Tag: tomsk

  • روس میں شاپنگ سینٹر میں خوف ناک آتش زدگی، پوری چھت ڈھ گئی (ویڈیو)

    روس میں شاپنگ سینٹر میں خوف ناک آتش زدگی، پوری چھت ڈھ گئی (ویڈیو)

    ماسکو: سائبیریا کے ایک علاقے میں ایک بڑے شاپنگ سینٹر میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث پوری چھت ڈھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سائبیریا کے شہر ٹومسک میں لینٹا نامی شاپنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو بہت تیزی سے پھیلتی ہوئی 5 ہزار اسکوائر میٹر پر محیط ہو گئی۔

    سوشل میڈیا پر شاپنگ سینٹر میں لگی آگ کی ویڈیوز وائرل ہو گئی ہیں، جن میں خوف ناک آگ کو دیکھا جا سکتا ہے، اور عمارت سے گہرا دھواں اٹھ رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہت جلد پوری عمارت آگ کی لپیٹ میں آگئی، اور ساڑھے 3 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر شاپنگ سینٹر کی چھت بھی اچانک گر گئی۔

    ٹومسک ریجن کے محکمہ صحت کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے، کیوں کہ آگ لگنے کے بعد عملے اور خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو بہ حفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔

    فائر اینڈ ریسکیو سروس کو مقامی وقت کے مطابق 15:06 پر (ماسکو وقت کے مطابق 11:06) آگ لگنے کا پیغام موصول ہوا تھا، اہل کاروں نے شاپنگ سینٹر سے تقریباً 200 افراد کو نکالا۔

    عینی شاہدین کا سوشل میڈیا پر کہنا تھا کہ شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کے بعد دھماکے بھی ہوئے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ دھماکے پٹاخوں کے تھے۔

    مقامی حکام نے آس پاس کے رہائشیوں کو اطمینان دلایا کہ انھیں آتش زدگی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

  • روس کی ’سرخ جامع مسجد‘ نوے سال بعد نمازیوں کے لئے کھول دی گئی

    روس کی ’سرخ جامع مسجد‘ نوے سال بعد نمازیوں کے لئے کھول دی گئی

    ماسکو: روسی شہر تومسک میں واقع جامع مسجد کو 90 سال بعد نمازیوں کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی شہر تومسک میں واقع سرخ جامع مسجد سن 1901 میں قائم کی گئی تھی تاہم اسے 1920 میں نمازیوں کے لئے بند کردیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں اس عمارت میں کچھ عرصے کے لئے سینما گھراور رستوران بھی قائم رہا۔ 2002 میں سرخ جامع مسجد کو دوبارہ نمازیوں سے آباد کرنے کے لئے تیاریاں شروع کی گئیں۔

    مسجد کے دوبارہ افتتاح کے موقع پر تومسک کے گورنر سرگے، میئر آئیون کلین، چیچن ریپبلک کے مفتی صالح ہسی موجود تھے ، تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا تھا۔

    تقریب کے بعد شرکاء نے 90 سال بعد اس تاریخی مسجد میں جمعہ کی تاریخی نماز ادا کی۔

    اسلام اس خطے کا دوسرا سب سے بڑا مذہب ہے اورایک محتاط اندازے کے مطابق مسلمانوں کی آبادی دو کروڑ تیس لاکھ کے لگ بھگ ہے جو کہ کل آبادی کا 15 فیصد ہے۔