Tag: torkhum border

  • وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی  ایس پی طاہرداوڑ شہید کا جسد خاکی وصول کریں گے

    وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی ایس پی طاہرداوڑ شہید کا جسد خاکی وصول کریں گے

    پشاور: ایس پی طاہرداوڑ شہید کا جسدخاکی لینے کے لیے وزرا کا وفد طور خم بارڈر روانہ ہوگیا ہے ، وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی شہیدکی میت وصول کریں گے، شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ایس پی طاہرداوڑنڈر اوربہادرپولیس افسرتھے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں قتل ہونے والے شہید طاہرداوڑ کی میت وصول کرنے کے لئے وزرا کا وفد طورخم بارڈر روانہ ہوگیا، وفد میں شہریارآفریدی،شوکت یوسفزئی شامل ہیں ، وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی شہیدکی میت وصول کریں گے۔

    وزیرِ اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سرکاری اعزاز کے ساتھ طاہرداوڑ شہید کا جسدخاکی پشاور لایا جائے گا، ایس پی طاہرداوڑنڈر اوربہادرپولیس افسرتھے۔

    ایس پی طاہرداوڑکاقتل، افغان ناظم الامورکی دو بار دفترخارجہ طلبی


    اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایس پی طاہرداوڑ افغانستان میں قتل پر افغان ناظم الامور کو 2 بار دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور احتجاج ریکارڈکرایا، شہید کے جسدخاکی کوقونصلیٹ منتقل کرنے کے لیے کہا ہے، مطالبہ کیا ہے جلد جسد خاکی پاکستان کےحوالے کیا جائے۔

    وزیراعظم عمران خان کا نوٹس


    دوسری جانب وزہراعظم عمران خان نے ایس پی طاہرداوڑ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی کوتحقیقات کی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے ، خیبرپختونخواکی پولیس کو تحقیقات میں اسلام آبادپولیس سے تعاون کرنے کی ہدایت کی۔

    دفتر خارجہ کی ایس پی طاہرداوڑ کے قتل کی تصدیق


    گذشتہ روز دفتر خارجہ نے اسلام آباد سے اغوا ایس پی طاہرداوڑ کے افغانستان میں قتل اور لاش ملنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ شہید کا جسدخاکی جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پشاور پولیس سے تعلق رکھنے والے افسر محمد طاہر خان داوڑ 17 روز قبل اسلام آباد کے علاقے ایف ٹین سیکٹر میں واک کرتے ہوئے غائب ہوئے تھے، اس کے بعد ان کی کچھ خبر نہیں ملی تھی۔

    جس کے بعد خبریں گردش کرتی رہی کہ 27 اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتا ہونے والے پشاور کے ایس پی کو نامعلوم افراد نے اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا ہے، مقتول کی تشدد زدہ نعش افغان صوبے ننگرہار سے بر آمد ہوئی۔

    اہلِ خانہ کے مطابق ایس پی طاہر داوڑ چھٹیوں پر تھے اور وہ ذاتی کام کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچے تھے،جس کے بعد ان سے اچانک موبائل فون پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

    افغان انتہا پسند تنظیم نے ایس پی طاہرداوڑ کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔

  • طور خم سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ،پاک فوجی کا اہلکار زخمی

    طور خم سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ،پاک فوجی کا اہلکار زخمی

    پشاور:انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ طور خم سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا، افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ بلااشتعال کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی کے کراسنگ پوائنٹ پر9 بج کر 20 منٹ پر افغان فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی ،پاک فوج کی جانب سے بھی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا، دو طرفہ فائرنگ وقفے وقفے سے جاری رہی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ طور خم سرحد دونوں ممالک کے درمیان مصروف ترین گزر گاہ ہے ، دہشت گرد طور خم سرحد کو اکثر اوقات استعمال کرتے ہوئے پائے گئے جس کے بعد دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، پاکستانی طور خم سرحد پر اپنی طرف گیٹ تعمیر کررہا ہے تاکہ سرحد محفوظ رہے اور دہشت گردوں کو پاکستان آنے کا موقع نہ ملے۔

    یاد رہے یکم جون سے طور خم سرحد کے ذریعے پاکستانی حدود میں بغیر سفری دستاویزات کے داخلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے،افغان بارڈر حکام نے پاکستانی حکام سے اس پابندی میں رمضان المبارک کے آخر تک نرمی کا مطالبہ کیا تھا جسے پاکستانی حکام نے مسترد کردیا تھا اس وقت سے دونوں فورسز کے درمیان تعلقات میں سرد مہری پائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب حکومت پاکستان کے ترجمان نے واقعے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات پاک افغان تعلقات کے لیے بہتر نہیں، افغان حکومت واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرے۔