Tag: tourist

  • ترکیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلیے اہم معلومات

    ترکیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلیے اہم معلومات

    پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد ترکیہ کی جانب سفر کرتی ہے، جن میں طلباء و طالبات تاجر اور سیاح شامل ہیں۔

    وہاں کے تاریخی اور سیاحتی مقامات اور تفریح کے منفرد ذرائع دنیا بھر سے سیاحوں کو تیزی سے ترکی کی طرف راغب کر رہے ہیں۔

    پاکستان سے ترکیہ جانے والے خواہشمند افراد اس مضمون سے ترکیہ کے سفر میں پیش آنے والی ضروریات اور اہم معلومات سے متعلق استفادہ لے سکتے ہیں۔

    وزٹ ویزا

    پاکستان میں اناطولیہ ویزا ایپلی کیشن سینٹرز ترکی کے وزٹ ویزا کیلیے درخواستیں قبول کرتے ہیں۔ ترکی کے وزٹ ویزا کی درخواست کے ساتھ بینک اسٹیٹمنٹ، ہیلتھ انشورنس، ایئر ٹکٹ کی تفصیلات، تصویر، فنگر پرنٹس،ہوٹل ریزرویشن اور دیگر تفصیلات بھی جمع کرنا ضروری ہیں۔

    فیس کی وصولی 

    اناطولیہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر عام درخواست کے لیے 65 امریکی ڈالر اور وی آئی پی درخواست کے لیے 80 امریکی ڈالر کی سروس فیس وصول کرتا ہے۔

    پاکستان سے سفر کرنے والے پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو ایکسچینج ریٹ کے مطابق ویزا فیس پاکستانی کرنسی میں ادا کرنا ہوگی۔

    ملٹی پَل اور سنگل انٹری فیس کتنی ہے؟

    مذکورہ ویزا فیس ناقابل واپسی ہے، ترکی میں ایک داخلے کے لیے سفارت خانے کی فیس امریکی ڈالر 60 اور متعدد داخلوں کے لیے امریکی ڈالر 190 ہے۔ 19 اپریل کے ایکسچینج ریٹ کے مطابق ایک امریکی ڈالر 280 پاکستانی روپے کے برابر ہے، اس لیے سنگل انٹری ویزا فیس 16 ہزار 800 روپے اور ملٹی پل انٹری فیس 53 ہزار 200 روپے ہے۔

    ہیلتھ انشورنس

    اس کے علاوہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ صرف اناطولیہ ویزا درخواست مراکز سے دستیاب سفری ہیلتھ انشورنس قبول کی جائے گی، ٹریول ہیلتھ انشورنس کی میعاد بھی اس تاریخ سے شروع ہوگی جس تاریخ کو ویزا کی درخواست جمع کروائی گئی ہے۔

    ترکی کا دورہ کرنے کے خواہشمند افراد کو ترکی کے سفارت خانے یا قونصل خانے کی ہدایات کے مطابق 3، 6 یا 12 ماہ کی بنیاد پر ترکی آنے والی ٹریول ہیلتھ انشورنس بھی حاصل کرنی چاہیے۔

    تین ماہ کا سفری ہیلتھ انشورنس امریکی ڈالر55، 6 ماہ کا سفری ہیلتھ انشورنس امریکی ڈالر75 اور ایک سال کا سفری ہیلتھ انشورنس امریکی ڈالر95 ہوگا۔

  • سیاح پر حملہ کرنے والی شارک کو مشتعل ہجوم نے گھیر لیا، ہولناک ویڈیو

    سیاح پر حملہ کرنے والی شارک کو مشتعل ہجوم نے گھیر لیا، ہولناک ویڈیو

    قاہرہ: مصر میں غیر ملکی شہری پر حملہ کرنے والی شارک کو مقامی افراد نے جال ڈال کر پکڑ لیا اور اسے ڈنڈے مار مار کر ہلاک کر ڈالا۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر کے شہر الغردقہ میں 23 برس کے روسی شہری کو ہلاک کرنے والی ٹائیگر شارک کو ساحل پر جانے والے مقامی افراد نے ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔

    جمعرات کے روز الغردقہ شہر میں مصر کے بحیرہ احمر کے ایک ریزورٹ میں تیراکی کرنے والے 23 برس کے ولادی میر پوپاؤ نامی روسی شہری پر شارک نے حملہ کیا تھا۔

    انٹرنیٹ پر ہلاک ہونے والے روسی شہری کی ویڈیو وائرل ہوچکی ہے جس میں اسے پانی میں ہاتھ پاؤں مارتے، چیختے اور شارک سے دور جانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    وہاں موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹائیگر شارک ولادی میر پوپاؤ کے جسم کے ساتھ 2 گھنٹے تک کھیلتی رہی اور پھر اسے پانی میں لے گئی۔

    ساحل پر جانے والے مقامی افراد نے اس واقعے کے بعد اپنی کشتیاں پانی میں نکالیں اور روسی شہری پر حملہ کرنے والی شارک کو جال کے مدد سے پکڑ کر پانی سے باہر لے آئے۔

    انٹرنیٹ پر وائرل ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہجوم کی شکل میں مقامی افراد روسی شہری کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے شارک کو ڈنڈوں سے مار رہے ہیں۔

    مصر کی وزارت ماحولیات نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ مخصوص شارک پکڑی جا چکی ہے اور اب اس کا معائنہ کیا جائے گا کہ اسے روسی شہری پر حملہ کرنے پر کس بات نے مجبور کیا۔ ماہرین اس بات کو دیکھیں گے کہ کیا یہ دیگر واقعات کی بھی ذمہ دار ہے۔

    ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ روسی شہری پر حملہ کرنے والی شارک اور ویڈیو میں لوگ جس شارک کو مار رہے ہیں، وہ دونوں ایک ہی ہیں یا نہیں۔

    دوسری جانب حکام نے 74 کلومیٹر پر پھیلی ساحلی پٹی کو بند کر دیا ہے اور اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اتوار کے روز تک اسے تیراکی کرنے اور پانی کے دیگر کھیلوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔

  • روس کا ویزہ حاصل کرنا اب اور بھی آسان، پیوٹن کا بڑا فیصلہ

    روس کا ویزہ حاصل کرنا اب اور بھی آسان، پیوٹن کا بڑا فیصلہ

    ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک میں غیرملکیوں کے داخلے کا ایک نیا اور آسان نظام متعارف کرایا جائے جس میں وہ بغیر ویزے یہاں کا سفر کرسکیں۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر پوتن نے وزارت داخلہ اور خارجہ کے علاوہ فیڈرل سیکیورٹی سروس حکام کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی، کاروباری یا تعلیمی مقاصد کے لیے روس آنے والے غیرملکیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ لینے والے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری نظام متعارف کرانے کے لیے تجاویز تیار کی جائیں۔

    کریملن کی جانب سے شائع کردہ ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ غیرملکیوں کے روس میں داخلے لئے ویزا میں نرمی کے حوالے سے تمام اقدامات کو متعارف کرایا جانا چاہیے۔ یہ فیصلہ روسی ریاستی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔

    ریاستی کونسل ایک مشاورتی ادارہ ہے جسے روسی صدر نے مختلف سرکاری اور عوامی اداروں کے کاموں کو بہتر کرنے کے لیے تشکیل دیا ہے۔

    روسی صدر کی جانب سے دی گئی ہدایات میں ملٹی انٹری ویزوں کی میعاد میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے میں ضابطوں میں نرمی کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    اس سے قبل روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں کروز بحری جہازوں پر سفر کرنے والے سیاحوں کے منظم گروپوں کو ایک مخصوص مدت کے لیے بغیر ویزا کے روسی سرزمین پر داخل ہونے اور قیام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    روسی صدر نے اس طریقہ کار کو دوسرے روسی ریجنز میں بھی رائج کرنے کی تجویز دی ہے، صدر پوتن نے روسی حکام کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ دوست ممالک کی ایئر لائنز کے ذریعے مسافروں اور کارگو پروازوں کی تعداد بڑھانے پر کام کریں۔ حکم نامے کے مطابق حکومتی تجاویز یکم جون 2023 سے پہلے پیش کی جائیں۔

    واضح رہے کہ روس کی جانب سے یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب یورپی یونین نے روسی شہریوں کے لیے ویزا پابندیاں سخت کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ روس یوکرین جنگ کے بعد رواں برس ستمبر میں یورپی یونین نے ماسکو کے ساتھ ویزا معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔

  • سعودی عریبین ایئرلائنز کا مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    سعودی عریبین ایئرلائنز کا مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    ریاض : سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ 2022 کے دوران مزید کئی ملکوں کے لیے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی، 10 نئے سیاحتی مقامات فہرست میں ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق السعودیہ نے بتایا کہ بینکاک، شکاگو، بارسلونا اور ملغا، ماسکو، بیجنگ، سیول، یوگنڈا اور مراکش کے لیے نئی پروازیں چلائی جائیں گی۔

    السعودیہ نے اپنی پروازوں سے سفر کرنے والوں کو اطمینان دلایا کہ سال رواں کے دوران ان مقامات کے لیے آرام دہ پروازیں شروع کی جائیں گی، ان شہروں کا سفر کرنے والے اہم سیاحتی، تاریخی اور تفریحی مقامات کی سیر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

  • سانحہ مری کے بعد وادئ کاغان سیاحوں کے لیے بند

    سانحہ مری کے بعد وادئ کاغان سیاحوں کے لیے بند

    سانحہ مری کے بعد وادئ کاغان میں کوائی کے مقام پر چیک پوسٹ قائم کرکے سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا، ڈی سی نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    برفباری کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر سے سیاح دلفریب مناظر دیکھنے کے لیے بالائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں تاہم گزشتہ روز مری میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد ناران، جھیل سیف الملوک اور اگلے تفریحی مقامات پر جانے والے سیاحوں کو روک دیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں شوگراں سے نیچے کوائی کے مقام پر چیک پوسٹ قائم کردی گئی ہے اور سیاحوں کو آگے جانے سے روکا جارہا ہے۔

    پابندی سے متعلق ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پابندی آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ایمرجنسی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت ہوگی۔

    اس حوالے سے ڈی سی مانسہرہ کا کہنا ہے کہ شوگراں سیاحوں سے بھرچکا ہے وہاں مزید گنجائش نہیں، سیاح آگے جانے پر بضد ہیں لیکن انہیں آگے نہیں جانے دے رہے، کیونکہ سیاحوں اور مقامی افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • آبشار کی سیر کو جانے والے سیاح کے ساتھ خوفناک حادثہ

    آبشار کی سیر کو جانے والے سیاح کے ساتھ خوفناک حادثہ

    روس میں سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کرنے والے ایک سیاح کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا، پانی میں چھلانگ لگاتے ہوئے اس کا سر زوردار طریقے سے پتھروں سے ٹکرایا جس سے وہ زخمی ہوگیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں ایک سیاح دکھائی دے رہا ہے جس کا چہرہ اور شناخت واضح نہیں، یہ ویڈیو روس کے شہر سوچی کی ہے جہاں کا ایک ریزورٹ سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے سیاح آبشار کے قریب ایک اونچی جگہ پر کھڑا ہے اور دریا میں چھلانگ لگانے کی تیاری کر رہا ہے۔

    اس کے بعد وہ 30 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر پانی میں گرتا ہے تو زور دار آواز آتی ہے، دریا کے کم گہرے پانی میں پتھر موجود تھے جن سے سیاح کا سر بری طرح ٹکرایا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کے فوراً بعد سیاح پانی سے نکلتا ہے تو اس کے سر سے خون بہہ رہا ہوتا ہے۔ حادثے سے اس کے سر اور ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ لگی اور اسے فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر جہاں صارفین نے سیاح کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وہیں کچھ افراد نے اس پر تنقید بھی کی۔

    سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ پانی دیکھنے میں ہی اتھلا لگ رہا ہے لہٰذا سیاح کو وہاں ڈائیو نہیں کرنی چاہیئے تھی، ایک شخص نے کہا کہ اسے یہ خطرہ مول لینے سے پہلے مقامی افراد سے معلومات کرنی چاہیئے تھی۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ سیاح کی خوش قسمتی تھی کہ وہ بچ گیا ورنہ جس طرح سے اسے چوٹ لگی ہے، اس کی جان بھی جاسکتی تھی۔

  • سعودی عرب کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لئے بڑی خبر

    سعودی عرب کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لئے بڑی خبر

    ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے کورونا کرفیو اور پروازوں کی بندش کے باعث مملکت میں مقیم سیاحوں کے ویزوں میں ازخود تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے غیر ملکی سیاحوں کی بڑی مشکل آسان کردی، اس حوالے سے سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب سے مملکت میں موجود سیاحتی ویزوں پر مقیم غیر ملکیوں کے ویزوں میں تین ماہ کے لیے خود کار توسیع کردی گئی ہے۔

    جوازات کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے سیاح جو کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کے باعث مملکت سے روانہ نہیں ہو سکے ان کے ویزوں کی مدت میں بغیر کسی فیس کے 3 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کا کہنا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے وہ افراد جو مملکت میں مقیم ہیں اور واپس نہیں جاسکے انہیں اپنے ویزوں میں توسیع کے لیے جوازات سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے ویزوں میں خودکار طور پر توسیع کردی جائے گی۔

    واضح رہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے بعد مارچ کے دوسرے ہفتے سے پروازوں پر مرحلہ وار پابندی عائد کردی گئی تھی جس کی وجہ سے سعودی عرب سے جانے والے اور یہاں آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

    سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے مرحلہ وار خصوصی پروازیں جاری کی ہوئی ہیں جن کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں فروغ سیاحت کے لیے گزشتہ برس جامع نظام مرتب کیا گیا تھا جس کے تحت مختلف ممالک کےشہریوں کو آن آرائیول بھی سیاحتی ویزوں کا اجرا شامل ہے۔

    دوسری جانب کرونا وائرس کے باعث پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کی وجہ سے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں مقیم ایسے غیر ملکی جو اپنے وطن جانا چاہتے ہیں کی واپس کے لیے خصوصی منصوبہ بھی جاری ہے جسے عودہ کا نام دیا گیا ہے۔

  • موبائل میں‌ کوکین سے متعلق میسج پر برطانوی سیاح کی امریکا سے ملک بدری

    موبائل میں‌ کوکین سے متعلق میسج پر برطانوی سیاح کی امریکا سے ملک بدری

    واشنگٹن/لندن : امریکی کسٹمز نے موبائل فون میں منشیات سے متعلق پیغام کی موجودگی پر برطانوی لڑکی کو ایئرپورٹ سے ہی واپس برطانیہ لوٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی اپنی سہیلی کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے امریکا پہنچی لیکن وہاں ایئرپورٹ پر ہی اس کے فون میں ایک ایسا میسج کسٹمز اہلکاروں نے دیکھ لیا کہ اسے حراست میں لے لیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 28 سالہ ازابیلا بریزیئر جونز نامی یہ لڑکی اپنی 26 سالہ دوست اولیویا کیورا کے ہمراہ لاس اینجلس ایئرپورٹ پر اتری تھی۔ جہاں کسٹمز حکام نے ازابیلا کا فون چیک کیا تو ایک میسج میں کوکین سے متعلق پیغام موجود تھا۔

    امریکی کسٹمز حکام موبائل پیغام دیکھنے کے بعد برطانوی لڑکی کو علیحدہ کمرے میں لے جاکر واقعے کی تفتیش کی، تفتیش کے دوران لڑکی نے ماضی میں کوکین استعمال کرنے کا انکشاف کیا جس کے باعث حکام نے اسے گرفتار کرکے ایک روز کےلیے حوالات میں بند کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی کسٹمز نے اگلے روز ازابیلا کو برطانیہ ڈی پورٹ کرکے 10 سال تک اس کے امریکہ میں داخلے پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ازابیلا پیشے کے اعتبار سے اداکارہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایک سیل میں بند کیا گیا تھا جہاں 4 خواتین اور بھی موجود تھیں۔

    ازابیلا نے بتایا کہ انہوں میرے ساتھ جو سلوک کیا وہ کسی طور ٹارچر سے کم نہیں تھا، انہوں نے میرے ساتھ یہ سلوک اس لیے کیا کہ میں پوش، سفید فام لڑکی تھی، انہوں میرے ساتھ یہ رویہ اختیار کرکے اپنی نسل پرستانہ سوچ کا ثبوت دیا ہے۔

  • دبئی انتظامیہ کا سیاحوں کو مفت سم کارڈ دینے کا اعلان

    دبئی انتظامیہ کا سیاحوں کو مفت سم کارڈ دینے کا اعلان

    ابوظبی : اماراتی حکام نے دبئی کا سفر کرنے والے سیاحوں کو ’خوشی منصوبے‘ تحت ایک ماہ کے لیے فری سم دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی حکومت کی جانب سے سیاحوں کےلیے ایک اور اہم اقدام اٹھایا گیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے دبئی آنے والے تمام سیاحوں کو ایئرپورٹ پہنچتے ہی سم کارڈ فری میں فراہم کیا جائے گا جس کا مقصد سیاحوں کی مشکل آسان کرنا ہے تاکہ وہ اپنے اہل خانہ سے باآسانی رابطہ کرسکیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دبئ پہنچنے والے سیاحوں کو دبئی کی جنرل ڈائکریٹوریٹ برائے رہائش اور خارجہ امور، اسمارٹ دبئی اور ڈی یو ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے مفت سم کارڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔

    میجر جنرل محمد المرّی کا کہنا تھا کہ مفت سم کارڈ کا پیکٹ صرف 18 سال سے زائد عمر کے سیاحوں کو ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال (جیسے پاسپورٹ، وزٹ ویزہ وغیرہ) کے بعد فراہم کیا جائے گا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اگر سیاحت کی غرض سے دبئی آنے والے شخص نے ریاست میں مستقل سکونت اختیار کی تو مذکورہ سم کارڈ مستقل نمبر میں تبدیل نہیں ہوگا اور ایک ماہ بعد سم کارڈ خودکار طریقے سے بلاک ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں : دبئی‘سیّاحوں کے لیے ایک روزہ فری ٹرانسپورٹ کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ برس دبئی حکومت نے 20 مارچ کو منائے جانے والے’خوشی کے دن‘ کے موقع پر دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر قدم رکھنے والے پہلے100 خوش نصیب سیّاحوں کو ایئرپورٹ سے منزل مقصود تک مفت میں ٹیکسی سروس فراہم کی تھی۔

    یاد رہے کہ حکومتِ دبئی کی جانب سے سیّاحوں کو ’خوشی بس‘ میں سوار ہوکر دبئی کو دنیا میں ممتاز بنانے والے مقامات پر جانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔

  • مصر میں سیاح دہشت گردوں کے نشانے پر، بس حملے میں 17 افراد زخمی

    مصر میں سیاح دہشت گردوں کے نشانے پر، بس حملے میں 17 افراد زخمی

    دوحہ: مصر میں سیاح دہشت گردوں کے نشانے پر آگئے، بس پر بم حملے میں 17 سیاح شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر جیزہ میں تاریخی سیاحتی مقام اہرامِ مصر کے نزدیک سیاحوں کی بس کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے باعث سترہ سیاح شدید زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بم دھماکے میں زخمی ہونے والے زیادہ تر غیرملکی سیاح ہیں اور ان میں جنوبی افریقا کے شہری بھی شامل ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    دھماکے کے تمام زخمیوں کو مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، حکام نے اسپتال اتنظامیہ کو ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    دھماکے کے نتیجے میں بس بری طرح متاثر ہوئی، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ کر سڑک پر بکھر گئے، البتہ اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

    یاد رہے کہ اہرامِ مصر کے نزدیک گذشتہ سال دسمبر میں بھی سیاحوں کی ایک بس کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین ویت نامی سیاح اور ان کا مصری گائیڈ ہلاک اور دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    مصر: صدارتی انتخابات سے قبل بم دھماکا، دو افراد جان بحق

    واضح رہے کہ جنوی 2016 میں بھی احرام کے قریب دھماکے سے چھ افراد ہلاک اور تئیس زخمی ہوئے تھے، مذکورہ دھماکا گیزا شہر کے تاریخی احرام مصر کے قریب رہائشی علاقے میں پولیس چھاپے کے دوران ہوا تھا۔