Tag: tim paine

  • ایشز سیریز سے قبل کینگروز کو بڑا دھچکا، کپتان ٹم پین مستعفی

    ایشز سیریز سے قبل کینگروز کو بڑا دھچکا، کپتان ٹم پین مستعفی

    سڈنی: ایشز سیریز سے قبل کینگروز ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں کپتان ٹم پین نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے قیادت چھوڑ دی ہے جبکہ کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ٹم پین کا استعفٰی منظور کرلیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ٹم پین پر دوہزار سترہ کی ایشیز سیریز کے دوران کرکٹ تسمانیہ کی سابق ملازمہ کو نازیبا پیغامات بھیجنے کا الزام ہے، خاتون ساتھی کو نازیبا پیغامات بھیجنے پر پین کےخلاف تحقیقات جاری تھیں، خود ٹم پین نے نازیبا پیغامات بھیجنے کا اعتراف کرتے ہوئے استعفٰی دیا لیکن ایشز سیریز کیلئے اپنی دستیابی سے بورڈ کو آگاہ بھی کردیا ہے۔

    کینگروز کی ٹیسٹ قیادت چھوڑنے والے ٹم پین نےکہا کہ کپتانی چھوڑنا ان کیلئے ایک ناقابل یقین حد تک مشکل فیصلہ تھا، لیکن یہ فیصلہ ان کے خاندان اور کرکٹ کے لیے صحیح ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے کوچ کا ’اردو‘ میں پیغام وائرل

    ادھر کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ نئے ٹیسٹ کپتان کی شناخت اور تقرری کا عمل تیز کیا جائے گا۔

    دوسری جانب آئی سی سی نے بھی اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے آسٹریلوی کپتان کے مستعفی ہونے کی خبر کو شیئر کیا ہے۔

    واضح رہے کہ 17 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق 15 رکنی ٹیم کی قیادت ٹم پین کریں گے جبکہ پیٹ کمنز نائب کپتان ہوں گے۔

    ایشیز کا پہلا ٹیسٹ 8 دسمبر سے برسبین میں اور دوسرا ٹیسٹ 16 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔

  • ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ان کے لیے دیگر کھلاڑیوں کی طرح ہی ہیں اور وہ ان سے کسی قسم کا کوئی خاص دباؤ محسوس نہیں کرتے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں ٹم پین کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی شہری ویراٹ کوہلی سے نفرت کرنا پسند کرتے ہیں لیکن ایک کرکٹ شائق کی حیثیت سے ان کی بیٹنگ دیکھنا بھی پسند کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ویراٹ میرے لیے دوسرے کھلاڑیوں کی طرح ہیں اور مجھے ان سے کوئی پریشانی نہیں ہے، میں انہیں ٹاس کے وقت دیکھتا ہوں اور ان کے خلاف کھیلتا ہوں۔

    ٹم پین کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا، ویراٹ یقینی طور پر ایک زبردست حریف ہے، ہمارے درمیان کئی بار لفظی جنگ بھی ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچ چکی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔ اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے یہاں بچے کی پیدائش کی وجہ سے فی الحال بھارت میں ہی ہیں اور وہ پہلے ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

  • آسٹریلوی کپتان کو گاڑی گیراج سے باہر کھڑی کرنا مہنگا پڑ گیا

    آسٹریلوی کپتان کو گاڑی گیراج سے باہر کھڑی کرنا مہنگا پڑ گیا

    سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کو گاڑی گیراج سے باہر کھڑی کرنا مہنگا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کرونا وائرس کے باعث گھر میں ٹریننگ کی سہولت قائم کی اور گھر کے گیراج کو جم میں تبدیل کرکے گاڑی گھر سے باہر کھڑی دی۔

    ہوبارٹ میں ٹم پین کے گھر کے باہر کھڑی کار میں سے چور ان کا پرس اور دیگر اشیا لے کر رفو چکر ہوگیا۔

    ٹم پین کا کہنا ہے کہ صبح جب میں سو کر اٹھا تو بینک کی جانب سے کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ آپ کے اکاؤنٹ سے ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔

    آسٹریلوی کپتان کے مطابق بینک کا پیغام موصول ہوتے ہی جب میں نے باہر جاکر دیکھا تو گاڑی کا دروازہ کھلا تھا اور اس میں میرا پرس موجود نہیں تھا۔

    آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹم پین کا کہنا تھا کہ میرے اے ٹی ایم کارڈ سے ٹرانزیکشن کی لوکیشن کسی فوڈ سینٹر کی آئی ہیں۔

    ٹم پین کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے گیراج میں فزیکل اور کرکٹ ٹریننگ کرتا ہوں تاکہ خود کو فٹ رکھ سکوں۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے ملتوی ہوچکے ہیں اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے کھلاڑی گھروں میں پریکٹس کرنے پر مجبور ہیں۔