Tag: Toxic water

  • ٹھٹھہ میں زہریلے پانی سے لاکھوں مچھلیاں مرگئیں

    ٹھٹھہ میں زہریلے پانی سے لاکھوں مچھلیاں مرگئیں

    ٹھٹھہ:محکمہ ایری گیشن کی نااہلی کے باعث مضر صحت زہریلا پانی نہروں میں شامل ہوگیا ہے ، زہریلے پانی کے باعث مچھلیوں کے تالابوں میں لاکھوں کی تعداد میں مچھلیاں مرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق جامشورو سے ضلع ٹھٹھہ اور کراچی کو فراہم ہونے والا پانی کے بی فیڈر ٹھٹھہ اور مین برانچ سے چھوٹی چھوٹی نہروں میں آنے والا پانی زہریلا آنے کے باعث مختلف تالابوں میں لاکھوں کی تعداد میں مچھلیاں مرگئیں ہیں جبکہ مختلف دیہاتوں تک زہریلا پانی پہنچنے کے باعث متعدد جانور سخت بیمار ہوگئے۔

    اس سلسلے میں محکمہ ایریگیشن ٹھٹھہ کے چیف ایگزیکیٹو انجنئیر نے سے رابطہ ہونے پر اپنا موقف دینے سے انکار کردیا جبکہ مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ زہریلا پانی استعمال کرنے کے باعث ہمارے بچوں میں ڈائریا بیماری ہوگئی ہے۔

    اس سلسلے میں ؔسول اسپتال مکلی میں درجنوں افراد داخل ہوگئے ہیں، دوسری جانب فش فارم کے مالکان کا کہنا ہے کہ پچھلے پندرہ دنوں سے ایریگیشن والوں نے پانی بند کیا ہوا تھا اور آج زہریلا پانی چھوڑکر ہمیں لاکھوں کے نقصان سے دوچار کیا ہے۔

    یا درہے کہ پانی میں شامل ہونے والی صنعتی فضلہ پانی کو زہریلا کرنے کا سبب بنتا ہے ، بالخصوص دیہی علاقوں میں یہ بہت زیادہ نقصان کا باعث بنتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس سندھ میں سندھ میں نکاسی آب کی ابتر صورتحال اور پانی کی آلودگی سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت بھی ہوئی تھی جس میں سندھ حکومت کو یہ مسائل حل کرنے کا حکم دیا گیا تھا، تاہم ایک سال گزرنے کے بعد بھی یہ مسئلہ حل طلب ہے ۔

    صنعتی آلودگی سے جہاں دریاؤں اور نہرو ں کا پانی آلودہ ہورہا ہے وہیں سندھ کی ساحلی پٹی بھی متاثر ہورہی ہے جس سے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مسئلہ درپیش آرہا ہے۔

  • پی آئی اے کے مسافروں کو مضرصحت پانی کی فراہمی کا انکشاف

    پی آئی اے کے مسافروں کو مضرصحت پانی کی فراہمی کا انکشاف

    کراچی : پی آئی اے کے طیاروں میں مضر صحت پانی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، کینیڈا کے محکمہ صحت نے جہاز پر اچانک چھاپہ مار کر پانی کے نمونے حاصل کئے جو مضر صحت ثابت ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر جہازوں کے ٹینکوں میں مضر صحت پانی بھرا جاتا ہے ، دوران پرواز اسی مضر صحت پانی سے مسافروں کو فضائی عملے کی جانب سے چائے بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیاروں میں مضر صحت پانی کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 783 پر کینیڈین محکمہ صحت کے عملے نے طیارے پر اچانک چھاپہ مارا، طیارے سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونے مضر صحت ثابت ہوئے، جس پر محکمہ صحت کے عملے نے اظہار برہمی بھی کیا۔

    کینیڈین محکمہ صحت نے پی آئی اے کو وارننگ دی کہ اگر آئندہ مضرصحت پانی اور اشیاء برآمد ہوئیں تو پی آئی اے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب مضر صحت پانی اور اس سے تیار کی جانے والی چائے پینے کی وجہ سے بیشتر مسافروں کے پیٹ میں درد کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جس پر فضائی میزبانوں نے متعدد بار کپتانوں کو رپورٹ درج بھی کروائی۔

    کپتانوں کی جانب سے پی آئی اے کے انجنیئرز اور اعلیٰ حکام کو اس بات کی نشاندہی کرائی گئی کہ طیارے کے ٹینکرز میں مضر صحت پانی بھرا جارہا ہے لیکن اس کی روک تھام کیلئے انتظامیہ نے تاحال کوئی اقدام نہیں کیے۔