Tag: Tokyo

  • ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے 6 افراد ہلاک

    ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے 6 افراد ہلاک

    ٹوکیو: جاپان میں سورج آگ برسانے لگا ہے، دارالحکومت ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں غیر معمولی طور پر بارشوں کے موسم میں گرمی کی شدید لہر نے شہریوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

    ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے چھ افراد کی ہلاکت کے بعد جاپان میں حکام نے نہ صرف صحت سے متعلق انتباہات جاری کیے ہیں بلکہ دارالحکومت میں نئے ’’کولنگ شیلٹرز‘‘ قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

    حکام نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ جسمانی سرگرمیوں سے گریز کریں، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران ہیٹ اسٹروک کی علامات والے متعدد افراد اسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں۔

    جاپانی میڈیا کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کو ’انتہائی گرم‘ سجھا جاتا تھا، تاہم اب اس ہفتے جاپان میں وسطی شیزوکا پہلا ایسا خطہ بن گیا ہے، جہاں اس سال پارہ 40 ڈگری سیلسیس (104 فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا ہے۔

  • برطانیہ نے اپنی نوعیت کا منفرد ورلڈ کپ جیت لیا

    برطانیہ نے اپنی نوعیت کا منفرد ورلڈ کپ جیت لیا

    ٹوکیو: برطانیہ نے اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے منفرد ’کوڑا اٹھانے‘ کا ورلڈ کپ جیت لیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے بدھ کو ٹوکیو میں کوڑا چننے کا افتتاحی ورلڈ کپ جیت لیا، اس ایونٹ میں 21 ممالک کی ٹیمیں شریک تھیں۔

    جاپان، امریکا، آسٹریلیا اور فرانس جیسے اکیس ممالک کے شرکا 90 منٹ میں سب سے زیادہ کوڑا اٹھا کر ٹائٹل کے لیے مقابلہ کرنے کے لیے جاپانی دارالحکومت میں جمع ہوئے تھے۔

    برطانوی ٹیم نے سب سے زیادہ 57 کلو گرام کچرا اٹھا کر عالمی کپ اپنے نام کر لیا، مقابلے میں مجموعی طور پر 548 کلو گرام کچرا اکٹھا کیا گیا۔

    اس ایونٹ ’سپوگومی ورلڈ کپ‘ کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور خاص طور پر سمندر میں بہنے والے پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنا تھا۔

    1950 کی دہائی سے اب تک 8.3 بلین ٹن سے زیادہ پلاسٹک تیار کیا جا چکا ہے، اور اس کا زیادہ تر حصہ گل کر مائیکرو اور نینو پلاسٹکس میں تبدیل ہو جاتا ہے، اور پھر پانی کی ندیوں، مٹی اور بالآخر ہمارے سمندروں میں مل جاتا ہے۔

  • ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن 2 اپریل سے ٹوکیو کے ہنیڈا ایئر پورٹ کے لیے اپنی سروسز دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    ایمریٹس کے جدید بوئنگ 777 میں سے ایک کے ذریعے آپریٹ کیے جانے والے گیم چینجر طیارے کی پرواز ای کے 312 دبئی سے 7 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی اور 10 بج کر 35 منٹ پر ہنیڈا پہنچے گی۔

    واپسی کی پرواز ای کے 313 ہنیڈا ایئر پورٹ سے 12 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوگی اور 6 بج کر 20 منٹ پر دبئی پہنچے گی۔

    وام کے مطابق ایمریٹس کی پرواز کی بحالی جاپان میں وبا کے بعد سفر اور سیاحت کی بحالی کے لیے ایئر لائن کے مسلسل تعاون کو ظاہر کرتی ہے۔

    ایمریٹس کی ہنیڈا میں بحالی سے مارکیٹ میں ایئر لائن کے آپریشنز کو مزید فروغ ملے گا۔

  • ٹوکیو : ٹرین حملے میں ملوث گرفتار ملزم کا ہولناک انکشاف

    ٹوکیو : ٹرین حملے میں ملوث گرفتار ملزم کا ہولناک انکشاف

    ٹوکیو : جاپان کے دارالحکومت میں ٹرین سے ایک چاقو سے حملہ کرنے والے سفاک ملزم نے اہم انکشاف کیا ہے اس کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر رش والی جگہ کا انتخاب کیا تھا۔

    جاپانی دارالحکومت میں ٹرین پر ہونے والے حملے کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے ایک شخص نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ اس نے ٹرین کو اس لیے نشانہ بنایا کہ اس کے خیال میں ہیلووین کے باعث ٹرین میں لوگوں کی بھیڑ ہوگی۔

    پولیس نے کہا ہے کہ اتوار کو24سالہ ہتّوری کیوتا نے مغربی ٹوکیو کے چوفُو شہر میں کیئو لائن کے کوکُوریواسٹیشن کے نزدیک صبح8 بجے کے قریب ٹرین میں موجود ایک72 سالہ مسافر پر مبینہ طور پر چھری سے حملہ کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مشتبہ شخص چھری گھونپنے کے بعد ہاتھ میں چھری پکڑے بھاگتے ہوئے لوگوں کے پیچھے دوسرے ڈبوں میں داخل ہوگیا، پولیس کے مطابق اس کے بعد اس نے سگریٹ لائٹر کے ایندھن کے ذریعے ٹرین کے اندر آگ لگانی شروع کردی۔

    72سالہ مسافر شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے16 دیگر مسافروں کو بھی سانس میں دھواں چلے جانے کے باعث طبی امداد دی گئی۔تفتیش کاروں کے مطابق ہتّوری نے یہ بھی بتایا کہ اس کے خیال میں مسافر بھاگ نہیں سکتے تھے کیونکہ وہ لمیٹڈ ایکسپریس ٹرین تھی جو لوکل ٹرین کے مقابلے میں کم اسٹیشنوں پر رکتی ہے۔

  • جاپان: 120 اسپتالوں نے کرونا مریض کو داخل کرنے سے معذرت کر لی

    جاپان: 120 اسپتالوں نے کرونا مریض کو داخل کرنے سے معذرت کر لی

    ٹوکیو: جاپان میں ایک کرونا مریض کو 120 اسپتالوں نے داخل کرنے سے معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں کرونا وائرس کے شدید انفیکشن میں مبتلا ایک مریض کو خالی بستر نہ ہونے کے باعث ایک سو بیس اسپتالوں نے داخل کرنے سے انکار کر دیا۔

    جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹوکیو میٹروپولیٹن میں مقیم ایک 50 سالہ شخص رواں ماہ کے اوائل میں کرونا کا شکار ہوا تھا، جس کا گھر ہی میں علاج جاری تھا، لیکن پھر مریض کی حالت بگڑ گئی اور انھیں سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہونے لگا۔

    رپورٹ کے مطابق مریض کو اسپتال داخل کرنے کے لیے ہیلتھ کیئر عملے نے 5 گھنٹوں تک اپنی جانب سے سرتوڑ کوشش کی، تاہم کسی بھی اسپتال میں خالی بستر میسر نہیں تھا۔

    آخرکار مریض کو ٹوکیو میں نپون میڈیکل کالج کے اسپتال میں علاج کے لیے ایڈمٹ کر دیا گیا، رپورٹ کے مطابق جاپان میں کرونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شعبۂ صحت کو خدشات سے دو چار کر رہی ہے۔

  • "مجھے لگا کہ میں جیت گئی”، پھر مجھے حقیقت کا علم ہوا

    "مجھے لگا کہ میں جیت گئی”، پھر مجھے حقیقت کا علم ہوا

    ٹوکیو اولمپکس کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، میگا ایونٹ میں کچھ ایسے واقعات بھی دیکھنے کو ملے، جو گھر بیٹھے شائقین کو دلچسپی فراہم کرنے کا سبب بھی بن رہے ہیں۔

    ایسا ہی واقعہ ہالینڈ کی سائیکلسٹ ننیمک وان ویلوٹن  کے ساتھ پیش آیا، جس کا خیال تھا کہ اس نے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا ہے۔

    واقعہ کچھ یوں ہے کہ ڈچ سائیکلسٹ پچیس جولائی کو ہونے والی ریس میں کامیاب سائیکلسٹ اینا کائیشینوفر سے ایک منٹ پندرہ سیکنڈ بعد اختتامی لائن کو عبور کیا مگر ان کا گمان تھا کہ وہ پہلے نمبر پر ہیں۔

    ڈچ سائیکلسٹ 25 جولائی کو ہونے والی ریس میں کامیاب سائیکلسٹ اینا کائیشینوفر سے ایک منٹ 15 سیکنڈ بعد فنشنگ لائن کو عبور کیا مگر ان کا خیال تھا کہ وہ پہلے نمبر پر ہیں، اس خام خیالی میں انہوں نے گولڈ میڈلسٹ جیسے تاثرات کے ساتھ خوشی منائی ، ان کی تصویر وائرل سوشل میڈیا پر ہوگئی۔

    تاہم حقیقت یہ تھی کہ آسٹریا کی اینا کائیشینوفر نے دیگر سائیکلسٹ سے اپنا فاصلہ اتنا زیادہ بڑھا لیا تھا کہ وہ بھول ہی گئے تھے کہ ایک سائیکلسٹ ان سے آگے ہے، ڈچ سائیکلسٹ کے مطابق مجھے لگا کہ میں جیت گئی ہوں، مگر پھر مجھے حقیقت کا علم ہوا۔

    میچ کے دوران ٹی وی کمنٹیٹر نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈچ سائیکلسٹ کے رات کو سونا مشکل ہوگا کیونکہ انہیں لگ رہا تھا کہ وہ گولڈ میڈل جیت رہی ہیں مگر حقیقت میں انہیں سلور میڈل ملا۔

    اولمپکس کی اس ریس میں دیگر ریسز کے برعکس سائیکلسٹس کو ریڈیو کی سہولت دستیاب نہیں ہوتی تو ان کے لیے یہ جاننا مشکل ہوتا ہے کہ کوئی ان سے آگے ہے یا نہیں۔

    یاد رہے کہ پانچ سال قبل ریو اولمپکس کے دوران اننیمک وان ویلوٹن نامی سائیکلسٹ کا روڈ ریس کے دوران حادثہ ہوا تھا اور اس بار پھر وہ روڈ سائیکلنگ کے مقابلے پر توجہ کا مرکز بنی۔

  • ٹوکیو اولمپکس: مزید ایتھلیٹس کرونا وائرس کا شکار

    ٹوکیو اولمپکس: مزید ایتھلیٹس کرونا وائرس کا شکار

    ٹوکیو: اولمپکس سے وابستہ ایتھلیٹس اور دیگر کارکنان میں کرونا وائرس کی تصدیق سے متعلق خبریں بدستور آ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز گیمز سے متعلقہ 24 افراد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جن میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے تین ایتھلیٹس بھی شامل ہیں۔

    اولمپکس انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد میں حکام اور ٹھیکے پر آنے والے 15 کارکن بھی شامل ہیں۔

    کمیٹی بیان کے مطابق کرونا مثبت کھلاڑیوں کو ایتھلیٹس ولیج میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، جب کہ دیگر افراد کو مختلف مقامات پر قرنطینہ کیا گیا ہے۔

    ٹوکیو اولمپکس: جوڈو میں بھی پاکستانی ایتھلیٹ ناکام

    حکام کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کے بعد سے کرونا متاثرین سامنے آ رہے ہیں، تاہم اولمپکس سے متعلق کرونا متاثرہ افراد میں جمعرات کی یہ تعداد سب سے زیادہ ہے، جب کہ اولمپکس گیمز سے متعلقہ وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 193 ہو گئی ہے۔

    آج جن ایتھلیٹس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں امریکا سے تعلق رکھنے والے پول والٹ کے ڈبل ورلڈ چیمپئن سام کینڈریکس اور ان کا حریف ارجینٹینا کا کھلاڑی شیارا ویگلیو بھی شامل ہیں۔

  • کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون نے "شرمندگی” میں بہت بڑا قدم اٹھالیا

    کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون نے "شرمندگی” میں بہت بڑا قدم اٹھالیا

    ٹوکیو : کورونا وائرس میں مبتلا خاتون نے شرمندگی کے باعث اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، قرنطینہ میں رہنے والی خاتون نے ساری روداد اپنے آخری خط میں بتادی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے شہر ٹوکیو کی رہائشی30سالہ خاتون نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اپنے گھر میں خودکشی کرلی۔

    خبر کے مطابق30 سالہ خاتون رواں ماہ اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئیں جہاں وہ کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں رہ رہی تھیں۔

    موت سے قبل انہوں نے ایک تحریر لکھی جس میں بتایا کہ میں اپنے ارد گرد رہنے والے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کا سبب بننے پر بہت شرمندگی محسوس کررہی ہوں۔

    ذرائع کے مطابق خاتون میں بظاہر طور پر کسی بیماری کی علامات تو موجود نہیں تھیں لیکن وہ اپنے رابطے میں آنے والے کئی افراد کو وائرس سے متاثر کرنے کا باعث بننے پر پریشان رہتی تھیں۔

    اس حوالے سے کورونا کے پھیلاؤ کے باعث ہونے والے نفسیاتی امراض کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ گھر پر قرنطینہ کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث ان کی نفسیاتی دیکھ بھال بھی بے حد ضروری ہے۔

  • جانوروں کی چربی سے ہوائی جہاز اڑانے کا فیصلہ

    جانوروں کی چربی سے ہوائی جہاز اڑانے کا فیصلہ

    ٹوکیو: جاپان کی معروف فضائی کمپنی نے فضا میں کاربن گیس کے اخراج کے سد باب کے لئے اہم فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آل نپّون ایئرویز(آنا) آئندہ ماہ سے بائیو ایندھن کا استعمال شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس میں جانوروں کی چربی سے تیار کردہ نامیاتی جیٹ ایندھن استعمال کیا جائے گا۔

    اس مقصد کے لئے فِن لینڈ کی گوشت پروسیسنگ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں، جو جانوروں کی چربی سے یہ ایندھن بنائے گی، جس کے نتیجے میں فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں روایتی جیٹ ایندھن کے مقابلے تقریباً 90 فیصد تک کمی واقع ہوگی، یہ جاپان میں پہلی مسافر بردار سروس ہوگی جس کو چلانے میں خام تیل سے حاصل کردہ ایندھن استعمال نہیں ہوگا۔All Nippon Airways keen to lift profile in Australia - Australian Aviationواضح رہے کہ  کرونا وبا سے متاثر ہونے والی اس فضائی کمپنی کے لیے اضافی اخراجات کو پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے، رواں مالی سال کے لیے متوقع طور پر 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کا خسارے کا سامنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: 11 دن تک مسلسل پرواز کرنے والے پرندے نے ماہرین کو حیران کردیا

    اَنا کے اشیا کی خریداری کے ذمہ دار عہدیدار یوشی کاوا کوہئے کا کہنا ہے کہ خراب کاروباری حالات کے باوجود ہم طویل مدتی امکانات کو سامنے رکھتے ہوئے دنیا بھر سے ایندھن کے متبادل ذرائع حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • کیا یہ خوبصورت آتش بازی اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کی ہے؟

    کیا یہ خوبصورت آتش بازی اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کی ہے؟

    جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں آتش بازی کی ایک وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی، آتش بازی کو اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب میں کی جانے والی آتش بازی قرار دیا جارہا تھا۔

    گزشتہ چند دن سے سوشل میڈیا پر ٹوکیو میں کی جانے والی آتش بازی کی ایک ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں جاپان کی سب سے بلند پہاڑی ماؤنٹ فیوجی پر رنگین آتش بازی سے آسمان روشن دکھائی دے رہا ہے۔

    ویڈیو میں پس منظر میں بجتی موسیقی دیکھنے والوں کو مسحور کر رہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ یہ آتش بازی 2020 کے اولمپکس کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں کی جانی تھی تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے اولمپک گیمز کو ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا، اولمپک گیمز اب 23 جولائی 2021 سے شروع ہوں گے۔

    ویڈیو کے حوالے سے کہا گیا کہ اس آتش بازی کو مزید ایک سال تک محفوظ رکھنا خطرناک ثابت ہوسکتا تھا چنانچہ حکام نے فیصلہ کیا کہ انہیں استعمال کرلیا جائے۔

    اسی آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تاہم جلد ہی یہ ویڈیو جعلی ثابت ہوئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹس کے مطابق اس ویڈیو کے کچھ فریمز سنہ 2015 کی ایک ویڈیو سے مماثل ہیں، یہ ویڈیو 2015 میں ماؤنٹ فیوجی پر کی جانے والی اس آتش بازی کی ہے جو اقوام متحدہ کی جانب سے ماؤنٹ فیوجی کو عالمی ورثہ قرار دیے جانے کی خوشی میں کی گئی۔

    اولمپکس آتش بازی والی وائرل ویڈیو کے متعدد فریمز 2015 کی اس ویڈیو سے لیے گئے، بعد ازاں فائر ورک سیمولیٹر نامی ایک ویب سائٹ سے اس ویڈیو کو مکمل طور پر تخلیق کیا گیا۔

    دوسری جانب جاپانی میڈیا کے مطابق 24 جولائی کو جاپان کے 121 مقامات پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا تھا، یہ آتش بازی اسی روز کی گئی جب ملتوی شدہ اولمپکس 2020 کا آغاز ہونا تھا۔

    البتہ یہ آتش بازی نہ تو ویڈیو میں دکھائی گئی آتش بازی جیسی تھی، اور نہ ہی یہ وہ آتش بازی تھی جو اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کے لیے تیار کی گئی تھی۔

    ہجوم جمع ہونے سے روکنے کے لیے مذکورہ ایونٹس کے وقت و مقام خفیہ رکھے گئے تھے۔