Tag: trade relations

  • پاک افغان تجارتی تعلقات میں اہم پیشرفت، اعلامیہ جاری

    چمن : پاکستان اور افغانستان کے تاجروں کے درمیان ہونے والے اجلاس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں ہونے والے پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے، بلوچستان میں چمن بارڈر دونوں ممالک کیلئے سب سے زیادہ فعال تجارتی سرحد ہے۔

    اجلاس میں کاروباری مسائل کا مشاہدہ کرنے کیلئے سرحدی کراسنگ پر ان سیشنز کو سراہا گیا اور دونوں اطراف سے اقتصادی تعلقات کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔

    اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں لیبر چارجز، افغان سائیڈ پر سامان کی لوڈنگ کا معاملہ زیرغور آیا اور ہینڈلنگ،ٹرانزٹ گڈز ٹیکس، خالی کنٹینرز کی کلیئرنس کی سست شرح پر بحث ہوئی۔

    اس کے علاوہ کلیئرنس، بارڈرکراسنگ، ویزا پراسیسنگ میں تاخیر کا معاملہ بھی زیربحث آیا، اجلاس میں کہا گیا کہ افغان سائیڈ پر قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

    پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے اجلاس میں افغان تاجروں نےیقین دہانی کرائی کہ پاکستان کسٹمز اور کابل ہم منصب میں بات چیت جاری ہے۔

     

  • پاک سعودی عرب تجارتی تعلقات کا خواہاں ہیں، نواف سعید المالکی

    پاک سعودی عرب تجارتی تعلقات کا خواہاں ہیں، نواف سعید المالکی

    اسلام آباد : پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو بعض چیلنجز کا سامنا ہے اور مضبوط باہمی تعاون فروغ دے کر ان چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔

    سعودی سفیر نے تسلیم کیا کہ دونوں ممالک کی طرف سے تاجر برادری کیلئے ویزے کا عمل مشکل ہے جو کاروباری تعلقات کے فروغ میں ایک رکاوٹ ہے تاہم انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کیلئے ویزے کا عمل مزید آسان کرنے بنانے کیلئے انہوں نے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام سے بات چیت کی ہے تا کہ تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سی پیک منصوبے میں دلچسپی رکھتا ہے اور پاکستان کوچاہیے کہ وہ سعودی عرب سمیت بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کرے، سڑکوں کے نظام کو مزید ترقی دے اور تاجر برادری کو اور زیادہ سہولیات فراہم کرے۔

    انہوں نے یقین دیانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ پاکستان کی تاجر برادری کو کاروبار کیلئے سعودی عرب کا دورہ کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔

    اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے پاکستان میں کاروبار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں لہذا سعودی عرب کے سرمایہ کار سی پیک میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔