Tag: Tim Southee

  • ٹم ساؤتھی کا  ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    ٹم ساؤتھی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بہترین فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی آئندہ ماہ 14 دسمبر کو انگلینڈ کے خلاف ہوم گراونڈ ہملٹن میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔

    نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنا شروع سے خواب تھا، ملک کے لئے 18سال کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔

    نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ کا کہنا تھا کہ ساؤتھی کا کیریئر بہترین رہا، ان کے ریکارڈز ان کے بارے میں سب کچھ کہہ رہے ہیں۔ ساؤتھی نے نیوزی لینڈ کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    اُنہوں نے 104 ٹیسٹ میچز میں 385 وکٹیں، 161 ون ڈے میچز میں 221 اور 126 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 164 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے اگر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تو ساؤتھی ٹیم کے لئے دستیاب ہوں گے۔

    ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی

    ساؤتھی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد وائٹ بال کیرئیر کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

  • ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی

    ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی

    نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی کپتانی سے مستعفی ہوگئے، یہ فیصلہ انہوں نے سری لنکا میں ٹیم کی شرمناک کارکردگی کے بعد کیا۔

    ساؤتھی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کوسری لنکا میں دونوں ٹیسٹ میں شکست ہوئی تھی، جس کے بعد خود کو جوابدہ ٹھہراتے ہوئے ساؤتھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    ٹم ساؤتھی کے مستعفی ہونے کے بعد ٹام لیتھم بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    35سالہ فاسٹ باؤلر نے سال 2022 میں کین ولیمسن کے بعد ٹیم کی کپتانی سنبھالی اور 14 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی۔ اس حوالے سے ساؤتھی نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ قومی ٹیم کے مفاد میں کیا ہے۔

    نیوزی لینڈ

    مستعفی کپتان ٹم ساؤتھی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلیک کیپس کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ میں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کو اوّلین ترجیح دی ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ ٹیم کے لیے بہتر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میدان میں اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ٹیم کی بہترین خدمت کر سکتا ہوں تاکہ وکٹیں لیتا رہوں اور نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ میچز جتانے میں مدد دے سکوں۔

    فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

    اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم بھارت کے خلاف 16 اکتوبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کی قیادت کریں گے۔

    تجربہ کار کیپر بلے باز ٹام لیتھم ہندوستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے اس سے قبل وہ نو ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ کی قیادت کر چکے ہیں جب ولیمسن دستیاب نہیں تھے۔

    ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کا ٹریک ریکارڈ اچھا ہے لیکن باہر 2022 کے سیزن سے سری لنکا، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے ہار چکے ہیں جبکہ بنگلہ دیش اور پاکستان میں سیریز ڈرا ہوئی۔

  • نیوزی لینڈ  کے بولر ٹم ساؤتھی نے پاکستانی ٹیم کے بارے میں کیا کہا؟

    نیوزی لینڈ کے بولر ٹم ساؤتھی نے پاکستانی ٹیم کے بارے میں کیا کہا؟

    نیوزی لینڈ کی ٹیم کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے پاکستان کو ایک خطرناک ٹیم قرار دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ٹم ساؤتھی کا کہنا ہے کہ جب ٹیم  ٹاپ فور میں پہنچ جاتی ہے  تو آگے جانے کا چانس  ہر ٹیم کے پاس ہوتا ہے، ہم کئی بار پاکستان کے مد مقابل آئے  ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے۔

    فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا پاکستان ٹیم غالباً سوچ رہی تھی کہ ان کے پاس زیادہ چانس نہیں ہے لیکن انھوں نے ایک بہترین کارکردگی سے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ  سیمی فائنل کا کھیل ایک دلچسپ کھیل ہے، امید ہے کہ ہم جس طرح کھیل رہے ہیں ویسے ہی سیمی فائنل میں بھی اچھی پرفارمنس جاری رکھیں گے۔

    کیوی بولر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں ایک بڑا خطرہ ثابت ہوگی، پاکستان ایک معیاری ٹیم ہے اور ہمیں ان سے آگے نکلنے کے لیے بدھ کو انھیں شکست دینی ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کیا تھا۔ پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کے لیے ایڈیلیڈ سے سڈنی پہنچ گئی ہے جہاں وہ بدھ کو نیوزی کے مدمقابل ہوگی۔

  • کیوی کرکٹرز کینسر میں مبتلا بچی کے لئے مسیحا بن گئے

    کیوی کرکٹرز کینسر میں مبتلا بچی کے لئے مسیحا بن گئے

    آکلینڈ: آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے والے کیوی فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کینسر میں مبتلا بچی کی مدد کو آگئے اور اہم فیصلہ کیا ہے۔

    پانچ سالہ ہولی کو نیوروبلاسٹوما کی تشخیص ہوئی ہے، جسے کیسنر کی انتہائی خطرناک قسم مانا جاتا ہے۔

    اس بارے میں ٹم ساؤتھی کا کہنا تھا کہ میرے گھر والے کو ہولی کی کہانی کے بارے میں کچھ سال پہلے کرکٹ برادری کے ذریعے معلوم ہوا تھا، میں نے ہمیشہ ہولی کے خاندان والوں کی ثابت قدمی اور مثبت رویہ دیکھا، مجھے جب پتہ چلا کہ ہولی کو مزید علاج کی ضرورت ہے تو میں نے کوشش کی کہ کسی طرح ان کی مدد کا راستہ تلاش کروں۔

    اچانک مجھے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن میں استعمال کی جانے والی شرٹ کو فروخت کرنے کا خیال آیا، اس شرٹ پر مجھ سمیت مارٹن گپٹل ، ٹام بلنڈل سمیت کئی کرکٹرز نے دستخط کئے ہیں، نیلامی کی پہلی بولی 3500 ڈالر رکھی گئی ہے۔

    ٹیم ساؤتھی کا مزید کہنا تھا کہ نیلامی میں قوس قزح کی گرپ والا خصوصی بیٹ بھی رکھا گیا ہے تاکہ ہولی کے علاج کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز جمع کیا جاسکے، نیلامی آٹھ جولائی کو ہوگی۔

    کیسنر کی خاص مرض میں مبتلا ہولی کے علاج کے لئے پانچ سے ساڑھے آٹھ لاکھ تک اخراجات آنے ہیں۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کھلاڑیوں کے دستخط شدہ شرٹ کی مختصر ویڈیو جاری کی گئی ہے۔