Tag: toronto

  • اسرائیل حماس جنگ کے منفی اثرات نے ٹورنٹو کے شہریوں کو گرفت میں‌ لے لیا، مگر کیسے؟

    اسرائیل حماس جنگ کے منفی اثرات نے ٹورنٹو کے شہریوں کو گرفت میں‌ لے لیا، مگر کیسے؟

    ٹورنٹو: اسرائیل حماس جنگ کے منفی اثرات نے ٹورنٹو کے شہریوں کو گرفت میں‌ لے لیا، جنگ کے منفی اثرات ٹورنٹو کے شہریوں میں دیکھے جانے لگے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اس سال 338 نفرت انگیز جرائم رپورٹ ہوئے، ٹورنٹو پولیس کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ کے بعد ٹورنٹو میں کمیونیٹیز کے درمیان نفرت پیدا ہوئی۔

    ٹورنٹو پولیس کے مطابق 7 اکتوبر سے 17 دسمبر تک ٹورنٹو میں 98 نفرت انگیز واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جو گزشتہ برس 48 ریکارڈ ہوئے تھے، شہر میں اس سال کے نفرت انگیز جرائم میں 41 فی صد اضافہ ہوا۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ برس ٹورنٹو میں 239 نفرت انگیز واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ ہیٹ کرائمز میں اضافے کے پیش نظر ٹورنٹو پولیس نے سٹی کونسل سے اگلے سال کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کا آپریٹنگ بجٹ مانگ لیا ہے۔

  • کینیڈا جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کینیڈا جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: اماراتی ایئر لائن نے 20 اپریل سے ٹورنٹو کے لیے یومیہ پروازیں آپریٹ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای اور کینیڈا کے درمیان توسیع شدہ فضائی نقل و حمل کے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہو گیا، ایمریٹس ایئرلائن دبئی سے ٹورنٹو کے لیے ہفتے میں 2 پروازوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    ایئر لائن کے ترجمان نے کہا کہ 20 اپریل سے مسافروں کی سہولت اور ان کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے مصروف روٹ پر اب روزانہ پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے کہا کہ ایمریٹس متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کے درمیان فضائی خدمات کے معاہدے میں توسیع کو خوش آمدید کہتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں فضائی رابطوں اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ حاصل گا۔

  • ٹورنٹو میں 75 ہزار سکھوں نے بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے ووٹ کاسٹ کر دیا

    ٹورنٹو میں 75 ہزار سکھوں نے بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے ووٹ کاسٹ کر دیا

    ٹورنٹو: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 75 ہزار سکھوں نے بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے ووٹ کاسٹ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خالصتان کے قیام کے لیے کینیڈا میں ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہو گئی، ٹورنٹو میں پچھتر ہزار سے زائد افراد نے بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے ووٹ کاسٹ کر دیا۔

    سکھ برادری کی کثیر تعداد نے صبح 9 سے شام پانچ بجے تک ووٹ حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ سکھ فار جسٹس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وقت ختم ہونے کی وجہ سے ووٹرز کی بڑی تعداد ووٹ نہیں ڈال سکی، شاید تیسرے ریفرنڈم کا انعقاد بھی کرنا پڑے۔

    18 ستمبر کو ٹورنٹو میں ہونے والے خالصتان ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں منتظمین کے مطابق ایک لاکھ سے زائد سکھوں نے ووٹ ڈالا تھا، ملک بھر سے خواتین اور معمر افراد کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے لیے ٹورنٹو پہنچی تھی، تاہم ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے باعث قطار میں لگے ہزاروں سکھ ووٹ نہ ڈال سکے تھے۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سکھوں کی نمائندہ تنظیم سکھس فار جسٹس خالصتان ریفرنڈم مہم کی قیادت کر رہی ہے، جس کا مقصد پنجاب کی بھارت سے علیحدگی اور اسے سکھوں کا علیحدہ وطن قرار دینے کے لیے بین الاقوامی سطح پر حمایت حاصل کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ سکھس فار جسٹس کے لیڈر پنوں 26 جنوری 2023 کو بھارت میں بھی خالصتان پر ریفرنڈم کا اعلان کر چکے ہیں، انھوں نے سکھ برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ پنجاب میں سکھوں کا وطن بنانے کے لیے خالصتان ریفرنڈم کی حمایت کریں، انھوں نے کہا کہ اگر ہندوستان حقیقی جمہوریت ہے تو اسے ریفرنڈم کے نتائج کو قبول کرنا چاہیے۔

  • کینیڈا میں اسلامو فوبیا کا ایک اور واقعہ ، مرد اور خاتون کی  زبردستی مسجد میں داخل ہونے کی کوشش

    کینیڈا میں اسلامو فوبیا کا ایک اور واقعہ ، مرد اور خاتون کی زبردستی مسجد میں داخل ہونے کی کوشش

    ٹورنٹو : کینیڈا کے دارالحکومت ٹورنٹو میں  ایک مرداورخاتون نے زبردستی مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی اور دھمکیاں بھی دیں ، پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے دارالحکومت ٹورنٹو میں اسلامو فوبیا کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ، جہاں ایک مرداورخاتون کی زبردستی مسجدمیں داخل ہونے کی کوشش کی۔


    عینی شاہدین نے بتایا کہ اسکار بورو ایریا میں خاتون اور مرد نے مسجد میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی اور دھماکا خیز مواد لگانے کی بھی دھمکی دی جس پر فوری پولیس کو بلایا گیا۔

    کینیڈین پولیس نے مسجد میں گھسنے کی کوشش کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا اور کہا مسجدمیں گھسنےکی کوشش کرنےوالےنشےمیں تھے، واقعے کے بعد ہیٹ کرائم یونٹ کو بھی مطلع کردیا، واقعہ نفرت انگیز ی کا ہے یا نہیں ،تحقیقات جاری ہے۔

    میئرٹورنٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات نا قابل قبول ہیں،مجرمانہ رویہ ہے، واقعےکی شدیدمذمت کرتے ہیں،مسلم برادری کیساتھ ہیں، اسلامو فوبیا سے نمٹنےکیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

    واضح رہے 6 جون کو کینیڈا کے شہر لندن انٹاریو میں دہشت گردی کے واقعے میں ایک خاندان کے چار افراد 46 سالہ فزیوتھراپسٹ سلمان افضل، ان کی اہلیہ اور پی ایچ ڈی کی طالبہ 44 سالہ مدیحہ سلمان، نویں جماعت کی طالبہ 15 سالہ یمنیٰ سلمان اور اُن کی 74 سالہ ضعیف دادی کو ٹرک کے نیچے روند ڈالا تھا۔

    کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا تھا۔ 20 سالہ ملزم یتھینیل ویلٹمین پر قتل کے چار اور اقدامِ قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا تھا۔

  • سعودی لڑکی راہف القانون کینیڈا پہنچ گئیں

    سعودی لڑکی راہف القانون کینیڈا پہنچ گئیں

    اوٹاوا: سعودی عرب سے فرار ہونے والی 18 سالہ لڑکی راہف محمد القانون سیاسی پناہ ملنے کے بعد کینیڈا پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے خاندان کو چھوڑنے اور بنکاک ایئرپورٹ پر پھنس جانے والی سعودی لڑکی راہف محمد القانون کینیڈا پہنچ گئیں۔

    راہف محمد القانون جب ٹورنٹو ایئرپورٹ پہنچیں تو کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فریلینڈ نے انہیں ایک نئی بہادر کینیڈین کے طور پرمتعارف کروایا۔

    کینیڈین وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ راہف محمد القانون نے بات کرنے سے اجتناب کیا ہے چونکہ طویل سفر کے بعد وہ تھکن سے چُور ہیں۔

    سعودی لڑکی راہف القانون کو کینیڈا نے پناہ دے دی

    اس سے قبل گزشتہ روز کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے راہف محمد القانون کو سیاسی پناہ دینے سے متعلق اقوام متحدہ کی درخواست منظور کی تھی۔

    کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں راہف کو سیاسی پناہ دینے پر خوشی ہے کیونکہ کینیڈا وہ ملک ہے جو انسانی حقوق اور خواتین کے لیے آواز اٹھانے کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور میں اس بات کی تصدیق کررہا ہوں کہ ہم نے اقوام متحدہ کی درخواست قبول کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ 18 سالہ لڑکی راہف محمد القانون براستہ بنکاک آسٹریلیا جانا چاہتی تھی لیکن انہیں پہلے کویت واپس جانے کے لیے کہا گیا جہاں ان کا خاندان ان کا انتظارکر رہا تھا۔

    راہف نے واپس جانے سے انکار کردیا تھا اور ایئرپورٹ کے ہوٹل کے ایک کمرے میں خود کو بند کرلیا تھا جس سے انہیں بین الاقوامی توجہ بھی حاصل ہوئی۔

  • سعودی ایئرلائنزنے ٹورنٹو کےلیے تمام پروازیں معطل کردیں

    سعودی ایئرلائنزنے ٹورنٹو کےلیے تمام پروازیں معطل کردیں

    ٹورنٹو: سعودی عرب کی جانب سے کینیڈا کے سفیر کو ملک بدرکرنے بعد ٹورنٹو کے لیے تمام فلائٹس معطل کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے کینیڈا کے سفیر کونا پسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کے حکم کے بعد سعودی ایئرلائنز نے ٹورنٹو کے لیے تمام پروازیں بند کردیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا میں اسکالرشپ، تربیتی اورفیلوشپ پروگرام معطل کیے جا رہے ہیں اور یہ پروگرام کسی اور ملک میں منتقل کیے جائیں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ تمام نئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے بھی ختم کررہا ہے۔

    ادھرکینیڈا نے سعودی عرب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

    سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش کا اظہار کیا تھا۔

    سعودی عرب کا کینیڈا کےسفیرکوملک چھوڑنےکا حکم

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے کینیڈا کے سفیر کونا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑے کا حکم دیا تھا۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اندورنی معاملات میں مداخلت قبول نہیں کی جاسکتی، گرفتاریاں قانون کے مطابق مجازاتھارٹی کی جانب عمل میں لائی گئیں۔

    سعودی عرب: انسانی حقوق کی دو سرگرم خواتین کارکن گرفتار

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں انسانی حقوق باالخصوص خواتین کےلیےآوازاٹھانے والی دو سرگرم خواتین کو گرفتارکیا گیا تھا۔

  • کینیڈا میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی

    کینیڈا میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی

    اوٹاوا: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی ڈینفوٹ اور لوگان ایوینو پر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کالعدم شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے مذکورہ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی گئی ہے، واضح رہے کہ ٹورنٹو حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

    عسکریت پسند تنظیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور کو خاص مقصد کے لیے بھیجا گیا تھا، جبکہ داعش نے حملے سے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔


    ٹورنٹو میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، ایک خاتون ہلاک، متعدد افراد زخمی


    خیال رہے کہ مذکورہ حملے کے بعد ٹورنٹو پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا تھا کہ واقعے میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں ایک بچی کی حالت تشویش ناک بتائی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ پولیس ذرائع نے یہ بھی کہا تھا کہ مسلح شخص نے خود کو گولی مارنے سے قبل پولیس پر بھی فائرنگ  کی تھی۔

    علاوہ ازیں پولیس ترجمان نے کہا تھا کہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حملے کی وجہ کیا تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ٹورنٹو میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، ایک خاتون ہلاک، متعدد افراد زخمی

    ٹورنٹو میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، ایک خاتون ہلاک، متعدد افراد زخمی

    ٹورنٹو : کینیڈا  میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں 1 خاتون  جاں بحق جبکہ بچی سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے، حملہ آور خود کوگولی مار خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کےمطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی ڈینفوٹ اور لوگان ایوینو پر اتوار کی شب نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 1 خاتون جاں بحق ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرلیا۔

    عینی شاہد کے مطابق ایک نامعلوم مسلح شخص نے اچانک خودکار ہتھیار نکال کر سڑک پر موجود لوگوں پر فائرنگ کردی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے نوجوان خاتون گولی لگنے کے باعث موقع پر جاں بحق ہوگئی تھی، کچھ متاثرین کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ متعدد کو نزدیکی ہسپتال منتقل کردیا گیاا۔

    اس حوالے سے ٹورنٹو پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے ذریعے شہریوں کو  آگاہ کیا کہ واقعے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں ایک بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    غیر خبر  رساں ادارے کے مطابق پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلح شخص نے خود کو گولی مارنے سے قبل پولیس پر  بھی فائرنگ کی۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حملے کی وجہ کیا تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عینی شاہد نے بتایا کہ ’میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ریستوران میں کھانا کھا رہا تھا کہ اچانک فائرنگ فائرنگ شروع ہوگئی اور تقریباً 20 گولیاں چلی۔

    خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ کینیڈا میں بڑھتئے ہوئے فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی طرف اشارہ کرتا ہے، صرف رواں برس کے دوران کینیڈا میں فائرنگ کے 200 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 20 واقعات ہلاکت خیز ثابت ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کینیڈا: ٹرک نے راہ گیروں کو روند ڈالا، 9 افراد ہلاک، 16 زخمی

    کینیڈا: ٹرک نے راہ گیروں کو روند ڈالا، 9 افراد ہلاک، 16 زخمی

    اوٹاوا: کینیڈا میں ایک تیز رفتار ٹرک نے سڑک کے اطراف موجود شہریوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک تیز رفتار ٹرک راہگیروں پر چڑھ گیا جس کے باعث متعدد ہلاکتیں سامنے آئیں تاہم زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    حادثے کی خبر ملتی ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں جہاں ریسکیو کا کام جاری ہے جبکہ پولیس حکام کے مطابق ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    کینیڈا میں آئس ہاکی ٹیم کی بس حادثے کا شکار، 14 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    حادثے سے متعلق ابتدائی طور پر جاری کردہ بیان میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ انتہائی افسوس ناک ہے اور جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ کافی مصروف علاقہ ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ اس علاقے میں آنے سے پرہیز کریں، علاوہ ازیں جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پردیگرسروسز بھی معطل کردی گئی ہیں۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ڈرائیور فرارہونے کے بجائے جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر ہی موجود تھا جس کے باعث وین اوراس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، البتہ پولیس کی جانب سے ڈرائیور کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

    کینیڈا میں ہیلی کاپٹر گرکرتباہ،2افراد ہلاک

    دوسری جانب کینیڈا کے وزیر برائے پبلک سیفٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے تاہم ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ ڈرائیور نے ایسا کیوں کیا اور اس کے پیچھے کیا محرکات تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف پانامہ سےہٹ ہوگیا ہے،شیخ رشید

    نوازشریف پانامہ سےہٹ ہوگیا ہے،شیخ رشید

    ٹورنٹو : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نوازشریف نےچالیس سال میں اپنی جگہ کسی کوآگےنہیں آنے دیا، نوازشریف پانامہ سے ہٹ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیداحمد نے ٹورنٹومیں ڈاکٹرطاہرالقادری سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

    اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ حکومت پوری طرح پھنس چکی ہے اور اب سیاسی پناہ لینے کیلئے دنیاسے رابطے کر رہی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کاانصاف لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ، تمام اپوزیشن جماعتیں شہدا ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے 40سال میں اپنی جگہ کسی کو آگے نہیں آنے دیا، چور کو چور کہنے پر19اور 20ویں گریڈافسران کو دھمکایا جارہا ہے، حدیبیہ پیپر مل کیس مدر آف آل کرائم ہے، نوازشریف پانامہ سے ہٹ ہوگیا ہے۔


    مزید پڑھیں :  مارچ 2018 سےپہلےحکومت کا کوئیک مارچ ہوجائےگا‘ شیخ رشید


    گذشتہ روز بھی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، شریف خاندان این آر او ڈھونڈ رہا ہے جو نہیں ملے گا، مارچ 2018 سے پہلے حکومت کا کوئیک مارچ ہوجائے گا۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے عمران خان کے ساتھ مل کرآئندہ عام انتخابات لڑنے کا اعلان بھی کیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ 60 ایم این اے مسلم لیگ ن چھوڑنے کے لیے تیار ہیں، ن لیگ میں لیڈر شپ کا فقدان ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔