Tag: Toddler

  • سیڑھیوں سے نیچے گرنے والے بچے کو ماں نے کیسے بچایا؟

    سیڑھیوں سے نیچے گرنے والے بچے کو ماں نے کیسے بچایا؟

    حال ہی میں انٹرنیٹ پر ایک پریشان کن ویڈیو میں ایک ماں اپنے بچے کو بچاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جو سیڑھیوں سے ایک منزل نیچے گرنے والا ہے۔

    ٹویٹر پر پوسٹ کی جانے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون ایک چھوٹے بچے کے ساتھ لفٹ سے نکلی ہیں اور فون پر بات کر رہی ہیں۔

    قریب میں ہی چوڑی ریلنگ موجود ہے جس کے درمیان خاصا فاصلہ ہے۔ بچہ ماں سے ہاتھ چھڑا کر ریلنگ کے قریب جاتا ہے اور وہاں بیٹھ جاتا ہے۔

    اس دوران وہ آگے جھک کر نیچے دیکھنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس کوشش میں اپنا توازن کھو بیٹھتا ہے اور وہاں سے نیچے گرنے لگتا ہے۔

    اسی لمحے ماں لپک کر تقریباً گرتے ہوئے بچے کو بچانے کی کوشش کرتی ہے اور اس کی ٹانگ پکڑنے میں کامیاب رہتی ہے۔

    وہاں موجود ایک آدمی تیزی سے نیچے کی طرف بھاگتا ہے کہ اگر بچہ نیچے گرے تو وہ اسے گرنے سے پہلے پکڑ لے۔

    اس دوران آس پاس سے دیگر لوگ بھی بھاگتے ہوئے وہاں پہنچتے ہیں اور ماں کے ساتھ مل کر بچے کو اوپر کھینچتے ہیں، بچہ صحیح سلامت اوپر آجاتا ہے۔

    ماں بچے کو گلے لگا لیتی ہے جبکہ وہاں موجود لوگ بھی سکون کی سانس لیتے دکھائی دیتے ہیں۔

  • 2 سالہ بچی نے برتن میں اپنی گردن پھنسا لی

    2 سالہ بچی نے برتن میں اپنی گردن پھنسا لی

    امریکا میں ایک دو سالہ بچی نے اپنی گردن کچن میں استعمال ہونے والے سانچے میں پھنسا لی جس کے بعد ماں کو 911 کو طلب کرنا پڑا۔

    امریکی ریاست پنسلوینیا کی رہائشی خاتون ایرین میکسل کا کہنا ہے کہ وہ گھر سے دفتر کا کام کر رہی تھیں، اور ان کی 2 سالہ بچی بھی اسی کمرے میں کھیل رہی تھی جب اچانک اس نے ماں کو آواز دی۔

    خاتون نے دیکھا کہ بچی نے کچن میں استعمال ہونے والا سانچے نما اینجل پین (برتن) اپنی گردن میں پھنسا لیا تھا۔

    ماں کا کہنا ہے کہ بچی اسے ہیٹ کی طرح پہن کر کھیل رہی تھی۔ انہوں نے برتن کو نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہیں جس پر انہوں نے قریبی فائر اسٹیشن فون کیا۔

    فائر اسٹیشن سے کوئی جواب موصول نہ ہونے پر خاتون نے مجبوراً 911 کال کی اور ہچکچاتے ہوئے کہا کہ کوئی ایمرجنسی صورتحال تو نہیں، تاہم اسے ان کی مدد کی ضرورت ہے۔

    خاتون کی زبانی ساری صورتحال جاننے کے بعد 911 کے عملے نے علاقے کے فائر اسٹیشن فون کیا جس کا عملہ کچھ دیر بعد خاتون کے گھر پہنچا۔

    اس دوران بچی کو کوئی تکلیف یا نقصان نہیں ہوا، وہ آرام سے کھا پی رہی تھی اور ٹی وی پر کارٹون دیکھ رہی تھی۔

    فائر بریگیڈ کے عملے نے برتن کاٹ کر بچی کو آزاد کیا جس پر ماں نے ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔

  • طیارے میں بچے کی معصومانہ حرکت نے مسافروں کے دل موہ لیے

    چھوٹے بچے فضائی سفر کے دوران بہت تنگ کرتے اور روتے ہیں کیونکہ وہ بے آرامی اور کانوں پر دباؤ محسوس کرتے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک بچہ نہایت خوش مزاجی سے سب سے ہاتھ ملا رہا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو کس فلائٹ کی ہے یہ علم نہیں ہوسکا البتہ یہ بے حد تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ جہاز میں موجود ہے اور اپنی معصومیت میں جہاز میں سوار مسافروں سے مصافحہ کر رہا ہے۔

    بچے کے ہاتھ ملانے کے اس عمل نے مسافروں کا دل موہ لیا، وہ خوشی خوشی اس سے ہاتھ ملا رہے ہیں اور اسے پیار بھی کر رہے ہیں۔

  • 3 سالہ بچہ 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک

    3 سالہ بچہ 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک

    امریکی شہر نیویارک میں ایک 3 سالہ بچہ ہائی رائز بلڈنگ کی 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگیا، پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اندوہناک حادثہ نیویارک کے علاقے مین ہٹن کی ایک بلند و بالا عمارت میں پیش آیا، 3 سالہ بچہ 29 ویں منزل کی کھڑکی سے پھسلا اور تیسری منزل پر موجود ایک شیڈ پر جا گرا۔

    بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچے کی ماں کو چیختے چلاتے ہوئے سیکیورٹی بوتھ کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا جس کے بعد انہیں حادثے کا علم ہوا، اس وقت وہاں موجود ہر شخص تیسری منزل پر بچے تک پہنچنا چاہتا تھا۔

    ایک پڑوسی کے مطابق حادثے سے چند لمحے قبل انہوں نے والدین کو آپس میں بحث و تکرار میں الجھے سنا تھا، بچے کے والدین کے درمیان بحث روزانہ کا معمول تھی۔

    پولیس حادثے کی مزید تفتیش کر رہی ہے، اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا یہ محض حادثہ تھا یا پھر واقعے کے وقت کوئی بالغ شخص بچے کے قریب کھڑا تھا۔

  • اپنا نخرہ ساتھ لے کر جاؤں گی: ننھی بچی کی معصومانہ ویڈیو وائرل

    اپنا نخرہ ساتھ لے کر جاؤں گی: ننھی بچی کی معصومانہ ویڈیو وائرل

    ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ایک ننھی سی بچی کی ویڈیو نے صارفین کو بے حد محظوظ کیا جس میں وہ اپنا نخرہ اپنے ساتھ باہر لے کر جانے کے لیے والدین سے مذاکرات کر رہی ہے۔

    ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں ایک ننھی سی بچی تیار ہو کر بیگ لٹکائے والدین کے ساتھ گھر سے روانہ ہورہی ہے جب اس کی والدہ اسے کہتی ہیں کہ زوئی تمہیں یاد ہے میں نے تم سے کیا کہا تھا، باہر جانے سے قبل تم اپنا نخرہ گھر پر چھوڑ کر جاؤ گی۔

    بچی نے کہا کہ وہ اپنا نخرہ اپنے ساتھ لے کر جانا چاہتی ہے جس پر والدہ کہتی ہیں کہ نہیں تم اسے کار میں نہیں لے کر جاسکتیں۔

    بچی جھنجھلا کر رونے لگتی ہے جس پر والدین فوری طور پر اس کی بات مان جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ٹھیک ہے اپنا نخرہ کار میں ساتھ لے جاؤ لیکن تم اسے ریسٹورنٹ میں ساتھ لے کر نہیں جاسکتیں۔

    @clarissamurillo29Proof Zoe’s always been the bucket dipper.♬ original sound – clarissamurillo29

    بچی رضا مندی سے اپنا سر ہلاتی ہے اور خوشی سے کھلکھلا کر ہنسنے لگتی ہیں۔

    اس ویڈیو کو 24 ملین سے زائد بار دیکھا گیا، صارفین بچی کی معصومیت اور والدین کے اسے ہینڈل کرنے کے طریقے سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

     

  • جلتی گاڑی میں شیر خوار بچی کو چھوڑ کر بھاگنے والے باپ کو سزا مل گئی

    جلتی گاڑی میں شیر خوار بچی کو چھوڑ کر بھاگنے والے باپ کو سزا مل گئی

    امریکا میں جلتی ہوئی کار میں شیر خوار بچی کو چھوڑ کر بھاگنے والے باپ کو قید کی سزا سنا دی گئی، باپ منشیات فروشی میں ملوث تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ اپریل 2019 میں پیش آیا، 28 سالہ اموٹپ نارمن طویل عرصے سے منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز وہ گاڑی میں منشیات کی بھاری مقدار اور اپنی 19 ماہ کی بچی کو لے کر جارہا تھا جب ایک مقام پر پولیس نے اسے روکا۔

    ملزم نے گاڑی بھگادی اور تھوڑی دیر بعد اس کی گاڑی سے دھواں نکلنے لگا، ملزم نے اس دوران منشیات سے بھرا بیگ کھڑکی سے باہر پھینکا اور تھوڑی دیر بعد بچی کو گاڑی میں چھوڑ کر خود بھی باہر چھلانگ لگا دی، تب تک گاڑی آگ پکڑچکی تھی۔

    پولیس کے وہاں پہنچنے تک گاڑی شعلوں میں گھر چکی تھی جبکہ اندر موجود بچی کی بھی دم گھٹنے سے موت واقع ہوچکی تھی۔

    اموٹپ گاڑی سے چھلانگ لگانے کے بعد سڑک کے ساتھ موجود جنگلات میں غائب ہوگیا تاہم اگلے دن پکڑا گیا۔ عدالت میں اس نے کہا کہ اسے امید تھی کہ پولیس اہلکار اس کی بچی کو جلتی گاڑی سے ریسکیو کرلیں گے۔

    2 سال سے زائد عرصے تک کیس چلنے کے بعد عدالت نے ملزم کو 28 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

  • لانگ ڈرائیو پر لے جا کر ماں نے بچے کو گولی ماردی

    لانگ ڈرائیو پر لے جا کر ماں نے بچے کو گولی ماردی

    امریکا میں ایک ماں نے اپنے شیر خوار بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کردینے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی، پولیس نے زخمی ماں کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکی ریاست یوٹاہ میں پیش آیا جہاں 40 سالہ ماں نے اپنے 2 سالہ بیٹے پر فائرنگ کردی۔

    شیرف آفس کے مطابق خاتون رات کے وقت اپنے شیر خوار کو لے کر لانگ ڈرائیو پر نکلیں اور مختلف سڑکوں پر گھومتی رہیں، اس دوران ایک جگہ پر رک کر انہوں نے رائفل سے اپنے 2 سال کے بچے کو گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    اس کے بعد انہوں نے خود کو بھی گولی ماری اور زخمی حالت میں ڈرائیو کرتی رہیں، بالآخر ایک جگہ بے ہوش ہوگئیں۔

    مقامی پولیس کو بچے کی لاش اور ماں زخمی حالت میں گاڑی کے اندر ملے۔

    پولیس نے فوری طور پر ماں کو اسپتال منتقل کیا جہاں اسے حراست میں رکھا گیا ہے، اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اسے حوالات منتقل کردیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس ٹیسٹ کی کٹ ناک میں ٹوٹ جانے سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق

    کرونا وائرس ٹیسٹ کی کٹ ناک میں ٹوٹ جانے سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے دوران ناک میں کٹ ٹوٹ جانے سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، بچے کا آپریشن کر کے کٹ نکال لی گئی تھی تاہم بعد ازاں اس کی حالت بگڑ گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ناک میں کرونا وائرس ٹیسٹ کی کٹ ٹوٹنے کے باعث ڈیڑھ سالہ سعودی بچہ عبدالعزیز الجوفان چل بسا۔

    بچے کے اہلخانہ درجہ حرارت بڑھ جانے پر طبی معائنے کے لیے بچے کو اسپتال لے گئے تھے۔ طبی عملے نے کرونا وائرس کے شبے میں ٹیسٹ کے لیے کٹ بچے کی ناک میں داخل کی جس کے ٹوٹ جانے سے بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    بچے کے چچا کا کہنا ہے کہ بچہ نہ ہی لا علاج مرض میں مبتلا تھا اور نہ کسی نازک بیماری کا شکار تھا۔ بچے کا جسم گرم ہو رہا تھا جس پر اسے اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز نے شبے کی بنیاد پر کرونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا۔

    بچے کے چچا نے مزید بتایا کہ جب کرونا ٹیسٹ کٹ بچے کی ناک میں ٹوٹ گئی تو ڈاکٹر نے علاج کے لیے اسے اسپتال میں داخل کردیا بعد ازاں اسے آپریشن کے لیے بے ہوش کردیا گیا۔ رات 1 بجے بتایا گیا کہ آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور بچے کی ناک سے کرونا ٹیسٹ کی کٹ نکال لی گئی ہے۔

    آپریشن کے بعد بچہ ہوش میں آگیا تھا۔ بچے کی والدہ بھی وہاں موجود تھیں اور نرسوں سے مسلسل درخواست کر رہی تھیں کہ آپریشن کے بعد متعلقہ ڈاکٹر بچے کا معائنہ کریں اور اس بات کا یقین حاصل کریں کہ کرونا کٹ مکمل طورپر نکل چکی ہے۔ خون بہنا بند ہوگیا ہے اور بچے کو تنفس میں کوئی مشکل پیش نہیں آرہی ہے مگر نرسیں کہتی رہیں کہ ڈاکٹر نہیں ہے، انتظار کیا جائے۔

    چچا کا کہنا تھا کہ 9 بجے بچہ اچانک بے ہوش ہوگیا۔ ماں نے فوری طور پر نرسوں کو اطلاع دی۔ بچے کو سانس آنا بند ہوگئی تھی جس پر بچے کو مصنوعی تنفس فراہم کیا گیا۔

    ان کے مطابق اسپتال پہنچ کر ڈاکٹر کو طلب کیا گیا۔ ایکسرے میں پتا چلا کہ بچے کے ایک پھیپھڑے میں تنفس کی نالی بند تھی، بچے کی حالت بگڑنے پر جان بچانے کے لیے اسے ریاض کے اسپیشلسٹ اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی۔

    ان کے مطابق دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر منظوری آگئی، ہم ایمبولینس کا انتظار کرتے رہے جو ٹھیک 1 گھنٹے بعد پہنچی اور بچہ اسپتال پہنچتے پہنچتے دم توڑ گیا۔

  • پانچویں منزل سے گرنے والی بچی کے ساتھ کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

    پانچویں منزل سے گرنے والی بچی کے ساتھ کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

    چین میں ایک 2 سالہ بچی پانچویں منزل کی کھڑکی سے گر پڑی تاہم اس کا سر کھڑکی کی سلاخوں میں پھنس گیا، ہولناک منظر دیکھ کر نیچے کھڑے افراد کی سانسیں رک گئیں۔

    یہ واقعہ جنوبی چین میں پیش آیا جہاں گھر پر اکیلی موجود 2 سالہ بچی پانچویں منزل کی کھڑکی سے نیچے گر پڑی تاہم نیچے گرنے کے بجائے اس کا سر کھڑکی کی سلاخوں میں پھنس گیا اور وہ پانچویں منزل پر ہوا میں لٹک گئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچی کا سر کھڑکی میں پھنسا ہوا ہے اور وہ ہوا میں ٹانگیں چلا رہی ہے۔

    یہ خطرناک منظر دیکھ کر نیچے موجود افراد کی سانسیں رک گئیں تاہم ایسے میں ایک پڑوسی نے اپنے حواس بحال رکھے اور تیزی سے بچی کی مدد کو لپکا، پڑوسی قریب موجود گیس پائپ پر چڑھ کر پانچویں منزل تک پہنچا اور بچی کو ہاتھوں سے سہارا دیا۔

    اس دوران دیگر پڑوسیوں نے ریسکیو اہلکاروں سے مدد طلب کی، ریسکیو اہلکاروں کے پہنچنے اور پھر عمارت میں داخل ہو کر، مذکورہ گھر تک پہنچنے اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے تک تقریباً 30 منٹ کا وقت لگا، اس دوران مذکورہ پڑوسی خود بھی بچی کو سہارا دینے کے لیے کھڑکی اور پائپ کے سہارے لٹکا رہا۔

    مذکورہ پڑوسی ایک ریٹائرڈ فوجی اہلکار تھا جس کی ٹریننگ اس موقع پر کام آئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے بچی کو بحفاظت سلاخوں سے نکال لیا، اس دوران بچی کو کوئی چوٹ نہیں پہنچی۔

    بعد ازاں بچی کی ماں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے دوسرے بیٹے کو لے کر ڈاکٹر کے پاس گئی تھی، بچی گھر میں سو رہی تھی اور اس کا خیال تھا کہ وہ اس کے جاگنے سے پہلے واپس آجائے گی لیکن اسے دیر ہوگئی۔

    ماں نے ریسکیو اہلکاروں اور پڑوسی کا بے حد شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کی بچی کی جان بچائی۔

  • محبوب کی شادی رکوانے کے لیے خاتون نے رشتے دار بچہ مشین میں ڈال کر قتل کردیا

    محبوب کی شادی رکوانے کے لیے خاتون نے رشتے دار بچہ مشین میں ڈال کر قتل کردیا

    نئی دہلی: بھارتی پنجاب میں ایک خاتون نے اپنے سابق محبوب کی شادی رکوانے کے لیے اس کا رشتہ دار بچہ واشنگ مشین میں ڈال کر قتل کردیا۔

    بھارتی پنجاب میں پیش آنے والے اس ہولناک واقعے میں ابتدائی طور پر پولیس کو بچے کی گمشدگی کی اطلاع دی گئی۔ پولیس کو بتایا گیا کہ مذکورہ بچہ ادھیراج اپنی والدہ اور بڑے بھائی کے ساتھ اپنے رشتہ داروں کے گھر آیا تھا جہاں 22 دسمبر کو اس کے انکل کی شادی ہونے والی تھی۔

    اہلخانہ کو بچے کی غیر موجودگی کا احساس ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے مذکورہ علاقے کی سیکیورٹی فوٹیج چیک کی تو علم ہوا کہ شادی کے ہنگاموں میں بچہ اپنے بھائی اور ایک اور چھوٹی بچی کے ساتھ پڑوس میں چلا گیا تھا۔

    فوٹیج سے یہ بھی پتہ چلا کہ پڑوسی کے گھر کے اندر جانے والے بچے 3 تھے، تاہم واپس آنے والے بچے صرف 2 تھے۔ پڑوس میں ایک اکیلی خاتون کافی عرصے سے رہائش پذیر تھیں۔

    پولیس نے فوری طور پر مذکورہ مکان پر چھاپہ مارا جہاں تھوڑی ہی دیر میں انہوں نے واشنگ مشین میں کپڑوں کے ڈھیر کے نیچے سے بچے کا مردہ جسم برآمد کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ادھیراج کا وہ انکل جو جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والا تھا، پڑوسی خاتون کا سابق محبوب تھا اور اس کی شادی رکوانے کے لیے خاتون نے یہ مذموم حرکت کی۔

    ملزمہ نے پولیس کی حراست میں اعتراف کیا کہ اس نے بچے کو مشین میں ڈالا، اس کا ڈھکن بند کیا اور مشین چلا دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ پر قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں اور جلد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔