Tag: torture

  • خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو پر حکام کی فوری کارروائی، سعودی شہری گرفتار

    خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو پر حکام کی فوری کارروائی، سعودی شہری گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے متعلقہ سرکاری اداروں نے گھریلو تشدد کو روکنے کے لیے مہم تیزکر دی ہے، حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کا فوری نوٹس لیا گیا ہے جس میں ایک خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کا فوری نوٹس لیا گیا جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ایک سعودی شہری اپنی رشتہ دار خاتون پر تشدد کر رہا ہے۔

    الشرقیہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو پر ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔

    مقامی پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور خاتون پر تشدد کرنے والے شہری کے خلاف کارروائی کی گئی، زیر حراست شہری کو قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

    پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو طبی معائنے کے لیے سرکاری اسپتال میں داخل کروا دیا گیا تھا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق پبلک پراسیکیوشن گھریلو تشدد کے ہر واقعے کا نوٹس لیتا ہے، کسی شخص کو گھر کے کسی بھی فرد کے خلاف جسمانی یا ذہنی تشدد یا اس کی دھمکی کا اختیار نہیں ہے، جو شخص بھی اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    خیال رہے کہ سعودی قوانین کے تحت مملکت میں گھریلو تشدد جرم ہے، کسی بھی شخص کو گھر یا خاندان کی کسی عورت اور بچے پر تشدد کی اجازت نہیں اور تشدد کی مختلف صورتوں پر سزائیں مختلف ہیں۔

  • امریکا: سوتیلے باپ نے 13 سالہ بچے کو کتے کے پنجرے میں بند کردیا

    امریکا: سوتیلے باپ نے 13 سالہ بچے کو کتے کے پنجرے میں بند کردیا

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شخص نے اپنی دوسری بیوی کے بیٹے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر مار ڈالا، بعد ازاں اس شخص نے جیل میں خودکشی کرلی، مذکورہ شخص کے بیٹے کو بھی حراست میں رکھا گیا ہے جو جرم میں برابر کا شریک رہا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق جورڈن نونیز کو تشدد کرنے اور شواہد مٹانے کے الزام میں جیل میں رکھا گیا ہے اور جلد اسے 25 سال قید کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

    جورڈن کے باپ تھامس فرگوسن نے ٹریسی نامی خاتون سے شادی کی تھی جن کے پہلے سے 3 بچے تھے۔ 13 سالہ جرمی مسلسل سوتیلے باپ کی بدسلوکی اور تشدد کا نشانہ بنتا رہتا۔

    فرگوسن طویل عرصے سے بچے کو تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا اور اس عمل میں اس کا بیٹا جورڈن بھی شریک رہتا، پولیس کے مطابق فرگوسن بچے پر بیلٹ سے تشدد کرتا اور ہتھوڑے سے اس کے ہاتھوں پر مارتا۔

    3 سال قبل جس دن جرمی کی موت ہوئی اس دن بھی فرگوسن نے اس پر بہیمانہ تشدد کیا اور بعد ازاں کتے کو رکھے جانے والے پنجرے میں بند کردیا۔ باپ کے کہنے پر جورڈن پنجرے کو ٹھوکریں مارتا رہا اور پنجرہ لڑھکتا رہا، اسی دوران جرمی کی موت واقع ہوگئی۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق تشدد کی وجہ سے بچے کے جبڑے کی ہڈی دو جگہ سے ٹوٹ گئی تھی اور ایک جگہ وہ مسوڑھے میں گھس گئی تھی۔

    پولیس کی گرفتاری کے بعد فرگوسن نے جیل میں خودکشی کرلی تھی، بچے کی ماں اور فرگوسن کا بیٹا جورڈن بھی پولیس کی حراست میں ہے جس پر کیس چلایا جارہا ہے۔ کیس کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔

  • جامن توڑ کر کیوں کھائے ؟ دو دلت ذات کے بچوں پر بہیمانہ تشدد

    جامن توڑ کر کیوں کھائے ؟ دو دلت ذات کے بچوں پر بہیمانہ تشدد

    بھارت میں دلت برادری پر انتہا پسند ہندوؤں کے مظالم آج بھی جاری ہیں، چھوٹی سے چھوٹی بات پر بھی نہ صرف بڑوں بلکہ بچوں کو بھی بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں دلت ذات کے بچے ایک نجی اسکول کے احاطہ میں لگے درخت سے کچھ جامن توڑ کر کھا رہے تھے اسی دوران اسکول کے مالک کیلاش نے انہیں پکڑ کر درخت سے باندھ کر ان پر بے تحاشہ تشدد کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش میں گیہوا گاؤں کے ایک باغ کے مالک نے 10 اور 11 سال کے دو دلت لڑکوں کو مبینہ طور پر درخت سے باندھ کر گھنٹوں بے رحمی سے پیٹا یہاں تک کہ وہ بے ہوش ہوگئے۔ یہ سزا دلت بچوں کو اس لیے دی گئی کیونکہ انہوں نے باغ سے جامن توڑے تھے۔

    بچوں کے گھر نہ پہنچنے پر جب ان دلت لڑکوں کی مائیں انہیں ڈھونڈنے نکلیں تو دیکھا کہ وہ درخت سے بندھے ہوئے بے ہوش پڑے ہیں۔

    بچوں کے اہل خانہ نے قریبی پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کو مطلع کیا لیکن بدھ کو سوشل میڈیا پر بچوں کی تصویریں شیئر کیے جانے کے بعد ہی پولیس نے ایف آئی آر درج کی۔

    پولیس نے 25سالہ مرکزی ملزم کیلاش ورما کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے وقت ملزم شراب کے نشے میں تھا۔

    دونوں بچوں کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکول کے مالک کیلاش نے انہیں درخت سے باندھ دیا اور جم کر پٹائی کی۔ بچوں کے رونے اور بار بار رحم کی بھیک مانگنے پر بھی اس نے بچوں کو نہیں چھوڑا۔

    بچوں کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کیلاش کے گھر والے ہمیں شکایت واپس لینے کے لیے منانے کی کوشش کر رہے، لیکن ہم نے انہیں منع کر دیا ہے۔ محمدی تھانے کی پولیس نے دونوں بچوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال بھیجا جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

  • موٹرسائیکل سوار بھارتی خاتون بے قابو،اہلکار کی درگت بنا دی، ویڈیو وائرل

    موٹرسائیکل سوار بھارتی خاتون بے قابو،اہلکار کی درگت بنا دی، ویڈیو وائرل

    ممبئی : بھارت میں خاتون نے ہیلمٹ نہ پہننے کے سوال پر ٹریفک پولیس اہلکار کی درگت بنا دی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون پولیس اہلکار کا گریبان پکڑے ہوئے اسے تھپڑ ماررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی میں ایک موٹر سائیکل سوار خاتون نے محض اس بات پر پولیس اہلکار کی پٹائی کردی کہ اس نے ہیلمنٹ نہ پہننے پر اسے روکا تھا۔

    مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون ٹریفک پولیس اہلکار کی درگت بنارہی ہے، خاتون کے احترام میں اس اہلکار نے اُسے کچھ نہ کہا اور خاموشی سے پٹتا رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ ممبئی کے علاقے کاٹن ایکسچینج کے پاس پیش آیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار نے موٹر سائیکل سوار خاتون کو روکا جس ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔

    دونوں کے درمیان جرمانے کے اوپر پہلے تکرار شروع ہوئی اور پھر اس کے بعد اچانک خاتون نے سڑک پر پولیس اہلکار کو نہ صرف مارنا شروع کیا بلکہ اس کی وردی بھی پھاڑی دی۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار نے اُسے گالیاں دیں جس پر وہ غصہ ہوئی، جبکہ پولیس اہلکار نے خاتون کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔

    دوسری جانب مہاراشٹرا کی حکمراں جماعت شیو سینا کے رہنما سنجے راوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ خاتون کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ کو بھی ٹیگ کیا اور کہا کہ یہ معاملہ پولیس کی عزت کا ہے۔

  • رات کے3بجے کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ تنظیم سازی کے لیے آیا ہوں، شہباز گل

    رات کے3بجے کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ تنظیم سازی کے لیے آیا ہوں، شہباز گل

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے طلال چوہدری والے واقعے پر کہا ہے کہ رات کے3بجے جانے والا یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں تنظیم سازی کے لیے آیا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے آج طلال چوہدری پر ہونے والے تشدد کے واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ
    خواتین کو ہراساں کرنا معاشرے کا ایک رویہ بن گیا ہے۔

    شہبازگل نے کہا کہ یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، مذہبی اور معاشرتی تعلیمات بھلادی جاتی ہیں،اس سے قبل بھی خواجہ آصٖف نے قومی اسمبلی میں شیریں مزاری سے متعلق غلط ریمارکس دیے تھے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں پتہ چلاہے کہ مریم صفدر بھی اس معاملے پرفعال ہوگئی ہیں، مریم صفدر معاملے کو رفع دفع کرنے کے لیے دونوں رہنماؤں پر دباؤ ڈال رہی ہیں، پولیس کی ذمہ داری ہے کہ واقعے کی میرٹ پر تفتیش کرے اور کسی بھی دباؤ میں نہ آئے۔

    رات کے3بجے جانے والا یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں تنظیم سازی کے لیے آیا ہوں، واقعے میں ہم اپنی بہن کے ساتھ کھڑے ہیں، سپریم کورٹ طلال چوہدری کو پہلےہی نااہل کرچکی ہے، ایک شخص جو بدتمیزی کرنے پر ہی نااہل ہوا، اس سے کیا توقع کی جاسکتی ہے، چینلز کو بھی ایسے شخص کو بھی اپنا پلیٹ فارم نہیں دینا چاہیے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری کی یہ پرانی عادت ہے، ن لیگ اسی کلچر کو فروغ دیتی ہے، میری پولیس کے اعلیٰ حکام سے بات ہوئی ہے، پولیس حکام نے تصدیق کی کہ طلال چوہدری نے پہلے فون کال کی تھی، فون کال سے متعلق ون فائیو کے پاس ریکارڈ موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم این اے نے بھی پولیس کو فون کرکے گھر کے باہر مشکوک افراد کے موجود ہونے کی اطلاع دی تھی، طلال

    چوہدری ایک جلسے میں خطاب کے دوران مخالفین کیخلاف نازیبا ریمارکس دیتے رہے ہیں اور اب اپنی ہی پارٹی کی ایک معزز رکن کے گھر کے باہرغندہ گردی کی گئی۔

    مزید پڑھیں : ہراساں کرنے کا الزام ، طلال چوہدری پرن لیگی ایم این اے عائشہ رجب کے بھائیوں کا تشدد

    ڈاکٹر شہبازگل نے مزید کہا کہ فیصل آباد پولیس نے ایک اہم اقدام کیا،ان کی اس کاوش کو سراہتا ہوں، ایم این اے کے گھر کے باہر پولیس تعینات کردی گئی ہے، معزز خاتون رکن اسمبلی کوئی مقدمہ درج کرانا چاہیں گی تو ہر ممکن قانونی مدد کریں گے۔

  • بھارت میں غنڈہ راج : بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے والے شخص کا بہیمانہ قتل

    بھارت میں غنڈہ راج : بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے والے شخص کا بہیمانہ قتل

    مراد آباد : بھارت میں بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر سفاک ملزمان نے 45سالہ شخص کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے کافی تاخیر کے بعد دباؤ پر7 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر مراد آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں اپنی 14سالہ نابالغ بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر 45 سالہ باپ کو مبینہ طور پر ملزم کے دوستوں اور اہل خانہ نے تشدد کرکے مار ڈالا۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بچی کے والد کو مبینہ طور پر نوجوان، اس کے دوستوں اور اہل خانہ نے بہیمانہ تشدد vکرکے مار ڈالا۔ یہ واقعہ منگل کی شام کو مہیش پورہ گاؤں میں پیش آیا۔ مقتول مہلوک ہری اوم ملزم رنویر کے گھر والوں سے یہ شکایت کرنے گیا تھا کہ وہ ان کی 14 سالہ بیٹی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا ہے۔

    شکایت کرنے پر 24 سالہ رنویر نے اپنے دوستوں وکاس (23 سال)، شرما یادو (24 سال) اور امر سنگھ (26 سال) کے ساتھ ساتھ خاندان کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر ہری اوم کو اینٹوں اور ڈنڈوں سے بے رحمی سے مارا۔ تشدد کی وجہ سے بری رام طرح زخمی ہوگیا اور گزشتہ روز اسپتال میں دَم توڑ دیا۔

    میڈیا ذرائع سے موصول ہو نے والی اطلاعات کے مطابق سات ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور رنویر کے ساتھ ساتھ اس کے دوستوں وکاس، شرما یادو اور امر سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ مراد آباد، پربھاکر چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ یہ پتہ چلا ہے کہ دونوں خاندان آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے درمیان کچھ تنازعہ بھی چل رہا تھا۔

    ایس پی سٹی امت کمار آنند نے کہا کہ "ہری اوم کی موت کے بعد ان کے گھر والوں اور کچھ مقامی لوگوں نے پولس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا، مقامی پولس کی جانب سے لاپروائی سامنے آئی ہے کیونکہ پولیس کارروائی میں تاخیر ہوئی تھی، اس حوالے سے مزید تفتیش کا حکم دے دیا گیا ہے۔

  • ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر کے خلاف مقدمہ درج

    ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر وقاص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔

    تفصیلات کے مطابق غلط آرڈر لانے پر ریستوران ملازم پر تشدد کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ایس پی فرقان بلال کا کہنا ہے کہ ڈیفنس بی پولیس نے ملزم وقاص کلیم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزم نجی بینک میں افسر ہے۔

    ایس پی کا کہنا ہے کہ مقدمہ ریستوران ملازم اسد کی مدعیت میں درج کیا گیا، ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق آرڈر غلط لانے پر ملزم نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ملزم وقاص نے گاڑی کے ذریعے جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی تھی۔ پولیس تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز لاہور میں پیش آیا تھا جب ایک غیر ملکی ریستوران میں بینک افسر وقاص نے ریستوران ملازم اسد پر تشدد کیا، اس دوران وقاص ملازمین کو مغلظات بکتا رہا اور آرڈر لانے والے ملازم پر تھپڑوں کی بارش کردی۔

    ریستوران کے ملازمین نے بیچ بچاؤ کروا کے نجی بینک افسر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ ان سے بھی الجھتا رہا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا، غریب ہوٹل ملازمین افسر کی گالیاں چپ چاپ کھڑے سنتے رہے اور افسر کو پیسے بھی واپس کر دیے لیکن وہ ان کو دھمکیاں دیتا رہا۔

    ریستوران ملازم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔

  • امریکہ : سیاہ فام کے ساتھ بہیمانہ سلوک کا دوسرا واقعہ، پولیس اہلکار نے گولی ماردی

    امریکہ : سیاہ فام کے ساتھ بہیمانہ سلوک کا دوسرا واقعہ، پولیس اہلکار نے گولی ماردی

    ورجینیا : امریکہ میں پولیس اہلکار نے ایک اور سیاہ فام کو گولی مار دی، اہلکار نے اس کو زمین پر گرا کر اس کی گردن کو دبا دیا، پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کے فیئر فیکس کاونٹی میں سیاہ فام شخص پر پولیس تشدد کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، امریکہ سمیت کئی ممالک میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی موت کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ ابھی تھما بھی نہیں تھا کہ ایک دوسرا ویڈیو بھی سامنے آ گیا۔

    ویڈیو میں ٹائلر ٹمبرلاک نامی امریکی پولیس اہلکار نے ایک سیاہ فام امریکی شہری کو اسٹن گن سے گولی مار دی، یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا کے فیئر فیکس کاؤنٹی میں پیش آیا۔ گن سے فائر کرنے کے بعد سیاہ فام شخص زمین پر گر گیا اور

    حادثے کا ویڈیو پولیس افسر کے یونیفارم میں لگے ہوئے کیمرے میں محفوظ ہو گیا گن لگنے کے بعد زمین پر گرے شخص کے اوپر چڑھ کر پولیس اہلکار ٹمبرلاک نے اس کی گردن کے پیچھے حصے پر دبایا اور دوبارہ گولی ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

    اس حوالے سے فیئر فیکس کاؤنٹی کے پولیس چیف ایڈون سی روزلر جونیئر کا کہنا ہے کہ کسی شخص نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ ایک شخص سڑک پر جا رہا تھا اور یہ آواز دے رہا تھا کہ اسے آکسیجن کی ضرورت ہے۔

    پولیس چیف نے مزید کہا کہ یہ بات واضح نہیں ہے کہ ٹمبرلاک نے اس شخص پر اپنی اسٹین گن کیوں استعمال کی؟ فیئر فیکس کاؤنٹی پولیس انتظامیہ نے بتایا ہے کہ پولیس اہلکار ٹائلر ٹمبر لاک کے خلاف سیاہ فام شخص پر اسٹن گن استعمال کرنے سے متعلق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس زخمی شخص کا اسپتال میں علاج کیا گیا اور اس کے بعد چھٹی دے دی گئی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ 25 مئی کو امریکی ریاست مینی سوٹا کے مینی پولیس شہر میں پولیس اہلکار کی جانب سے ایک سیاہ فام کا گلا گھونٹے جانے کے سبب 46 سالہ جارج فلائیڈ کی موت ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے اب تک امریکہ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔

  • ہانگ کانگ پولیس طاقت کا غیرضروری استعمال کر رہی ہے، ایمنسٹی

    ہانگ کانگ پولیس طاقت کا غیرضروری استعمال کر رہی ہے، ایمنسٹی

    لندن : ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس جمہوریت نواز مظاہرین کو اپنی مرضی و منشا کے تحت گرفتار اوران پر تشدد کا سلسلہ روارکھے ہوئے ہے۔

    تفصیلات کے مطاب ق انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کی پولیس کی طرف سے جمہوریت نوازوں کے مظاہروں کے دوران طاقت کا غیرضروری استعمال جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک بیا میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پولیس کے ان ہتھکنڈوں کو جارحانہ اور غیرقانونی بھی قرار دیا۔

    انسانی حقوق کی اس تنظیم نے پولیس کی جانب سے طاقت کے بیجا استعمال کی تفصیلات اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں بیان کیں۔ اس رپورٹ کو مرتب کرنے کے لیے متاثرہ مظاہرین کے خصوصی انٹرویو بھی کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس جمہوریت نواز مظاہرین کو اپنی مرضی و منشا کے تحت گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ دورانِ حراست ان پر ٹارچر کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

    ہانگ کانگ میں پابندی کے باوجود ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر،بھرپور احتجاج

    رواں سال جون میں ہانگ کانگ میں مجرموں کی چین حوالگی سے متعلق متنازع بل کے خلاف لاکھوں افراد نے احتجاج کیا تھا جس کے باعث چیف ایگزیکٹو کیری لام نے عوام سے معافی مانگ لی تھی۔

    بعد ازاں بیجنگ حکام نے ہانگ کانگ میں مظاہرے کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ آگ سے کھیلنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    چین نے بظاہر امریکا کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے پس منظر میں رہتے ہوئے مظاہرین کی حمایت کرنے والوں کو بھی نتائج سے خبردار کیا۔

  • بھارتی فوج کا چار کشمیریوں پر انسانیت سوز تشدد، چیخیں پورے علاقے کو سنوائیں

    بھارتی فوج کا چار کشمیریوں پر انسانیت سوز تشدد، چیخیں پورے علاقے کو سنوائیں

    سری نگر : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے درندوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، شوپیاں میں چار کشمیریوں پر بھارتی فوج نے انسانیت سوز تشدد کرکے ان کو شدید زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تعینات ظالم بھارتی فوجیوں نے درندگی کی مثال قائم کردی، ،کشمیری رہنما شہلارشید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فوج نےعلاقے میں بدترین دہشت پھیلائی ہوئی ہے، کشمیر کے علاقے شوپیاں میں چار کشمیریوں کو گرفتار کرکے ان پربھارتی فوج نے انسانیت سوز تشدد کیا۔

    چاروں کشمیریوں کو فوجی کیمپ میں لے جا کر بہیمانہ تشدد کیا گیا، تشدد کے دوران بھارتی درندوں نے مائیک پر کشمیریوں کی چیخیں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے علاقے کے لوگوں کو بھی سنوائیں۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کا دنیا سے رابطہ کٹے دوہفتے گزر گئے ہیں، دنیا کے سب سے بڑے قید خانے میں لوگوں کو خوراک مل رہی ہے نہ ہی دوا۔

    بچے ہوں یا بوڑھے سب سسک سسک کر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، گھروں میں محصور کشمیریوں پر بھارتی درندہ صفت فوج نے ظلم وبربریت کی انتہا کردی ہے۔

    مسلسل کرفیو، انٹرنیٹ اور موبائل فون کی سہولت نہ ہونے سے لوگوں کا اپنے پیاروں سے رابطہ ناممکن ہوگیا ہے، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، گھروں میں محصور ہیں اور بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔

    جنت نظیر وادی میں دو ہفتے سے لاک ڈاؤن۔ کے باعث کاروباری مراکز بھی بند ہیں، اس کے علاوہ اسکول، کالجز اورجامعات بند ہونے سے بچوں کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قید ہے۔