Tag: Tokyo Olympics 2020

  • پاکستان کے ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سے باہر، دل جیت لیے

    پاکستان کے ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سے باہر، دل جیت لیے

    ٹوکیو: پاکستان کے ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں میڈل نہ جیت سکے مگر قوم کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق جیولین تھرو فائنل کے آخری راؤنڈ میں ارشد ندیم کی باری ضائع ہوئی، ارشد ندیم نے فائنل مقابلے میں سب سے بڑی تھرو 84.62 میٹر دور پھینکی۔

    جیولین تھرو کا گولڈ میڈیل بھارت کے نیرج چوپڑا نے 87.58 میٹر کی تھرو کر کےجیت لیا، جمہوریہ چیک کے جیکب 86.67 میٹر کی تھرو کر کے سلور میڈل لے اڑے، جب کہ جمہوریہ چیک ہی کے ویزلے 85.44 میٹر کی تھرو کر کے برونز میڈل کے حق دار ٹھہرے۔

    پاکستان کے ارشد ندیم 84.62 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے، انھوں نے اپنی پہلی باری میں نیزہ 82.4 میٹر دور پھینکا تھا، اور پہلے راؤنڈ کی پہلی تھرو میں ارشد ندیم چھٹے نمبر پر رہے تھے۔

    بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے دوسری باری میں 87.58 میٹر کی تھرو کی، چیک ری پبلک کے ویزلے نے دوسری باری میں 80.30 میٹرکی تھرو کی، جرمنی کے ویبر دوسری باری میں 77.90 میٹر کی تھرو کر سکے، جب کہ دوسری باری میں ارشد ندیم کا پاؤں لکیر پر آ گیا، اور باری ضائع ہوگئی، دوسری باری کے اختتام پر بھی ارشدندیم چھٹے نمبر پر موجود رہے۔

    مولڈووا کے مارڈیر نے تیسری باری میں 82.84 میٹرکی تھرو کی، بھارت کے نیرج چوپڑا تیسری باری میں 76.79 میٹر کی تھرو کر سکے، اس راؤنڈ میں سوئیڈن اور رومانیہ جیولین تھرو کے مقابلوں سے باہر ہوگئے، جب کہ چیک ری پبلک کے ویزلے نے تیسری باری میں 85.44 میٹر کی تھرو پھینکی، جرمنی کے ویبر نے 78 میٹر کی تھرو کی، اور ارشد ندیم نے تیسری باری میں 84.62 میٹر کی تھرو کی، اس طرح پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شان دار کارکردگی سے جیولین تھرو فائنل کے ٹاپ 8 میں کوالیفائی کر لیا، اور اختتام پر وہ چوتھے نمبر پر براجمان ہوئے۔

    دوسرے راؤنڈ کی پہلی باری میں فن لینڈ کے ایتلاتلو 79.20 میٹر کی تھرو کر سکے، جمہوریہ چیک کے ایتھلیٹ نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی باری میں 82.86 میٹر کی تھرو کی، پاکستان کے ارشد ندیم نے 82.91 میٹر کی تھرو کی، جرمنی کے ویبر نے 83.10 میٹر کی تھرو کی، جب کہ اس موقع پر نیزہ پھینکنے کے دوران بھارتی ایتھلیٹ نیرج کا پاؤں لکیر سے ٹکرا گیا۔

    فائنل مقابلے کی دوسری تھرو، مولڈووا کے کھلاڑی نے 83.30 میٹر کی تھرو کی، جمہوریہ چیک کے کھلاڑی نے 86.67 میٹر کی تھرو کی، ارشد ندیم 81.98 میٹر کی تھرو کر سکے، فائنل مقابلے کی دوسری تھرو میں جرمنی کے ویبر نے 85.15 میٹر کی تھرو کر دی، جمہوریہ چیک کے ویزلے نے 84.98 میٹر کی تھرو کی۔

    جیولین تھرو فائنل کے آخری راؤنڈ میں ارشد ندیم کی باری ضائع ہوگئی، اور یوں پاکستانی ایتھلیٹ ٹوکیو اولمپکس کے میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

    خیال رہے کہ ارشد ندیم اولمپکس کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں، میاں چنوں کے رہنے والے ارشد ندیم کے گاؤں میں مبارک باد دینے اور جشن منانے والوں کا رش لگا تھا، ان کے محلے والوں نے پاکستانی پرچم لہرا کر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، اور گاؤں میں فائنل دیکھنے کے لیے بڑی اسکرین اور پنڈال کا اہتمام کیا گیا تھا، ان کے والد اشرف کا کہنا تھا کہ ارشد بچپن ہی سے بہت محنتی اور نیزہ بازی کا شوقین تھا۔

  • ٹوکیو اولمپکس 2020: جوڈو کراٹے کی خاتون کھلاڑی کو تھپڑ مارنا کوچ کو مہنگا پڑگیا

    ٹوکیو اولمپکس 2020: جوڈو کراٹے کی خاتون کھلاڑی کو تھپڑ مارنا کوچ کو مہنگا پڑگیا

    ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کامیابی کےلیے جوڈو کراٹے کی خاتون کھلاڑی کو تھپڑ مارنے والے کوچ کو لینے کے دینے پڑگئے۔

    ٹوکیو اولمپکس میں جہاں نت نئے ریکارڈز بن رہے ہیں اس دوران ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں ایک کوچ نے جرمن خاتون کھلاڑی مارٹینا ٹریڈوس کو ہنگری کے چوفی ازباس کے خلاف میچ ہارنے سے قبل بھرے مجمے میں تھپڑ دے مارا تاکہ وہ پرجوش ہوکر مقابلے میں کامیابی حاصل کرے۔

    واقع کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

    کوچ کی اس حرکت پر انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کی جانب سے کلاڈو بوسہ کوچ کو انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    فیڈریشن نے کوچ کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’جوڈو ایک تعلیمی کھیل ہے جس میں ایسا رویہ ناقابل قبول ہیں اور جوڈو کے ضابطہ اخلاق سے متصادم ہے‘۔

    دوسری جانب فیڈریشن کی وارننگ اور عوامی ردعمل کے برخلاف 32 سالہ خاتون کھلاڑی اپنے کوچ کا بھرپور دفاع کررہی ہیں، انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’میرے کوچ نے میری حوصلہ افزائی کی اور میں یہ چاہتی تھی جو کوچ نے کیا‘۔

  • ٹوکیو اولمپکس : روس کو تاریخ میں پہلی بار بڑی کامیابی مل گئی

    ٹوکیو اولمپکس : روس کو تاریخ میں پہلی بار بڑی کامیابی مل گئی

    ٹوکیو : جاپان میں جاری ٹوکیو اولمپکس 2020 کے دوران کس بھی ٹیم کے مقابلہ میں روسی کھلاڑیوں نے آرٹسٹک جمناسٹک میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔

    یہ ایوارڈ روس کی تاریخ میں پہلا تھا جب روسی آرٹسٹک جمناسٹک ٹیم نے کسی ٹیم کو ہرایا ہے، مجموعی طور پر چار مشقوں کے لئے انجلینا میلنیکووا ، ولادیسلاو اروازوا ، للیہ اکھایمووا اور وکٹوریہ لسٹونوفا نے 169.528 پوائنٹس حاصل کیے۔

    دوسری پوزیشن امریکی ٹیم نے 166.096 پوائنٹس لے کرحاصل کیے، تیسری پوزیشن برطانیہ کی ٹیم نے 164.096 پوائنٹس لے کر حاصل کی. بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس باک نے روسی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

  • جاپان میں اولمپکس 2020 کے دوران مسلمانوں کے لیے موبائل مسجد متعارف

    جاپان میں اولمپکس 2020 کے دوران مسلمانوں کے لیے موبائل مسجد متعارف

    ٹوکیو: ٹوکیو اسپورٹس اور کلچرل ایونٹس کمپنی نے ایک ایسی مسجد تعمیر کر دی ہے جو ضرورت کے مطابق کہیں بھی پہنچائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقد ہونے والے سمر اولمپکس 2020 کے لیے ایک مقامی کمپنی نے موبائل مسجد متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد جاپان آنے والے مسلمان سیاحوں کو نماز کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    موبائل مسجد پروجیکٹ کے سی ای او یسو ہارو اینوو نے کہا کہ ہو سکتا ہے 2020 میں جب دنیا بھر کے لوگ اس ملک میں اولمپکس کھیلوں میں شرکت کرنے آئیں تو نماز پڑھنے کے لیے مسجدوں کی کمی پڑ جائے۔

    مسلمانوں کی مذہبی ضرورت کا خیال رکھنے کے لیے بنائی گئی مسجد سات لاکھ ستر ہزار یورو کی لاگت سے تیار کی گئی ہے، اور اس میں وضو کرنے کی سہولت کے ساتھ ساتھ بہ یک وقت پچاس مسلمان نماز بھی پڑھ سکتے ہیں۔

    موبائل مسجد کو باہر سے دیکھنے والے اسے سفید اور نیلی رنگ کا ایک عام ٹرک سمجھیں گے لیکن جب اس کے اطراف کے دروازے پھیل کر کھل جاتے ہیں تو یہ ایک حیرت انگیز اور خوب صورت مسجد میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

    اسکندریہ: کیا دو ہزار سال پرانے تابوت سے سکندرِ اعظم کی باقیات نکل آئیں؟

    موبائل مسجد کا تعارف پیش کرنے والی ایک انڈونیشی طالبہ نور آزیہ نے کہا کہ جب میں پہلی مرتبہ اس مسجد میں داخل ہوئی تو مجھے بہت ہی اچھا لگا، میں بہت خوش ہوئی۔

    یہ مسجد نہ صرف مسلمان سیاحوں بلکہ مقامی شہریوں کے لیے بھی ہے، یہ ٹوکیو اولمپکس کے بعد بھی مختلف اوقات پر استعمال کی جاتی رہے گی بالخصوص ایسے مقامات پر جہاں لوگوں کا بہت بڑا اجتماع ہو رہا ہو۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 2016 میں انڈونیشیا میں بھی ایک مذہبی تنظیم ’دی مسجد فاؤنڈیشن‘ نے مقامی اور مسلمان سیاحوں کی سہولت کے لیے موبائل مسجد متعارف کرائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔