Tag: tihar-jail

  • نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا

    نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رہنما وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ریمانڈ میں 15 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔

    دہلی کے وزیر اعلیٰ اور اہم اپوزیشن رہنما اروند کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، مقامی عدالت نے کیجریوال کو پندرہ اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر تہاڑ جیل بھیج دیا۔

    انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کیجریوال کو شراب پالیسی کیس میں منی لانڈرنگ کے الزام میں 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔

    پیر کو مقامی عدالت نے فیصلہ دیا کہ اروند کیجریوال کو مزید دو ہفتوں کے لیے حراست میں رہنا چاہیے، اور انھیں دہلی کے بدنام زمانہ تہاڑ جیل بھیج دیا۔ یہ تیسری توسیع ہے جو عدالتوں نے کیجریوال کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھنے کے لیے مرکزی حکومت کی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو دی ہے۔

    واضح رہے کہ ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں نے اس ماہ کے آخر میں ملک کے انتخابات سے قبل مودی حکومت پر ’’میچ فکسنگ‘‘ کا الزام لگایا ہے۔ کیجریوال کو دو ہفتے قبل ڈرامائی طور پر ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا، یہ پہلی بار تھا جب کسی موجودہ وزیر اعلیٰ کو حراست میں لیا گیا۔

  • خاتون ریسلر نے تہاڑ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سے لاکھوں روپے ٹھگ لیے

    خاتون ریسلر نے تہاڑ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سے لاکھوں روپے ٹھگ لیے

    نئی دہلی: بھارت میں ایک خاتون ریسلر نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں تعینات اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سے لاکھوں روپے ٹھگ لیے، ریسلر کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ نیشنل اور اسٹیٹ لیول چیمپئن رہی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہاڑ جیل کے ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ دیپک شرما نے پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی ہے کہ انھیں ایک خاتون اور اس کے شوہر نے ہیلتھ پروڈکٹ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر 50 لاکھ روپے کا فراڈ کیا ہے۔

    دیپک شرما باڈی بلڈنگ کے باعث سوشل میڈیا پر مشہور ہیں، انھوں نے رونق گُلیا نامی خاتون ریسلر اور ان کے شوہر پر 50 لاکھ روپے فراڈ کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق دیپک شرما کی ملاقات نیشنل اور اسٹیٹ لیول چیمپئن رونق گُلیا سے ڈسکوری چینل کے ریئلٹی شو ’انڈیاز الٹی میٹ واریئر‘ پر ہوئی، جہاں خاتون نے انھیں بتایا کہ ان کے شوہر ایک معروف بزنس مین ہیں اور اُن کا ہیلتھ کیئر کا کاروبار ہے۔ دیپک شرما نے اُن کے کاروبار میں 50 لاکھ روپے کا سرمایہ لگایا، پہلے تو میاں بیوی نے انھیں خوب منافع دینے کے وعدے کیے تاہم بعد میں وہ رقم واپس کرنے سے مکر گئے۔

    واضح رہے انسٹاگرام پر رونق گلیا کے فالوورز کی تعداد ساڑھے چار لاکھ ہے، جب کہ دیپک شرما بھی انسٹاگرام انفلوئنسر ہیں۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے دونوں میاں بیوی کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔

  • بھارتی جیل میں مسلمان قیدیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہندو قیدیوں کا روزہ

    بھارتی جیل میں مسلمان قیدیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہندو قیدیوں کا روزہ

    نئی دہلی : دہلی کی تہاڑ جیل میں مسلمان قیدیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہندو قیدیوں نے روزہ رکھا ، تہاڑ کی مختلف جیلوں میں تقریباً 16 ہزار 665 قیدی موجود ہیں، جس میں سے تقریباً 2 ہزار 658 ہندو اور مسلمان قیدیوں نے روزہ رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی کی تہاڑ جیل میں تقریباً ایک سو 50 ہندو قیدیوں نے اپنے ساتھی مسلمانوں قیدیوں کے ساتھ ’روزہ‘ رکھ کر اظہار یکجہتی کیا۔

    ہندوستان ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق جیل افسر نے بتایا کہ ہرسال ہندو قیدیوں میں روزہ رکھنے کے رحجان میں اضافہ ہورہا ہے،گزشتہ برس تقریباً 59 ہندو قیدیوں نے ماہ رمضان میں روزے کے اوقات میں خود کو کھانے پینے سے دور رکھا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا تہاڑ کی مختلف جیلوں میں تقریباً 16 ہزار 665 قیدی موجود ہیں جس میں سے تقریباً 2 ہزار 658 ہندو اور مسلمان قیدیوں نے روزہ رکھا۔

    تقریباً 2 ہزار 658 ہندو اور مسلمان قیدیوں نے روزہ رکھا

    جیل افسر کا کہنا تھا جیل حکام کی جانب سے مذکورہ قیدیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تاہم گزشتہ برس کے مقابلے میں ہندو قیدیوں میں روزہ رکھنے کے رحجان میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    افسر نے بتایا کہ ہندو قیدیوں نے مسلمان قیدیوں کے ساتھ روزہ رکھنے کی مختلف وجوہات بیان کیں، بیشتر ہندو قیدیوں نے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے مسلمان دوست قیدی سے اظہار یکجہتی کی بنیاد پر روزہ رکھتے ہیں۔

    جیل حکام نے بتایا کہ ہمارے مشاہدے میں ہے کہ 80 سے 90 فیصد قیدی جیل میں مذہبی رحجات کے حامل ہورہے ہیں جبکہ بعض قیدیوں نے اس امر پر یقین کا اظہار کیا کہ اگر وہ خدا کو خوش رکھیں گے تو جلد رہائی مل سکتی ہے۔

    اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ چند قیدیوں نے مذہب کو سکون حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا، اسی طرح ہر سال ہندوؤں کے مذہبی تہوار نوراتری میں مسلمان قیدیوں کی بڑی تعداد اظہار یکجہتی کی بنیاد پر خود کو کھانے پینے سے دور رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ عمل صرف تہاڑ جیل میں نہیں بلکہ دیگر جیلوں میں بھی دیکھنے میں ہوتا ہے۔