Tag: torkham border firing

  • افغان فورسز کی فائرنگ سے زخمی میجرعلی جواد چنگیزی شہید

    افغان فورسز کی فائرنگ سے زخمی میجرعلی جواد چنگیزی شہید

    اسلام آباد:‌ طور خم بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے میجر علی جواد چنگیزی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان فورسز کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور طورخم سرحد پر بلااشتعال فائرنگ جاری ہے، افغان فورسز کی فائرنگ سے زخمی میجرعلی جواد چنگیزی شہید ہوگئے ، میجر جواد طور خم بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہو ئے تھے اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے۔

    میجر جواد کا تعلق آرمڈ کور سے اوروہ فرنٹیر کور کے لئے خدمات سرانجام دے رہے تھے، انہوں نے اگلے رواں سال دسمبر میں ریٹائرڈ ہو جانا تھا۔

    گزشتہ دو روز میں طورخم سرحد پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے چھ اہلکاروں سمیت انیس افراد زخمی ہوگئے، پاکستان نے افغانستان سے شدید احتجاج کرتے ہوئے فائرنگ کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد افغان وزارت خارجہ نے کابل میں پاکستانی سفیر سید ابرار کو طلب کرکے پاک افغان سرحد کشیدگی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر نے افغان حکام پر واضح کیا ہے کہ فائرنگ افغان سرحد سے کی گئی پاکستان سرحد منظم کرنے کیلئے اپنی حدود میں گیٹ تعمیر کررہا ہے، جس کی اطلاع پاکستانی سفار تخانے نے افغان حکومت کو دو روز قبل دی۔

    مزید پڑھیں:  طورخم سرحد پر ایک بار پھر فائرنگ،مزید پانچ اہلکار زخمی

    اس سے قبل پاکستان نے گزشتہ رات اشتعال انگیزی کے واقعے پر افغان ناظم الامورکو طلب کرکے شدید احتجاج کرتے ہوئے فائرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: دفتر خارجہ میں افغان ناظم الامور کی طلبی، طور خم فائرنگ پر احتجاج

    سرحد پر کشیدگی کے بعد طورخم اور لنڈی کوتل میں کرفیو لگانا پڑا، کئی دیہات بھی خالی کرا لئےگئےجبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    گزشتہ روز ترجمان پاک فوج نے ٹوئٹر پر وقوعہ کانقشہ جاری کرتے ہوئےبتایا کہ گیٹ سینتیس میٹر پاکستانی علاقے کے اندر ہے۔ سرحد پار کرنے والوں کی جانچ پڑتال کے لئے گیٹ بہت ضروری ہے اور افغان فورسز زیر تعمیر گیٹ پر فائرنگ کر رہی ہیں۔

  • پاک افغان سرحد طور خم پر کشیدگی، طورخم اورلنڈی کوتل میں کرفیو نافذ

    پاک افغان سرحد طور خم پر کشیدگی، طورخم اورلنڈی کوتل میں کرفیو نافذ

    طور خم: پاک افغان سرحد طورخم پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی ہیں، افغان فورسز کی فائرنگ سے ایک پاکستانی سکیور ٹی اہلکار اور نو شہری زخمی ہوگئے جبکہ طورخم اورلنڈی کوتل میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق طور خم سرحد پر پاکستانی علاقے میں واقع گیٹ پر افغان سیکورٹی فورسز نے نو بج کر بیس منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی، جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپور جواب دیا، افغان سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولوں کے استعمال سے ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت نو پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔

    سرحد پر کشیدہ صورتحال کے باعث طورخم کے علاقے سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔

    دوسری جانب حکام نے طورخم اور لنڈی کوتل میں کرفیو نافذ کردیا ہے جبکہ پاک فضائیہ کے طیارے طور خم بارڈر کی نگرانی کررہےہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصےسے دہشتگرد افغانستان سے طور خم سرحد کے ذریعے پاکستان داخل ہورہے تھے جن کی نقل و حرکت کو روکنے کی لئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

    یاد رہے یکم جون سے طور خم سرحد کے ذریعے پاکستانی حدود میں بغیر سفری دستاویزات کے داخلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، افغان بارڈر حکام نے پاکستانی حکام سے اس پابندی میں رمضان المبارک کے آخر تک نرمی کا مطالبہ کیا تھا، جسے پاکستانی حکام نے مسترد کردیا تھا، اس وقت سے دونوں فورسز کے درمیان تعلقات میں سرد مہری پائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب حکومت پاکستان کے ترجمان نے واقعے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات پاک افغان تعلقات کے لیے بہتر نہیں، افغان حکومت واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرے۔