Tag: Track

  • پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص

    پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص

    چمن: پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص کردیا گیا جس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستے کے کام کا آغاز ہوگیا، خواتین کے لیے نادرا سے باب دوستی تک 12 فٹ کا راستہ مقرر کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں اور قبائلی مشران نے باب دوستی کا دورہ کیا، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

    قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ روایات کے مطابق خواتین کے لیے علیحدہ راستے کا قیام خوش آئند ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس پاک افغان سرحد کے قریب ایک خیمہ بستی قائم کی گئی تھی جہاں افغانستان سے آنے والے پاکستانی شہریوں کو قرنطینہ میں رکھا جارہا تھا۔

    افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانیوں میں 17 بچے اور 25 خواتین شامل تھے، بعد ازاں خواتین اور بچوں کو گھروں میں منتقل کردیا گیا تھا۔

  • داعش کے 160 جرمن حامی لاپتہ، حکومت پریشان

    داعش کے 160 جرمن حامی لاپتہ، حکومت پریشان

    برلن : جرمن حکومت ایسے ایک سو ساٹھ افراد کی کھوج میں ناکام ہو گئی ہے، جوداعش کی حمایت میں شام اور عراق گئے تھے۔ ان لاپتہ افراد کے بارے میں ایک رپورٹ جرمن اخبار میں شائع ہوئی ۔

    تفصیلات کے مطابق داعش کی حمایت کرنے والے ایک سو ساٹھ جرمن شہریوں کے بارے میں اس وقت کوئی معلومات دستیاب نہیں ہے، یہ افراد مبینہ جنگی کارروائیوں میں شرکت کے لیے عراق اور شام گئے تھے۔

    جرمن اخبار کی یہ رپورٹ ملکی وزارت داخلہ کے اُن اعداد و شمار پر مبنی ہے جو فری ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمنٹ میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرتب کی گئی تھی۔

    جرمن وزارت داخلہ کی وضاحت کے مطابق داعش کی حمایت میں جانے والے بہت سارے جرمن جہادیوں کی مسلح کارروائیوں کے دوران ہلاکت بھی ہوئی ہے۔

    جرمن وزارت داخلہ نے ملکی پارلیمنٹ بنڈس ٹاگ کو بتایا کہ یہ ممکن ہے کہ کئی جرمن شہری جہادی سرگرمیوں کے بعد بچ کر روپوش ہو گئے ہوں، وزیر داخلہ کی جانب سے اس کی بھی وضاحت کی گئی کہ یہ ممکن نہیں کہ شام اور عراق سے واپس آنے والے جرمن شہری خاموشی کے ساتھ ملک داخل ہو گئے ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن حکومت نے ایسے افراد کی نشاندہی کے لیے کئی انضباطی اقدامات اٹھا رکھے ہیں۔

    جرمن حکومت کے مطابق داعش کی مسلح سرگرمیوں میں شرکت کے لیے ایک ہزار پچاس جرمن شہری مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے روانہ ہوئے تھے، یہ افراد سن 2013 میں داعش میں شمولیت کے لیے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک تہائی جب واپس آئے تو بعض کو ملکی قوانین کے تحت سزائیں سنائی گئی جب کہ چند ایسے شہریوں کو بحالی کے پروگرام میں شامل کیا گیا تھا۔

  • امریکا میں فیس بک پر تبصرے نے مطلوب ملزم خاتون کو گرفتار کرا دیا

    امریکا میں فیس بک پر تبصرے نے مطلوب ملزم خاتون کو گرفتار کرا دیا

    پنسلوانیا : امریکی ریاست پنسلوانیا میں پولیس کو مطلوب خاتون کا فیس بک پرطنزیہ تبصرہ اس کی گرفتاری میں معاون ثابت ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کلو جونز نامی خاتون جو حملے اور عدالت میں پیش نہ ہونے پر پولیس کو مطلوب تھیں، نے گرین کاﺅنٹی پولیس کی جانب سے اپنی گرفتاری کے لیے لگائی گئی پوسٹ پر طنزیہ تبصرہ کیا تھا۔

    پنسلوانیا کی گرین کاﺅنٹی کے شیرف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے آفیشل پیج پر مطلوب خاتون کی تصویر شیئر کی، تصویر کے کیپشن میں خاتون کا نام اور ان پر الزامات کی تفصیلات بھی دی گئیں تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خاتون نے پوسٹ پر پولیس اہلکاروں پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ لوگ لے کر جانے کی خدمات ہی فراہم کرتے ہیں یا ڈلیوری سروسز بھی دیتے ہیں؟‘ تبصرہ کے ساتھ ہنسنے والی چار ایموجیز بھی بنائی گئی تھیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اس کمنٹ کے بعد دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی پوسٹ پر تبصرے شروع کردیئے اور جونز ان کے ساتھ بحث میں الجھ گئیں، انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ وہ اس وقت ویسٹ ورجینیا کے مورگن ٹاﺅن میں واقع ایک ہسپتال میں ہیں۔

    پولیس حکام نے رواں ہفتے خاتون کا سراغ لگایا اور انہیں حراست میں لیتے ہوئے پنسلوانیا میں حکام کے حوالے کردیا۔

    مقامی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے خاتون کی گرفتاری کے اعلان کے لیے بھی فیس بک کا سہارا لیا اور لکھا کہ جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے جونز کو اب ہمارے کمنٹ سیکشن میں طنزیہ تبصرہ کرنے میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

  • سکھر: مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اترگئی، ٹریک مکمل بلاک

    سکھر: مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اترگئی، ٹریک مکمل بلاک

    سکھر: روہڑی اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اتر گئی جس کے باعث ٹریک مکمل طور پر بلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کراچی سے لاہور جانے والا اپ ٹریک مکمل بلاک ہے۔

    ریلوے ٹریک بند ہونے کی وجہ سے ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے مرمتی کام جاری ہے، جلد ٹریک بحال کردیا جائے گا۔

    حادثے کے بعد گرین لائن، فرید ایکسپریس اور خیبرمیل ٹرین کو مختلف اسٹیشنز پر روکا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مئی 2016 میں حیدرآباد سے کراچی آنے والی مال گاڑی پٹری سے اترگئی تھی۔

    حیدرآباد میں مال گاڑی کے 5 ڈبے پٹری سے اتر گئے

    حیدرآباد سے کراچی جانے والی مال گاڑی کے 5 ڈبوں کے پٹری سے اترجانے کی وجہ سے حیدر آباد ڈاؤن ٹریک پر ریل کی آمدو رفت معطل ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ جون 2016 میں گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں مال گاڑی ریلوے ٹریک سے اترگئی تھی جس کے سبب ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ ملک میں مال گاڑی سمیت مسافر ٹرین بھی متعدد بار حادثات کا شکار ہوچکی ہے جس کے باعث کئی جانوں کا ضیاع ہوا۔