Tag: Traders protest

  • پولٹری بحران شدت اختیار کرگیا، تاجروں کا احتجاج کا اعلان

    لاہور : ملک میں پولٹری کا بحران شدت اختیار کرگیا، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے پانچ جنوری کو ٹھوکر نیاز بیگ میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

    اس وقت لاہور میں مرغی کے گوشت کی پرچون قیمت 520 روپے فی کلوسے زائد ہے، دو ماہ پہلے گوشت کی قیمت 358 روپے فی کلو تھی، پاکستان پولٹری ایسوی ایشن کے مطابق ڈھائی ماہ سے سویابین اور کینولا کے پورٹ پر پھنسے جہاز کلئیر نہیں ہوسکے۔

    جہازوں کی ڈیمرج چارجز کی مد میں چار لاکھ ڈالر روزانہ جرمانہ ادا کرنا پڑ رہا ہے، پولٹری ایسوسی ایشن نے وزیراعظم میاں شہبازشریف سے معاملے کا نوٹس لینے اور پولٹری انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کی اپیل کی ہے، مرغیوں کی خوراک بنانے والی فیکٹری ہائی ٹیک چند روز قبل بند ہوچکی ہے۔

    حکومتی ناقص پالیسی، پولٹری انڈسٹری بھی بحران کا شکار

    علاوہ ازیں حکومتی ناقص پالیسی کے باعث پولٹری انڈسٹری کے لیے فیڈ تیار کرنے والی فیکٹری بند ہوگئی جس کے سبب فیکٹری انتظامیہ نے تمام ملازمین کو نوٹس جاری کردیا۔

    رائیونڈ روڈ لاہور پر قائم فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام ملازمین اپنی نئی ملازمت کا بندوبست کرلیں، 31 جنوری کے بعد فیکٹری کے ملازمین فارغ تصور ہوں گے۔

    انتظامیہ نے کہا کہ بجلی گیس کے نرخوں میں اضافہ ہوا، خام مال کی عدم دستیابی ہے، درآمدات پر پابندی، بلند شرح سود کے باعث انڈسٹری چلانا ممکن نہیں ہے۔ فیکٹری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت پولٹری انڈسٹری کو 45 روپے فی یونٹ مہنگی بجلی دی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : پورٹ پر ہزاروں کنٹینر پھنس گئے، لاکھوں ڈالر کا سامان ایکسپائر

    تاجروں کا کہنا ہے کہ سویابین کی عدم دستیابی کے باعث رائیونڈ روڈ لاہور پر واقع بڑی فیڈ فیکٹری بند کی جارہی ہے جبکہ کئی چھوٹی فیڈ ملز بند کردی گئی ہیں۔

    وفاقی کابینہ کی اجازت کے باوجود سویابین سے بھرے کنٹینرزکا پورٹ پر پھنسے رہنا حیران کن ہے، مچھلی سے حاصل فیڈ بہت مہنگی ہے، ہر کمپنی مچھلی سے فیڈ تیار نہیں کرسکتی۔

  • قبائلی عوام کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

    قبائلی عوام کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، فاٹا کے بہادر قبائلیوں نے بے پناہ قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے تاجروں سے ملاقات کے بعد اپنے ٹوئٹ میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی کے تاجروں نے اسلام آباد میں اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا ۔

    کئی روز سے جاری احتجاج کے بعد شمالی وزیرستان کے تاجروں اورپولیٹیکل انتظامیہ میں مذاکرات کیے گئے، مذکرات کی کامیابی کے بعد تاجروں نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور سے ملاقات کی یہ ملاقات4گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے تاجروں کے مطالبات غور سے سنے اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی، ڈی جی آئی ایس پی آر کی یقین دہانی پر شمالی وزیرستان کے تاجر مطمئن ہوگئے اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔

    مطالبات تسلیم ہونے پر مظاہرین نے خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور کئی روز سےجاری احتجاجی کیمپ ختم کردیا گیا۔

    بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ فاٹا میں متحرک آپریشن کے بعد معمولات زندگی کی بحالی دیرپا امن کاحصہ ہے، ریاست بشمول سیکیورٹی فورسز متاثرین کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دیرپا امن اور تعمیر نو کا عمل جاری ہے، یہ ہمارا گھر ہے مل جل کر تسلسل سے حالات پرامن کرلیں گے۔

    میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ تاجروں کی سول ملٹری اور قبائلی نمائندوں کے ساتھ میٹنگ جلد ہوگی،22اپریل میٹنگ کی میں حقیقی مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوگی، قبائلیوں کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے۔

    نقصان کا سامنا کرنے والے تاجروں کو معاوضہ بھی دیا جائےگا، انہوں نے کہا کہ ہم نے غیریقینی پھیلانے والی دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا، فاٹا کو قومی دھارے میں لا کر ہی ملک میں ترقی و خوشحالی آ سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔