Tag: traffic accident

  • کراچی میں دلخراش ٹریفک حادثہ، 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق

    کراچی میں دلخراش ٹریفک حادثہ، 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کی معروف علاقے کلفٹن میں دلخراش ٹریفک حادثے میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب چورنگی انڈر پاس میں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر الٹ گئی، اسی دوران ایک موٹر سائیکل بھی اس کی زد میں آگئی، دلخراش حادثے میں دو خواتین سمیت ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    ریسکیو ذرائع نے حادثے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی ، کار کی زد میں ایک موٹر سائیکل سوار اور ایک راہ گیر خاتون زد میں آئی، حادثے میں دو خواتین اور ایک مرد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی، زخمی ہونے والی بچی خاتون کے ہمراہ تھی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر خاتون اپنی بچی کے ہمراہ بس سے کچھ دیر پہلے اتری تھی ۔

    حکام کے مطابق واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا، حادثے کے بعد پنجاب چورنگی انڈر بائی پاس کو ٹریفک کے لئے بند کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جاں بحق افراد کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

  • دبئی : ڈرائیورز ہوشیار، نیا جدید نظام متعارف کرادیا گیا

    دبئی : ڈرائیورز ہوشیار، نیا جدید نظام متعارف کرادیا گیا

    یو اے ای : ٹریفک حادثات کی خبریں آئے روز سننے کو ملتی ہیں، اس کی اصل وجہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں اور خصوصاً تیز رفتاری اور موبائل فون کا استعمال ہے۔

    اس حوالے سے دبئی میں ٹریفک پولیس نے خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے والے جدید ترین سسٹم کومتعارف کرادیا ہے، پیدل روڈ کراس کرنے والے راہگیر کے لیے گاڑی نہ روکنے اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کے علاوہ دیگر خلاف ورزیاں خود کار طریقے سے نوٹ کی جاسکیں گی۔

    اماراتی جریدے کے مطابق دبئی ٹریفک پولیس نے حادثات کی روک تھام اور ٹریفک نظام کو بہتربنانے کے لیے جدید ترین خود کارسسٹم متعارف کرایا ہے۔

    جدید سسٹم کے بارے میں ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ یہ نظام شمسی توانائی سے کام کرتا ہے جس میں انتہائی حساس کیمرے اور اسکیننگ نظام نصب کیا گیا ہے۔

    خود کارسسٹم کا حالیہ مرحلہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر کیے جانے والے چالان پر مشتمل ہے۔

    دبئی ٹریفک پولیس نے "جی ٹیکس” نمائش میں خود کارسسٹم کو متعارف کرایا ہے ـ سسٹم کو دوسرے مرحلے میں شاہراہوں پر زیبرا کراسنگز پر نصب کیا جائے گا جس کے ذریعے پیدل روڈ عبور کرنے والوں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔

    خود کارسسٹم کو استعمال کرتے ہوئے روڈ عبورکرنے کےلیے سسٹم میں نصب انتباہی بٹن کو دبانے سے سسٹم آن ہو جائے گا جو سڑک پر آنے والی گاڑی کی رفتار نوٹ کرکے اسے انتباہی سگنل دے گا ساتھ ہی وہاں نصب ٹریفک سگنل کی لائٹ بھی سرخ ہو جائے گی جس کا مطلب ہوگا کہ سڑک سے گزرنے والی گاڑی پیدل روڈ عبور کرنے والوں کو وقت دیں۔

    سگنل پر نہ رکنے والی گاڑیوں کی وڈیو ریکارڈ کرلی جائے گی جبکہ رجسٹریشن نمبر گاڑی کی رفتار اور سنگل کی جانب سے دیئے جانے والے وقت کی مکمل تفصیلات کے ساتھ ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم میں پہنچ جائیں گی جہاں سے ڈرائیور کے خلاف خود کار طریقے سے چالان رجسٹر کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دبئی میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 8 سو درھم چالان کیا جاتا ہے جبکہ ڈرائیور کے ریکارڈ میں چار سیاہ پوائنٹس بھی شامل کردیئے جاتے ہیں جبکہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر4 سو درھم جرمانے کے ساتھ ڈرائیور کو چار سیاہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں خوفناک حادثہ، چار نوجوانوں کی دردناک موت

    سعودی عرب میں خوفناک حادثہ، چار نوجوانوں کی دردناک موت

    ریاض : سعودی عرب کے صحرا میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں تین نوجوان ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں گاڑی کاٹ کر نکالی گئیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ روز کار کے حادثے میں تین اطالوی باشندوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔

    یہ خوفناک حادثہ سعودی عرب کے صحرائی مقام پر پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث کار قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری جس کے نتیجے میں کار میں موجود چاروں افراد جان سے گئے۔

    اطالوی وزارت خارجہ نے اپنے ایک حالیہ ایک بیان میں حادثے میں تین اطالوی باشندوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    مرنے والے تینوں اطالوی نوجوان رقاص تھے جو ایک تھیٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے سعودی عرب آنے والے اطالوی طائفے کا حصہ تھے۔

    حادثے ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمر تیس سال سے کم تھیں، ان کی شناخت انتینو، جیمپیرو اور نکولس کے نام سے ہوئی ہے جبکہ چوتھے شخص کا نام معلوم نہیں ہو سکا۔

    ابتدائی اطلاعا ت میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کو چھٹی تھی اور انہوں نے صحرا میں سیر وتفریح کا پروگرام بنایا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان کا گاڑیاں ایک کھائی میں جا گریں اور گر کر الٹ گئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے میں مزید تین اطالوی باشندے بھی متاثر ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے تاہم باقی دو افراد محفوظ رہے۔

  • سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ویڈیو سامنے آگئی

    سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ویڈیو سامنے آگئی

    ریاض: سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثے کی ویڈیو جاری کردی گئی، حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق اتوار کو سعودی عرب کے علاقے عسیر میں الحبیل روڈ پر ایک خوفناک اور دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ پیش آیا، مانیٹرنگ کیمرے نے اس حادثے کے خوفناک منظر کو محفوظ کرلیا۔

    بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو کاروں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس میں 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے، زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    عسیر ریجن میں ریڈ کریسنٹ اتھارٹی برانچ کے سرکاری ترجمان احمد الزلمعی نے بتایا کہ ریڈ کریسنٹ آپریشن روم میں ایمرجنسی نمبر 997 پر شام 6 بجے ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں ایک شہری نے اس حادثے کے بارے میں بتایا۔

    الالمعی نے تصدیق کی کہ ریڈ کریسنٹ اتھارٹی کی 3 ایمبولینس ٹیموں کو فوری طور پر جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا گیا۔

  • ٹریفک حادثے کے مقدمے میں یو اے ای کی عدالت کا بڑا فیصلہ

    ٹریفک حادثے کے مقدمے میں یو اے ای کی عدالت کا بڑا فیصلہ

    یو اے ای : راس الخیمہ کی ایک سول عدالت نے انشورنش کمپنی کو اس کے ایک ڈرائیور کی جانب سے ایک نجی کمپنی کے ملازم کو ٹکر مارنے کے جرم میں ایک لاکھ ہزار درہم معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے، جس کے نتیجے میں ملازم کے بائیں بازو میں فیکچر اور کان پر زخم اور اسی طرح دیگر زخم بھی آئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق راس الخیمہ میں ایک نجی کمپنی کے ملازم نے انشورنش پالیسی سے منظور شدہ ایک ایشین ڈرائیور کے خلاف ٹریفک حادثے کی شکایت کی۔ اس حادثے میں درخواست گزار کے جسم پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔

    اس کے بائیں بازو میں فیکچر، کان پر زخم اور کہنی پر گہری چوٹیں آئیں جس کے باعث وہ حرکت نہیں کرسکتا تھا۔ کارکن کو صقر اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا آپریشن ہوا اور وہ نو دن تک ہسپتال میں زیرعلاج رہا۔

    متاثرہ شخص نے سول عدالت میں مقدمہ دائر کیا جس میں حادثے کا سبب بننے والے ڈرائیور اور انشورنش کمپنی کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے اس کا معاوضہ دیا جائے جس کا اسے اس حادثے کے بعد مالی، جسمانی اور اخلاقی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح وکیل کی فیس اور عدالت کے اخراجات بھی اس میں شامل کیے جائیں۔

    کارکن نے واضح کیا کہ اس کے علاج پر کافی اخراجات آئے ہیں اور ابھی مزید علاج بھی چل رہا ہے ، اس کے علاوہ وہ ڈیوٹی پر نہ جانے کے کی وجہ سے پانچ ماہ سے اپنی تنخواہ سے بھی محروم ہے جو 3200 درہم بنتی ہے۔

    درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح اسے مجموعی طور پر 16000 درہم خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے علاوہ اخلاقی نقصان جس کا کوئی ازالہ نہیں ہوسکتا۔

    مدعا علیہ کے وکیل نے اس کیس کو خارج کرنے کی استدعا کی اور انشورنش کمپنی کے وکیل نے ایک دستاویز پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس کیس کو قانون میں پیش کردہ طریقہ کار کے مطابق سنا جائے اس لیے کہ مدعی کے بائیں بازو میں فیکچر ہوا ہے جس کا معاوضہ5000 درہم بنتا ہے۔

    دریں اثنا بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سن کر دونوں مدعی علیہان کو ایک لاکھ ہزار درہم مدعی کے اخلاقی، نفسیاتی اور مالی نقصان کے باعث معاوضہ دینے کا حکم دیا، اسی کے علاوہ انہیں وکیل کی فیس اور عدالتی اخراجات ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • ٹریفک حادثہ میں زخمی معروف کرکٹر دوران علاج جاں بحق

    ٹریفک حادثہ میں زخمی معروف کرکٹر دوران علاج جاں بحق

    کابل : افغانستان کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی نجیب تراکئی جو گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے آج دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی 29 سالہ نجیب تراکئی خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کوما میں چلے گئے تھے۔

    افغانستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کھلاڑی نجیب ترکئی کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، بورڈ حکام نے ان کی موت پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔

    نجیب اللہ ترکئی کے ساتھ چند روز قبل صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس میں شدید زخمی ہوگئے تھے انہیں زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپننگ بلے باز کے انتقال پر کرکٹ سے پیار کرنے والے افغان شہریوں کے دل ٹوٹ گئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نجیب ترکئی نے 2014 میں ہونے والے ایشیا کپ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے اپنا پہلا میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلا تھا جب کہ انہوں نے ٹو ٹوئنٹی میچز میں بھی حصہ لیا تھا۔

    واضح رہے کہ اوپنر نجیب ترکئی نے ایک ون ڈے اور 12 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں افغان ٹیم کی نمائندگی کی اور ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں 21 کی اوسط سے 258 رنز اسکور کررکھے ہیں۔

  • سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں کو اہم ہدایات

    سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں کو اہم ہدایات

    ریاض : سعودی حکومت نے غیر ملکیوں سمیت تمام شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے اگر ٹریفک حادثہ پیش آجائے تو جائے وقوعہ سے گاڑی کسی صورت نہ ہٹائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق  سعودی پبلک پراسیکیوشن نے تنبیہ کی ہے کہ ٹریفک حادثے کے بعد اپنی گاڑی کو حادثے کی جگہ سے نہ ہٹایا جائے، حادثے کے وقت جو ڈرائیور گاڑی چلا رہا ہو اسی کا نام رپورٹ میں درج کیا جائے۔

    اس کے علاوہ ڈرائیور بھی تبدیل کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے،  قانون کی خلاف ورزی پر دس ہزار ریال تک جرمانہ یا تین ماہ تک قید یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ گاڑی کو حادثے کی جگہ سے ہٹانا یا حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ممکنہ امداد فراہم نہ کرنا یا حادثہ کرنے والے ڈرائیور کو تبدیل کرنا یا کسی کو ٹریفک حادثے میں ناحق شریک کرنا یا کسی بھی وجہ سے فرضی ٹریفک حادثہ کرنا قانوناً جرم ہے، اس پر قید اور جرمانے کی سزا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن نے مزید کہا کہ قانون کی دفعہ 61 اور 62 کے مطابق ٹریفک حادثے کے فریق ہر ڈرائیور کا فرض ہے کہ وہ گاڑی کو حادثے کی جگہ پر ہی روکے رکھے۔

    ہددایات کے مطابق حادثے کی اطلاع متعلقہ ادارے کو دے، زخمی ہونے والوں کی ممکنہ مدد کرے، اگر اس نے ایسا نہ کیا تو اس خلاف ورزی پر دس ہزار ریال جرمانہ یا تین ماہ تک قید یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔

  • سوڈان میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 57 افراد ہلاک

    سوڈان میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 57 افراد ہلاک

    دارفور : سوڈان میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 57 افراد ہلاک اور 20افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے شمالی صوبہ دارفور میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، سڑک حادثے میں کم از کم 57 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ شانگل توبايا علاقے سے کچھ کلومیٹر دور نيالا اور الفشیر شہروں کو جوڑنے والے راستے پر ام ڈرائسی علاقے میں جمعرات کی شام کو ہوا۔

    اس حادثے میں 20 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ اس وقت ہوا جب مسافروں کو لے جانے والی ایک مال بردار گاڑی چھوٹی گاڑیوں کو لے جا رہے ٹرک سے ٹکراگئی۔

    واضح رہے کہ سوڈان دنیا میں سب سے زیادہ سڑک حادثات والے ممالک میں سے ایک ہے، یہاں خاص طور سے گاڑی چلانے میں لاپروائی اور سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے اکثر حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ: خواتین سمیت11غیرملکی جاں بحق

    سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ: خواتین سمیت11غیرملکی جاں بحق

    ریاض : سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں3خواتین سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے صرف ایک کا تعلق سعودی عرب سے تھا باقی تمام افراد غیر قانونی تآرکین وطن تھے، حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے مغربی صحرائی علاقے میں الھدار نامی قصبے سے70 کلو میٹر دور پیش آیا، ٹریفک حادثے میں ایک سعودی شہری اور 11 غیر قانونی تارکین ہلاک ہوگئے۔

    اندوہناک حادثے میں خوش قسمتی سے ایک زخمی شخص بچ گیا جس نے بتایا کہ میرا تعلق ایتھوپیا سے ہے مجھے ماضی میں سعودی عرب سے بے دخل کیا جاچکا ہے اب میں دوبارہ غیر قانونی طریقے سے واپس آیا ہوں تو یہ حادثہ پیش آگیا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایتھوپیا کے باشندے نے بتایا کہ ہم نے ایک سعودی گاڑی والے سے وادی الدواسر سے جانے پر اتفاق کیا۔ ڈرائیور مقررہ وقت پر پہنچا اور ہم گاڑی میں سوار ہو گئے

    زخمی نے مزید بتایا کہ نصف شب کے بعد گاڑی روانہ ہوئی صحرائی علاقے میں پہنچنے سے قبل مجھے نیند نے آن لیا۔ آنکھ کھلی تو گاڑی حادثے کا شکار ہو چکی تھی۔

    زخمی کے مطابق میرے 11 ہم وطن جن میں تین خواتین شامل تھیں سب ہلاک ہوچکے تھے جبکہ باقی دو افراد کے بارے میں مجھے نہیں معلوم کہ ان کے ساتھ کیا ہوا۔

    ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہواہے کہ ہلاک ہونے والے غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھے جنہیں مقامی شہری چیک پوسٹوں سے بچا کر غیر معروف راستوں سے لے جا رہا تھا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور ہلال الاحمر کے یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہو ں نے نعشوں کو ایمبولنس میں سرد خانے منتقل کر دیا۔ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • امریکا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    امریکا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    واشنگٹن : امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی وے پر دو ٹریلر، مسافر وین اور کار آپس میں ٹکرا گئے جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست فلوریڈا کے علاقے گینزوائل کے قریب ہائی پر دو ٹریلر مسافر وین اور کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث ہائی وے پر تیل بہنے سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور دونوں ٹریلر مسافر وین اور کار سمیت آغ کی لپیٹ میں آگئے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    طبی امداد فراہم کرنے والے عملے کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمیوں کو ٹریفک حادثے اور گاڑیوں میں آتشزدگی کے باعث گہرے شدید زخم آئے ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ عملہ آتشزدگی پر قابو پانے میں مصروف ہے جبکہ پولیس نے حادثے کے باعث فلوریڈا ہائی کی ایک سڑک بند کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : پیرو: مسافر بس کھائی میں جاگری، 8 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل براعظم امریکا کے جنوبی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں مسافر بس اچانک کھائی میں جاگری تھی جس کے باعث آٹھ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ لیما کے بالائی پہاڑی علاقے میں اس وقت پیش آیا تھا جب تیز رفتار مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گری تھی۔