Tag: Tokyo Olympics

  • ٹوکیو اولمپکس: کن تماشائیوں کو میدان میں داخلے کی اجازت ہوگی؟

    ٹوکیو اولمپکس: کن تماشائیوں کو میدان میں داخلے کی اجازت ہوگی؟

    ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس کے مقابلوں کو میدان میں بیٹھ کر دیکھنے والے شائقین کے لئے بڑی شرائط عائد کردی گئیں ہیں۔

    جاپانی اخبار یومی اور ی شیم بُن کی رپورٹ کے مطابق اولمپک میدانوں میں داخلے کی اجازت سے قبل تماشائیوں کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے کہ کرونا کی منفی رپورٹ پیش کریں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقابلوں کے ایک ہفتہ کے اندر پی سی آر کا ٹیسٹ لینا ضروری ہے، اگر تماشائی ویکسی نیشن کا ثبوت پیش کریں تو پی سی آر کا سرٹیفکیٹ ضروری نہیں ہے۔

    اس سلسلے میں سرکاری عہدیداروں نے جاپانی اخبارات کو بتایا کہ پی سی آر ٹیسٹ تماشائیوں نے بذات خود کرانے ہونگے۔

    ٹوکیو اولمپک کے منتظمین تاحال ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کرسکے ہیں کہ مقامی تماشائیوں کو میدانوں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی یا نہیں۔

    منتظم ٹوکیو اولمپک کمیٹی کے صدر سیکو ہاشی موٹو نے چند روز قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت تک فیصلہ نہیں کیا جا سکتا جب تک ٹوکیو سمیت نو پریفیکچرز پر محیط کرونا کی ہنگامی حالت ختم نہیں کردی جاتی۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس سے متعلق آئی او سی کا دوٹوک اعلان

    واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کو غیر ملکی تماشائیوں کے بغیر منعقد کرانے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے، یہ فیصلہ جاپان میں ہونے والے ایک پول کے بعد کیا گیا تھا، جس میں 75 فیصد جاپانی ٹوکیو اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کی شرکت کے مخالف رہے، پول میں صرف 18 فیصد افراد نے غیر ملکی شائقین کو یہ مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے کی حمایت کی تھی۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مارچ 2020 میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کو موخر کر دیا گیا تھا، یہ گیمز 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک منعقد ہونا تھیں تاہم اب یہ نئے شیڈول کے مطابق 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونگے۔

  • ٹوکیو اولمپکس سے متعلق آئی او سی کا دوٹوک اعلان

    ٹوکیو اولمپکس سے متعلق آئی او سی کا دوٹوک اعلان

    ٹوکیو: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ٹوکیو اولمپکس کے انعقاد پر چھائے بادلوں کو ختم کرتے ہوئے اہم اعلان کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے واضح اعلان کیا ہے کہ رواں سال ٹوکیو اولمپکس ملتوی نہیں ہوں گے، ایونٹ کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

    آئی او سی نے اپنے اعلان میں کہا کہ اگر کرونا وائرس کے باعث ہنگامی حالات ہوئےتوبھی ٹوکیوگیمز منعقدہوں گے، اولمپکس گیمز کےشروع ہونے میں صرف چند ہفتے رہ گئے ہیں، کوشش ہے کہ جتنی جلد ممکن ہوسکےجاپانی شہریوں کےخدشات کو دور کرلیا جائے۔

    آئی اوسی کا کہنا تھا کہ تئیس جولائی سے پہلے ٹوکیو شہر کے اسی فیصد سے زیادہ رہائشیوں کو کرونا ویکسین لگادی جائےگی کیونکہ ٹوکیو کے شہریوں اور تمام کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد ایک بار پھر کیوں خطرے میں پڑگیا؟

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مارچ 2020 میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کو موخر کر دیا گیا تھا، یہ گیمز 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک منعقد ہونا تھیں تاہم اب یہ نئے شیڈول کے مطابق 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونے ہیں۔

    دوسری جانب آسٹریلیا نے اولمپکس کے آزمائشی ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آسٹریلوی غوطہ خوری آرگنائزیشن کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ٹوکیو بھیجنا محفوظ نہیں ہوگا۔

  • پاکستانی ریسلر انعام بٹ ٹوکیو اولمپکس میں کوالیفائی کیوں نہ کرسکے؟

    پاکستانی ریسلر انعام بٹ ٹوکیو اولمپکس میں کوالیفائی کیوں نہ کرسکے؟

    کراچی : ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے بعد پاکستان کے نامور پہلوان انعام بٹ نے اس کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریسلنگ کو یکسر نظر انداز کردیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے کہا کہ ورلڈ ریسلنگ چیمپیئن شپ 2019 کیلئے ایک پیسہ بھی نہیں ملا اگر وہ چیمپیئن شپ کھیل جاتا تو آج اولمپکس میں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ اس سلسے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو فنڈ کیلئے کئی خطوط بھی لکھے تھے مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا کیونکہ حکومت نے ریسلنگ کو یکسر نظرانداز کردیا ہے۔

    انعام بٹ نے کہا کہ ہم تین سال سے تربیتی کیمپ تک نہیں لگاسکے ہیں، میں نے اپنی ساری جمع پونجی لگا دی تاکہ اولمپکس کھیلنے کا خواب پورا ہوجائے لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ سال 2020 میں دیگر ممالک نے بائیوسیکیور ببل میں کیمپ لگائے تو اس وقت ہم صرف ایک دوسرے کا منہ تکتے رہ گئے، بھارت، روس، ایران،امریکا نے کرونا وائرس کے دوران بھی کیمپ لگائے۔

    ایک سوال کے جواب میں انعام بٹ نے بتایا کہ جب اکھاڑے میں ٹریننگ شروع کی گئی تو ہم پر پابندی لگادی گئی، جب مناسب انداز سے ٹریننگ ہی نہیں کرسکے تو نتائج کیسے اچھے آتے؟۔

    انہوں نے کہا کہ میں اولمپک ایشین کوالیفائر میں کانسی کا تمغہ جیتنے والا پہلا پاکستانی ہوں، اپنے لائسنس کی فیس بھی خود بھری ہے، ریسلنگ فیڈریشن اگر فنڈز اکھٹا نہ کرتی تو پابندی لگ سکتی تھی۔

    پاکستانی ریسلر نے بتایا کہ دنیا کے کئی ممالک مجھے شہریت دینے کی آفر کرچکے ہیں لیکن میں نے پاکستان سے محبت کی خاطر سب کی پیشکش ٹھکرا دی۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا سے میچ ہارنے کی آفر ملی تھی، اس کے علاوہ سیف گیمز کے دوران فائنل ہارنے کیلئے نیپال نے آفر کی تھی، میں نے ان دونوں واقعات کی معلومات فوری طور پر فیڈریشن کو فراہم کردی تھی۔

    انعام بٹ کا کہنا تھا کہ میری رینکنگ اس لیے نہیں ہے کیونکہ ایونٹ ہی کم کھیلتا ہوں، نمبر ون ریسلرز کو ہرا کر بھی ٹاپ کی رینکنگ میں میر انام و نشان تک نہیں، دیگر ممالک کے ریسلر سال بھر میں کئی ایونٹس کھیلتے ہیں، رواں سال مختلف ایونٹس کیلئے تیس لاکھ روپے درکار ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے بعد پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے گزشتہ ہفتے کوالیفائنگ راؤنڈ میں برانز میڈل جیت کر ایک بار پھر ملک کا نام روشن کردیا۔ محمد انعام نے ستانوے کلو گرام کیٹیگری میں کرغزستان کے ریسلر کو شکست دی تھی۔

    اس حوالے سے سیکرٹری ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان اولمپکس میں تو جگہ نہ بنا سکا تاہم برانز میڈل جیتنا بِھی بڑی کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ انعام بٹ نے گھٹنے میں تکلیف کے باوجود پاکستان کے لئے میڈل جیتا ہے۔

  • ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جلد ہوگا، جاپان میں تیاریاں جاری

    ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جلد ہوگا، جاپان میں تیاریاں جاری

    ٹوکیو : جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں تاخیر کے باعث اخراجات میں اربوں ڈالرز کا اضافہ ہوگیا ہے، ملتوی شدہ ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کے منتظمین کو کورونا وائرس کی وباء کے باعث ان کھیلوں کے سلسلے میں مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔

    ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کے انعقاد میں صرف 7 ماہ رہ گئے ہیں۔2020ٹوکیو گیمز کو عالمگیر وباء کے باعث ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

    ان کھیلوں کو ملتوی کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے، اب ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک ہوں گے، اس کے علاوہ پیرالمپکس (معذور کھلاڑیوں کا اولمپک) 24 اگست 2021 سے 5 ستمبر 2021 تک ہوں گے۔

    اولمپک مشعل ریلی کا آغاز مارچ سے ہوگا۔ منتظمین موسم بہار میں یہ طے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ کھیلوں کے مقامات پر کتنے شائقین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔

    تاخیر سے ہونے والے ٹیسٹ ایونٹس کا انعقاد انسداد کورونا وائرس کے اقدامات کے ساتھ مارچ سے مئی کے درمیان ہوگا۔ منتظمین کو یہ طے کرنا ہے کہ غیرملکیوں سمیت کھیل دیکھنے کے لیے کتنے شائقین کی حد مقرر کی جائے۔

    انہیں کھیلوں کے لیے طبی امداد کا نظام بھی اختیار کرنا ہوگا جو وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کے لیے ایک بوجھ ثابت ہوسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جاپان میں رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک کیا جانا تھا جس کیلئے جاپان میں بڑے پیمانے پر انتظامات بھی کیے جا رہے تھے لیکن کورونا کے باعث یہ ایک سال کیلئے ملتوی کردیے گئے۔

  • ٹوکیو اولمپک: انٹرنیشل اولمپک کمیٹی کا اہم اعلان

    ٹوکیو اولمپک: انٹرنیشل اولمپک کمیٹی کا اہم اعلان

    ٹوکیو: انٹرنیشل اولمپک کمیٹی کے سربراہ اور جاپانی وزیراعظم نے ٹوکیو اولمپک کے انعقاد کے لئے آپس میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ نے جاپان کا دورہ کیا اور وزیراعظم جاپان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تیس منٹ تک جاری رہی۔ملاقات میں جاپانی وزیر اعظم سوگا نے کہا کہ جاپان آئندہ موسم گرما میں گیمز کے انعقاد کا عزم رکھتا ہے، جس کا واضح پیغام یہ ہوگا کہ بنی نوع انسان نے وائرس پر قابو پا لیا ہے، ان مقابلوں سے دنیا کو یہ بھی دکھایا جا سکے گا کہ جاپان میں دو ہزار گیارہ کے زلزلے اور سونامی سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیسے ممکن ہوئی ہے۔

    ملاقات میں جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت آئی او سی کے ساتھ قریبی تعاون سے کھیلوں کو محفوظ انداز میں منعقد کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی، اس موقع پر آئی او سی کے سربراہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ایک بار پھر ان اولمپک کھیلوں کو اس دنیا کے لیے یکجہتی اور اتحاد کی عظیم علامت بنا دیں گے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اولمپک مشعل ’اُس تاریک سرنگ کے اختتام پر پھوٹنے والی روشنی ہو گی، جس میں اس وقت یہ دنیا ہے۔

    Tokyo Olympics 2020 Ahead of Japan visit IOC chief Thomas Bach confident fans will attend Games

    آئی او سی کے سربراہ نے کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ٹوکیو اولمپک اور پیرالمپک گیمز ایک سال تک ملتوی ہونے کے بعد پہلی بار جاپان کا دورہ کیا ہے۔

    اس سے قبل بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے نائب صدر نے اعلان کیا تھا کہ کرونا ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں آئندہ برس ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد لازمی کیا جائے گا۔

    جان کوٹس کا کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس کا آغاز اگلے سال 23 جولائی سے ہوگا اور پورا ایونٹ اپنے شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا، جو پروگرام طے کرلیا گیا ہے اُن تاریخوں میں کسی بھی صورت کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹوکیو اولمپکس سے متعلق اہم اعلان، ٹکٹ ہولڈر خوش

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپکس کی نئی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔ جس کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 میں ہوں گے، پہلے یہ مقابلے رواں برس 24 جولائی میں شیڈول تھے۔

    دوسری جانب جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن نے نئی تاریخوں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ کھیلوں‌ پر نظر رکھنے والے کئی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اولمپکس کا انعقاد مشکل ہے، اس کی بڑی وجہ بے قابو مہلک وائرس ہے۔

  • ٹوکیو اولمپکس سے متعلق اہم اعلان، ٹکٹ ہولڈر خوش

    ٹوکیو اولمپکس سے متعلق اہم اعلان، ٹکٹ ہولڈر خوش

    ٹوکیو: جاپان نے ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس کی ٹکٹوں سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس کی منتظم کمیٹی نے میگا ایونٹ کی فروخت شدہ ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔

    کمیٹی نے اس بات کا جواز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا کے باعث صارفین کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اولمپکس کے ٹکٹوں کی واپسی دس نومبر سے شروع ہوگی جبکہ پیرا لمپکس کے ٹکٹوں کی واپسی دسمبر میں تقریباً بیس دن تک قبول کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 میں ہوں گے، اس سے قبل یہ مقابلے رواں برس 24 جولائی میں شیڈول تھے۔

    اسی طرح انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے مطابق پیرالمپکس گیمز کے مقابلے 24 اگست سے 5 ستمبر 2021 میں ہوں گے۔

  • ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

    ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

    ٹوکیو: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ٹویو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے باعث ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 میں ہوں گے، پہلے یہ مقابلے رواں برس 24 جولائی میں شیڈول تھے۔

    انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے مطابق پیرالمپکس گیمز کے مقابلے 24 اگست سے 5 ستمبر 2021 میں ہوں گے۔

    انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپان آرگنائزنگ کمیٹی اور سب فیڈریشنز کے تعاون سے آئندہ سال ایونٹ کا کامیاب انعقاد کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: کرونا کا وار، اولمپکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی

    انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی کے صدر اینڈریو پارسن نے کہا کہ جب آئندہ سا ل پیرالمپکس کا انعقاد ہوگا تو یہ انسانیت کے اتحاد اور انسانی جرات کا مظہر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اب جبکہ پیرالمپکس کے انعقاد میں 512 دن باقی ہیں تو پیرالمپکس تحریک سے جڑے تمام افراد کی ترجیح ہونی چاہئے کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ محفوظ رہیں۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے سبب اکثر ممالک میں کرکٹ، فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے ملتوی کردئیے گئے ہیں، عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور وائرس سے متاثرہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اکثر ممالک کی جانب سے اولمپکس مقابلے ملتوی کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے جس کے بعد ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

  • پاکستانی ایتھلیٹ محمد ارشد نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا

    پاکستانی ایتھلیٹ محمد ارشد نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا

    لاہور: پاکستانی ایتھیلیٹ محمد ارشدندیم نے ٹوکیو اولپمکس کے لیے کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹ محمد ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار محمد ارشد ایتھلیٹکس ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

    محمد ارشد کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا خواب پورا ہونا پاکستان اور میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

    پاکستان اس سے قبل اولمپکس گیمز میں وائلڈ کارڈ کے ذریعے شرکت کرتا تھا لیکن محمد ارشد نے جیولن تھرو 86 اعشاریہ 29 میٹر دور پھینکا تھا جو ان کا سیف گیمز اور نیشنل گیمز کا ریکارڈ بن گیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے ساؤتھ ایشین گیمز میں اب تک 20 گولڈ میڈل، 24 سلور اور 33 برانز میڈل حاصل کرلیے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کھلاڑی نے ٹوکیو اولپمکس کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ساؤتھ ایشیا گیمز میں 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پرشان دار استقبال

    خیال رہے کہ گزشتہ روز 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی کے حامل کراٹے کاز کی وطن واپسی ہوئی تھی، 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ایئرپورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

    تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں سعدی عباس نے 2 گولڈ میڈل، کلثوم ہزارہ نے 1 گولڈ، 1 سلور میڈل جیتا جبکہ شہباز خان نے بھی ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔

    گولڈ میڈلسٹ سعدی عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کراٹے ٹیم نے بھرپور انداز سے ملک کا نام روشن کیا، میں اب ٹوکیو اولمپکس سے کافی قریب آ چکا ہوں۔

  • ٹوکیو اولمپکس ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ، پاکستان اور ہالینڈ کا میچ چار چار گول سے برابر

    ٹوکیو اولمپکس ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ، پاکستان اور ہالینڈ کا میچ چار چار گول سے برابر

    ایمسٹرڈیم : پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ہاکی میچ برابر ہوگیا، ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں 4-4 گول کرسکیں، دوسرا میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایمسٹرڈیم میں کھیلے جانے والے ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان پہلا میچ چار چار گول سے برابر ہو گیا۔

    پاکستان کی طرف سے مبشر علی نے دو جبکہ محمد رضوان اور غضنفر علی نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستانی ٹیم نے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 5ویں منٹ میں پہلا گول کردیا۔

    قومی ٹیم مبشر علی کی بدولت ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہوگئی، میزبان ٹیم نے مقابلہ برابر کرنے کی پوری کوشش کی اور20 ویں منٹ میں منک وینڈرویرڈن نے ہالینڈ کی طرف سے پہلا گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

    بعد ازاں اگلے ہی منٹ میں بیورن کیلرمین نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم غضنفرعلی نے جلد ہی حساب چکتا کر دیا اور مقابلہ پھر دو دو گول سے برابر ہو گیا۔

    کھیل کے 38 ویں منٹ میں محمد رضوان نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے52ویں منٹ میں اس وقت ختم ہو گئی جب رابرٹ نے گیند کو جال میں پھینک دیا اور میچ کا اسکور3-3 ہوگیا۔

    میچ کے58ویں منٹ میں مبشر علی نے انفرادی طور پر دوسرا اور اجتماعی طور پر چوتھا گول کرکے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔

    کھیل کے آخری منٹ میں ہالینڈ کے منک وینڈر نے انفرادی طور پر دوسرا گول کر کے مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا۔ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔