Tag: Tiger

  • بندر کی چالاکی، شیر کو دھول چٹا کر بھاگ نکلا

    بندر کی چالاکی، شیر کو دھول چٹا کر بھاگ نکلا

    شیر کے سامنے آ کر اس کا شکار ہونے سے بچنا، ایسا خوش نصیبوں کے ساتھ ہی ہوتا ہے، کچھ خوش نصیب اپنی عقل لڑا کرا اپنی جان بچا لیتے ہیں۔

    ایسا ہی کچھ اس بندر کے ساتھ ہوا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شیر اور بندر درخت پر چڑھے ہوئے ہیں اور بظاہر شیر کی نیت بندر کو شکار کرنے کی ہے۔

    بندر پہلے مزید اوپر چڑھتا ہے تاکہ شیر بھی اس کے پیچھے اوپر آجائے، اس کے بعد وہ ایسا تاثر دیتا ہے جیسے وہ درخت سے گرنے والا ہے۔ بندر کو دبوچنے کے لیے شیر بھی جھولتی ہوئی شاخ پر لٹک جاتا ہے۔

    اس کے بعد بندر چھلانگ لگا کر دوسری شاخ پر بھاگ جاتا ہے جس سے پہلی والی شاخ بری طرح ہلتی ہے، شیر خود کو سنبھالنے کی کوشش کرتا ہے لیکن سنبھلتے سنبھلتے بھی نیچے گر جاتا ہے۔

    اس کے بعد وہ کھسیانا ہو کر جنگل کی جانب چل دیتا ہے۔

    ٹویٹر پر اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین خوب محفوظ ہوئے اور بندر کی چالاکی کی داد دی۔

  • بطخ نے شیر کو تگنی کا ناچ نچا دیا

    بطخ نے شیر کو تگنی کا ناچ نچا دیا

    شیر اپنے شکار کو حاصل کرنے کے لیے نہایت چالاکی اور برق رفتاری کا مظاہرہ کرتا ہے، لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسی ویڈیو دکھا رہے ہیں جس میں شیر سے کئی گنا چھوٹی بطخ نے اسے تگنی کا ناچ نچا دیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر ایک تالاب میں ہے اور بطخ کو شکار کرنے کی کوشش میں ہے۔

    وہ آہستگی سے اس کی جانب بڑھتا ہے لیکن جیسے ہی وہ اس کے قریب پہنچتا ہے، بطخ ڈبکی لگا کر پانی کے اندر چلی جاتی ہے جس کے بعد شیر چاروں جانب اسے ڈھونڈتا رہ جاتا ہے۔

    اس کے بعد وہ شیر کے پیچھے سے نمودار ہوتی ہے اور اسے دیکھ کر شیر ایک بار پھر اس کا پیچھا شروع کردیتا ہے، لیکن ہر بار شیر جب بطخ کے قریب پہنچتا ہے وہ ایسے ہی پانی کے اندر غائب ہوجاتی ہے۔

    کچھ دیر یہ آنکھ مچولی چلنے کے بعد بطخ بالآخر شیر کی پہنچ سے دور ہوگئی اور اس نے اپنی جان بچا لی۔

    اس ویڈیو کو اب تک 4.8 ملین بار دیکھا جاچکا ہے، سوشل میڈیا صارفین بطخ کی چالاکی اور شیر کے بیوقوف بننے پر خوب ہنسے اور مختلف تبصرے کیے۔

  • اس تصویر میں کتنے شیر ہیں؟

    اس تصویر میں کتنے شیر ہیں؟

    سوشل میڈیا پر اکثر ایسی تصاویر وائرل ہوتی رہتی ہیں جن میں ذہانت کا امتحان لیا جاتا ہے، ایسی ہی ایک اور تصویر آج آپ کو دکھائی جارہی ہے۔

    اس تصویر کو غور سے دیکھیں اور بتائیں کہ اس میں کتنے شیر موجود ہیں۔

    بغور دیکھنے کے بعد یقیناً آپ یہی کہیں گے کہ اس تصویر میں تو صرف ایک ہی شیر موجود ہے، لیکن دراصل آپ کا یہ جواب بھی غلط ہے کیونکہ آپ کو الجھانے کے لیے سوال ہی غلط پوچھا گیا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آپ کتنے عقلمند ہیں۔

    پہلی بات تو یہ ہے کہ اس تصویر میں کوئی شیر ہے ہی نہیں بلکہ یہ ایک چیتا ہے۔

    دوسری بات یہ ہے کہ اس چیتے کی کھال پر ہی انگریزی میں چھپے انداز میں لکھا ہے، دا ہیڈن ٹائیگر۔

    لیکن اگر آپ نے اس تصویر میں ایک اور شیر کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور ناکام رہے تو آپ بھی انہی لوگوں میں شامل ہیں جو کہ صرف لکھی ہوئی بات کو ہی سچ مان کر اس پر عمل کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

  • ایسا "چیتا” جسے دیکھ کر خوف نہ آئے، کھانے کو دل للچائے

    ایسا "چیتا” جسے دیکھ کر خوف نہ آئے، کھانے کو دل للچائے

     خونخوار درندے چیتے کو ایک شیف نے چاکلیٹ سے بنایا تو خوفزدہ ہونے کے بجائے دیکھنے والوں کا اسے کھانے کو دل للچانے لگا۔

    کوئی خونخوار چیتا دھاڑتا ہوا سامنے آجائے تو بہادر سے بہادر انسان کے پسینے چھوٹ جائیں گے لیکن ان دنوں سوشل میڈیا پر اس خونخوار درندے کی وائرل ہونے والی تصاویر دیکھ کر دیکھنے والے خوفزدہ نہیں بلکہ محظوظ ہورہے ہیں۔

    چیتا خوف کی علامت جبکہ چاکلیٹ ہر چھوٹے بڑے کی من پسند خوراک لیکن جب دونوں کا ملن ہو تو ایسے ہی شاہکار وجود میں آتے ہیں، ایک سوئس شیف نے چاکلیٹ سے چیتا بناکر لوگوں کو حیران کردیا ہے۔

    سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں ایک شیف نے چاکلیٹ سے صرف چیتا ہی نہیں اسکا بچہ بھی بنایا جس کی تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    چاکلیٹ سے مختلف شاہکار تخلیق کرنے والے سوئس شیف نے نئے چینی سال کے آغاز پر چاکلیٹ سے چیتا بنایا، چاکلیٹ کے چیتے کو حقیقت سے قریب تر دکھانے کے لیے قابل رنگوں کا استعمال کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں اور کئی صارفین نے شیف کے فن کو سراہا ہے۔

    واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب چاکلیٹ سے کوئی انہونی کھانے کی شے بنائی گئی ہو۔

    مزید پڑھیں:اوپن ہارٹ سرجری کی عکاسی کرتا چاکلیٹ کیک

    اس سے قبل نیوزی لینڈ میں ایک جوڑے میں اوپن ہارٹ سرجری کی عکاسی کرتا ایسا کیک تیار کیا تھا جسے کھانا بہت آسان نہیں تھا۔

  • فلوریڈا: چڑیا گھر کے ملازم کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    فلوریڈا: چڑیا گھر کے ملازم کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    امریکی ریاست فلوریڈا کے چڑیا گھر میں ایک ملازم پر شیر کے ہولناک حملے کے بعد شیر کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، ملازم شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    فلوریڈا کے شہر نیپلز کے چڑیا گھر میں یہ خوفناک واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا جس کے بعد چڑیا گھر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق رات کے وقت ریسٹ رومز کی صفائی کرنے والا ایک ملازم ممنوعہ حصے میں جا پہنچا جہاں شیر کا انکلوژر موجود تھا۔

    ملازم نے کچھ کھلانے یا پیار کرنے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا جو جنگلے میں پھنس گیا اور اسی وقت شیر نے حملہ کر کے اس کا بازو دبوچ لیا۔

    پولیس کی جانب سے جاری کردہ دل دہلا دینے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ملازم خون میں لت پت ہے اور مدد کے لیے چلا اور کراہ رہا ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کیے جانے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی تو اس نے شیر کو وہاں سے بھگانے کی کوشش کی، جب وہ پیچھے نہیں ہٹا تو مجبوراً پولیس نے شیر کو گولی مار کر ملازم کی جان بچائی۔

    ملازم کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق 26 سالہ شخص کو مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں خاصا وقت لگے گا۔

    واقعے کے بعد چڑیا گھر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا اور اسے گزشتہ روز دوبارہ کھولا گیا۔

    مذکورہ شیر نایاب نسل کا ملائین ٹائیگر تھا جو دنیا بھر میں معدومی کے خطرے سے دو چار ہے، شیر کو مارنے پر چڑیا گھر انتظامیہ اور پولیس کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

  • چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نیشنل پارک میں چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی کو دانتوں سے اپنی طرف کھینچ لیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی ریاست کرناٹک کے نیشنل پارک میں ریکارڈ کی گئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیتا لوگوں سے بھری گاڑی کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔

    ویڈیو میں چیتے کو گاڑی کے پچھلے بمپر کو دانتوں سے دبوچتے دیکھا جا سکتا ہے، چیتے نے اپنی بھرپورطاقت سے لوگوں سے بھری گاڑی کو پیچھے کی طرف کھینچ لیا۔

    ویڈیو میں گاڑی میں موجود افراد کی چیخ و پکار بھی سنی جاسکتی ہے، پارک میں دوسری گاڑی میں موجود افراد نے اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو وائرل ہوگی۔

  • بہادر ماہی گیر جان بچانے کے لیے شیر سے لڑتا رہا

    بہادر ماہی گیر جان بچانے کے لیے شیر سے لڑتا رہا

    بھارت میں گھنے جنگلات میں شیر نے ایک ماہی گیر پر حملہ کردیا، ماہی گیر 20 منٹ تک شیر سے لڑتا رہا اور اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سندر بن کے جنگلات میں کپورا نامی علاقے کے قریب پیش آیا۔ 4 لائسنس یافتہ کسان شکار کے لیے ندی پر پہنچے تھے جن میں سے ایک کشتی کو کنارے لگا کر اسی پر موجود تھا۔

    اسی وقت گھنے جنگلات سے اچانک ایک شیر نے کشتی پر چھلانگ لگائی اور کشتی پر موجود ماہی گیر پر حملہ کردیا، ماہی گیر اکیلا 20 منٹ تک شیر سے لڑتا رہا اور اپنی جان بچانے کی کوششیں کرتا رہا۔

    اس دوران دوسرے ماہی گیر بھی واپس لوٹ آئے جنہوں نے ماہی گیر کی مدد کی اور اسے شیر کے جبڑوں سے بچایا۔

    زخمی ماہی گیر کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ماہی گیر شکار کے لیے گہرے پانی میں گئے تھے، یہ مقام جنگلی جانوروں کی موجودگی کی وجہ سے ممنوعہ قرار دیا گیا تھا۔ زخمی ماہی گیر کے علاج کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی۔

  • خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    چین میں سرکس کے ایک خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا جس کی دہشت ناک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    یہ واقعہ شمالی چین میں پیش آیا جہاں سینکڑوں تماشائیوں کی موجودگی میں شیر کا سرکس جاری تھا۔ اس دوران شیر اپنے ٹرینر کی طرف خطرناک ارادے سے بڑھا جس کے بعد ٹرینر نے اسے زمین پر گرانے کی کوشش شروع کردی۔

    اس دوران وہاں موجود دیگر ٹرینرز بھی اس کی مدد کو پہنچے، ایک شخص نے چھڑی مار مار کر شیر کو وہاں سے دور ہٹانے کی کوشش کی۔

    تمام منظر کے دوران شائقین خوف سے چلاتے رہے۔

    سرکس انتظامیہ کے مطابق خوش قسمتی سے شیر کے دانت نکالے جا چکے تھے لہٰذا ٹرینر کو چند معمولی خراشیں آئیں، اسپتال میں کچھ وقت گزارنے کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا جہاں وہ روبصحت ہے۔

    حادثے میں سرکس کی ایک خاتون ورکر بھی معمولی زخمی ہوئیں۔

    واقعے کی خوفزدہ کردینے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ملک بھر سے سرکس انتظامیہ پر تنقید شروع ہوگئی۔

    جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والی کئی تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ سرکس کے لیے جانوروں پر اس ظلم کا خاتمہ کیا جائے۔

    ایک تنظیم کی جانب سے کہا گیا کہ جب کسی جانور کو اس طرح قید رکھا جاتا ہے تو وہ سخت تناؤ کا شکار ہوجاتا ہے، ایسی صورت میں وہ مزید خطرناک بن جاتا ہے اور انسانوں کے لیے ایک خطرہ ہوتا ہے۔

    کئی افراد نے کہا جانور بھی احساس رکھتے ہیں، انہیں آزاد رہنے کا حق ہے اور وہ انسانوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوئے۔

    بے شمار افراد نے سرکسز کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ ہی ایسا اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں سرکس کے بھاری بھرکم سیاہ ریچھ نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا تھا۔

  • بائیک کا پیچھا کرتے شیر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بائیک کا پیچھا کرتے شیر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نئی دہلی: سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو نے صارفین کی سانسیں روک دیں جس میں ایک خوفناک شیر نہایت تیز رفتاری سے ایک موٹر بائیک کا پیچھا کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

    بھارتی محکمہ جنگلات کے افسر پراوین کسون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک مختصر کلپ شیئر کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 افراد موٹر بائیک پر بیٹھے ہیں اور اسے فل اسپیڈ میں بھگا رہے ہیں۔

    ان سے دگنی رفتار سے بھاگتا ہوا ایک دھاری دار شیر ان کے پیچھے آرہا ہے اور ایک لمحے کو وہ اتنا قریب آگیا جیسے ابھی بائیک سواروں پر چھپٹا مار دے گا۔

    افسر کے مطابق بائیک محکمہ جنگلات کی ہے اور اس پر بیٹھے افراد محکمے سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ تصور کریں کہ کبھی یہ بلی آپ کا پیچھا کر رہی ہو۔ ویڈیو گزشتہ سال کی ہے جب محکمے کے عملے کی اس شیر سے مڈبھیڑ ہوئی۔

    اس ویڈیو کو ایک لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ ہزاروں افراد نے اسے لائیک کیا۔

    ویڈیو پر دیگر ٹویٹر صارفین نے بھی اپنے ملتے جلتے تجربات شیئر کیے جبکہ کچھ نے مختلف خیالات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ایک بار وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ہماچل پردیش کے پہاڑوں میں تصاویر کھینچ رہی تھیں کہ اچانک انہوں نے پہاڑوں سے ایک بائیک کو نہایت تیز رفتاری سے نیچے آتے دیکھا۔

    صارف کے مطابق انہیں کچھ سمجھ نہیں آیا مگر وہ سب بھی فوراً اپنی کار میں بیٹھ گئے اور جلد ہی انہوں نے ایک چیتے کو خوفناک رفتار سے بائیک کے پیچھے بھاگتے دیکھا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ وہ ایسے موقع پر خوف سے ہی مرجاتیں۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ یہ اپنے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ اپنی گاڑی کی باقاعدگی سے سروس کرواتے رہیں تاکہ ضرورت کے وقت وہ بند نہ ہو۔

    ایک اور صارف نے محکمہ جنگلات کے عملے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہیں اس طرح جنگلی حیات کے مسکن میں آزادانہ گھوم پھر کر انہیں ڈسٹرب نہیں کرنا چاہیئے۔

    مذکورہ صارف نے لکھا کہ اگر ببر شیر سے دس بار سامنا ہوجائے ہو تو 5 دفعہ بچنے کا امکان ہوسکتا ہے لیکن شیر سے سامنا ہوگا تو بچنے کا امکان بمشکل ایک بار ہوگا۔

    خیال رہے کہ جسم پر دھاریاں رکھنے والا شیر دنیا کے تیز رفتار ترین جانوروں میں سے ایک ہے اور اسی تیز رفتاری کے باعث اس کے شکار کے بچنے کے امکانات نہایت کم ہوتے ہیں۔

  • چیتے نے خاتون پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    چیتے نے خاتون پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    بھارت میں ایک چیتے نے خاتون پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا، یہ اس ضلع میں چیتے کے ہاتھوں دوسری ہلاکت ہے۔

    یہ دہشت ناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع چندر پور میں پیش آیا، فاریسٹ افسر کے مطابق قریبی گاؤں کی ایک خاتون اپنے کھیت میں کام کر رہی تھیں۔

    افسر کے مطابق ٹائیگر بھی وہیں کھیت میں موجود تھا، وہ خاموشی سے خاتون کے سر پر پہنچا اور اچانک حملہ کردیا، حملے کا شکار خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

    خاتون جب واپس اپنے گھر نہیں پہنچی تو ان کے گھر والے انہیں ڈھونڈنے نکلے اور جلد ہی انہیں گھر سے 100 میٹر دور ان کی لاش مل گئی۔

    افسر کا کہنا ہے کہ ٹائیگر کی تلاش کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، خاتون کے لواحقین کو فوری طور پر 20 ہزار روپے دیے گئے ہیں۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ معاوضے کی مزید رقم جلد ہی فراہم کردی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل بھی ضلع بھاندرا میں چیتے نے مقامی آبادی میں داخل ہو کر 3 افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    مقامی شہریوں کے مطابق چیتا حملہ کر کے جنگل کی طرف واپس بھاگ گیا، محکمہ وائلڈ لائف نے خونخوار چیتے کی تلاش شروع کردی ہے۔