Tag: Tokyo

  • جاپان : پیدل چلتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

    جاپان : پیدل چلتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

    ٹوکیو : حکومت جاپان نے اپنے شہریوں کو کسیہ بھی حادثے سے بچانے کیلئے پیدل چلنے کے دوران موبائل فون کی اسکرین دیکھنے پر پابندی عائد کردی ہے، جس کا اطلاق فی الحال یاماٹو شہر میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان میں پہلی مرتبہ پیدل چلتے ہوئے موبائل فون کی اسکرین دیکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس پابندی کا اطلاق فی الحال دارالحکومت ٹوکیو کے قریبی شہر یاماٹو میں کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس نئے قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ یا سزا نہیں ہوگی اور اس کا مقصد چلتے ہوئے موبائل سکرین دیکھنے کے خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔

    یاماٹو کے ریلوے سٹیشن پر اترتے ہی یہ اعلان سنائی دیتا ہے کہ ‘چلتے وقت سمارٹ فون کے استعمال پر پابندی ہے، اپنے فونز اس وقت استعمال کریں جب آپ پیدل نہ چل رہے ہوں۔’

    ریلوے اسٹیشن پر ہر طرف ہدایات درج ہیں جن کے ذریعے اس نئے قانون کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ بینرز پر لکھا ہے کہ سڑک، پارکس یا کسی بھی عوامی مرکز میں پیدل چلتے ہوئے موبائل کی سکرین دیکھنے پر پابندی ہے۔

    شہریوں کی بڑی تعداد نے اس نئے قانون کی حمایت کی ہے جس میں بڑی عمر کے علاوہ نوجوان بھی شامل ہیں۔ دو لاکھ چالیس ہزار کی آبادی کے اس شہر میں چند لوگ ہی نئے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔

    64 سالہ رہائشی کینزو موری نے اےا یف پی کو بتایا کہ اکثر لوگ چہل قدمی کے دوران ارد گرد کے ماحول پر غور کرنے کے بجائے موبائل فون استعمال کر رہے ہوتے ہیں، لوگوں کا خیال ہے کہ وہ موبائل دیکھے بغیر نہیں رہ سکتے اور ان کے لیے دوستوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا ضروری ہے۔

    یاماٹو کی ایک 17 سالہ شہری اریکا اینا کے خیال میں اس پابندی کے لیے قانون کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے تھی بلکہ لوگوں کو خود ہی احتیاط کرنی چاہیے، پیدل چلتے ہوئے سکرین دیکھنے کی عادت خطرناک ہے۔

    جاپانی موبائل کمپنی این ٹی ٹی کی تحقیق کے مطابق پیدل چلتے ہوئے موبائل فون دیکھنے والوں میں سے 95 فیصد ایسے افراد ہیں جن کی توجہ سکرین پر مرکوز ہونے کے باعث انہیں سامنے نہیں دکھائی دے رہا ہوتا جس کی وجہ سے حادثات میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    تحقیق میں ٹوکیو کے مصروف ترین سٹیشن پر پیدل چلنے والوں کی مثال دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اگر تمام 1500 افراد سڑک پار کرتے ہوئے اپنی موبائل اسکرین دیکھ رہے ہوں تو ان میں سے دو تہائی کسی نہ کسی حادثے کا شکار ہوں گے۔

  • ٹوکیو اولمپکس2020: پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز

    ٹوکیو اولمپکس2020: پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز

    دوحہ: پاکستان نے شوٹنگ میں ایک اور اولمپک کوٹہ جیت لیا، ایشین چمپئن شپ کے ائیر پسٹل ایونٹ میں گلفام جوزف نے شاندار کارکردگی کے بعد ٹوکیو اولمپکس 2020 تک رسائی حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تین شوٹرز اولمپکس کا ٹکٹ حاصل کرچکے ہیں، قطر کے شہر دوحہ میں ایشین شوٹنگ چمپئن شپ جاری ہے جہاں پاکستان کے 19سالہ گلفام جوزف نے ائیر پسٹل ایونٹ کی فائنل فہرست میں جگہ بنا کر اولمپک کوٹہ حاصل کرلیا ہے۔

    گلفاز جوزف نے پہلی بار کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کی اور شاندار کارکردگی کے بعد ٹوکیو اولمپک کا ٹکٹ جیت لیا۔ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری رضی احمد نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے تین شوٹرز نے اولمپکس تک رسائی حاصل کی ہے، خلیل اختر اور غلام مصطفی بشر پہلے ہی اولمپک کوٹہ جیت چکے ہیں۔

    پاک آرمی کے شوٹر نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان شوٹرز نے اولمپکس میں شرکت تو کی ہے لیکن ان تمام شوٹرز نے وائلڈ کارڈ انٹری کی بدولت اولمپکس تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ اولمپک کوٹہ ورلڈ کپ یا ایشین چیمپئن شپ پوائنٹس لینے کے بعد کھلاڑی کو یہ عزاز حاصل ہوتا ہے۔

    پاکستانی شوٹر کا بڑا کارنامہ، ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جگہ بنالی

    رضی احمد نے مزید کہا کہ وائلڈ کارڈ انٹری انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی دیتی ہے جس کا انحصار کارکردگی پر نہیں ہوتا جبکہ اولمپک کوٹہ کے لیے کھلاڑی کو انٹرنشینل سطح پر پرفارم کرنا ہوتا ہے جس کے بعد وہ اولمپکس تک رسائی حاصل کرتا ہے، اس وجہ سے یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے تین شوٹرز اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس میں حصہ لیں گے۔

  • جاپان میں ملازم خواتین نے اونچی ایڑھی کے خلاف بغاوت کردی

    جاپان میں ملازم خواتین نے اونچی ایڑھی کے خلاف بغاوت کردی

    ٹوکیو : جاپان میں دفاتر میں کام کرنے والی خواتین نے اونچی ایڑھی والے جوتے لازمی پہننے کے حکم نامے کے خلاف اعلان بغاوت کر دیا ہے اور وہ خم ٹھونک کر میدان میں آ گئیں۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق خواتین ملازمین کے ایک گروپ نے حکومت سے درخواست کی ہے جس میں انہوں نے کمپنیوں کے اونچی ایڑھی والا جوتا پہننے والے حکم کو صنفی امتیاز اور جنسی ہراسگی کے مترادف ٹھہرایا ہے۔

    درخواست اداکارہ اور مصنفہ یومی اشیکاوا نے داخل کروائی جس میں انہوں نے ایسے قوانین متعارف کروانے کا مطالبہ کیا جن کے تحت کمپنیوں کو منع کیا جائے کہ وہ خواتین ملازمین کو ایڑھی والے جوتے پہننے کا پابند نہ کریں۔

    کمپنیوں کے اس امتیازی سلوک کے خلاف یومی اشیکاوا نے ٹویٹر پر کوٹو نامی تحریک بھی شروع کی تھی جس کو خواتین میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی۔

    اس تحریک کو اب تک کم از کم 19 ہزار ٹویٹر صارفین کی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔ کوٹو جاپانی کے دو الفاظ کٹسو اور کٹسوو کی مختصر شکل ہے۔ کٹسو کے معنی جوتے اور کٹسوو کے تکلیف کے ہیں۔

    اس مہم میں حصہ لینے والی خواتین کا کہنا تھا کہ زیادہ تر کمپنیوں کی جانب سے اونچی ایڑھی پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور خواتین کو مجبوراً اس کو اپنانا پڑتا ہے۔

    خیال رہے کہ 2015 میں کینز فلم فیسٹیول کے موقع پر ایک خاتون کو اونچی ایڑھی والی جوتی نہ پہننے پر ریڈ کارپٹ پر نہیں چلنے دیا گیا تھا جس کے بعد کینز فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر کو معذرت کرنا پڑی تھی۔

    سال 2017 میں کینیڈا کی برٹش کولمبیا اسٹیٹ نے کمپنیوں کو منع کیا تھا کہ وہ خواتین ملازمین کو اونچی ایڑھی کے سینڈل پہننے پر مجبور مت کریں، کولمبیا اسٹیٹ نے اس عمل کو خطرناک اور امتیازی قرار دیا تھا۔

  • دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری، کراچی جگہ بنانے میں کامیاب

    دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری، کراچی جگہ بنانے میں کامیاب

    ٹوکیو: دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست سامنے آگئی جس میں کراچی نے ایک بار پھر عالمی درجہ بندی میں شامل ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دی اکنامسٹ نے سال 2017 میں‌ دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کردی جس کے مطابق جاپان کا شہر ٹوکیو سب سے زیادہ محفوظ ترین شہر قرار پایا۔

    ہرسال کی طرح امسال بھی دی اکنامسٹ نے اپنی رپورٹ کو چار سہولیات ’ جدید (ڈیجیٹلائز) نظام، صحت، بنیادی ڈھانچے اور عوامی‘ معلومات کی بنیاد پر تشکیل دیا۔

    رپورٹ میں ہر شہر کے لیے 100 مساوی نمبر رکھے گئے، جاپان کا شہر ٹوکیو 89.80 نمبرز کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ ایشیا کے 10 شہروں سنگا پور، اوساکا، ہانگ کانگ نے بھی انڈیکس میں پوزیشنز حاصل کیں۔

    یورپ کے شہروں میں ایمسٹر ڈیم، اسٹاک ہولم اور زیورخ بھی محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

    سنگاپور 89.64 نمبر کے بعد دوسرے نمبر پر رہا

    جاپان کا شہر اوساکا 88.87 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا

    کینیڈا کا شہر ٹورنٹو 87.36 نمبر حاصل کر کے دنیا کا چوتھا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا۔

    آسٹریلیا کا شہر ملیبرن پانچویں نمبر پر رہا

    نیدرلینڈ کا شہر ایمسٹر ڈیم 100 میں سے 87.26 نمبر ز حاصل کر کے چھٹے نمبر پر رہا

    آسٹریلیا کے شہر سڈنی کو دنیا کا ساتواں محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا

    سویڈن کا دارالحکومت اسٹاک ہولم 86.72 نمبر کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہا۔

    ہانگ کانگ نے 86.22 نمبر حاصل کیے اور فہرست میں 9ویں نمبر پر رہا۔

    سوئٹزر لینڈ کا نامور شہر زیورخ 85.20 نمبرز کے ساتھ 10ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

    علاوہ ازیں دیگر شہروں میں میڈریڈ، بارسلونا، سانس فرانسسکو، لاس اینجلس، نیویارک، پیرس، ڈلاس،روم، ابوظہبی، دوحہ، بیجنگ، ماسکو، جدہ، دہلی، ممبئی، ریاض، بنکاک، تہران، جکارتہ، ڈھاکا سمیت دیگر بھی محفوظ ترین شہر قرار دیے گئے جبکہ کراچی 38.77 پوائنٹس کے ساتھ 60ویں اور آخری نمبر پر رہا۔

     دی اکنومسٹ کی جانب سے جاری کردہ فہرست

  • دنیا کا پہلا ڈیجیٹل آرٹ میوزیم

    دنیا کا پہلا ڈیجیٹل آرٹ میوزیم

    ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں دنیا کے پہلے ڈیجیٹل آرٹ میوزیم کا افتتاح کردیا گیا۔

    10 ہزار اسکوائر فٹ کے رقبے پر مشتمل اس میوزیم میں 45 فن پارے رکھے گئے ہیں جو ڈیجیٹل آرٹ پر مبنی ہیں۔

    ان فن پاروں کو 250 کمپیوٹرز اور 470 پروجیکٹرز کے ذریعے نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

    میوزیم کی سیر کے لیے آنے والے افراد ورچوئل آبشاروں، سمندروں اور کہکہشاؤں کی سیر کرسکتے ہیں۔

    یہ تمام فن پارے انوکھے طریقے سے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ٹوکیو میں قائم کیا جانے والا یہ میوزیم اپنی نوعیت کا دنیا کا پہلا میوزیم ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جاپان کی ٹرین میں مسافروں کو ’ٹھونسنے‘ کا عجیب منظر

    جاپان کی ٹرین میں مسافروں کو ’ٹھونسنے‘ کا عجیب منظر

    آپ نے پاکستان میں پر ہجوم بسیں اور ٹرینیں تو ضرور دیکھی ہوں گی جس میں لوگ چھت پر بیٹھے ہوتے ہیں اور دروازوں سے لٹکے ہوتے ہیں۔

    یقیناً یہ منظر کسی حد تک مضحکہ خیز ہونے کے ساتھ ساتھ فکر انگیز بھی ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ کس طرح پاکستانی عوام اکیسویں صدی میں بھی جدید سفری سہولیات سے محروم ہے۔

    لیکن مندرجہ ذیل ویڈیو دیکھ کر آپ کا غم یقیناً کم ہو جائے گا جس میں ایک ٹرین میں ٹھنسے مسافروں کو دبا کر ٹرین کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔

    جاپان کے ایک فوٹوگرافر کی جانب سے پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں ٹوکیو کے ایک سب وے کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ جس وقت یہ ویڈیو ریکارڈ کی گئی وہ نہایت ہی مصروف وقت تھا اور عوام کی بڑی تعداد کام پر جانے کے لیے محو سفر تھی۔

    ویڈیو میں ایک زیر زمین ٹرین کا منظر دکھایا گیا ہے جو مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہے۔ جب ٹرین کے چلنے کا وقت قریب آیا تو ٹرین کے دروازے بند کرنے کے لیے اسٹیشن سیکیورٹی اہلکار حرکت میں آئے اور انہوں نے مسافروں کو اندر دبانا شروع کردیا تاکہ کسی صورت ٹرین کا دورازہ بند کیا جاسکے۔

    خاصی دیر تک جدوجہد کے بعد بالآخر یہ اہلکار اپنی کوشش میں کامیاب ہوئے جس کے بعد ٹرین کے تمام دروزے بند ہوئے اور ٹرین چل پڑی۔ اس دوران دھکم پیل کا شکار بننے والے مسافر یوں پتھرائے ہوئے کھڑے رہے جیسے یہ ان کے لیے معمول کا عمل ہے۔

    تو پھر کیا کہتے ہیں؟ کیا آپ اب بھی اپنی پبلک ٹرانسپورٹ کو برا بھلا کہیں گے؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انڈونیشین حسینہ نے مس انٹرنیشل کا تاج سر پر سجالیا

    انڈونیشین حسینہ نے مس انٹرنیشل کا تاج سر پر سجالیا

    ٹوکیو : مس انٹرنیشل کا تاج مسلم ملک انڈونیشیا کی حسینہ کے سر سج گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی حسین ترین لڑکیوں کے درمیان مقابلہ ہوا، جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ڈومی سٹی ہال میں حسیناؤں کے جھرمٹ میں ایک شام سجی، جس میں مس انٹرنیشنل 2016 کا کڑا مقابلہ ہوا، مقابلے میں انہتر ملکوں کی حسیناؤں نے حصہ لیا۔

    پنے اپنے ملکوں کے روایتی ملبوسات زیب تن لئے نزاکت سے چلتی ملکہ حسن کا خطاب جیتنے کے لئے ہر ایک نے سر توڑ کوشش کی لیکن فائنل راؤنڈ میں شرکت کے لیے ججز کی جانب سے 5 خوبرو حسیناؤں کا انتخاب کیا گیا، جس کے بعد دلوں کی دھڑکنیں رک سی گئیں جب فاتح کا نام پکارا گیا۔

    انڈونیشین حسینہ کیون للیانا نے مس انٹرنیشنل دوہزارسترہ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    نئی مس انٹرنیشل کیون کو 2016 کی مس انٹرنیشنل کیلی ورزوسان  نے اپنے ہاتھوں سے مس انٹرنیشنل کا گاؤن اور تاج پہنایا۔ جس پر ان کی خوشی دیدنی تھی۔

    مِس انٹرنیشنل کے مقابلے میں کیوراساؤ کی حسینہ دوسرے جبکہ وینزویلا کی بیوٹی کوئین تیسرے نمبر پر رہیں۔


    مزید پڑھیں :  مس انٹرنیشنل 2016 کا تاج فلپائنی حسینہ کے نام



    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

  • رنگین جگمگاتے مچھلی گھروں میں سنہری مچھلیوں کی نمائش

    رنگین جگمگاتے مچھلی گھروں میں سنہری مچھلیوں کی نمائش

    ٹوکیو: آپ نے آرٹ کی بے شمار نمائشیں دیکھی ہوں گی جن میں مختلف تصاویر، مجسموں یا ایسی اشیا کی نمائش کی جاتی ہے جنہیں رنگوں کی مدد سے کسی فن پارے میں تبدیل کردیا گیا ہو۔

    تاہم ایک جاپانی فنکار نے نہایت ہی منفرد خیال کے ساتھ ایسی نمائش منعقد کر ڈالی جس میں رنگین جگمگاتے مچھلی گھروں میں سنہری مچھلیوں کو پیش کیا گیا۔

    آرٹ ایکوریم نامی اس نمائش میں فنکار نے 5 ہزار گولڈ فش اور سی ہارس فش سمیت 3 ہزار دیگر آبی جانداروں کو نمائش کے لیے رکھا۔

    جن ایکوریمز میں انہیں رکھا گیا انہیں رنگ برنگی ایل ای ڈی لائٹس کے ذریعے نہایت خوبصورت بنا دیا گیا۔

    ان جگمگاتی روشنیوں کی بدولت پانی اور بلبلے بھی اسی رنگ میں رنگے دکھائی دینے لگے اور یہ نمائش آرٹ کی ایک منفرد ترین نمائش کی حیثیت اختیار کر گئی۔

    جاپانی فنکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنی فنکارانہ صلاحیت کا اظہار کسی جیتی جاگتی شے کے ذریعے کرنا چاہتا تھا اور اس مقصد کے لیے اسے بے جان اشیا کا استعمال سخت ناپسند ہے۔

    وہ اس سے قبل بھی اس قسم کی نمائشوں کا انعقاد کر چکا ہے تاہم یہ نمائش سب سے بڑی تھی جن میں ہزاروں فن پارے رکھے گئے جو رنگین مچھلی گھر تھے۔

    یہ نمائش ٹوکیو میں 2 ماہ تک جاری رہے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جاپانی بحریہ کی ’رسیکیوٹیم‘مچھیروں کی محتاج نکلی

    جاپانی بحریہ کی ’رسیکیوٹیم‘مچھیروں کی محتاج نکلی

    ٹوکیو: جاپان میں میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے ملاح سی پلین کا انجن بند ہوجانے کے باعث مشکل میں گرفتار، مچھیروں نے جان بچائی۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی بحریہ کے 19 ملاح شیکوکوُ نامی جزیرے کے قریب سمندری مشقیں کررہے تھے۔

    وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سمندر میں سی پلین کےذریعے لینڈنگ اورٹیک آف کرنے کی مشقیں جاری تھیں کہ انجن بند ہوگیا اور دائیں جانب کا پر بھی ناکارہ ہوگیا جس کے سبب ملاحوں نے جہاز ارانے کی کوشش ترک کردی۔

    سی پلین کے عملے کو قریب سے گزرتے ہوئے مچھیروں کے ایک ٹرالر نے ایمرجنسی بوٹس کے ذریعے جہاز سے نکالا اور ساحل تک پپہنچایا، اس حادثے میں عملے کے چار ارکان کو معمولی نوعیت کی چوٹیں بھی لگیں ہیں۔

    وزارتِ دفاع کے ترجمان نے جہاز کی خرابی کی بابت کسی بھی قسم کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

  • بجلی سے چلنے والا ماحول دوست رکشہ سڑکوں پر رواں دواں

    بجلی سے چلنے والا ماحول دوست رکشہ سڑکوں پر رواں دواں

    ٹوکیو :جاپان میں آلودگی سے پاک بجلی سے چلنےوالارکشہ سڑکوں پرآگیا۔

    جاپان کی معروف آٹوموبائل کمپنی کا متعارف کرایا گیا الیکٹرک رکشہ ٹوکیو بھرمیں لوگوں کومنزلوں تک بغیردھواں اڑائے لیجائے گا۔

    ماحول دوست رکشہ دس مختلف مقامات سے سواری لانے اورلےجانے کا کام انجام دے گا۔

    رکشہ کو بجلی سے چارج کرنے کیلئے درمیان میں اسٹیشنز کی سہولت بھی میسر آئے گی۔

    تین پہیوں والاخوبصورت رکشہ ساڑھے سات فٹ لمبا اورتین فٹ چوڑا ہے۔

    ساٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتا رکشہ جاپانی شہریوں کی دلچسپیاں سمیٹ رہا ہے۔