Tag: traffic accident

  • فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند

    فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند

    لاہور: فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے.

    پنجاب کے بیشتر شہروں میں صبح سویرے دھند کا راج رہا، فیصل آباد کے علاقے شریں والا میں دھند کے باعث کرین اور سات بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، فیصل آباد کے نواحی علاقوں میں شدیددھند ،حد نگاہ صفر ہوگئی تھی۔

    فیصل آباد کے چک جھمرہ میں دھند کے باعث ٹرک نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دودھ فروش جاں بحق ہوگیا۔

    شیخوپورہ میں سیائیاں والا کے قریب دھند کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ دھند کے باعث ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد کیلئے بند کردیا گیا تھا۔

    اوکاڑہ اور گردو نواح میں شدید دھند ، جی ٹی روڈ پر ٹریفک سست روی کا شکار رہی، عار فوالا اور گردونواح میں بھی سردی کی شدت کے ساتھ شدید دھند کا راج رہا ڈسکہ اور حویلی لکھا کے گردونواح کے علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا رہا.

  • اٹک میں ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق

    اٹک میں ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق

    اٹک: کوہاٹ روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے کوہاٹ روڈ پر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق تصادم تیز رفتاری کے نتیجے میں پیش آیا ہے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • ٹھٹھہ اورمیاں چنوں میں ٹریفک حادثہ7 موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    ٹھٹھہ اورمیاں چنوں میں ٹریفک حادثہ7 موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    ٹھٹھہ: ٹھٹھہ اور میاں چنوں کے مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات کے نتیجے میں سات موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے جبکہ دو کی حالت تشویشناک ہے۔

    ٹھٹھہ اور میاں چنوں کے نواحی علاقوں میں مختلف ٹریفک حادثات میں سات افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کی تحصیل میر پور بٹھورو میں کار سوار اور چار موٹر سائیکل سواروں میں تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    جس کے نتیجے میں تین موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالے تینوں دوست تھے جو ٹنڈو محمد خان سے عید مییں گھومنے کیلئے ٹھٹھہ آئے تھے۔ لاشوں کو شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

    میاں چنوں میں ہیڈسدھنائی کے مقام پر موٹر سائیکل حادثات کے تین واقعات پیش آئے، پولیس کے مطابق ان حادثات میں چار موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوئے جبکہ دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

  • جتوئی میں بس اور ٹرک میں تصادم، چارجاں بحق متعدد زخمی

    جتوئی میں بس اور ٹرک میں تصادم، چارجاں بحق متعدد زخمی

    مظفرگڑھ : تحصیل جتوئی میں پیش آںے والے ٹریفک حادثے میں چارافرد موت کی نیند سوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں قومی شاہراہ پرمسافرکوچ اورٹرک میں تصادم نے کئی زندگیاں نگل لیں۔ بدقسمت مسافرکوچ کراچی سے پشاورکی جانب رواں دواں تھی کہ اچانک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

    واقعےکی اطلاع ملتے ہی پولیس اورریسکیو ادارے جائے وقوعہ پرپہنچے اورحادثے میں زخمی ہونے والوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس نے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں حادثے کو تیز رفتاری اور ڈرائیوروں کی غفلت کا شاخسانہ قراردیا ہے۔

  • تیز رفتار گاڑی درخت سے جا ٹکرائی، تین افراد جاں بحق سات زخمی

    تیز رفتار گاڑی درخت سے جا ٹکرائی، تین افراد جاں بحق سات زخمی

    اسلام آباد : تیزرفتارہائی ایس بے قابوہوکر درخت سے ٹکراگئی ،حادثے میں 3افرادجاں بحق اور7 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں تیزرفتارہائی ایس بے قابوہوکر درخت سے ٹکراگئی گاڑی میں سوار تین افراد موقع پرجاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق تیزرفتارگاڑی مری کی جانب رواں دواں تھی کہ راستے میں گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکردرخت سے جاٹکرائی جس سے ایک خاتون اوردوبچے موقع پرجاں بحق ہوگئے۔

     تینوں کی میتوں اورزخمیوں کوپولی کلینک ہسپتال منتقل کردیاگیا۔زخمیوں میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

  • انڈس ہائے پرکارحادثہ، دوجاں بحق چارزخمی

    انڈس ہائے پرکارحادثہ، دوجاں بحق چارزخمی

    سیہون:انڈس ہائی وے پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق سیہون کے مزدیک ایک کار کو تیز رفتاری کے سبب حادثہ پیش آیا جس میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ چار افراد زخمی ہوئے جنہیں نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ۔

    کہا جارہا ہے کہ ہلاک شدگان اور زخمی شدگان کا تعلق سندھ کے شہر نواب شاہ سے ہے۔

    حادثے کے وقت بدقسمت کار کے مسافر نواب شاہ کی جانب گامزن تھے جب تیز رفتاری کے سبب گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔

    سیہون کا علاقہ پہاڑی ہونے کے سبب ڈرائیونگ کے لئے خطرناک تصور کیا جاتاہے اور ڈرائیونگ کے وقت ڈرائیورز کو بے پناہ محتاط رہنا ہوتا ہے بصوررت دیگر اس نوعیت کے حادثے پیش آتے ہیں۔

  • کرک اور قلات میں ٹریفک حادثات ، متعدد جاں بحق

    کرک اور قلات میں ٹریفک حادثات ، متعدد جاں بحق

    کرک: قلات اور کرک میں مختلف حادثات پیش آئے، کرک میں ٹریفک حادثے میں مسافر کوچ کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے، دوسری جانب قلات میں ٹریفک حادثے نے تین افراد کی جان لے لی۔

    خیبر پختون خوا کے ضلع کرک میں ہولناک ٹریفک حادثے نے کئی زندگیاں نگل لیں، اطلاعات کے مطابق ٹریفک حادثے کا شکار مسافر کوچ  بنوں سے ٹل جارہی تھی کہ باندہ داؤد شاہ کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے گذشتہ روز بھی ایک وین اسی جگہ پر کھائی میں گر گئی تھی۔ تاہم خوش قسمتی سے اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    قلات میں بھی ٹریفک حادثے نے تین افراد کی جان لے لی، ذرائع کے مطابق حادثہ نیشنل ہائی وے پر پک اپ اور ٹرالر میں تصادم کے باعث پیش آیا، امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    اس سے قبل کشمور پخشا پور کے مقام پر کراچی سے پشاور جانے والی مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چھ افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ پینتالیس کے قریب افراد زخمی ہوگئے، جن کو کشمور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    جائے حادثہ پر ضلع بھر سے ایمبولینس پہنچ گئیں، زخمیوں میں نو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

  • جی روڈ پرٹریفک حادثہ، طالبہ سمیت 6 افراد جاں بحق، 15 زخمی

    جی روڈ پرٹریفک حادثہ، طالبہ سمیت 6 افراد جاں بحق، 15 زخمی

    کوٹ ادو: اسکول وین اورمسافرویگن میں تصادم کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حادثہ جی ٹی روڈ پردھند اورتیزرفتاری کے باعث پیش آیا جب مخالف سمت سے آتے ہوئے ڈرائیورایک دوسرے کو دیکھ نہیں پائے۔

    تصادم کے نتیجے میںچھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 15 زخمی ہیں جاں بحق ہونے والوں میں پانچ طلبہ اورڈرائیور شامل ہیں۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پرپہنچ کرزخمیوں اورمیتوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

  • چکوال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ،2 افراد جاں بحق

    چکوال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ،2 افراد جاں بحق

    پنجاب : ملک کے بیشتر شہروں میں دُھند کے بادل چھائے ہوئے ہیں، کئی شہروں میں حدِ نگاہ صفرہونے کے باعث چکوال میں ٹریفک حادثہ میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    سردی بڑھتے ہی ملک کے بیشترشہروں نے دُھند کی چادر تان لی ہے، دُھند کے باعث مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔

    شیخوپورہ میں جڑانوالہ روڈ پردُھند کے باعث کاراور وین میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق اوربارہ زخمی ہوگئے، مسافر وین لاہور سے جڑانوالہ جارہی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت آج کل شدید دُھند کی لپیٹ میں ہے، حدِ نگاہ صرف چند میٹر رہ گئی ہے، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے، چکوال بھی دھند کی لپیٹ میں ہے، کلرکہار کے مقام پر موٹر وے بند کردی گئی ہے۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حد نگاہ صفر ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن بند ہے، شدید دھند کے باعث موٹروے پر چھوٹی گاڑیوں کو موٹر وے پولیس کی نگرانی میں قافلے کی صورت میں سفر کروایا جا رہا ہے۔

    موٹر وے پولیس نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ شہری سفر کے دوران احتیات برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں

  • پنجاب بھر میں شدید دُھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ

    پنجاب بھر میں شدید دُھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ

    پنجاب: شدید دھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے، دھند نے کئی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر کر رکھا ہے۔

    پنجاب بھر میں شدید سردی اور دھند سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، دھند کی وجہ سے صبح لوگوں کا سفر کرنا دشوار ہے۔

    پنڈ دادن خان انٹرچینج کے قریب شدید دھند کے باعث چار گاڑیاں ٹکرا گئیں، جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں، عارف والہ میں شدید دھند سے لوگوں کا آفس پہنچنا محال ہوگیا ہے۔

    کوٹ مومن ، پنڈی بھٹیاں شیخورہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    جعفر آباد اور صحبت پور میں شدید دھند کے باعث لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، دھند نے پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر کر رکھا ہے، جس سےاندرون و بیرون ملک جانے والے مسافر پریشان ہیں۔