Tag: tornadoes

  • امریکی ریاستوں میں ہوا کے بگولوں سے تباہی، 6 افراد جان سے گئے

    امریکی ریاستوں میں ہوا کے بگولوں سے تباہی، 6 افراد جان سے گئے

    امریکی ریاستوں میں ہوا کے بگولوں نے تباہی مچاتے ہوئے متعدد افراد کو موت کی نیند سلادیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست نارتھ ڈکوٹا اور نیویارک شہر میں ہفتے کے روز 2 ہوا کے بگولوں نے تباہی مچاتے ہوئے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔

    رپورٹس کے مطابق نارتھ ڈکوٹا کے دیہی علاقے میں 70 سے 80 سال کے تین بزرگ اس طوفان کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مرنے والوں میں 2 جڑواں بہنوں سمیت مزید 3 افراد شامل ہیں جن کی ہلاکت نیویارک سے رپورٹ ہوئی۔

    رپورٹس کے مطابق ہوا کے بگولوں کی رفتار 100کلو میٹر فی گھنٹہ تھی، اس کے علاوہ طوفان کی وجہ سے درخت جڑ سے اکھڑ گئے جب کہ گاڑیوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی امریکا کی دو ریاستوں میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچائی تھی جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست کینٹکی اور میزوری میں طوفانی بگولوں کی تباہی کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    سیکڑوں گھر تباہ، آندھی سے درخت اکھڑ گئے اور درجنوں گاڑیاں تباہ ہوگئی، بے گھر خاندانوں نے رات گاڑیوں میں گزاری تھی۔

    رپورٹ کے مطابق مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ متاثر علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، 19 افراد ہلاک

    مقامی حکام کا کہنا تھا کہ سینٹ لوئس کے علاقے میں 5 ہزار سے زائد گھر دوپہر کے طاقتور طوفان کے نظام سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

    اسپتالوں میں ایمرجنسی کیسز میں اضافے کا سامنا کرنا پڑا، سینٹ لوئس چلڈرن اسپتال اور بارنس جیوش اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کم از کم 35 مریضوں کو لایا گیا۔

  • امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، 19 افراد ہلاک

    امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، 19 افراد ہلاک

    امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں انیس افراد جان سے گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    طوفانی بگولوں سے ریاست مسوری میں سب سے زیادہ نقصان ہوا جہاں گیارہ افراد ہلاک ہوئے، ریاست ٹیکساس میں تین افراد لقمہ اجل بنے۔

    رپورٹ کے مطابق بگولے سے متعدد عمارتوں اور گھروں کی چھتیں اڑگئیں جبکہ ریاست اوکلاہوما میں ایک سو تیس مقامات پر آگ لگ گئی۔

    امریکی محکمہ موسمیاتی کے ماہرین نے امریکا  کی سترہ ریاستوں کو شدید طوفان سے خبردار کردیا ہے کہا کہ ایک ایک بڑا اور خطرناک طوفان اتوار تک ریاستوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

    امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق کیلی فورنیا، کینٹکی، مسی سپی، ایلی نوائے، ٹیننسی، مسوری اور الباما سمیت امریکا کی سینٹرل اور مشرقی ریاستوں میں شدید طوفان کا خطرہ ہے۔

  • امریکہ میں ہوائی بگولوں نے تباہی مچادی، 11 افراد ہلاک

    امریکہ میں ہوائی بگولوں نے تباہی مچادی، 11 افراد ہلاک

    امریکا کی ریاست ٹیکساس میں طوفان اور ہوائی بگولوں نے تباہی مچادی، جس کے باعث 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہوائی بگولوں کے باعث ارکنساس اور اوکلاہوما میں 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ہزاروں افراد بجلی سے بھی محروم ہوگئے۔

    ٹیکساس کی کوک اور ڈینٹن کاؤنٹیز میں ہفتے کی رات آنے والے شدید طوفان کے باعث کم از کم 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

    آرکنساس اور اوکلاہوما میں بھی طوفان سے 4 افراد لقمہ اجل بن گئے، ہر ریاست میں دو، دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    ڈیڑھ میل کا علاقہ طوفان ہوائی بگولوں سے تباہی کے نتیجے میں ملبہ بن گیا، طوفان سے مجموعی طور پر 11 افراد ہلاک ہوئے۔

    دوسری جانب بھارت کے دارلحکومت دہلی میں ایک اسپتال میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 7 نومولود جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مشرقی عہلی کے وویک وہار علاقے میں پیش آیا جہاں بچوں کے ایک اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ جس کے نتیجے میں سات نومولود جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

    رپورٹ کے مطابق آگ لگتے ہی تیزی سے پھیلنے لگی۔ عمارت کی پہلی منزل پر 12 نوزائیدہ بچے موجود تھے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے سات بچے ہلاک ہو گئے جب کہ پانچ کا علاج جاری ہے۔

    اسرائیلی فوج کا رفح میں پناہ گزین کیمپ پرحملہ، 75 فلسطینی شہید

    رات گئے لگنے والی آگ کی اطلاع پر کئی فائر ٹینڈرز وہاں پہنچے اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ ڈی ایف ایس کے سربراہ اتل گرگ کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

  • امریکی طوفان سے ہلاکتیں 94 ہو گئیں، زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور تیز

    امریکی طوفان سے ہلاکتیں 94 ہو گئیں، زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور تیز

    کینٹکی: امریکی طوفان سے ہلاکتیں 94 ہو گئی ہیں، امدادی کارکنوں نے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور تیز کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی میں ہلاکتیں 94 ہو گئیں، اتوار کے روز حکام نے کہا کہ تباہی کے دو دن بعد لاپتا افراد کو زندہ تلاش کرنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کا کہنا ہے کہ ہفتے کو حکام نے بتایا کہ کینٹکی میں کم از کم 100 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، تباہ کن بگولوں نے وسط مغربی اور جنوبی امریکی علاقوں میں 200 میل کے علاقے کو ادھیڑ کر رکھ دیا ہے، گھر مسمار ہو چکے، کاروبار ختم ہو گئے، اور ملبے کے نیچے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے جدوجہد کی ایک دوڑ شروع ہے۔

    اتوار کی رات کو امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاست کینٹکی میں آنے والی تباہی کو بڑی آفت قرار دیا، ریاست کے گورنر کی درخواست پر بائیڈن نے پہلے کے ہنگامی اعلان کو اب "بڑی آفت” میں بدل دیا ہے تاکہ اضافی وفاقی امداد کے لیے راہ ہموار ہو سکے۔

    ادھر ہنگامی کارکنوں نے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے، تاہم وفاقی اور مقامی حکام نے خبردار کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد، جو ابھی تک 94 ہے، مزید بڑھ سکتی ہے۔ کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے کہا کہ مردہ اجسام کو تلاش کرنے والے کتے ابھی تک لاشیں تلاش کر رہے ہیں۔

    میفیلڈ کی میئر کیتھی اونن نے کہا کہ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی امید ہمیشہ زندہ رہتی ہے، اس لیے ہمیں ایک معجزے کی امید ہے۔

    دوسری جانب تباہی کی شکار ہونے والی موم بتی کی فیکٹری کے مالک، کمپنی کے سی ای او ٹرائے پروپس نے طوفان کے قریب آنے پر اسے بند نہ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا۔ انھوں نے کہا ہم نے وہ سب کچھ کیا جو کیا جانا چاہیے تھا، میرا دل ہر ایک کے لیے خون کے آنسو رو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ تباہی کو مدنظر رکھتے ہوئے میفیلڈ کو حکام نے گراؤنڈ زیرو (زمین پر عین وہ جگہ جہاں جوہری دھماکا ہوا ہو) کے طور پر بیان کیا ہے، جب بگولہ چلا گیا تو لوگوں نے دیکھا کہ شہر کے سبھی بلاکس ملیا میٹ ہو چکے تھے، تاریخی مکانات اور عمارتیں اپنی بنیادوں پر اوندھے منہ پڑی تھیں، درختوں کے تنےشاخوں اور پتوں سے محروم ہو چکے تھے اور گاڑیاں کھیتوں میں الٹی پڑی تھیں۔

  • امریکا میں طوفانی بگولے نے تباہی مچادی، بچوں سمیت 23 افراد ہلاک

    امریکا میں طوفانی بگولے نے تباہی مچادی، بچوں سمیت 23 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی ریاست الاباما میں ہوا بگولے نے تباہی مچادی، جس کے باعث کئی بچوں سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست الابامہ کے مشرقی حصّے میں گردش کرنے والے ہوا بگولے نے درجنوں گھروں کو ویران اور سینکڑوں کو تباہ و برباد کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہوا کے بگولے کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد تاحال نامعلوم ہے، امریکی حکام نے متاثرہ علاقے کو سیل کردیا ہے۔

    امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے بگولے کی رفتار 266 کیلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں ور ہلاک شدگان کی شناخت کررہی ہیں جبکہ اندھیرے کے باعث سرچ آپریشن روک دیا گیا ہے کہ کیوں اندھیرے میں ریسکیو اہلکاروں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوفانی بگولوں کے نتیجے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا، ریاست الاباما میں 4 ہزار افراد بجلی سے محروم ہیں جن میں سے دو ہزار افراد کا تعلق ’لی کاؤنٹی‘ سے ہے۔

    محکمہ موسمیات نے ہوائی بگولے کے بعد ریاست الاباما میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکا: سمندری طوفان ’مائیکل‘ کو بموں کی ’ماں‘ قرار

    واضح رہے کہ مائیکل نامی ہولناک سمندری طوفان 2 اکتوبر کے روز ریاست کی شمال مغربی پٹی سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ٹکرایا تھا۔

    خطرناک سمندری طوفان مائیکل کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے کے بعد متاثرہ علاقے کا نقشہ بدل گیا ہے، مائیکل نامی طوفان کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ’یہ تمام بم دھماکوں کی ماں ہے‘ جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ 2017 بھی امریکا کے لیے قدرتی آفات کے حوالے سے بدترین ثابت ہوا تھا، یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے امریکی ریاستوں کو تباہی سے دو چار کیا جبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں

  • امریکہ کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بگولوں اور سیلاب نے تباہی مچادی

    امریکہ کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بگولوں اور سیلاب نے تباہی مچادی

    ٹیکساس : امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ہوا کے بگولوں اور میزوری اور آرکنساس میں سیلاب نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں تیرہ افراد ہلاک ہوگئے۔

    امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفانی بگولوں کی تیز ہوا نے ریاست کو اڑا کے رکھ دیا، ہوا کے بگولوں کی زد میں آکر پانچ لوگ جان سے گئے جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے، طوفان اس قدر بھیانک تھا کہ کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں،درخت جڑ سے اکھڑ گئےاور کاریں ہوا میں کھلونوں کی مانند اڑ رہی تھیں۔

     

    بگولوں سے بجلی کا نطام تہس نہس ہوگیا ہے۔

     

    ریاستی پولیس کے مطابق بگولوں کے خوف سے شہر چھوڑ کر جانے والے سیکڑوں افراد شاہراہ پر بگولوں کی لپیٹ میں آگئے تھے۔

    خیال رہے کہ امریکہ کی ساحلی ریاستوں میں موسمِ سرما کے اختتام پر بگولوں کا جنم لینا معمول کی بات ہے جن کا سلسلہ مئی سے جولائی تک جاری رہتا ہے۔

    امریکی ریاست میزوری اور آرکنساس میں سیلاب

    دوسری جانب امریکی ریاست میزوری اور آرکنساس میں تیز بارشیں سیلاب کا سبب بن گئیں، بستیوں کی بستیاں ڈوب گئیں ، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنےلگیں، سیلاب کے بعد دونوں ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، اور امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

    سیلاب کے پانی کا اتنا زور تھا کہ اس میں کاریں بہہ گئیں، درخت گر گئے اور بجلی کے تار مکانات پر گر گئے۔

    ٹیکساس اور میزوری میں پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔

    امریکی حکام نے لوگوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

  • جنوبی امریکہ میں تباہ کن طوفان سے مرنیوالوں کی تعداد 41 ہوگئی

    جنوبی امریکہ میں تباہ کن طوفان سے مرنیوالوں کی تعداد 41 ہوگئی

    نیویارک : امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ جاری ہے، امریکا کی وسطی اورجنوبی ریاستوں میں بارشوں اورطوفان نے اکتالیس افراد کی جان لے لی جبکہ برطانیہ، ویلزاوراسکاٹ لینڈ کے مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

    امریکا کی وسطی اورجنوبی ریاستوں میں سیلاب اوربارشوں نے تباہی مچادی، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اورایک ہزارسے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں، ٹیکساس اور نیو میکسیکو میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی، سیلاب سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے نیو میکسیکو، اوکلاہوما اور کنساس میں برفانی طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔

    ریاست ٹیکساس میں تیزبگولوں کی زد میں آکر گیارہ افراد لقمہ اجل بن گئے، طوفان سے مکانوں کی چھتیں اُڑگئیں جبکہ متعدد مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے، طوفان کے باعث کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیاہے۔

    دوسری جانب برطانیہ،اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے مختلف علاقوں میں میں بھی بارش اورسیلاب نے معمول کی زندگی معطل کردی۔ سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور فضائی اور ریل ٹریفک متاثر ہوئی، پانی میں ڈوبے افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔

    وزیراعظم ڈیوڈکیمرون نے متاثرہ علاقوں میں فوجی اہلکارتعینات کردئیے ہیں، چین میں دھند سے لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب کینیڈا میں بھی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جنوبی امریکہ کے ملک پیراگوئے میں طوفان کے باعث نوے ہزار افراد گھروں سے محروم ہوگئے ہیں۔

    ارجنٹینا میں بھی سیلاب نے دو افراد کی جان لے لی جبکہ برطانیہ میں بھی مغربی یارک شائر میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب سے سترسالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔