Tag: today

  • ارتھ آور 2019، آج برج خلیفہ کی روشنیاں بجھا دی جائیں‌ گی

    ارتھ آور 2019، آج برج خلیفہ کی روشنیاں بجھا دی جائیں‌ گی

    دبئی : زمین کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے لیے آج شب دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کی لائٹیں گل کر کے ارتھ آور منایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق زمین کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے اور اس پر توانائی کے بے تحاشہ بوجھ کو کم کرنے کے لیے آج علامتی طور پر ارتھ آور منایا جائے گا۔ آج شب 8 سے 9 بجے کے درمیان غیر ضروری روشنیوں کو بند کر کے زمین کی چندھیائی ہوئی آنکھوں کو آرام دیا جائے گا۔

    زمین کے لیے ایک گھنٹہ یا ارتھ آور کو منانے کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی (کلائمٹ چینج) کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زمین کی چندھیائی ہوئی آنکھوں کو آرام دینے کیلئے آج رات مقامی وقت سارٹھے 8 بجے برج خلیفہ کی روشنیاں ایک گھنٹے کےلیے بند کی جائیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاکھوں افراد عالمی ارتھ آور مناتے ہوئے زمین ہو بچانے کے عزم کا اظہار کریں گے۔

    آج شب پیرس کے ایفل ٹاور لیکر سڈنی کے اوپیرا ہاؤس اور  نیویارک کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ سے لیکر برج خلیفہ تک ہزاروں بلند ترین عمارتوں کی روشنیاں بجھائی جائیں گی اور تقریباً دنیا کے 5000 سے زائد شہروں میں علامتی طور پر ارتھ آور منایا گیا۔

    دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں کرہ ارض کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کے سبب ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

    ارتھ آور منانے کا مقصد اس طرف بھی توجہ دلانا ہے کہ دنیا میں آبادی میں تیزی سے اضافہ اور توانائی کے وسائل میں کمی آرہی ہے اور اس توازن کو برقرار رکھنے کے لیے توانائی کی بے تحاشہ پیداوار سے ماحول اور زمین پر شدید منفی نقصانات مرتب ہورہے ہیں۔

    اگر ہم خلا سے زمین کی طرف دیکھیں تو ہمیں زمین روشنی کے ایک جگمگاتے گولے کی طرح نظر آئے گی۔ یہ منظر دیکھنے میں تو بہت خوبصورت لگتا ہے، مگر اصل میں روشنیوں کا یہ طوفان زمین کو بیمار کرنے کا سبب بن رہا ہے۔

    ماہرین ان روشنیوں کو برقی یا روشنی کی آلودگی کا نام دیتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق مصنوعی روشنیوں کے باعث ہماری زمین کے گرد ایک دبیز دھند لپٹ چکی ہے جس کے باعث زمین سے کہکشاؤں اور چھوٹے ستاروں کا نظارہ ہم سے چھن رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دنیا کے 188 ممالک میں 24 مارچ کو ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے ارتھ آور منایا تھا۔

    گذشتہ برس اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس، پیرس کا ایفل ٹاور، لندن کا ہاؤس آف کامنز، برلن، اسکوٹ لینڈ، ماسکو، نئی دہلی، کوالالمپور، سڈنی کے اوپیرا ہاؤس ٹوکیو کے ٹوکیو اسکائی ٹری، نیویارک کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ مصر کے اہرام مصر ابوظبی کی شیخ زید مسجد سمیت دنیا کے 5000 سے زائد شہروں میں علامتی طور پر ارتھ آور منایا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر آج 30 مارچ کو منایا جانے والا ارتھ آور 2007 میں سڈنی کے اوپیرا ہاوس کی روشنیوں کو بجھا کر منایا گیا تھا جس میں ایک کروڑ سے زائد شہریوں نے شرکت کرکے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے متحد ہونے کا پیغام دیا تھا۔

  • نیب نے قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج  طلب کرلیا

    نیب نے قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج طلب کرلیا

    راولپنڈی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج ہیڈکوارٹرز میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سیّد قائم علی شاہ کو قومی احتساب بیورو نے ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، نیب کے نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قائم علی شاہ بطوروزیر اعلیٰ سندھ حکومت کےاثاثوں کے محافظ تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قائم علی شاہ آج 3 بجے نیب ہیڈکوارٹر میں پیش ہوں گے، نیب حکام نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ کی عدم پیشی کی صورت میں قانونی کارروائی کا انتباہ کردیا۔

    نیب حکام نے نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ قائم علی شاہ دادو شوگر ملز کو اونے پونے داموں فروخت کرکے نوڈیرو شوگر ملز کو غیر قانونی فوائد پہنچائے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے پیپلز پارٹی رہنما قائم علی شاہ کو ٹھٹہ شوگر ملز کیس میں بھی طلب کررکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب حکام کی جانب سے ٹھٹھہ شوگر مل سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس : سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور

    یاد رہے کہ گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی اور دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا تھا، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا تھا کہ نیب نے 2 مختلف کیسز کے نوٹس لئے ہیں، اگر دوسرے کیس میں ضمانت نہیں کروائی گئی تو نیب گرفتار کر سکتی ہے۔

  • ملتان سے شارجہ کے لئے پی آئی اے کی نئی پرواز کا آغاز آج سے ہوگا

    ملتان سے شارجہ کے لئے پی آئی اے کی نئی پرواز کا آغاز آج سے ہوگا

    کراچی : پی آئی اے ملتان سے شارجہ کے لئے نئی پرواز کا آغاز آج سے کرے گی، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جبکہ وفاقی وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو بھی مہمان اعزازی ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن ملتان سے شارجہ کے لئے پرواز کا آغاز بدھ سے کرے گی، پہلی پرواز علی الصبح ایک بجکر پینتیس منٹ پر شارجہ کیلئے روانہ ہوگی۔

    وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پرواز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو بھی مہمان اعزازی ہوں گے۔

    اس حوالے سے اے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے چار ماہ کے دوران اپنی چھٹی نئی پرواز کا آغاز کررہی ہے، موجودہ انتظامیہ کی پی آئی اے کی بحالی اور توسیعی کی حکمت عملی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملتان سے شارجہ کے لئے نئی پرواز جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے تحفہ ہے، ملتان سے شارجہ کے لئے نئی پرواز کے بعد شارجہ کے لئے پروازوں کی تعداد سات ہو جائے گی۔

  • شہباز شریف ضمانت کے بعد سب جیل سے رہائی کے منتظر

    شہباز شریف ضمانت کے بعد سب جیل سے رہائی کے منتظر

    اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو آج جیل سے رہا کیاجائےگا، شہبازشریف منسٹرکالونی سب جیل سے رائیونڈ جائیں گے ، لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف ضمانت کے بعد آج سب جیل سے رہائی کے منتظر ہیں ، شہباز شریف کا ذاتی سیکیورٹی اسٹاف لاہور سے منسٹر کالونی پہنچ گیا، سب جیل حکام کوضمانت پررہائی کےلیےعدالتی روبکار کا انتظار ہے۔

    عدالتی حکم پر جیل انتطامیہ آج کاغذی کارروائی مکمل کرے گی، کوٹ لکھپت جیل سے کارروائی مکمل ہونے پر سب جیل کا درجہ ختم کردیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ، رہائی کے بعد شہباز شریف رہائی کے بعد آج لاہور روانہ ہوں گے، جہاں وہ سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملیں گے جبکہ میاں نواز شریف اور پارٹی رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔

    دوسری جانب شہبازشریف کے وکلا نے ایک ایک کروڑ روپے کے 2مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرادیئے ہیں، احتساب عدالت کوتاحال ہائیکورٹ کافیصلہ موصول نہیں ہوا، ہائی کورٹ کافیصلہ موصول ہونے پر مزید کارروائی کی جائےگی۔

    مزید پڑھیں : لاہورہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظورکرلی

    گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اوررمضان شوگرملزکیس میں شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے 1 ،1 کروڑ روپے مچلکے جمع کرانے اور رہائی کا حکم دیا تھا۔

    اسپیشل پراسکیوٹر نیب اکرم قریشی نے دلائل دیے تھے کہ میاں شہباز شریف نے ملز کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرکاری خرچ سے نالہ تعمیر کیا، تاہم شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبے کی منظوری پنجاب اسمبلی اور کابینہ نے دی۔

    عدالت نے قرار دیا تھا کہ جب نیب ملز کے سابق چیف ایگزیکٹو حمزہ شہباز کو تعاون کرنے پر گرفتار نہیں کرنا چاہتی تو شہبازشریف جو کبھی رمضان شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹو رہے ہی نہیں ان کی گرفتاری کی کیا ضرورت ہے۔

  • سانحہ ساہیوال کی  تحقیقات کرنےوالی جےآئی ٹی آج شام اپنی رپورٹ پیش کرے گی

    سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کرنےوالی جےآئی ٹی آج شام اپنی رپورٹ پیش کرے گی

    لاہور : سانحہ ساہیوال کے حوالے سے بنائی گئی جے آئی ٹی آج شام اپنی رپورٹ پیش کرے گی، سی ٹی ڈی اہلکاروں کے بیانات میں تضاد پایا گیا اور جے آئی ٹی کو شواہد نہ دے سکے، ذرائع کا کہناہے اہلکار نےگاڑی کو گھیر کو سامنے،دائیں اور بائیں سے گولیاں برسائیں جبکہ کار سے فائرنگ کےشواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی آج شام پانچ بجے رپورٹ پنجاب حکومت کودے گی، جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجاز شاہ اور ارکان میں ایس ڈی پی او فلک شیر، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن خالد ابوبکر اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔

    جی آئی رپورٹ میں تعین کیا جائے گا کہ گاڑی میں سوار خاندان کو زندہ گرفتار کیوں نہیں کیا گیا اور قریب سے فائرنگ کے اسباب کیا تھے۔

    گذشتہ روزسانحہ ساہیوال پر قائم کی گئی جے آئی ٹی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرے اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے۔

    جے آئی ٹی نے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے اہل کاروں سے پوچھ گچھ کی تاہم سی ٹی ڈی اہل کار جے آئی ٹی کو انٹیلی جنس رپورٹ کی معلومات نہ دے سکے۔

    جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کےالگ الگ بیان لیے، ٹیم کے صفدر حسین سمیت 7 اہل کاروں کے بیانات میں تضاد پایا گیا جبکہ اہلکار چارمعصوم شہریوں پرگولیاں برسانےوالے ویڈیوریکارڈنگ اور واٹس ایپ کال کی ریکارڈنگ بھی پیش نہ کرسکے۔

    مزید پڑھیں : سانحہ ساہیوال: جے آئی ٹی کی تفتیش شروع، سی ٹی ڈی اہل کاروں سے پوچھ گچھ

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری میں عینی شاہدین نےاہلکاروں کوقاتل قراردے دیاہے جبکہ جےآئی ٹی نے اہلکاروں کے فون کی ریکارڈنگ حاصل کرلی اور اہلکاروں کےبینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین کی۔

    ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں نےگاڑی کوگھیرکرفائرنگ کی اور سامنے، بائیں اور دائیں سے گولیاں برسائیں جبکہ گاڑی کے اندر سےگولی چلنےکا کوئی ثبوت نہیں ملا، اندھا دھند فائرنگ کرنے والی ٹیم کی قیادت انچارج صفدر حسین کررہاتھا اور کارپورل احسن، محمد رمضان، سیف اللہ اور حسین اکبر ہمراہ تھے۔

    انکوائری میں عینی شاہدین نےاہلکاروں کوقاتل قراردے دیا

    سی ٹی ڈی کے موقف کے برعکس فوٹیجز بھی سامنے آئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے جائے وقوعہ پر کسی خودکش جیکٹ کو ناکارہ نہیں بنایا گیا، مبینہ بارود ناکارہ بنانے کے لیے بی ڈی ایس یا انویسٹی گیشن کا عملہ طلب نہیں کیا گیا، کرائم سین شواہد اکٹھے کیے بغیرہی کلیئرکردیاگیا۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کل شام تک جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آجائے گی، جس کی روشنی میں اقدامات کیے جائیں گے،کسی کو ایسے ہی اٹھا کرپھانسی پرنہیں لٹکا سکتے اور متاثرہ خاندان کودوکروڑمعاوضہ دیں گے۔

    خیال رہے دوحا میں‌ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں ٹھوس قدم اٹھایا جائے گا اور واقعے کے ذمے داروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائی گی، نظام کی اصلاح کریں گے، تاکہ دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔

    مزید پڑھیں : ساہیوال واقعے کے ذمے داروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی: وزیر اعظم

    واضح رہے کہ ہفتے کے روز ر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے۔

    بعد ازاں ساہیوال واقعے پروزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو تحقیقات کرکے واقعے کے ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا اور محکمہ داخلہ پنجاب نے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنا دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کو مثال بنائیں گے، بچوں کی کفالت ریاست کے ذمہ ہوگی، انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائے گی۔

    دوسری جانب سانحہ ساہیوال کی ایف آر درج کرلی گئی ، ایف آئی آر میں سی ٹی ڈی کے نامعلوم سولہ اہلکاروں کونامزد کیا گیا۔

  • امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج بھی پاکستان نہیں آئیں گے

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج بھی پاکستان نہیں آئیں گے

    واشنگٹن: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج بھی پاکستان نہیں پہنچیں گے، امریکی نمائندہ خصوصی آج بھی افغانستان میں مصروف دن گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق زلمے خلیل زاد نے گزشتہ روز سہ پہر کو پاکستان پہنچنا تھا، تاہم شیڈول میں تبدیلی کے بعد زلمے خلیل زاد کو رات آٹھ بجے اسلام آباد پہنچنا تھا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے زلمے خلیل زاد کے چوتھی بار دورے تبدیلی سے متعلق پاکستانی دفتر خارجہ کو آگاہ کردیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے امریکی نمائندہ خصوصی کے چوتھی بار دورے میں تبدیلی پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    امریکی سفارت خانے نے زلمے خلیل زاد کے دورے سے متعلق ری شیڈیولنگ جاری کردی، زلمے خلیل زاد کے ہمراہ امریکا کی ڈپٹی وزیر خارجہ الیس ویلز کو بھی پاکستان آنا تھا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی معاون خصوصی لیزا کرٹس پاکستان میں ہی موجود ہیں جو گزشتہ روز پاکستان پہنچی تھیں لیکن لیزا کرٹس کی تاحال دفتر خارجہ سے کوئی ملاقات طے نہیں ہوئی ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد، ڈپٹی وزیر خارجہ الیس ویلز اور لیزا کرٹس کی ایک ساتھ ہی ملاقاتیں ہوں گی۔

    زلمے خلیل زاد پاکستان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور تہمینہ جنجوعہ سمیت دیگر حکومتی اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد باقاعدہ طور پروفود کی سطح پر دفتر خارجہ میں مذاکرات کریں گے، ان کے دورے کا مقصد افغانستان میں فوجی انخلا اور افغان طالبان سے بات چیت پرمشاورت ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل زلمے خلیل زاد نے بیجنگ پہنچنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا تھا کہ افغان امن عمل میں چین کا کردار اہم ہے، میں یہ جاننے کا منتظر ہوں کہ چین اور امریکا مل کر کس طرح کام کرسکتے ہیں۔

  • دورہٗ پاکستان مکمل، ابوظبی کے ولی عہد وطن واپس روانہ

    دورہٗ پاکستان مکمل، ابوظبی کے ولی عہد وطن واپس روانہ

    اسلام آباد : ابوظبی کے ولی عہد ایک روزہ کامیاب دورہٗ پاکستان کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان ایک روزہ دورے پر آج صبح اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا پُر تپاک استقبال کیا گیا۔

    اس سے قبل محمد بن زید النہیان کی وزیر اعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    متحدہ عرب امارات اور پاکستانی قیادت میں پاکستان کو دی جانے والی 3 ارب ڈالرز کی امداد اور سرمایہ کاری اقتصادی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی ۔

    پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم عمران خان کی جبکہ متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت ولی عہد محمد بن زید کی۔

    پاکستانی وفد میں خارجہ، خزانہ، منصوبہ بندی، اور اطلاعات کے وزراء سمیت وزیر پٹرولیم ،مشیر تجارت، وزیرمملکت برائے دفاعی پیداوار بھی شامل تھے۔

    اس سے قبل ابوظبی کے ولی عہد کو پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا تھا جبکہ نور خان ایئربیس پر محمد بن زید النہیان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان معزز مہمان محمد بن زید کو گاڑی میں بیٹھا کر اسے خود چلاتے ہوئے وزیر اعظم ہاوس لے کر پہنچے۔

    خیال رہے کہ تین ماہ سے کم عرصے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خصوصی نوعیت کامظہرہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا دورہٗ یواے ای ، شیخ محمدبن راشد المکتوم کا اردو میں ٹویٹ

    یاد رہے گذشتہ برس 19 نومبر کو وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے، اس موقع پر اُن کے ہمراہ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور، وزیر برائے توانائی اور مشیر تجارت جبکہ یو اے ای میں پہلے سے موجود وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود بھی شامل تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کی ولی عہدشیخ محمدبن زیدبن سلطان النہیان سےملاقات صدارتی محل میں ہوئی، جس میں باہمی امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دو طرفہ تجارت سمیت معیشت کی بہتری کے معاملات پر بات چیت ہوئی تھی۔

  • شانگلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    شانگلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور : خیبر پختونخوا کے شانگلہ اور اس کے گردونواح میں‌ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں سے نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے. جھٹکے شروع ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر آگئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ضلع شانگلہ میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی، ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کا تعین نہیں ہوسکا۔

    مزید پڑھیں : لاہور میں‌ زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو لاہور  اور  اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 تھی۔

    مزید پڑھیں: کیا زلزلے گناہوں کے سبب آتے ہیں؟

    خیال  رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو  بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی

    ماہرین ارضیات کی جانب سے زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات بیان کی جاتی ہیں، ایک وجہ زیر زمیں پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہے اوردوسری آتش فشاں کا پھٹنا ہے۔

  • خواجہ برادران 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    خواجہ برادران 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو احتساب عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر 22 دسمبر تک قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سخت سیکیورٹی نافذ رہی۔

    لیگی کارکنان کے احتجاج کے پیش نظر عدالت کو خاردار تاروں سے سیل کردیا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی طلب کی گئی۔

    سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 40 کنال کی پلاٹنگ نہیں کی جاسکتی مگر سب پر پلاٹ بنادیے گئے، سوسائٹی کی رجسٹریشن جعلی ہے۔

    عدالت نے دریافت کیا کہ سوسائٹی میں عوامی پیسے کا کیا نقصان ہے جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ لوگوں کو ایسی زمین فروخت کی گئی جو ان کے نام پر ہی نہیں۔ پیراگون کے نام پر عوام سے کروڑوں کا فراڈ کیا گیا، پیراگون کے پاس کل زمین 1100 کنال ہے، 7 ہزار کنال نہیں۔

    پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ اربوں کی ٹرانزیکشن اور کمپنی ریکارڈ کی جانچ کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا خواجہ سعد رفیق انکوائری میں پیش ہوتے رہے ہیں جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ خواجہ برادران پیش ہوتے رہے ہیں، کیس کا ایک اور ملزم ندیم ضیا مفرور اور قیصر امین بٹ گرفتار ہے۔

    پراسیکیوٹر نے بتایا کہ تمام ریکارڈ ندیم ضیا کے پاس ہے، قیصر امین نے بھی انکشافات کیے۔ سوسائٹی جعلی ہے اور اس کا مکمل ریکارڈ موجود نہیں۔

    عدالت نے کہا کہ جعلسازی کس نے کی پہلے اس کو دیکھا جائے، جس نے پہلا ریکارڈ دیا اس سے باقی بھی لے لیں۔ جہاں سے جعلسازی شروع ہوئی وہاں سے پہلے پوچھنا چاہیئے تھا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سادان ایسوسی ایٹس خواجہ سعد رفیق کی ملکیت ہے، کے ایس آر کمپنی خواجہ سلمان رفیق کی ملکیت ہے۔ خواجہ برادران کی 2 کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 100 ملین آئے۔ رقم پیراگون کی بے نامی کمپنی ایگزیکٹو بلڈر کے اکاؤنٹ سے منتقل ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ شاہد بٹ ان کا پارٹنر ہے جس کا کہنا ہے کہ 4 ارب کی زمین سعد رفیق نے بیچی۔

    نیب نے شاہد بٹ کا بیان بھی عدالت میں پیش کیا جس پر عدالت نے کہا لگتا ہے نیب نے خود لکھا ہے یہ بیان اور سائن شاہد بٹ نے کیے۔ شاہد بٹ کو بلا لیں ہمارے سامنے اپنے بیان کی 2 لائنیں لکھ دے۔

    پراسیکیوٹر نے کہا کہ پیراگون کے خلاف 90 شکایات موصول ہوئیں۔ قیصر امین بٹ کے بیان کی روشنی میں تفتیش کی جانی ہے۔

    خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ 6 مارچ کو انکوائری شروع ہوئی تھی، نیب نے بھی مانا کہ دونوں بھائی پیش ہوتے رہے۔ نیب نے جب بلایا اور جو ریکارڈ مانگا فراہم کیا گیا۔ نیب نے جو سوالنامہ بھیجا اس کا تحریری جواب دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں 3 سال تک کرپشن اور اثاثوں کی انکوائری چلتی رہی، 3 سال بعد کہا گیا ثبوت نہیں ملا اور انکوائری پر افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔

    وکیل نے کہا کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے پاس رجسٹریشن میں ندیم ضیا اور قیصر امین بٹ ہی مالک ہیں، شاہد بٹ اور پیراگون کے درمیان سول مقدمہ بازی چل رہی ہے۔ شاہد بٹ کے ساتھ خواجہ برادران کا کوئی لینا دینا نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 15 سال سے پیراگون سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوسکا۔ قیصر امین کی پلی بارگین کو وعدہ معاف بنانے سے نظر آتا ہے معاملہ کچھ اور ہے۔

    سماعت کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹھیک طرح سے ادویات نہیں دی جارہیں، کون گناہ گار کون بے گناہ یہ بعد کی بات ہے مگر غیر انسانی سلوک تو نہ کیا جائے۔

    عدالت نے نیب میں ملزمان کے لیے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی نیب سے لکھوا کر لائیں ملزمان کو تمام سہولتیں دی جائیں گی۔

    نیب کی جانب سے ملزمان کے 15 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی گئی تاہم عدالت نے صرف 10 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 22 دسمبر تک خواجہ برادران کو نیب کے حوالے کردیا۔

    خواجہ برادران کی گرفتاری

    خیال رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد نیب نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

    اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے دونوں بھائیوں کی عبوری ضمانت منظور کی تھی جس میں کئی بار توسیع کی گئی۔

    گزشتہ روز بھی خواجہ برادران عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست لیے عدالت پہنچے تھے تاہم عدالت نے ان کی استدعا مسترد کردی جس کے بعد دونوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

    نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

    دوسری جانب سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پیراگون ہاؤسنگ اسکیم میں خواجہ برادران کے شراکت دار قیصر امین بٹ نے اپنی حراست کے دوران نیب کو بتایا کہ پیراگون سوسائٹی کے کمرشل پلاٹوں کو فروخت کر کے 14 ارب روپے کمائے گئے، سال 2003 میں پیراگون کو ٹی ایم اے سے سعد رفیق نے دباؤ ڈال کر رجسٹرڈ کرالیا۔

    قیصر امین بٹ کے مطابق پیراگون کے کاغذات میں وہ خود اور ندیم ضیا مالک ہیں مگر خواجہ برادران ہی پیراگون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے

    کراچی : وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر شہر قائد پہنچ گئے،  وزیر اعظم اس دوران بزنس کمیونٹی سمیت دیگر وفود سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان  اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے، گورنر سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم گورنر ہاوس میں مصروف دن گزاریں گے،  وزیر اعظم گورنر ہاوس میں صنعت کاروں، کاروباری شخصیات اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سمیت دیگر وفود سے ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم کو گورنر ہاوس میں شہر قائد کے ترقیاتی کاموں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور پر بریفنگ دی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان کی متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے وفد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہر قائد کا یہ دوسرا دورہ ہے، جس دوران وزیر اعظم گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان نے کراچی کا اپنا پہلا ایک روزہ دورہ 16 ستمبر کو کیا تھا، انھوں نے دورے کا آغاز مزارِ قائد پر حاضری سے کیا، انھوں نے مزارِ قائد پر فاتحہ خوانی کی اور گل دستہ بھی رکھا جب کہ انھوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کیے تھے۔