Tag: Timing Change

  • سعودی عرب: اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے پر غور

    سعودی عرب: اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے پر غور

    ریاض: سعودی عرب میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں محکمہ ٹریفک کے ترجمان کرنل منصور الشکرۃ کا کہنا ہے کہ ریاض میں ٹریفک اژدہام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی اور بعض اداروں کے لیے آن لائن ڈیوٹی نظام اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    کرنل منصور کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹریفک ریاض میں اژدہام کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کرے گا۔

    ورکشاپ ریاض کی شاہراہوں پر ٹریفک سلامتی کا معیار بلند کرنے، ٹریفک کو رواں دواں کرنے اور رکھنے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گا۔

    محکمہ ٹریفک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ماہرین نے تجویز دی ہے کہ ٹریفک اژدہام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات تبدیل کیے جائیں، کالجوں اور جامعات میں تعلیم کے نئے نظام الاوقات جاری ہو جبکہ بعض کمپنیوں و اداروں اور سرکاری محکموں کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ وہ آن لائن ڈیوٹی سسٹم رائج کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ریاض میٹرو پروجیکٹ کے تناظر میں شہر کی بعض شاہراہوں کی تنظیم نو ہونی چاہیئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ورکشاپ میں وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور، کنگ سعود یونیورسٹی، امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، امیر نائف یونیورسٹی برائے علوم سلامتی اور ریاض ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی کے نمائندے شریک ہوں گے۔

  • کویت : کرفیو کی مدت میں مزید توسیع اور اوقات میں تبدیلی

    کویت : کرفیو کی مدت میں مزید توسیع اور اوقات میں تبدیلی

    کویت سٹی : کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کویت حکومت نے آٹھ اپریل تک نافذ کیے جانے والے کرفیو کی مدت میں توسیع کردی ہے۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اب اس کرفیو کی مدت میں22اپریل تک توسیع کی گئی ہے،  تاہم کرفیو میں 2 گھنٹے کمی بھی کی گئی ہے, متعلقہ حکام نے عوام کو کورونا احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کی تلقین کی ہے۔

    کویتی حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے سرکاری اعلان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری جزوی کرفیو 8 اپریل کے بعد بھی جاری رہے گا۔

    ترجمان کے مطابق8اپریل سے شروع ہوکر 22 اپریل تک رہنے والا جزوی کرفیو شام 7:00 بجے سے صبح 5:00 بجے تک رہے گا۔

    اس سے قبل گذشتہ ماہ حکومت نے8 اپریل تک شام 6:00 بجے سے صبح 5:00 بجے تک کرفیو کا اعلان کیا تھا۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ رمضان کے مہینے میں جزوی کرفیو کے دوران ریستوران ، کیفے اور فوڈ مارکیٹنگ مراکز کو شام 7 بجے سے صبح 3 بجے تک کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک بغیر کوئی گاڑی استعمال کیے رہائشی علاقوں میں صرف چہل قدمی کی اجازت ہوگی۔

    کویتی حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے تما شہریوں کو صحت سے متعلق کورونا ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کی بھی سختی سے تاکید کی ہے۔

  • پی آئی اے انتظامیہ کا یوٹرن : فضائی میزبانوں کے اوقات کار پھر تبدیل

    پی آئی اے انتظامیہ کا یوٹرن : فضائی میزبانوں کے اوقات کار پھر تبدیل

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کی ڈیوٹی اوقات کار میں اضافے کے فیصلے کو واپس لے لیا، بارہ گھنٹے پر مبنی اوقات کار دوبارہ بحال کردیئے۔ فضائی میزبانوں کے اندرون وبیرون ملک ہوٹل کی سہولت ختم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بغیر تیاری کے احکامات جاری کرنے والی پی آئی اے انتظامیہ نے اپنے ہی فیصلے پر یو ٹرن لے لیا۔ گزشتہ روز پی آئی اے فضائی میزبانوں کے اوقات کار بارہ گھنٹے سے سولہ گھنٹے کرنے کے بعد بحال کردیئے گئے۔

    انتظامیہ نے جمعے کو جاری کردہ احکامات میں درج سولہ گھنٹے ڈیوٹی پر عمل درآمد موخر کرتے ہوئے نیا حکم جاری کردیا۔ ئئے ڈیوٹی اوقات کار کے لئے انتظامیہ نے مالی فوائد کا اعلان بھی کیاتھا۔

    جاری نئےاحکامات میں سول ایوی ایشن اتھارٹی سے درکار اجازت نامہ اور ائرلائن مینول میں تبدیلی تک دس گھنٹے ڈیوٹی ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فضائی میزبانوں نے نئے اوقات کار کو ایئرلائن مینول اور میڈیکل نقطہ نظر سے بھی نقصان دہ قرار دیا تھا۔

    فضائی میزبانوں کے اندرون و بیرون ملک ہوٹل کی سہولت ختم

    علاوہ ازیں قومی ایئرلائن میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں غیر ضروری اخراجات کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے اندرون و بیرون ملک ہوٹل کی سہولت ختم کردی۔

    ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں فضائی میزبانوں کے ہوٹل کی سہولت اور قیام پرسالانہ 600ملین روپے کے اخراجات آتے تھے۔ اب جدہ اور مدینہ جانے والی تمام پروازوں پر فضائی میزبانوں کا اپ اینڈ ڈاؤن ہوگا۔

    بینکاک، کوالا لمپور میں بھی ہوٹل کی سہولت ختم کردی گئی، ان مذکورہ سیکٹرز پر ہوٹل کی سہولت ختم کرنے سے پی آئی اے کو سالانہ ایک ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔