Tag: traffic accident

  • افغانستان، خوفناک ٹریفک حادثے میں 21 افراد ہلاک

    افغانستان، خوفناک ٹریفک حادثے میں 21 افراد ہلاک

    افغانستان میں بس اور ٹینکر میں خوفناک تصادم کے باعث کم از کم 21 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے ضلع گریشک میں بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے باعث 21 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 38 زخمی ہوگئے۔

    صوبائی محکمہ اطلاعات کے سربراہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ قندھار، ہرات شاہراہ پر ہونے والے حادثے میں ایک موٹر سائیکل، ایندھن کا ٹرک اور ایک بس شامل تھی جن کی منزل دار الحکومت کابل تھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ بس کی پہلے موٹرسائیکل سے ٹکر ہوئی جس کے باعث ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور پھر بس قندھار سے ہرات جانے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

    سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں صوبائی محکمہ اطلاعات کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح ٹینکر، موٹر سائیکل اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے،حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں ٹریفک حادثات ہونا عام ہیں، جس کی بنیادی وجہ سڑکوں کی خراب حالت اور ڈرائیورحضرات کی لاپرواہی ہے۔

  • دیر بالا میں گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    دیر بالا میں گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    دیربالا: صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع دیر بالا میں ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دیر بالا کے علاقے گوالدئی بنجو کے مقام پر ایک ڈبل کیبن گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے چار افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

    جاں بحق افراد میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، لاشوں اور زخمی افراد کو شرینگل اسپتال منتقل کیا گیا ہے، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ سڑک خراب ہونے کے باعث پیش آیا ہے۔

  • سعودی لڑکی کو موت چھو کر گزر گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سعودی لڑکی کو موت چھو کر گزر گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سڑک پار کرتے ہوئے بالخصوص بڑی شاہراہوں کو عبور کرتے ہوئے نہایت احتیاط ضروری ہوتی ہے، ورنہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے پڑ سکتے ہیں، سعودی عرب میں ایسا ہی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ایک گاڑی کے ڈیش بورڈ کیمرے میں ریکارڈ ہوا ہے، جس میں لڑکی کچلے جانے سے بال بال بچی۔

    سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے، اس ویڈیو میں ایک لڑکی کو مصروف شاہراہ کو تیز رفتار گاڑیوں کے درمیان گزرتے دیکھا جا سکتا ہے، لڑکی تیز رفتار گاڑیوں سے ٹکرانے سے بال بال بچی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ڈرائیور نے دیکھا کہ مصروف سڑک پر اچانک ایک لڑکی سڑک عبور کرنے کے لیے چل پڑی ہے، تو وہ حیران رہ گیا، صورت حال اتنی خطرناک تھی کہ لڑکی کو بھی تیز رفتار گاڑیوں کو دیکھ کر اپنی غلطی کا احساس ہو گیا، لیکن اسے سمجھ نہیں آیا کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔

    ایسے میں گاڑی کے ڈرائیور نے پھرتی دکھائی اور اپنی گاڑی ٹریک سے ہٹا کر دوسری ٹریک پر لے گیا، تاکہ لڑکی اس کی زد پر نہ آئے اور وہ پہنچنے سے پہلے ہی گزر جائے۔ یہی ہوا، گاڑی کو اتنا موقع مل گیا کہ جیسے ہی لڑکی بالکل پاس پہنچ گئی، گاڑی تیزی سے اس کے آگے سے نکل گئی۔

    صارفین نے ویڈیو دیکھ کر طرح طرح کے تبصرے کیے، سابقہ ٹوئٹر اور ایکس پر ایک صارف نے مشورہ دیا کہ اس بات کو ضرور یقینی بنایا جائے کہ آنے والی گاڑی بہت دور ہے۔

  • نوجوان کو کچل کر مارنے والی گاڑی سندھ کی اہم شخصیت کی بیٹی کی نکلی

    نوجوان کو کچل کر مارنے والی گاڑی سندھ کی اہم شخصیت کی بیٹی کی نکلی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں 15 اگست کو ایک خونی ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان عبداللہ جاں بحق ہو گیا تھا، اس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تفصیلات سامنے آ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق منگل پندرہ اگست کو ڈیفنس کے علاقے میں سڑک پر موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر اڑانے والی گاڑی سندھ کی ایک اہم شخصیت کی بیٹی کی نکلی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی نمبر بی ٹی کے 255 مومل اعجاز کے نام پر رجسٹرڈ ہے، اور حادثے کے وقت گاڑی اہم شخصیت کا بیٹا چلا رہا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

    سامنے آنے والی فوٹیج میں تیز رفتار کار کو شہری کی موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے، کار کے شیشے بھی خلاف قانون مکمل کالے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جب کہ حادثے کا مقدمہ متوفی عبداللہ کے ورثا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی گاڑی مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیشی پولیس کے حوالے کی جا چکی ہے، اور گاڑی کی تفصیلات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

  • شیخوپورہ میں ڈمپر نے رکشے کو روند ڈالا، 2 نوجوان جاں بحق

    شیخوپورہ میں ڈمپر نے رکشے کو روند ڈالا، 2 نوجوان جاں بحق

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر ایک ڈمپر نے رکشے کو روند ڈالا، حادثے میں 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں لاہور روڈ، قلعہ ستار شاہ پر ایک ڈمپر نے رکشے کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 20 سالہ سجاد عمر اور 19 سالہ نامعلوم نوجوان شامل ہیں، دونوں حادثے کے بعد موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ زخمیوں کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ڈرائیور تیز رفتار ڈمپر کو قابو نہ کر سکا اور رکشے کو روند ڈالا، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی

    نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی

    کراچی: شہر قائد میں نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی، جس سے خاتون جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نادرن بائی پاس، اورنگی کٹ کے قریب ایک افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ماں جاں بحق اور ان کا جواں سال بیٹا زخمی ہو گیا ہے۔

    جاں‌ بحق خاتون کی شناخت 55 سالہ عائشہ زوجہ عبدالوہاب کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ زخمی نوجوان کی شناخت 20 سالہ سہیل ولد عبد الوہاب کے نام سے ہوئی۔

    خاتون اور ان کا بیٹا موٹر سائیکل پر سوار تھے، مبینہ طور پر تیز رفتاری سے آتی گاڑی نے دونوں کو کچل دیا، جاں بحق خاتون اور زخمی کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر منگھوپیر تھانے کی پولیس پہنچ گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے، تاہم اس کی گرفتاری کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • خوفناک ٹریفک حادثہ : 14 مزدور جاں بحق

    خوفناک ٹریفک حادثہ : 14 مزدور جاں بحق

    ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں تیز رفتاری کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ٹرک اور پک اَپ وین کے تصادم میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    اس حوالے سے مقامی پولیس حکام کے مطابق مرنے والوں کا تعلق مزدور طبقے سے تھا، حادثہ صبح تقریباً 6 بجے بنگلہ دیش کے سلہٹ ضلع میں پیش آیا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے، کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    بنگلہ دیش

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں دنیا بھر میں سڑک حادثات کے حوالے سے سب سے زیادہ شرح اموات پائیئ جاتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ناقص شاہراہیں، گاڑیوں کی ناقص دیکھ بھال، ڈرائیوروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور محکمہ ٹریفک کی نگرانی کا فقدان بتایا جارہا ہے۔

    گزشتہ ماہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں مسلمانوں کے عید الفطر کے تہوار کے رش کے دوران 15 اپریل سے 29 اپریل تک 304 سڑک حادثات میں 328 افراد ہلاک اور 565دیگر زخمی ہوئے۔

  • چاغی میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    چاغی میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    چاغی : صوبہ بلوچستان کے شہر چاغی میں دو گاڑیوں میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل نوکنڈی کے مقام پر دو پک اپ گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم میں 6 افراد ہلاک جبکہ 14 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

    لیویز حکام کے مطابق تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث متاثرہ افراد بری طرح جھلس گئے۔

    تمام زخمی مسافروں کو نوکنڈی کے دیہی طبی مرکز منتقل کردیا گیا جہاں سے تین زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاک شدگان میں 4 کا تعلق نوکنڈی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر تفتان ساگر کمار کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی، جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کا تعلق پاکستان اور افغانستان سے تھا۔

  • گوجرہ میں وین اور منی ٹرک میں خوفناک تصادم، 7 افراد جاں بحق

    گوجرہ میں وین اور منی ٹرک میں خوفناک تصادم، 7 افراد جاں بحق

    گوجرہ: پنجاب کے شہر گوجرہ میں وین اور منی ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر گوجرہ میں دھرم کوٹ اسٹاپ کے قریب ایک وین اور منی ٹرک ٹکرا گئے، جس سے سات افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی، جس سے اموات واقع ہوئیں، حادثے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث شناخت کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

  • ٹھٹھہ : ٹرک اور وین میں تصادم، 9 افراد جاں بحق

    ٹھٹھہ : ٹرک اور وین میں تصادم، 9 افراد جاں بحق

    ٹھٹھہ : کراچی سے تفریح کے لیے کینجھر جھیل جانے والوں کے ساتھ پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں نو افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کے علاقے چلیا کے قریب قومی شاہراہ پر ٹرک اور وین میں ہونے والے خوفناک تصادم میں 9افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

    واقعہ کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ 6افراد کی لاشیں ٹرک کے نیچے پھنس گئی ہیں۔

    قذافی ٹاؤن کراچی کے رہائشی افراد پکنک منانے کیلئے ٹھٹھہ آئے تھے کہ واپسی پر ان کے ساتھ حادثہ پیش آگیا، حادثے میں وین سوار تمام 9 افراد جاں بحق ہوئے اورجبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

    ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ امدادی ٹیموں نے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں سول ہسپتال ٹھٹھہ منتقل کر دی ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ٹھٹھ حادثے میں جاں بحق9افراد کی میتیں شناخت کے بعد کراچی روانہ کردی گئیں، جاں بحق افراد میں عبداللہ، تسبیح اللہ، محمد قیصر، نوراللہ، وہاب، عدنان و دیگر شامل ہیں، ڈپٹی کمشنرغلام فاروق سومرو نےریسکیو ادارے کے ذریعے میتیں کراچی روانہ کیں۔