Tag: Torkhum

  • طور خم پر تیسرے روز بھی فائرنگ، میجر جواد کی نماز جنازہ ادا، جنرل راحیل شریک

    طور خم پر تیسرے روز بھی فائرنگ، میجر جواد کی نماز جنازہ ادا، جنرل راحیل شریک

    پشاور:پاکستان کے احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے افغان فورسز نے آج ایک بار پھر طور خم سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کردی جس کا پاک فورسز نے بھرپور جواب دیا ہے،فائرنگ سے شہید ایف سی کے میجر علی جواد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    اطلاعات کے مطابق آج تیسرے دن منگل کو بھی افغان فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستانی سرحدی فورسز نے موثر جواب دیا۔ فائرنگ کے دوران کوئی شہری زخمی نہیں ہوا۔

    فرنٹیر کانسٹیبلری کے ترجمان میجر خان محمد کا کہنا ہے کہ طور خم پر گیٹ کی تعمیر دوبارہ شروع کی گئی تو افغان فورسز نے  تیسری بار فائرنگ کی جو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے کی گئی۔

    دوسری جانب افغان فورسز کی فائرنگ سے شہید میجر علی جواد کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی  جس میں سپہ سالار جنرل راحیل شریف، کور کمانڈر پشاور اور ڈی  جی آئی ایس پی آر سمیت دیگر اعلیٰ عسکری حکام شریک ہوئے۔

    نماز جنازہ میں شہید میجر علی کے بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں نے بھی شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے میجر علی جواد چنگیزی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور بیٹوں کو دلاسہ دیا۔ شہید کے والد نے آرمی چیف سے کہا کہ ’’ ہمارے پورے خاندان کو اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر ہے‘‘۔

    بعدازاں نجی طیارے کے ذریعے شہید کا جسد خاکی کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں اُن کی تدفین کوئٹہ بہشت زینب قبرستان میں اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ کردی گئی۔

    واضح رہے کہ پیر کی شام طور خم سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ سے میجر علی جواد چنگیزی زخمی ہوگئے تھے جنہیں پشاور کے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔

  • دفتر خارجہ میں افغان ناظم الامور کی طلبی، طور خم فائرنگ پر احتجاج

    دفتر خارجہ میں افغان ناظم الامور کی طلبی، طور خم فائرنگ پر احتجاج

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے طور خم سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے واقعہ پر احتجاج کیا ہے۔

    دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ رات طور ختم سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعے کو حکومت نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے افغان حکومت پر واضح کیا ہے کہ واقعے کو ہرگز پس پشت نہیں ڈالا جائے گا، افغان حکومت واقعہ کی فوری اور شفاف تحقیقات کرکے ملوث سرحدی حکام کے خلاف کارروائی کرے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایسے واقعات  سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگا، ہم افغانستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں جس کے لیے دونوں ممالک کو اقدامات کرنے ہوں گے۔

    اس حوالے سے  مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے ، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ افغان فوج طور خم سرحد پر زیر تعمیر گیٹ پر فائرنگ کررہی ہے ، گیٹ پاکستانی حدود میں 37میٹر کے فاصلے پر زیر تعمیر ہے ،گیٹ تعمیر کرنے کا مقصد دہشت گردوں کی بلا روک ٹوک آمد کو بند کرنا ہے تاکہ پاکستان میں امن کا قیام یقینی بنایا جاسکے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق طور خم سرحد پر پاکستانی علاقے میں واقع گیٹ پر افغان سیکیورٹی فورسز نے نو بج کر بیس منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی، جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپور جواب دیا، افغان سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولوں کے استعمال سے دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت نو پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اطراف کشیدگی بڑھ گئی جس کے طورخم اورلنڈی کوتل میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔