Tag: TikTok

  • ٹک ٹاک کی خریداری، ٹرمپ نے چینی صدر شی سے متعلق بڑی پیشگوئی کر دی

    ٹک ٹاک کی خریداری، ٹرمپ نے چینی صدر شی سے متعلق بڑی پیشگوئی کر دی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں ٹک ٹاک کی ملکیت کے معاملے پر پیش رفت کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسے خریدنے کے لیے ایک گروپ تیار ہے۔

    اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’’ہمارے پاس ٹک ٹاک کا ایک خریدار موجود ہے، یہ امیر لوگوں کا ایک گروپ ہے جو ٹک ٹاک خریدنا چاہتا ہے، میں 2 ہفتوں میں بتاؤں گا کہ ٹک ٹاک خریدنے والے کون ہیں۔‘‘

    صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ جو ڈیل تیار کر رہے ہیں اسے آگے بڑھانے کے لیے چین کی منظوری درکار ہوگی، انھوں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ اس ڈیل کی منظوری دے دیں گے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر نے رواں ماہ کے شروع میں چینی کمپنی بائٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے چھوڑنے کے لیے ڈیڈ لائن 17 ستمبر تک بڑھا دی تھی، حالاں کہ قانون کے مطابق کسی اہم پیشرفت کے بغیر یا تو اثاثے فروخت کیے جانے تھے یا کمپنی شٹ ڈاؤن کی جانی تھی۔


    خفیہ معلومات افشا کرنے والے صحافی اپنے ذرائع بتائیں ورنہ ۔۔۔ ٹرمپ کی دھمکی


    ٹرمپ انتظامیہ ایک معاہدے پر کام کر رہی تھی جس کے تحت TikTok کے امریکی آپریشنز کو ایک نئی امریکی فرم میں تبدیل کیا جانا تھا، جو امریکی سرمایہ کاروں کے زیر انتظام ہوتی، لیکن اسے اس وقت روک دیا گیا جب چین نے اشارہ دیا کہ وہ اسے منظور نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کہ صدر ٹرمپ ٹک ٹاک ایپ کی آخری تاریخ میں تین بار توسیع کر چکے ہیں، وہ گزشتہ نومبر کے صدارتی انتخابات میں نوجوان ووٹروں میں اپنی حمایت بڑھانے کا سہرا بھی اسی ایپ کو دیتے ہیں۔

  • ٹک ٹاک ڈیڈ لائن، ٹرمپ نے اہم فیصلہ کر لیا

    ٹک ٹاک ڈیڈ لائن، ٹرمپ نے اہم فیصلہ کر لیا

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ٹک ٹاک کی آخری تاریخ میں مزید 90 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں وہ حکم نامے پر دستخط کریں گے۔

    سی بی ایس نیوز کے مطابق وہ دو طرفہ قانون جو امریکا میں ٹک ٹاک پر مؤثر طریقے سے پابندی لگائے گا، ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، اور ٹِک ٹِک کو اس کی چین میں مقیم پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس سے الگ کرنے کی ڈیل اب بھی ابہام کا شکار ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے منگل کو کہا کہ صدر اس ہفتے تازہ ترین ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کریں گے، جس میں قانون کے نفاذ کو 90 دنوں کے لیے مؤخر کیا جائے گا۔ چینی کمپنی پر قومی سلامتی کے خدشات کی وجہ سے جنوری میں عائد کردہ پابندی کو یہ تیسری بار مؤخر کیا جا رہا ہے۔

    کیرولین لیویٹ نے کہا صدر ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ ٹک ٹاک کو بند نہیں کرنا چاہتے، یہ توسیع 90 دن تک رہے گی، اور انتظامیہ اس ڈیل کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی، تاکہ امریکی عوام اس یقین دہانی کے ساتھ ٹک ٹاک کا استعمال جاری رکھ سکیں کہ ان کا ڈیٹا سلامت اور محفوظ ہے۔ خیال رہے کہ موجودہ توسیع جمعرات کو ختم ہو رہی ہے۔


    کیا موبائل فون کی بیٹری کو 100 فیصد چارج کرنا ٹھیک ہے؟


    امریکی محکمہ انصاف کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایپل اور گوگل جیسی کمپنیوں کے خلاف اپنے پلیٹ فارمز سے اس ویڈیو شیئرنگ ایپ (ٹک ٹاک) کو ہٹانے میں ناکامی پر کارروائی نہ کرے اور نہ ہی ان پر جرمانے عائد کرے۔

    یاد رہے کہ جب ٹرمپ نے اپریل کے شروع میں آخری توسیع کا اعلان کیا تھا، تو ان کی انتظامیہ ایک ڈیل پر پہنچ گئی تھی، جس کے تحت امریکا میں ٹک ٹاک کے آپریشنز کو ایک نئی کمپنی میں تبدیل کیا جانا تھا، جس کی ملکیت امریکی سرمایہ کاروں کی اکثریت کے پاس ہوتی، لیکن پھر ٹرمپ ٹیرف کا اعلان کیا،تو چینی کمپنی بائٹ ڈانس نے وائٹ ہاؤس کو بتایا کہ جب تک کہ تجارت اور ٹیرف سے متعلق مسائل حل نہیں ہو جاتے، چین اس معاہدے کی مزید منظوری نہیں دے گا۔

  • ٹک ٹاک کی جانب سے والدین کیلیے کارآمد فیچر متعارف

    ٹک ٹاک کی جانب سے والدین کیلیے کارآمد فیچر متعارف

    معروف سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی انتظامیہ ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرا رہی ہے جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر بہتر طریقے سے نظر رکھ سکیں گے۔

    اس فیچر کی بدولت نوجوانوں میں صحت مند ڈیجیٹل عادات کو فروغ دینے میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ والدین کے کنٹرول اور فلاح و بہبود کے ٹولز میں مزید اضافہ ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ نئے کنٹرولز اور ویلنیس ٹولز ٹک ٹاک کے آن لائن سیفٹی اور اسکرین ٹائم کی ذمہ دارانہ حدود کے عزم کو مضبوط کرتے ہیں۔

    یہ اپ ڈیٹس ٹک ٹاک کے نئے کنٹرولز اور ویلنیس ٹولز اور آن لائن سیفٹی کے عزم کا حصہ ہیں، جو والدین کو بہتر نگرانی فراہم کرتے ہوئے ان کی فیملی پیئرنگ کی خصوصیت کو مزید بہتر بناتے ہیں۔

    1) ٹائم اَوے شیڈولنگ : اس فیچر کے ذریعے والدین اب خاص اوقات جیسے کہ اسکول کے اوقات، سونے کا وقت یا ویک اینڈز کے دوران بچوں کے ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی لگا سکتے ہیں۔ بچے ان سے اضافی وقت کی درخواست کر سکتے ہیں لیکن حتمی منظوری والدین کے پاس ہی ہوگی۔

    2) ٹین نیٹ ورک ویزیبلٹی : اب والدین یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان کا بچہ کس کو فالو کر رہا ہے یا کون اسے فالو کر رہا ہے، اور کن اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا ہے؟ اس طرح یہ آن لائن معاملات کے بارے میں کھلے مکالمے  ہوسکیں۔

    3) فعال رپورٹنگ الرٹس : اگر کوئی نو عمر صارف ایسا مواد رپورٹ کرتا ہے جو ٹک ٹاک کی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرتا ہو، تو وہ ایک قابل اعتماد شخص کو مطلع کر سکتا ہے، چاہے وہ فیملی پیرنگ فیچر آن بھی نہ ہو۔

    ٹک ٹاک نے 16 سال سے کم عمر صارفین کے لیے ونڈ ڈاؤن فیچر متعارف کرایا ہے تاکہ رات گئے تک مسلسل اسکرولنگ کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

    رات 10 بجے کے بعد، "For You” فیڈ میں سکون بخش موسیقی اور نوٹسز دکھائے جائیں گے جو نوجوانوں کو لاگ آؤٹ کرنے کی ترغیب دیں گے۔ اگر وہ دیکھتے رہیں، تو بار بار یاد دہانیاں ظاہر ہوں گی، تاکہ سوچ سمجھ کر اسکرین استعمال ان کی عادت بنے۔

    انتطامیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس میں گائیڈڈ میڈیٹیشن ایکسرسائزز بھی شامل کی جائیں گی، جو نیند کے بہتر معیار سے متعلق تحقیق کی بنیاد پر تیار کی جائیں گی۔

  • ٹک ٹاک نے یوٹیوب سے مقابلے کیلیے نئے فیچرز متعارف کرادیے

    ٹک ٹاک نے یوٹیوب سے مقابلے کیلیے نئے فیچرز متعارف کرادیے

    اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب سے مقابلے کیلیے شارٹ ویڈیو ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے ڈیسک ٹاپ ورژن میں متعدد فیچرز متعارف کرادیے۔

    دنیا بھر میں ٹک ٹاک ایک موبائل فرسٹ پلیٹ فارم کے طور پر جانا جاتا ہے، ایک ارب سے زائد لوگ تفریح اور تخلیقی صلاحیتوں کو سیکھنے کے لیے ٹک ٹاک کو استعمال کرتے ہیں۔

    ٹک ٹاک کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ڈیسک ٹاپ ورژن کو زیادہ بہتر بنانے کے لیے متعدد فیچرز پیش کیے گئے ہیں، صارفین کو ان فیچرز تک رسائی ترتیب وار دی جائے گی۔

    اس حوالے سے ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم مسلسل اپنے صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور ٹک ٹاک کے تجربے کو بہتر بنانے کے نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ کچھ مواقع پر ڈیسک ٹاپ پر ویڈیوز دیکھنا زیادہ آسان ہو سکتا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ اب ڈیسک ٹاپ ورژن میں بھی ایکسپلور کا ٹیب شامل ہوگا جب کہ فار یو ٹیب کو بھی مزید بہتر کردیا گیا۔ اسی طرح ٹک ٹاک کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں گیم کی لائیو اسٹریم بھی دیکھ سکیں گے جو کہ یوٹیوب پر مقبول ترین فیچر ہے۔

    ابتدائی طور پر ٹک ٹاک پر صرف ایک منٹ دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت ہوتی تھی لیکن بعد ازاں اس دورانیے کو بڑھا دیا گیا تھا اور اب ممکنہ طور پر جلد ہی تمام صارفین کو طویل ویڈیوز یعنی 60 منٹ دورانیے کی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کرنے تک رسائی دیے جانے کا امکان ہے۔

  • تخلیقی صلاحیت والے ٹک ٹاکرز کے لیے بڑا اعلان

    تخلیقی صلاحیت والے ٹک ٹاکرز کے لیے بڑا اعلان

    کراچی: ٹک ٹاک نے کری ایٹرز ایوارڈز 2024 کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔

    سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کا یہ ایسا ایونٹ ہے جس کا شدت سے انتظار کیا جاتا ہے، اور جس میں ٹک ٹاک کمیونٹی کی تخلیقی صلاحیتوں، ٹیلنٹ اور جذبے کا جشن منایا تا ہے، اور ٹک ٹاک اس ایونٹ کے ذریعے بہترین کری ایکٹرز کو سامنے لاتا ہے۔

    پاکستانی صارفین ٹک ٹاک پر اپنے پسندیدہ نامزد کری ایٹرز کو ووٹ دے سکتے ہیں، اس میں حصہ لینے کے لیے صارفین ٹک ٹاک پر مخصوص ووٹنگ ہب تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جہاں وہ ہر کیٹگری میں اپنے پسندیدہ نامزد کری ایٹر کا انتخاب کر سکیں گے اور اس کے حق میں اپنا ووٹ رجسٹر کروا سکیں گے۔

    شرکت کرنے والے صارفین ووٹنگ کے بعد اپنے پسندیدہ کری ایٹر کے لیے شیئرنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ حمایت بھی حاصل کر سکتے ہیں، ووٹنگ کی مدت 10 فروری 2025 کو رات 11 بجکر 59 منٹ پر ختم ہوگی۔

    ٹک ٹاک ایوارڈز 2024 میں مختلف کیٹگریز میں غیر معمولی کانٹنٹ تخلیق کرنے والوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اس سال کے نامزد افراد کا انتخاب اُن کی تخلیقی صلاحیتوں، کانٹنٹ کے اصل ہونے اور ٹک ٹاک کمیونٹی پر اس کے اثرات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔کیٹگریز اور نامزد افراد درج ذیل ہیں:

    کری ایٹر آف دی ایئر: دانیال کنول (@daniyakanwal)، عدیل چودھری (@adeelchaudry1)، مسٹر بیٹری (@mr_battery)، کین ڈول (@ken_doll_dubai)، آرزو فاطمہ (@arzufatima1)۔

    ایمرجنگ کری ایٹر آف دی ایئر: عباس بخاری (@abbasbukhari)، میران علی خان (@meeranalikhan)، محمد دانیال (@m1danial)، مینی ٹیک (@meenitech)، نور (@noor)۔

    لانگ فارم/1ایم ایم+ کنٹنٹ کری ایٹر آف دی ایئر: اسامہ خان (@techusama)، بلال منیر (@bilalmunir1995)، دانیال شیخ (@daniyal.sheikh1)، چودھری ولید رؤف (@chwaleedrauf) اور حافظ احمد (@hafizahmedpk) ۔

    فوڈ کری ایٹر آف دی ایئر: سمیع ایکس اسٹریٹ (@samixstreets)، خدیجہ ملک (@khadjia_malik)، آمنہ اشرف (@amnaashrafff)، چودھری دانش (@chdanishofficial)، قاسم خان(@i_am_qasim_khan)۔

    انٹرٹینمنٹ کری ایٹر آف دی ایئر: عبید (@ubed_sk007)، ردا نقاش (@ridakaghar)، تمکنت منصور (@tamkenatm)، سلمان نعمان (@salmannomanofficial)، اٹز برادرز وی لاگ (@itsbrothersvlog)۔

    بیوٹی اینڈ فیشن کری ایٹر آف دی ایئر: چودھری عبدالرحمٰن (@chaudhry_abdulrehman)، اعزاز حشتگمی /ہیش ٹیگ می (@aizazhashtagmi)، ذکیہ نور (@doctor_zakk)، ہمنہ زاہد (@samosiiii)، کائنات فیصل (@kainat_faisal)۔

    ٹریول کری ایٹر آف دی ایئر: آصف عاشور (@asif_ashoor)، ابرار حسن (@wildlensbyabrar)، زُنیر کمبوہ (@zunairkamboh)، زینتھ عرفان (@zenith.irfan)، لیئق عباس (@withlaeeq)۔

    سوشل امپیکٹ کری ایٹر آف دی ایئر: قاضی اکبر (@kaziakber)، بلال حسن (@)، آزاد چائے والا (@azadchaiwalaofficial)، حشام سرور (@hishamsarwar172)، حذیفہ علی (@hozyali)۔

    او جی کری ایٹر آف دی ایئر: ذوالقرنین سکندر (@ch.Zulqarnain)، جنت مرزا (@jannamirza)، اریکا حق (@areeka__haq)، سڈ ریپر (@sidmr.rapper4)، حارث علی (@harrisali_01)۔

    ٹک ٹاک آفیشل کے مطابق اس سال کے ایوارڈز میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاک کری ایٹرز کے متنوع اور متحرک ٹیلنٹ کا جشن منایا جائے گا، جو لاکھوں افراد کے لیے متاثر کن کانٹنٹ تیار کرنے کی غرض سے اُن کی وابستگی کا اعتراف کرے گا۔

  • ٹک ٹاک انسٹال شدہ فون کی قیمت لاکھوں ڈالر ہونے کی وجہ کیا ہے؟

    ٹک ٹاک انسٹال شدہ فون کی قیمت لاکھوں ڈالر ہونے کی وجہ کیا ہے؟

    امریکا میں ٹک ٹاک ایپلی کیشن کی بحالی کے باوجود یہ ایپ اسٹورز پر دستیاب نہیں ہے، جس کی وجہ سے ٹک ٹاک انسٹال کیے ہوئے فونز مہنگے داموں بکنے لگے ہیں۔

    سی این این کے مطابق ہزاروں افراد نے ای کامرس کی ویب سائٹ ’ای بے‘ پر ٹک ٹاک انسٹال کیے ہوئے فونز ہوشربا قیمتوں پر فروخت کے لیے ویب سائٹ پر لسٹ کر دیے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی لگائے جانے کے بعد اسے موبائل ایپ اسٹورز سے بھی ہٹا لیا گیا تھا، تاہم تقریباً 12 گھنٹے بعد یہ پابندی تو ہٹ گئی لیکن ایپ اسٹورز پر یہ واپس نہیں آ سکا۔

    پابندی کے بعد جن افراد نے ایپ کو ڈیلیٹ کر دیا تھا یا کبھی انسٹال نہیں کیا تھا، وہ اب اسے دوبارہ ڈاؤن لوڈ نہیں کر سکتے، یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ٹک ٹاک کی ایپ اسٹور پر واپسی کب ہوگی۔

    نیوز ویب سائٹ ’وائرڈ‘ کے مطابق ای بے پر ہزاروں اشتہارات سامنے آئے ہیں، جن میں ایپ انسٹال کیے ہوئے فونز فروخت کیے جا رہے ہیں، ان میں متعدد فونز ہزاروں ڈالر کی قیمت پر فروخت کے لیے لگائے گئے ہیں، یہاں تک کہ کچھ لوگ ایسے فونز کو 10 لاکھ ڈالر میں فروخت کرتے بھی دیکھے گئے۔

    ای بے پر موجود ایک اشتہار کے مطابق ٹک ٹاک انسٹال شدہ ایک فون 21 ہزار ڈالر کا فروخت ہوا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ جمعرات تک ٹک ٹاک والے فونز کے لیے ای بے پر 27 ہزار سے زائد سرچز بھی سامنے آئی ہیں، جس سے ان فونز کی مانگ میں اضافے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

  • اہم خبر: امریکا بھر میں ٹک ٹاک بند ہو گیا

    اہم خبر: امریکا بھر میں ٹک ٹاک بند ہو گیا

    واشنگٹن: پابندی سے چند گھنٹے قبل ہی امریکا بھر میں ٹک ٹاک بند ہو گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ہفتے کی رات سے ٹک ٹاک نے کام کرنا بند کر دیا ہے، ٹک ٹاک اب ایپل اور گوگل ایپ اسٹورز پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب نہیں ہے۔

    ٹک ٹاک نے امریکی صارفین کو خبردار کیا ہے کہ یہ ایپ عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوگی، اس کی جلد بحالی کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ حلف اٹھانے کے بعد ٹک ٹاک کو ممکنہ پابندی سے بچنے کے لیے 90 دن کی مہلت دینے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔

    یادر ہے کہ امریکی حکومت نے ٹک ٹاک پر قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے پابندی لگائی ہے، لیکن دوسری طرف صورت حال یہ ہے کہ امریکا میں ٹک ٹاک کے 17 کروڑ صارفین ہیں۔

    ٹک ٹاک پر پابندی، امریکی عوام کس ایپ پر منتقل ہو رہے ہیں؟

    جمعہ کو امریکی سپریم کورٹ کے متفقہ فیصلے میں ججز نے کہا تھا کہ کانگریس کی جانب سے پچھلے سال ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا، یہ فیصلہ آزادئ اظہار رائے سے متعلق امریکی آئین کی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔ دوران سماعت امریکی وزارت انصاف نے کہا کہ ٹک ٹاک پر چینی حکومت کا کنٹرول امریکا کے لیے خطرہ ہے۔

    کانگریس کے پاس کردہ قانون کے تحت اگر ٹک ٹاک کی جانب سے اس کے امریکا میں آپریشنز کو 19 جنوری تک فروخت نہیں کیا جاتا تو اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

  • ٹک ٹاک پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد

    ٹک ٹاک پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد

    وینزویلا کی سپریم کورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کی عدالت نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر چینلج ویڈیوز کو پورا کرتے ہوئے ہلاکتوں کے معاملے پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وینز ویلا میں ٹک ٹاک چینلج ویڈیوز کو پورا کرنے کی دوڑ میں مبینہ طور پر اب تک 3 کم عمر نوجوان زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور اس متعلق عدالت کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اس حوالے سے مواد کو روکنے یا ہٹانے کیلیے کوئی اقدامات نہیں کررہا۔

    عدالتی فیصلے میں واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاک جرمانہ کس طرح ادا کرے گا جبکہ ٹک ٹاک حکام کی جانب سے بھی ابھی تک اس فیصلے پر کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    اب کسی دوسری ڈیوائس کے لیے صارف کو نیا چارجر نہیں لینا پڑے گا

    صدر نکولس مادورو نے گزشتہ ماہ نومبر میں ایک 12 سالہ بچی کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹک ٹاک کو قرار دیا تھا جس نے مبینہ طور پر ایک ٹک ٹاک چیلنج میں حصہ لیا تھا جس میں سکون کی گولیاں لینی تھیں مگر سونا نہیں تھا۔ بچی چیلنج کے دوران موت کی وادی میں چلی گئی تھی۔

  • ٹک ٹاک نے پاکستان میں 17 کروڑ 88 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

    ٹک ٹاک نے پاکستان میں 17 کروڑ 88 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

    2024 کی دوسری سہ ماہی میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم نے پاکستان میں 17 کروڑ 88 لاکھ 27 ہزار 465 سے زیادہ ویڈیوز ڈیلیٹ کی ہیں، اِن میں سے 14 کروڑ 44 لاکھ 30,133 کو آٹومیشن کے ذریعے ڈیلیٹ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صارفین کے محفوظ اور مثبت تجربے کو فروغ دینے کے لیے ٹک ٹاک نے 2024 کی دوسری سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کی ہے۔

    اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹک ٹاک پاکستان میں کانٹینٹ کو اعتدال پر لانے کے لیے مستعد رہتا ہے، اور جن ویڈیو کانٹینٹ اور اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جاتا ہے اس میں شفافیت کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے، اس سے ٹک ٹاک کی ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی کے جدید استعمال کی نشان دہی بھی ہوتی ہے، جس کی مدد سے رئیل ٹائم میں نقصان دہ کانٹینٹ کو ختم کیا جانا ممکن ہوا ہے۔

    کانٹینٹ میں اعتدال کے نظام کو مضبوط بناتے ہوئے سہ ماہی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل پاکستان میں ٹک ٹاک سے 3 کروڑ 7 لاکھ 9,744 سے زیادہ ویڈیوز کو حذف کیا گیا تھا، اہم نتائج سے پتا چلتا ہے کہ اِن میں سے 99.5 فی صد ویڈیوز کو صارفین کی جانب سے رپورٹ کرنے سے پہلے ہی حذف کیا گیا، جب کہ 97 فی صد کو 24 گھنٹوں کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک پر روزانہ ایک ارب سے زائد افراد وزٹ کرتے ہیں، اور لاکھوں ویڈیوز پوسٹ کی جاتی ہیں، جن میں نقصان دہ مواد پر نظر رکھنے کے لیے ٹک ٹاک خود کار اعتدال پسندی کی ٹیکنالوجی کو ترجیح دے رہا ہے، تاکہ پاکستانی صارفین کو محفوظ پلیٹ فارم میسر ہو۔

    ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ وہ اعتدال پسندی کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

  • اے آر وائی نیوز کی ویب رپورٹ پر کارروائی، نامناسب ٹک ٹاک بنانے والا پولیس اہلکار معطل

    اے آر وائی نیوز کی ویب رپورٹ پر کارروائی، نامناسب ٹک ٹاک بنانے والا پولیس اہلکار معطل

    کراچی: اے آر وائی نیوز کی ویب رپورٹ پر پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے نامناسب ٹک ٹاک بنانے والے ایک اور پولیس اہلکار کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس میں ڈیوٹی کے دوران ٹک ٹاک بنانے کے بڑھتے رجحان پر محکمے نے سخت رد عمل دکھانا شروع کر دیا ہے، گزشتہ روز ایک خاتون اہلکار سمیت دو کانسٹیبلز کو معطل کیا گیا تھا، آج ایک اور کانسٹیبل کی معطلی عمل میں آ گئی ہے۔

    اسپیشل پولیس یونٹ (ایس پی یو) کے اہلکار شیر اللہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بے ہودہ ویڈیوز بنانے پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، اور انھیں ایس پی یو ہیڈکوارٹر بلدیہ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کراچی کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو پر ایس ایس پی سٹی نے کانسٹیبل ذیشان (PC 45844) کو معطل کر کے ایس ایس پی سٹی آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔ ویڈیو بنانا والا کانسٹیبل ذیشان تھانہ بغدادی میں تعینات تھا، کانسٹیبل نے یہ ویڈیو 2022 میں بنائی تھی اور ٹک ٹاک پر 2023 میں اپ لوڈ کی تھی۔

    گزشتہ روز ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے لیڈی کانسٹیبل ماریہ کو معطل کیا تھا جو گزری تھانے میں تعینات تھی۔ دو دن میں مجموعی طور پر اے آر وائی نیوز کی خبر پر 3 کانسٹیبلز معطل ہو چکے ہیں۔

    ایس ایس پی سٹی نے کہا ہے کہ کسی بھی پولیس کانسٹیبل کو اس طرح اسلحے کے ساتھ کھیلنے یا استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اس طرح کا عمل کرنے والے کسی بھی افسر یا کانسٹیبل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، اور اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    پولیس اہلکاروں کا ڈیوٹی کے دوران ٹک ٹاک بنانے کا بڑھتا رجحان ، اصل ذمہ دار کون ؟

    ان کا کہنا تھا کہ یہ حکم ان تمام افسران و ملازمان کے لیے ہے جو سرکاری وردی اور سرکاری اسلحے کے ساتھ ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی پولیس میں ڈیوٹی کے دوران ٹک ٹاک بنانے کا رجحان بہت بڑھ گیا ہے، 19 اگست 2023 سے مارچ 2024 تک آئی جی سندھ رہنے والے پولیس سربراہ راجہ رفعت مختار خاص طور پر اس رجحان کی حوصلہ افزائی کی تھی، تاکہ پولیس کا مثبت چہرہ اجاگر کیا جا سکے، لیکن معاملے نے کچھ اور رخ اختیار کر لیا جس سے محکمے کی بدنامی ہونے لگی۔

    اس رجحان پر قابو پانے کے لیے ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راؤ نے اے وی ایل سی کے تمام ڈی ایس پیز اور ملازمین کو ہدایت نامہ جاری کیا کہ ڈیوٹی کے دوران ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا عمل صریحاً قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اس سے قبل ڈی آئی جی آر آر ایف فیصل عبداللہ چاچڑ نے بھی اس سلسلے میں ایک سخت نوٹس جاری کیا تھا۔