جنگلی جانوروں اور پودوں کی خطرے سے دوچار اقسام‘ سے متعلق بین الاقوامی تجارتی کنونشن کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چین جلد ہی تبت بھر میں ریل کی پٹریاں بچھانے جا رہا ہے، یہ ملک کے سب سے مہنگے سول انجینئرنگ منصوبوں میں سے ایک ہے، یہ ریلوے لائن 435 کلو میٹر طویل ہے، اور اس کے رواں ماہ کھلنے کی توقع ہے، 5.7 بلین ڈالرز لاگت کا یہ ٹریک دارالحکومت لھاسا سے نائنگچی شہر تک پھیلا ہوگا، یہ اس خطے کی پہلی برقی ریلوے ہوگی۔