Tag: torrential rains

  • طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں

    طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں

    اسلام آباد: این ایچ اے کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔

    ترجمان این ایچ اے کے مطابق انتظامیہ اور فیلڈ اسٹاف کی ان تھک محنت سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں اکثر شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہو گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گیتی داس اور رائے کوٹ میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو تیزی سے صاف کیا جا رہا ہے، جلد ہی یہ دو شاہراہیں بھی ٹریفک کے لیے کھل جائیں گی۔

    خیبر پختونخوا میں زیادہ تر روڈ نیٹ ورک ٹریفک کے لیے رواں ہے اور موسم صاف ہے، تالاش- خوڑ شمشی خان کے قریب N-45 ٹریفک کے لیے جزوی طور پر کھلی ہے، اور اس پر کام ہو رہا ہے۔ شاہراہِ قراقرم پر پتن اور بشام، داسو کے مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ قراقرم ہائی وے پر دو طرفہ ٹریفک بحال رکھنے کے لیے مسلسل ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، این ایچ اے اچانک خراب موسمی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مستعد و فعال ہے، تمام حساس مقامات پر مشینری اور عملہ پہنچ چکا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب اور برفباری کی غیر یقینی صورت حال پیدا ہو رہی ہے۔

    این ایچ اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل موسمی صورت حال سے آگاہی ضرور حاصل کریں۔

  • یونان میں طوفانی بارشوں نے متعددعلاقوں کو ڈبو دیا

    یونان میں طوفانی بارشوں نے متعددعلاقوں کو ڈبو دیا

    ایتھنز: یورپی ملک یونان میں طوفانی بارشوں نے متعدد علاقوں کو ڈبو دیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 800 ملی میٹر کی بارش نے تباہی مچا دی ہے، 10 افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، یونانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یونان قدرتی آفت سے جنگ لڑ رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے تھیسالی ریجن میں 4 دنوں کے دوران برقرار رہنے والے طوفان نے 3 فٹ بارش برسا دی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر سیلاب آ گیا ہے۔

    گزشتہ کئی ہفتوں سے یونان گرمی کی شدید لہروں اور آتش زدگیوں کا شکار رہا، اور اب طوفانی بارشوں نے ستمبر کے اوائل میں وسطی یونان میں بڑے پیمانے پر سیلاب کو جنم دیا ہے۔ 4 ستمبر کو شروع ہونے والے چار روزہ طوفان کے دوران سیلابی پانی نے گھروں کے گھر غرق کر دیے ہیں، اور گلیوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا، جس میں بہت سی کاریں بہہ گئیں۔

    بارش کے باعث مختلف حادثات میں 10 افراد جان سے گئے، وسطی یونان میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور کئی گاؤں زیر آب آ گئے، بارشوں کی وجہ سے دریا بھی بپھر گئے جو اپنے ساتھ گھروں، سڑکوں اور پلوں کو بہا لے گئے، جب کہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔