ٹوکیو اولمپکس 2020 میں میڈل جیتنے کی پاکستان کی آخری امید ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو(نیزہ بازی) کےلیے آج شام 4 بجے میدان میں اتریں گے۔
ساؤتھ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کرکے ارشد اب ٹوکیو میں تاریخ بنانے سے ایک قدم دور ہیں، میاں چنوں کے چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم نے ٹوکیو میں بھی ایسا نیزہ پھینکا کہ اچھے اچھوں کی چھٹی ہوگئی۔
جولین تھرو کے کوالی فیکشن راؤنڈ کی دوسری باری میں پچیاسی اعشاریہ ایک چھ کی تھرو کرکے وہ ایتھلیٹکس کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
ارشد ندیم گروپ بی میں پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ مجموعی طور پر کوالیفائرز میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
اب ان کی نظریں آج ہونے والے فائنل میں ہیں جس میں 12 بہترین نیزہ باز شریک ہوں گے۔
پہلے مرحلے میں تمام 12 ایتھلیٹس 3 ،3 بار نیزہ پھینکیں گے جس کے بعد آخری کے چار ایتھلیٹس میڈل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائیں گے جبکہ ٹاپ 8 کے درمیان مزید 3 ، 3 باری کا مقابلہ ہوگا۔
ارشد ندیم پلیئرز آرڈر میں نویں نمبر پر موجود ہیں، تین باریوں پر ایلی منیشن کے بعد پوزیشن کی بنیاد پر ایتھلیٹس کا آرڈر ترتیب دیا جائےگا۔
جویلین تھرو مقابلوں میں بالترتیب جوہانس ویٹر 96.29، نیرج چوپڑا88.07 انڈریان مارڈیر 86.66 کی تھرو کی تھی جب کہ ارشد ندیم نے 86.39 کی دوری پر نیزہ پھینکا تھا۔