Tag: traffic

  • سیاحوں کے لئے بڑی خوشخبری

    سیاحوں کے لئے بڑی خوشخبری

    سیاحوں کے لئے بڑی خوشخبری ناران کے بعد بلند ترین سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ کو چھ ماہ کی بندش کے بعد کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشہور سیاحتی مقام بابوسر روڈ کو 6 ماہ تک بند رہنے کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، علاقے میں شدید برف باری کے باعث سڑکیں بند ہوگئی تھیں۔

    ہر سال بابوسر ٹاپ کھلنے سے کاغان، ناران میں سیاحوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے، اب سیاح برف کے خوبصورت نظاروں کے ساتھ ساتھ شمالی علاقہ جات کا سفر بھی کرسکیں گے۔

    دوسری جانب مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی ٹریول ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔

    ایڈوائزری کے مطابق مسافروں اور سیاحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی الرٹس کو چیک کرنے کے بعد بابوسر روڈ کے لیے اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔

    دیامر سے مانسہرہ تک کا سفر بابوسر روڈ کے ذریعے 7 گھنٹے میں طے ہوتا ہے جبکہ یہی فاصلہ شاہراہ قراقرم کے ذریعے 14 گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔

  • کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک کی اہم ہدایات

    کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک کی اہم ہدایات

    کراچی: کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک کورنگی علی رضا نے چیئرمین اور صدر کاٹی کو علیحدہ علیحدہ خط لکھے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ کاٹی کے تحت چلنے والی فیکٹری کے ورکرز کی موٹر سائیکلوں کی حالت خراب ہے، ان کی زندگی کی حفاظت کے لیے انھیں ہدایات دی جائیں کہ وہ اپنی موٹر سائیکلیں ٹھیک کروا لیں۔

    خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ زیادہ تر اسٹاف اپنی موٹر سائیکلیں انتہائی خراب حالت میں چلاتے ہیں، ان کو درست ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ کا لازمی استعمال کروائیں، ہیڈلائٹ، ٹیل لائٹ اور انڈیکیٹرز درست حالت میں رکھنے کے ساتھ ساتھ سائیڈ مررز لگائیں اور فینسی نمبر پلیٹ لگانے سے اجتناب کریں، موٹر سائیکل پر 3 افراد بیٹھ کر سفر نہ کریں۔

    کاٹی ایس ایس پی ٹریفک

    خط میں کہا گیا ہے کہ عملہ غلط پارکنگ بھی کرتا ہے، ایک لین کی جگہ چار چار لینوں میں پارکنگ کی جاتی ہے، جس سے نہ صرف لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ ٹریفک جام بھی ہوتا ہے اور حادثات بھی ہوتے ہیں۔

    دوسرے خط میں کہا گیا ہے کہ مزدوروں کو لانے لے جانے والی زیادہ تر بسیں اور کوسٹرز جو کنٹریکٹ کی ہیں یا کمپنی اور فیکٹری کی ملکیت ہیں، وہ انتہائی خراب حالت میں ہیں، ان گاڑیوں کی وجہ سے سڑک پر چلنے والی دیگر گاڑیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

    خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر گاڑیوں کی حالت ٹھیک کروا لیں، گاڑی کے درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیور کے لائسنس اپڈیٹ کروائیں، گاڑیوں کی مکینیکل حالت بھی ٹھیک کروائیں، اور گاڑی کے ڈرائیور یا مالکان تعاون کریں، کیوں کہ ایک ہفتے بعد خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا

    اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹریفک پولیس کی جانب سے مسافروں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایکشن لے لیا ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے روالپنڈی ٹریفک پولیس کو خط لکھ کر کہا ہے کہ انٹری اور ایگزٹ پر ٹریفک اہلکار مسافروں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے انٹری و ایگزٹ گیٹ کے قریب راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب احمد گیلانی نے راولپنڈی ٹریفک پولیس کے نام خط لکھ کر کہا ایئرپورٹ پر ملکی اور غیر ملکی مسافروں کی آمد و روانگی رہتی ہے، لیکن ٹریفک پولیس انھیں ہراساں کرتی ہے، ٹریفک پولیس اہلکار انٹری اور ایگزٹ گیٹ پر گاڑیوں کو روکتے ہیں اور مسافروں کو تنگ کیا جاتا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ پر مسافروں کے ساتھ الجھتے بھی دیکھا گیا ہے، انٹری اور ایگزٹ گیٹ پر گاڑیاں روک لینے سے رش لگ جاتا ہے اور مسافروں کو مشکلات پیش آتی ہیں، متعدد مسافروں سے ایئرپورٹ سے نکلتے ہی روک کر تنگ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ایئرپورٹ کے انٹری اور ایگزٹ گیٹ سے دور تعینات کیا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

  • سعودی عرب: تعطیلات کے دوران ٹریفک حادثات میں اضافہ

    سعودی عرب: تعطیلات کے دوران ٹریفک حادثات میں اضافہ

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے عید الفطر کی تعطیلات سے قبل آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے، حکام کے مطابق تعطیلات کے دوران ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ سال کے دیگر دنوں کے مقابلے میں تعطیلات کے دوران ٹریفک حادثات میں 15 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔

    محکمہ ٹریفک نے عید الفطر کی تعطیلات سے قبل آگاہی مہم کا آغاز بھی کردیا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ شہری اور مقیم غیر ملکی چاہے وہ ڈرائیور ہوں یا گاڑی میں بیٹھنے والے افراد حفاظتی بیلٹ کی پابندی کریں، مقررہ رفتار سے زیادہ گاڑی نہ چلائیں جبکہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال نہ کیا جائے۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق گاڑی میں بچوں کی سلامتی کی خاطر خصوصی سیٹس استعمال کی جائیں، شاہراہوں پر سفر سے قبل گاڑیوں کے ٹائروں کا مطلوبہ معیاری یقینی بنائیں اور شدید تھکاوٹ یا نیند آنے کی صورت میں گاڑی نہ چلائیں۔

  • سعودی عرب : ماہ رمضان میں محکمہ ٹریفک کی نئی ہدایات جاری

    سعودی عرب : ماہ رمضان میں محکمہ ٹریفک کی نئی ہدایات جاری

    ریاض : سعودی عرب محکمہ ٹریفک نے ماہ رمضان المبارک کے دوران ریاض میں ٹرکوں کے داخلے پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ماہ رمضان کے دوران صبح آٹھ سے آدھی رات تک ریاض میں ٹرکوں کے داخلے پر مکمل پابندی رہے گی۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ عوامی خدمات سے تعلق رکھنے والے ٹرکوں کو دوپہر12 سے رات12 بجے تک ریاض شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ عام ٹرکوں کو رات 12 سے صبح 8 بجے تک ریاض شہر میں داخلے کی مکمل اجازت ہوگی۔ اس سے کوئی بھی ٹرک مستثنی نہیں ہوگا۔

    محکمہ ٹریفک نے توجہ دلائی کہ جمعہ اور سنیچر کو رات7 سے12 بجے تک ریاض میں ٹرکوں کا داخلہ منع ہوگا۔ اس پابندی سے عوامی خدمات والے ٹرک مستثنیٰ رہیں گے۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ مکہ خریص روڈ پر ایگزٹ13سے لے کر مشرق اور مغرب میں سفارتخانوں کے علاقے تک ٹرکوں کا داخلہ منع ہے۔

    علاوہ ازیں کنگ فہد روڈ پر ایگزٹ4 سے میدان الجسائر تک بھی ٹرکوں کی آمد پر پابندی ہوگی۔ محکمہ ٹریفک نے تمام ٹرک مالکان اور ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ وہ سب کی سلامتی کی خاطر مقررہ اوقات کی پابندی کریں۔

  • کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت سٹی: کویت میں دوران ڈرائیونگ موبائل فونز استعمال کرنے والوں کے لیے جرمانوں میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی، ممکنہ طور پر جرمانہ 75 دینار تک کردیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت میں ڈرائیونگ کے دوران فون استعمال کرنے پر وزارت داخلہ کی جانب سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے کچھ عرصے میں غیر ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلانے کی 20 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کی 29 ہزار 62 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    دوسری جانب ایک لمبے عرصے کے دوران ملک میں کئی ماہ تک جاری رہنے والے کرفیو کے دوران گزشتہ سال جس میں سڑک کے استعمال کی شرح اور خلاف ورزیوں و ٹریفک حادثات کی رجسٹریشن میں کمی واقع ہوئی، اس کے باوجود اتنی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس موبائل فون استعمال کرنے والوں کی نگرانی کرنے کے ایک سے زائد طریقے موجود ہیں، چاہے وہ سڑکوں پر تعینات گشت کے ذریعہ روکے جائیں یا کیمروں سے ان کی نگرانی کی جائے۔

    وزارت کے مطابق ایسی صورت میں جب کوئی بھی شہری یا غیر ملکی ویڈیو پوسٹ کرتا ہے اور اسے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر دیکھا جاتا ہے کہ وہ گاڑی چلارہا ہے تو وہ فوری طور پر طلب کر لیا جائے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    حکام نے عوام سے مطالبہ کیا کہ جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس کی فوری طور پر تصویر بنائیں اور واٹس ایپ کے ذریعے ٹریفک کے جنرل ڈائریکٹر کو بھیجیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف ضروری قانونی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

    وزارت کی جانب سے نئے ٹریفک بل کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جو قومی اسمبلی میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پیش کیا گیا ہے۔

    اب تک چونکہ فون کے استعمال کی خلاف ورزی کا جرمانہ 5 دینار سے زیادہ نہیں تھا اور یہ ہی اس مسئلے کے حل میں اصل رکاوٹ بن رہا ہے لہٰذا اس نئے قانون میں جرمانہ تقریباً 75 دینار تک کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب : گاڑیوں کے مالکان کو اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب : گاڑیوں کے مالکان کو اہم ہدایات جاری

    ریاض : سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ اگر وہیکل رجسٹریشن کارڈ پر اس کے ختم ہونے کی تاریخ درج نہ ہو تو ایسی صورت میں وہیکل رجسٹریشن کی تجدید پر نیا کارڈ نکلوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر وہیکل رجسٹریشن لائسنس کی میعاد ختم ہوجائے تو ایسی صورت میں ابشر کے ذریعے آن لائن توسیع کرانا کافی ہوگی، نیا کارڈ نکلوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    محکمہ ٹریفک نے انتباہ دیا کہ ٹریفک قانون کے تحت وہیکل رجسٹریشن میعاد ختم ہوجانے پر توسیع ضروری ہے، توسیع نہ کرانے پر 60 دن تک مہلت ہوگی، مہلت ختم ہونے پر فی سال سو ریال جرمانہ ہوگا۔

    ٹریفک قانون کے مطابق ہر طرح کی گاڑیوں کے وہیکل رجسٹریشن کی میعاد تین برس ہے۔ اس سے کم مدت کے لیے بھی وہیکل رجسٹریشن کی جاسکتی ہے تاہم اس کی مدت ایک برس سے کم نہ ہو۔

  • سعودی حکومت کی معذوروں کے حقوق سلب کرنے والوں کیخلاف بڑی کارروائی

    سعودی حکومت کی معذوروں کے حقوق سلب کرنے والوں کیخلاف بڑی کارروائی

    ریاض : سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں معذوروں کے لیے مخصوص جگہوں پر پارکنگ پر دوہزار438 گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک قانون کے مطابق سرکاری و نجی اداروں اور مختلف پبلک مقامات پر معذوروں کی کاروں کے لیے پارکنگ مختص ہے جہاں کسی دوسرے کو گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں۔

    ٹریفک اہلکار ضابطے کی پابندی کرانے کے لیے جگہ جگہ چھاپے مار رہے ہیں۔ جہاں بھی کوئی خلاف ورزی کی جاتی ہے فوری کارروائی کرتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ معذوروں کے لیے مختص مقامات پر گاڑی پارک کرنے سے گریز کریں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے یاد دہانی کرائی ہے کہ معذوروں کے لیے مختص مقامات پر گاڑی پارک کرنے پر500سے900 ریال تک کا جرمانہ ہوگا، گاڑی کے مالک یا ڈرائیور تک رسائی نہ ہونے کی صورت میں گاڑی قبضے میں لی  جائے گی۔

  • سعودی عرب : ملکی اور غیر ملکی شہریوں کیلئے اہم اعلان

    سعودی عرب : ملکی اور غیر ملکی شہریوں کیلئے اہم اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ ٹریفک نے گاڑی کے ٹرانسفر کے ضوابط جاری کیے ہیں، اس میں واضح کیا گیا ہے کہ گاڑی کی فروخت مکمل کرنے کے لیے کیا کارروائی درکار ہوگی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ اگر گاڑی کے خریدار کے ذمے ٹریفک خلاف ورزیاں ہوں تو گاڑی کا ٹرانسفر اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک وہ خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا نہ کردے۔

    مقامی شہری نے ٹوئٹر پر محکمہ ٹریفک سے دریافت کیا تھا کہ گاڑی خریدنا چاہتا ہوں، سودا بھی کرلیا ہے تاہم میرے ذمے ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ہیں آیا یہ جرمانے گاڑی کے ٹرانسفر میں رکاوٹ بنیں گے یا جرمانوں کے ہوتے ہوئے بھی گاڑی اپنے نام کراسکوں گا؟

    محکمہ ٹریفک نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ جب تک جرمانے ادا نہیں ہوں گے تب تک گاڑی ٹرانسفر نہیں ہوگی۔

  • کورونا وائرس : سعودی حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے ایک اور اہم اعلان

    کورونا وائرس : سعودی حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے ایک اور اہم اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ ٹریفک نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور صحت و سلامتی کے لیے آن لائن اپائنمنٹ کی سہولت کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اگر آپ محکمہ ٹریفک کے دفتر سے کوئی کام کرانا چاہتے ہوں تو اس کے لیے پہلے ابشر پر جاکر آن لائن دن اور وقت متعین کرالیں۔

    یہ سہولت سعودی عرب کے تمام علاقوں میں موجود سعودیوں اور غیرملکیوں کے لیے ہے، اگر کوئی شخص پہلے سے پیشدگی وقت لے گا تو اس کا کام آسانی سے ہوجائے گا۔

    محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ آن لائن اپائنمنٹ لینے کے لیے ابشر پر اپنے اکاؤنٹ پر جائیں، پیشگی ٹائم کے آپشن کا انتخاب کرکےمحکمہ ٹریفک کے آپشن کو کلک کریں۔

    اس کے بعد نئے وقت کی بکنگ پر جائیں اور مطلوبہ خدمت کے آپشن، وقت اور برانچ کا انتخاب کریں۔وقت کے انتخاب کے بعد اوکے کریں،ایسا کرنے پر اپائمنمٹ کی سلپ سامنے آجائے گی۔