Tag: trade

  • جنگوں کے خاتمے کا بہترین ذریعہ تجارت ہے، ٹرمپ

    جنگوں کے خاتمے کا بہترین ذریعہ تجارت ہے، ٹرمپ

    واشنگٹن (15 جولائی 2025) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بار پھر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تجارت جنگوں کے خاتمے کا بہترین ذریعہ ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں نیٹو چیف مارک روٹے سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رُکوائی، دونوں ممالک تیزی سے جوہری جنگ کی طرف بڑھ رہے تھے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تجارتی ٹیکسوں میں اضافے پر یورپی یونین اور دیگر ممالک سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، یورپی یونین کے حکام بات چیت کے لیے آ رہے ہیں۔

    یوکرین جنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن سے بہت مایوس ہوا ہوں، یوکرین جنگ روکنے کا معاہدہ نہ ہوا تو 50 روز میں روس پر سخت ٹیرف لگائیں گے۔

    دوسری جانب ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے حوالے سے پیش رفت‘کافی جلد’ہو سکتی ہے۔

    امریکی صدر نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جنگ روکنے کے لیے ایک معاہدے کے بارے میں اُمید کا اظہار کیا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ ”ہم غزہ پر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اسٹیو وٹکوف یہاں ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس جلد ہی بات کرنے کے لیے کچھ ہو سکتا ہے۔

    صدر ٹرمپ کو محکمہ تعلیم سے کھلواڑ کا مکمل اختیار مل گیا

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے جون کے آخر میں کہا تھا کہ اسرائیل نے 60 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر اتفاق کیا ہے، اور غزہ پر اسرائیل کی 21 ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے قطر میں مذاکرات جاری ہیں۔

    حماس مبینہ طور پر امریکی ضمانت چاہتی ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملے اور زمینی حملے، جن میں دسیوں ہزار فلسطینی شہید ہوئے ہیں ہیں، دوبارہ شروع نہیں ہوں گے یہاں تک کہ جنگ کے مستقل خاتمے کے بغیر جنگ بندی ختم ہو جائے۔

  • پاک افغان دو طرفہ تجارت میں بڑی کمی ریکارڈ

    پاک افغان دو طرفہ تجارت میں بڑی کمی ریکارڈ

    اسلام آباد: پاک افغان دو طرفہ تجارت میں سالانہ بنیاد پر 16 فیصدکمی ریکارڈ کی گئی۔

    ذرائع وزارت تجارت کے مطابق دسمبر میں پاک افغان دو طرفہ تجارت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، تجارت میں ماہانہ بنیاد پر 28 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر دونوں ممالک میں دو طرفہ تجارت میں 16فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ پاک افغان دو طرفہ تجارت کا حجم 12کروڑ 52 لاکھ ڈالرز رہا،گزشتہ ماہ ماہانہ بنیاد پر افغانستان کیلئے برآمدات میں 22 فیصد کمی ہوئی۔

    ذرائع وزارت تجارت کے مطابق دسمبر میں سالانہ بنیاد پر افغانستان کیلئے برآمدات میں7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات کا حجم 8 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز رہا۔

     ذرائع نے بتایا کہ نومبر 2023 میں افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات 11 کروڑ ڈالرز سے زائد تھیں جبکہ دسمبر 2022 میں افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات کا حجم 9 کروڑ 27 لاکھ ڈالرز تھا۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ افغانستان سے ماہانہ بنیاد پر درآمدات میں 39 فیصد کمی ہوئی جبکہ  سالانہ بنیاد پر درآمدات میں 32 فیصد کمی ہوئی، گزشتہ ماہ افغانستان سے پاکستانی درآمدات 3 کروڑ 88 لاکھ ڈالرز رہیں۔

  • پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت میں اضافہ، مزید مواقع

    پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت میں اضافہ، مزید مواقع

    اسلام آباد: پولینڈ کے سفیر میکائج پسارسکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارتی حجم 723 ملین یورو سے بڑھ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میکائج پسارسکی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم بڑھ کر 723 ملین یورو سے زائد ہو گیا ہے۔

    انھوں نے کہا دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ اور زراعت کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

    پولینڈ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پولینڈ کو تقریباً نصف بلین یورو کے بھاری تجارتی خسارے کا سامنا ہے کیوں کہ ٹیکسٹائل، کھیلوں کے لباس، کھانے پینے کی اشیا اور چمڑے کی مصنوعات میں پاکستانی برآمدات بہت زیادہ ہیں، جب کہ پولینڈ کی برآمدات کم ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ یہ زیادہ تر جی ایس پی پلس تجارتی طریقہ کار کے متعارف ہونے کی وجہ سے ہے، جس سے یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات کی اجازت ملی ہے۔

    سفیر میکائج پسارسکی نے کہا کہ پولینڈ پاکستان کے لیے تیزی سے ترقی کرنے والی برآمدی منڈیوں میں سے ایک ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس پولینڈ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔

    سفیر کے مطابق پولینڈ کی تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں نے گزشتہ 25 سال کے دوران پاکستان میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، پولش کمپنیوں نے گیس کی تلاش میں 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور وہ مزید کام کرنے کو تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر پولش کمپنیاں پاکستان میں مزید گیس تلاش کریں گی تو یہ درآمد شدہ گیس سے تین گنا سستی ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ پولینڈ کی کمپنیوں کی جانب سے دریافت کی گئی گیس پاکستان میں مقامی صارفین کو فروخت کی جا رہی ہے کیوں کہ یہ پولینڈ کے اقتصادی تعاون کا ایک اہم پہلو ہے۔

  • پاک ایران اور ترکی تجارت کے لئے ” ٹرین سروس” چلانے کا فیصلہ

    پاک ایران اور ترکی تجارت کے لئے ” ٹرین سروس” چلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان نے ترکی اور ایران کے ساتھ مل کر تینوں ممالک کے درمیان ٹرین سروس آپریشنل کرنے پر اتفاق کرلیا، سروس کی بحالی کیلئے ابتدائی کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے خطے میں تجارتی روابط بڑھانے کیلئے انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پاکستان، ترکی اور ایران نے اسلام آباد سے تہران اور پھر استنبول تک ریل سروس بحال کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ معاہدے کے مطابق یہ  ریل سروس اگلے سال سے باقاعدگی سے چلائی جائے گی اور45 دن کا سفرصرف 13 دن میں طے ہوگا۔

    اسلام آباد، تہران، استنبول کارگو ٹرین سروس اگلے برس آپریشنل کی جائے گی، اس منصوبے کی بحالی کا فیصلہ دو ہفتے قبل ایک آن لائن اجلاس کے دوران کیا گیا، اس حوالے سے استنبول میں اکنامک تعاون تنظیم کا اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان، ایران اور ترکی کے ریلوے حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں تینوں ممالک کے نمائندگان نے ٹرین سروس سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کیں اور اس سے متعلق مسائل اور مشکلات پر گفتگو کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ تینوں ممالک تجارتی روابط بڑھانے کیلئے اگلے برس اسلام آباد، تہران، استنبول کارگو ٹرین سروس بحال کر لیں گے۔

  • مالی سال 20-2019 کے دوران تجارتی خسارے میں کمی

    مالی سال 20-2019 کے دوران تجارتی خسارے میں کمی

    اسلام آباد: وفاقی ادارہ برائے شماریات کا کہنا ہے کہ مالی سال 20-2019 کے دوران تجارتی خسارے میں کمی دیکھی گئی، گزشتہ سال تجارتی خسارہ 23 ارب ڈالر رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ برائے شماریات نے مالی سال 20-2019 کے تجارتی اعداد و شمار جاری کردیے، گزشتہ مالی سال کے دوران تجارتی خسارہ 23 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

    اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے 31 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں سالی 20-2019 میں خسارے میں 10 ارب ڈالر کی کمی ہوئی۔

    جولائی 2019 سے جون 2020 کے دوران تجارتی خسارے میں 27.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اس عرصے کے دوران تجارتی خسارہ 23 ارب 18 کروڑ ڈالر رہ گیا۔

    جولائی 2019 سے جون 2020 کے دوران برآمدات میں 6.84 فیصد کی کمی ہوئی اور 21 ارب 38 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔

    درآمدات میں 18.61 فیصد کی کمی ہوئی اور 44 ارب 57 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ گزشتہ سالے کے مقابلے میں درآمدات میں 10 ارب 20 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی برآمدات اور درآمدات پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، رواں برس مارچ میں برآمدات میں 15.36 فیصد کی نمایاں کمی رونما ہوئی۔

    مارچ 2020 میں برآمدات 2.14 ارب ڈالر سے کم ہو کر 1.80 ارب ڈالر رہ گئی۔

    اسی طرح مارچ میں درآمدات میں فروری کے مقابلے 21 فیصد کمی ہوئی اور درآمدات 4.18 ارب ڈالر سے کم ہو کر 3.29 ارب ڈالر رہ گئی۔

  • تاجروں کے لیے بڑی خوش خبری

    تاجروں کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: تاجروں کو شناختی کارڈ کی شرط اور فکس ٹیکس نظام کے نفاذ پر ریلیف دینے کے امکان کے بعد حکومت اور تاجر برادری کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اور تاجروں میں ڈیڈ لاک پر درمیانی راستہ نکالنے پر اتفاق رائے متوقع ہے، جس کے بعد تاجر برادری احتجاج ختم کرسکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی تاجروں پر فکس ٹیکس رجیم نافذ کرنے پر مشاورت مکمل ہوگئی، فکس ٹیکس سے ٹیکس ادائیگی میں موجودہ شرح کی نسبت15سے20گنا اضافہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق فکس ٹیکس کے نفاذ سے تاجروں سے ٹیکس وصولی ڈیڑھ سوارب تک ہوجائے گی، 150 مربع فٹ کی دکان یا ریٹیلر پر20سے25ہزار سالانہ ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی گئی۔

    برآمد کنندگان کی مالی وسائل سے متعلق مشکلات کا ازالہ کریں گے، عبدالحفیظ شیخ

    ’ٹیکس کی شرح دکان کی حیثیت، مقام اور دیگر معاملات دیکھ 50ہزار تک بڑھائی جاسکتی ہے، فکس ٹیکس رجیم میں شامل ہونے والے تاجر ستمبر سے دسمبر اپناٹیکس ادا کیا کریں گے‘۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک ہزار مربع گز سے زائد پر مشتمل دکان کو نارمل ٹیکس رجیم میں رجسٹر کیا جائے گا۔

    دوسری جانب مشیرخزانہ عبدالحفیظ نے کہا ہے کہ تاجروں کے ساتھ بہت اچھی میٹنگ ہوئی ہے، معاملے کو بہترانداز میں حل کرنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں تاجر بھی خوش ہوں اور حکومت کے مقاصد بھی پورے ہوجائیں۔

  • ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    واشنگٹن: ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب برائن ہک کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل ایران پر اسلحے کی فروخت پر دوبارہ پابندی عائد کرے، تہران حکومت عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برائن ہک نے عالمی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کو اسلحہ کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کرے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پرقابو پایا جاسکے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران سعودی عرب کی آرامکو کمپنی کی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہے، ایران کا مقصد تیل پر حملہ کرکے عالمی معیشت میں بحران پیدا کرنا ہے۔

    امریکی نمائندے کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ایران مذاکرات کی میز پر آجائے، تہران حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو اسے بات چیت کی میز پر آنے کے لیے مجبور کردیا جائے گا۔

    برائن ہک نے وضاحت کی کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں، امریکا ایران کے ساتھ براہ راست فوجی محاذ آرائی کا خواہاں نہیں ہے۔

    امریکی صدر ایران پر آخری درجے کا دباؤ ڈالنے کے لیے تیار

    ایران کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مذاکرات کے حامی ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے تہران حکومت بھی بات چیت کے لیے راضی ہے لیکن ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ پابندیاں ختم کیے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

  • کراچی کے تاجروں کی کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی

    کراچی کے تاجروں کی کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی

    کراچی: شہرقائد کے تاجروں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے علاقے طارق روڈ پر ریلی نکالی، اس دوران تاجروں نے انسانی ہاتھوں کی زنجیربھی بنائی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تاجروں نے طارق روڈ پر لبرٹی چوک سے بہادر آباد چورنگی تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا، اس موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف خوب نعرے بازی کی گئی۔

    طارق روڈ ٹریڈرز الائنس کے صدر الیاس میمن نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر ایک طرف تو غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے اور دوسری طرف کشمیری مسلمانوں کی زندگیاں بد سے بد تر کرنے کے لیے تمام حربے استعمال کر رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بقا ہے۔

    ریلی میں موجود تاجروں کا کہنا تھا کہ بھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانے کے لئے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ ہم ایک ہیں اور کشمیر ہمارا ہے، ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے، "کشمیر بنے گا پاکستان”۔

    مقبوضہ کشمیر : آزادی کے حق میں مظاہرہ، عمران خان کے حق میں نعرے

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں68 روز سے جاری کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے احتجاج کیا اور نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے، فضا آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی، کشمیریوں نے حمایت کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا آج 69 واں دن ہے، مسلسل کرفیو کے باعث مختلف علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

  • عالمی تجارت میں سست روی کی بڑی وجہ بریگزٹ ہے: جرمن چانسلر

    عالمی تجارت میں سست روی کی بڑی وجہ بریگزٹ ہے: جرمن چانسلر

    برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ امریکا چین تجارتی جنگ کے علاوہ عالمی معیشت میں سست روی کی ایک بڑی وجہ بریگزٹ بھی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے برلن میں معیشت سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بریگزٹ کی وجہ سے عالمی معیشت بھی متاثر ہورہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی معیشت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی مکمل ذمہ داری امریکا اور چین کے مابین تجارتی جنگ پر عائد نہیں کی جاسکتی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بریگزٹ کے لیے تین سال تک مذاکرات کے باوجود غیر یقینی ماحول اب بھی برقرار ہے، اگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا تو مستقبل میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    بریگزٹ ڈیل: کیا بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے جھوٹ بولا؟

    خیال رہے کہ برطانیہ میں ڈیوڈ کیمرون کے استعفے کے بعد تھریسامے برطانیہ کی وزیراعظم منتخب ہوگئی تھیں تاہم وہ بریگزٹ کے معاہدے کو حتمی شکل دینے میں ناکام رہی تھیں اور انہیں دو سال بعد ہی استعفیٰ دینا پڑا تھا۔

    تھریسامے نے جولائی میں استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے لیکن بریگزٹ کے معاملے پر بورس جانسن کو بھی مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔

    سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بریگزٹ تقسیم پر معذرت کرلی

    واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ بریگزٹ ڈیل پر یورپی یونین سے مزید توسیع لینے سے بہتر ہے کہ میں گہری کھائی میں گر کر خودکشی کرلوں۔

    تین سال قبل 2016 میں 43سال بعد تاریخی ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق 52 فیصد برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی ہونے کے حق میں جبکہ 48 فیصد نے یونین کا حصہ رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

  • دنیا بھر کی تجارت میں کمی کی پیشگوئی

    دنیا بھر کی تجارت میں کمی کی پیشگوئی

    جنیوا: ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن نے عالمی تجارت میں نمایاں کمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی تجارتی اشاریے تشویشناک منظر پیش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن نے عالمی تجارت میں نمایاں کمی کی پیشگوئی کردی، ڈبلیو ٹی او کا کہنا ہے کہ بڑی طاقتوں میں تجارتی جنگ کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، عالمی سطح پر معاشی شرح نمو بھی سست روی کا شکار رہے گی۔

    ڈبلیو ٹی او کا کہنا ہے کہ تجارتی مال کی فروخت کی شرح نمو صرف 1.2 فیصد رہے گی۔ اس سے قبل ڈبلیو ٹی او نے 2.6 فیصد شرح نمو کی پیش گوئی کی تھی۔

    ڈبلیو ٹی او کا کہنا ہے کہ تجارت کے حجم میں آئندہ سال بہتری متوقع ہے، سنہ 2020 میں تجارتی حجم 2.7 فیصد تک ہو سکتا ہے، بریگزیٹ اور امریکی شرح سود میں کمی بھی سست روی کی وجہ ہے۔

    ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ عالمی تجارتی اشاریے تشویش ناک منظر پیش کر رہے ہیں، مجموعی تجارت کی شرح نمو 1.6 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ دنیا کے تمام ریجنز میں درآمدات اور برآمدات میں کمی کا رجحان دیکھا جا سکتا ہے۔ ایشیائی برآمدات میں اضافے کی شرح 0.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

    ڈبلیو ٹی او کے مطابق ایشیا میں برآمدات میں کمی کا رجحان متوقع ہے، ایشیا کی مجموعی معاشی شرح نمو 3.9 فیصد رہے گی۔