Tag: Traffic accidents in Karachi

  • کراچی میں ٹریفک حادثات: 3 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق

    کراچی میں ٹریفک حادثات: 3 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق

    کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 3 خواتین سمیت 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

    نیٹی جیٹی فلائی اوور پر موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹریلر کی زد میں آکر جاں بحق ہوا، مائی کلاچی روڈ پر ٹریلر کی زد میں آکر خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    جاں بحق نوجوان اور خاتون ٹک ٹاکر تھے، سی ویو سے واپسی پر حادثے کا شکار ہوئے، گلستان جوہر انڈر پاس میں تیز رفتار کار کی زد میں آکر 2 خواتین جاں بحق ہوئیں۔

    احسن آباد میں ڈرائیور کو ٹرک کے ٹائروں تلے روندنے والا کلینر فرار ہوگیا، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے11میں واٹرٹینکر نے ایک بچے کی جان لے لی۔

    ہاکس بے روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمی افراد کو مقامی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال کے 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 536 افراد جان کی بازی ہارے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی تعداد 51رہی، جبکہ سڑک پر ہونے والے دیگر حادثات میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور بچیوں کی تعداد 68 ہے۔

    ٹریفک حادثات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں موٹر سائیکل سوار تھے، دوسرے نمبر پر پیدل چلنے والے اور تیسرے نمبر پر دیگر گاڑیوں کے سوار شامل تھے، حادثات میں سب سے زیادہ 274 موٹر سائیکل سوار، پیدل چلنے والے 179 افراد جبکہ دیگر سواریوں کے 83 افراد جاں بحق ہوئے۔

  • کراچی میں ٹریفک حادثات : خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

    کراچی میں ٹریفک حادثات : خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

    کراچی : شہر قائد میں جان لیوا ٹریفک حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے، منگھوپیر اور شاہ فیصل کالونی میں خاتون سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران 5ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹریفک حادثات ریڈیو پاکستان، کورنگی ،شاہ فیصل کالونی، منگھوپیر، لانڈھی میں پیش آئے۔

    ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، گلستان جوہر میں گاڑی کی ٹکر سے فوڈ ڈلیوری رائیڈر بھی زخمی ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں 536 شہری جان سے جاچکے، 6ہزار سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے درجنوں افراد معذوری اور تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں۔

  • کراچی میں خوفناک ٹریفک حادثات : ایک دن میں 5 افراد جان سے گئے

    کراچی میں خوفناک ٹریفک حادثات : ایک دن میں 5 افراد جان سے گئے

    کراچی میں ایک روز میں ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، تین شہری ہیوی ٹریفک کی زد میں آئے، دو افراد کو گاڑیوں نے ٹکرماری۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک بزرگ شہری جاں بحق ہوا۔ ناگن چورنگی پربس کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

    اس کے علاوہ ناردرن بائی پاس پر ٹریلر الٹنے سے ڈرائیور جان سے گیا، سپرہائی وے پر گاڑی کی ٹکر سے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ لیاقت آباد میں بھی گاڑی کی ٹکر سے ایک شہری جاں بحق ہوا۔

    کراچی میں ہونے والے پانچوں ہیوی ٹریفک حادثات کے ذمہ دار ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوبے میں کامیاب ہوگئے۔

    علاوہ ازیں رواں سال 2025کے ابتدائی تقریباً 4 ماہ میں مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 288جبکہ 3794 افراد زخمی ہوئے۔

    ریسکیو رپورٹ کے مطابق ایک سال میں مرنے والوں میں 223مرد، 27خواتین ، 38بچے اور بچیاں شامل ہیں جبکہ ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 18 ہے۔

    اسی طرح ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 37، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 22، مزدا کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 اور بس کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہے۔