Tag: tourist visa

  • تھائی لینڈ جانے والے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

    تھائی لینڈ جانے والے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

    تھائی لینڈ کی حکومت نے اہم اعلان کرتے ہوئے 60 ممالک کے شہریوں کو ایک ماہ کے لیے بغیر ویزے کے ملک آنے کی اجازت دے دی۔

    سیاحت کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے۔  اور خطوں کے لوگ 30 دنوں کے لیے بغیر ویزا کے تھائی لینڈ جا سکتے ہیں۔

    تھائی وزارت خارجہ کے قونصلر امور کے شعبہ کے مطابق ان ممالک اور علاقوں میں انڈورا، آسٹریلیا، آسٹریا، برونائی، کینیڈا، بیلجیم، بحرین، برازیل،چین، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فن لینڈ ، اسٹونیا اور فرانس شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ جرمنی، آئس لینڈ، انڈیا، انڈونیشیا،یونان، ہنگری، آئرلینڈ، اسرائیل، قازقستان، کویت، اٹلی، جاپان،لٹویا، لیچٹنسٹائن، لتھوانیا، مالدیپ، ماریشس، موناکو، لکسمبرگ، ملائیشیا،نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ کے شہریوں کو بغیر ویزا کے تھائی لینڈ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

    تھائی لینڈ ناروے،پولینڈ، پرتگال، قطر، پیرو، فلپائن، سان مارینو،سنگاپور، سلوواکیہ، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، سلووینیا، اسپین،جنوبی کوریا، سویڈن، ترکی، یوکرین، سوئٹزرلینڈ، تائیوان کا ویزا فری سفر کریں گے۔ متحدہ عرب امارات، امریکہ ،ویتنام برطانیہ کے شہری بھی تھائی لینڈ کا ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں۔

    دوطرفہ معاہدے کے تحت کمبوڈیا اور میانمار کے پاسپورٹ ہولڈرز تھائی لینڈ میں داخل ہو سکتے ہیں اور ویزہ کے بغیر 14 دن تک قیام کر سکتے ہیں۔ یہ صرف ان لوگوں پر لاگو ہوتا ہے جو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے ملک میں داخل ہوتے ہیں۔

    مکاؤ، منگولیا، ہانگ کانگ، لاؤس،روس اور ویتنام کے پاسپورٹ رکھنے والے غیر ملکی 30 دن تک تھائی لینڈ میں رہ سکتے ہیں۔

    چلی، ارجنٹائن، برازیل،جنوبی کوریا اور پیرو کے شہری تھائی لینڈ میں بغیر ویزا کے 90 دن تک رہ سکتے ہیں۔

    عارضی ویزا فری داخلہ فی الحال چین و قازقستان کے شہریوں کیلیے 25 ستمبر 2023 سے 29 فروری 2024 تک اور ہندوستان اور تائیوان کے شہریوں کیلیے 10 نومبر سے 10 مئی تک نافذ ہے۔

    روسی پاسپورٹ رکھنے والے 1 نومبر 2023 سے 30 اپریل 2024 تک 90 دن کے ویزا فری قیام کے اہل ہیں۔

    سرکاری حکام کے مطابق ویزا فری انٹری دینے کی پالیسی سے تھائی لینڈ میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔

    پیمنٹ پروسیسنگ کارپوریشن ماسٹر کارڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق، بینکاک گزشتہ سال 22.78 ملین بین الاقوامی زائرین کے ساتھ دنیا کا سب سے زیادہ دیکھنے والا شہر بن گیا۔

    تھائی لینڈ کے دو دیگر مشہور سیاحتی مقامات، فوکٹ اور پٹایا، دنیا کے 20 سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شہروں میں شامل ہیں۔ فوکٹ 9.89 ملین زائرین کے ساتھ 14 ویں نمبر پر ہے، جبکہ پٹایا 9.44 ملین زائرین کے ساتھ 15 ویں نمبر پر ہے۔

    تھائی لینڈ اور چین نے یکم مارچ سے دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے "مستقل طور پر” ویزا فری داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے ۔

  • ٹکٹ خریدیں ساتھ میں ویزا بالکل مفت : سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    جدہ : سعودی ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایئر لائن کا ٹکٹ خریدنے والوں کو سیاحتی ویزا مفت فراہم کرے گی، ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ سروس بہت جلد شروع کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ایئر لائنز کے ترجمان عبداللہ الشہرانی نے کہا ہے کہ رواں سال 2023 کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ اور اندرون ملک پروازوں کے لیے نصف ملین نشستوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رواں سال 2023 کے دوران ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے10 نئے طیارے بیڑے میں شامل ہوں گے اور ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوگا، انہوں نے بتایا کہ 10میں سے 7 طیارے ایئربس 321نیو اور تین بوئنگ طیارے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے تناسب کو 40 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ ہے، اس کے علاوہ اندرون ملک پروازوں کے لیے نشستوں کی تعداد میں نصف ملین تک اضافہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والے چند دنوں میں سعودی ایئرلائن بہت جلد ایک نئی سروس شروع کرنے جارہی ہے جس میں ٹکٹ خریدنے پر اس کے ساتھ بغیر فیس کے سیاحتی ویزا جاری کیا جائے گا۔

    عبداللہ الشہرانی نے کہا کہ یہ ویزا آپ کو سعودی عرب میں 96 گھنٹے (چار دن) گزارنے کی اجازت دیتا ہے۔ مسافر اس دوران ملک کے مختلف شہروں کا سفر کرسکتے ہیں اور عمرہ کرسکتے ہیں۔

    سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے مسافروں کو سعودی وژن 2030 کے مطابق سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد کو راغب کرنے کے لیے ٹکٹ خریدنے پر سیاحتی ویزا جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ مذکورہ ویزے کے اجراء سے سعودی عرب آنے والوں کو گھومنے پھرنے، تقریبات، میٹنگ اور پارٹیوں میں شرکت اور عمرہ کرنے کی سہولت فراہم ہوگی۔

    اس سلسلے میں سعودی ائیرلائن نے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ کے مہمانوں کی خدمت کے پروگرام جیسے کئی شعبوں کے ساتھ کام کیا ہے۔

     

  • کن ممالک کے باشندے سعودی عرب آسکتے ہیں اور کس شرط پر؟

    کن ممالک کے باشندے سعودی عرب آسکتے ہیں اور کس شرط پر؟

    ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مختلف ممالک کے باشندوں کو مملکت آنے کی اجازت دے دی تاہم صرف سعودی حکومت کی منظور شدہ ویکسینز کے ذریعے ویکسینیٹڈ مسافروں کو مملکت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزا ہولڈرز صرف ان ممالک سے سعودی عرب آسکیں گے جہاں سے آمد پر پابندی نہیں ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ وہی سیاح آسکیں گے جو سعودی عرب میں منظور شدہ کورونا ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں لے چکے ہوں گے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے مملکت میں موجود تمام فضائی کمپنیوں کو تحریری طور پر مطلع کردیا ہے کہ وہ وزارت صحت کی طرف سے منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی بھی ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے سیاحتی ویزا ہولڈرز کو سعودی عرب لاسکتی ہیں۔

    محکمہ شہری ہوابازی نے فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے ای گیٹ پر ویکسین کی خوراکوں سے متعلق ڈیٹا کا اندراج ضرور کرائیں۔ ڈیٹا کا اندراج اس لنک کے ذریعے کرایا جا سکتا ہے https://muqeem.sa/#/vaccine-registration/home

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ضوابط کے تحت سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے دروازے اتوار یکم اگست سے سیاحوں کے لیے کھول دیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے اعلان کیا تھا کہ وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں انہیں قرنطینہ کے بغیر مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس کے لیے انہیں صرف اپنے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی ضرورت ہوگی۔

    مختلف ممالک سے طے شدہ معیار پر پورا اترنے والے سیاح یکم اگست سے سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔ منظور شدہ ویکسینز میں فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا شامل ہیں۔

    مسافروں کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی ویکسین کی خوراک سے متعلق معلومات اس مقصد کے لیے بنائے گئے نئے الیکٹرانک پورٹل میں داخل کروائیں، ان کا ڈیٹا توکلنا ایپلی کیشن پر بھی ریکارڈ کیا جائے گا اور اسے مملکت میں دیگر جگہوں میں داخلے کے لیے دکھانا ہوگا۔

    واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے ملک میں سیاحت کے فروغ کےلیے 49 ممالک کے شہریوں کو آن لائن سیاحتی ویزے جاری کیے جارہے تھے جبکہ یورپی ممالک کا مشترکہ ویزہ رکھنے والوں کے علاوہ امریکہ اور برطانیہ کا ویزہ رکھنے والوں کے لیے آن ارائیول ویزہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔

  • سیاحتی ویزا ، قطری حکومت کا پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان

    سیاحتی ویزا ، قطری حکومت کا پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان

    کراچی : قطر نے پاکستانیوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی آن آرائیول سہولت کا اعلان کردیا،آن آرئیول ٹورسٹ ویزا کے لیے 100 قطری ریال فیس ادا کرنی ہوگی۔

    تفصیلات کےمطابق قطر جانے والے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر آگئی ، قطر نے پاکستانیوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی آن آرائیول سہولت کا اعلان کردیا۔

    قطری حکومت کی طرف سے تحریری احکامات جاری کرتے ہوئے پالیسی متعارف کرادی گئی ہے ، جس کے مطابق
    آن آرئیول ٹورسٹ ویزا کے لیے 100 قطری ریال فیس ادا کرنی ہوگی۔

    پاکستانیوں پر 6 ماہ تک کا ویلڈ پاسپورٹ، ریٹرن ٹکٹ کی شرط ہوگی جبکہ کورونا ویکسی نیشن اور بچوں کے لیے پولیو ویکسین یشن کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔

    تحریری احکامات میں کہا گیا ہے کہ قطر میں جانے کے لیے کورونا منفی رپورٹ ساتھ لانی ہوگی۔

  • سعودی حکومت کا سیاحتی ویزے دینے کا اعلان

    سعودی حکومت کا سیاحتی ویزے دینے کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے آئندہ برس 2018 سے سیاحت کے لیے ویزہ جاری کرنے کا اعلان کردیا، خواہش مند افراد بذریعہ آن لائن ویزے کی درخواست جمع کروا سکیں گے۔

    امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی کمیشن برائے سیاحت او رقومی ورثہ کے سربراہ سلطان بن سلمان کا کہنا تھاکہ ’آئندہ برس 2018 سے ہم سیاحتی ویزے جاری کریں گے تاکہ لوگ سعودی عرب آکر یہاں کی اہمیت کا خود اندازہ کریں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ’ویزے جاری کرنے کا مقصد سیاحوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے کیونکہ اس وقت سعودی عرب کے مقامی شہری سیاحت کی مد میں سالانہ 20 ارب ڈالر خرچ کرتے ہیں‘۔

    سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ’سیاحتی مقامات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے اور اب ویزوں کے اجرا سے سالانہ آمدنی میں اضافہ بھی ہوگا جس کے ذریعے مختلف مسائل پر قابو پایا جائے گا‘۔

    مزید پڑھیں: سعودیہ میں دبئی جیسا شہر جسے مصر، اردن اور افریقہ سے منسلک کیا جائے گا

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ویزے کا حصول آسان بنانے کے لیے اب خواہش مند افراد آن لائن درخواستیں جمع کرواسکیں گے۔

    واضح رہے سعودی حکومت نے تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مملکت میں مختلف سیاحتی منصوبوں کا آغاز کردیا ہے، حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے بحیرہ احمر میں واقع جزیروں پر منصوبہ تیار کیا جارہا ہے جس کا پہلا مرحلہ 2022 تک مکمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب:‌ طالبات کو یونیورسٹیز میں موبائل کے استعمال کی اجازت

    علاوہ ازیں سعودی حکومت کی جانب سے انٹرٹینمنٹ سٹی، تھیم پارک سمیت دیگر سیاحتی منصوبوں کے قیام کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

    واضح رہے کہ 2022 کے روشن خیال وژن کے تحت سعودی حکومت نے خواتین کا گاڑی چلانے، لڑکیوں کو یونیورسٹی میں موبائل فون استعمال کرنے اور خواتین کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    دوسری جانب 5 اکتوبر کو سعودی حکومت نے روشن خیالی میں ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں ۔