Tag: Tom & Jerry

  • وائرل ویڈیو: چوہا ’سینہ تان کر‘ کھڑا ہو گیا، بلی بھاگنے پر مجبور

    وائرل ویڈیو: چوہا ’سینہ تان کر‘ کھڑا ہو گیا، بلی بھاگنے پر مجبور

    کون ہے جس نے چوہے اور بلی پر بننے والی مشہور ترین کارٹون سیریز ٹام اینڈ جیری نہ دیکھی ہو اور پسند نہ کی ہو، لیکن ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں آپ حقیقت میں چھوٹے سے چوہے کو بلی کو بھاگنے پر مجبور کرتے دیکھیں گے۔

    وائرل ویڈیو میں آپ کو حقیقی زندگی کے ’ٹام اینڈ جیری‘ دکھائی دیں گے، آپ نے سنا اور دیکھا ہوگا کہ بلی کو دیکھ کر چوہا اپنی جان بچانے کے لیے بل میں گھس جاتا ہے، لیکن یہاں چھوٹا سا چوہا بھاگتا نہیں بلکہ ’سینہ تان کر‘ کھڑا ہوتا ہے اور بلی کا مقابلہ کرتا ہے۔

    بلی اور چوہے کی اس ’خوب صورت‘ لڑائی کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جسے ایک ٹوئٹر صارف وائرل ہوگ نے شیئر کیا تھا، اس ویڈیو کو اب تک سوا لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا ہے۔

    ویڈیو میں آپ ایک کالی و سفید بلی کو دیکھ سکتے ہیں جو ایک چوہے کو بھگانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن چوہا ہے کہ بھاگتا ہی نہیں، بلکہ ’سینہ تانے‘ کھڑا نظر آتا ہے۔

    صرف یہی نہیں، دل چسپ اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بلی بار بار اسے پنجے مارتی لیکن چوہا پھر بھی نہیں بھاگتا، اور اس کی بجائے وہ بلی کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی کی بجائے چوہا بلی کا پیچھا کر رہا ہے۔

    کئی بار پنجے مارنے کے بعد بھی جب چوہا بھاگتا نہیں اور بلی کی طرف جارحانہ انداز میں بڑھتا ہے تو بلی ہار مان لیتی ہے، اور ہٹنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔

  • ٹام اینڈ جیری کی شرارتیں جلد بڑی اسکرین پر ہوں گی

    ٹام اینڈ جیری کی شرارتیں جلد بڑی اسکرین پر ہوں گی

    بچوں اور بڑوں کے پسندیدہ کارٹون ٹام اینڈ جیری جلد بڑے پردے پر تہلکہ مچانے آرہے ہیں، ٹام اینڈ جیری کی لائیو ایکشن فلم کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

    ہم سب نے اپنے بچپن میں ٹام اینڈ جیری کارٹون ضرور دیکھا ہے اور بڑے ہونے کے بعد بھی ہماری اس کے لیے پسندیدگی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ یہ مقبول کارٹون اب جلد بڑے پردے پر پیش کیے جائیں گے۔

    وارنر بروز کی پیش کردہ ٹام اینڈ جیری کی اس فلم میں یہ دونوں حقیقی زندگی میں اینی میٹڈ صورت میں پیش کیے جائیں گے۔

    ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ٹام اور جیری کسی طرح امریکا کے شہر نیویارک پہنچتے ہیں، جیری یعنی چوہا نیویارک کے ایک مشہور ہوٹل میں جا کر رہنے لگتا ہے۔

    اس وقت ہوٹل میں ایک شادی کی تیاریاں جاری ہوتی ہیں جسے صدی کی سب سے بڑی شادی قرار دیا جارہا ہوتا ہے۔

    ہوٹل انتظامیہ چوہے کی موجودگی کے بارے میں جان کر نہایت پریشان ہوجاتی ہے اور اسے بھگانے کے لیے ایک بلی کو لایا جاتا ہے جو کوئی اور نہیں ٹام ہے۔

    فلم میں کلوئی گریس اور مائیکل پینا سمیت دیگر اداکار اپنے فن کا جلوہ دکھائیں گے، فلم کی ہدایات ٹم اسٹوری نے دی ہیں۔

    فلم کو اگلے برس سنہ 2021 میں کسی وقت ریلیز کیا جائے گا۔