Tag: Traffic Challan

  • سعودی عرب: ٹریفک چالان سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب: ٹریفک چالان سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب میں ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ کار اسکریچنگ پر ہونے والے چالان کی ادائیگی پرکوئی رعایت نہیں برتی جاتی، اسکریچنگ کرنے پر 20 سے 60 ہزار ریال تک کا چالان کیا جاتا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس نے یاد دہانی کرائی ہے کہ دیگر خلاف ورزیوں پر ہونیوالے چالان کی ادائیگیوں کے حوالے سے دی جانے والی 50 فیصد رعایت کی مدت 18 اکتوبر کو ختم کردی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک چالان پر رعایتیں فراہم کی گئی تھیں تاکہ عوام پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔

    ٹریفک پولیس کے بیان میں کہا گیا تھا کہ 18 اپریل کے بعد سے ہونے والے ٹریفک چالان پر 25 فیصد رعایت حاصل کرنے کے لیے مقررہ وقت سے قبل جرمانہ ادا کر دیا جائے۔

    وضاحت کی گئی تھی کہ جرمانے کی ادائیگی میں مزید مہلت حاصل کرنے کے لیے ابشر پورٹل پر درخواست دی جاسکتی ہے۔ 18 اپریل کے بعد ہونے والے چالان کی ادائیگی مہلت 45 دن ہے تاہم مزید مہلت حاصل کرنے کے ابشر پورٹل کا استعمال کیا جاسکتا ہے جس سے 90 دن کی مہلت مل جائے گی۔

    مسجد نبویؐ سے متصل الصافیہ میوزیم زائرین کیلئے کھول دیا گیا

    وزارت داخلہ نے سعودی کابینہ کے فیصلے پرعمل درآمد کرتے ہوئے ٹریفک جرمانوں میں خصوصی رعایت کی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔

  • ٹریفک چالان کی ادائیگی پر 50 فیصد رعایت، شہری خوشی سے نہال

    ٹریفک چالان کی ادائیگی پر 50 فیصد رعایت، شہری خوشی سے نہال

    سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے غیر ادا شدہ ٹریفک چالان کی ادائیگی پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان میں دی جانے والی رعایت ایسے افراد کیلیے ہو گی جن کے چالان 18 اپریل 2024 سے قبل درج کیے گئے ہوں گے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چالان کی ادائیگی کے لیے دو طریقے وضع کیے گئے ہیں جن کے تحت 50 فیصد رعایت ملے گی۔ متاثرہ شخص اگر چاہے تو وہ تمام چالان کی رقم یکمشت ادا کردے یا ہر چالان کی ادائیگی قسطوں کی صورت میں بھی کی جاسکتی ہے۔

    یو اے ای نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی رابطے معطل کردیے

    وزارت داخلہ کے مطابق ٹریفک خلاف ورزیوں پرعائد کیے جانے والے چالان میں دی جانے والی 50 فیصد رعایت کی مہلت 6 ماہ تک جاری رہے گی جس کا آغاز 18 اپریل 2024 سے ہوگا۔

  • ٹریفک چالان ملنے پر شہری نے خود کشی کر لی

    ٹریفک چالان ملنے پر شہری نے خود کشی کر لی

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک شخص نے ٹریفک چالان ملنے پر خود کشی کر لی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد میں ٹریفک چالان کی رقم ادا کرنے سے قاصر 52 سالہ ایلیا نامی شخص نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    ایلیا اور اس کی بیوی ملّمہ آئی ایس سدرن ڈویژن کی چنتل بستی میں رہائش پذیر تھے، ٹریفک پولیس کی جانب سے ایلیا کی گاڑی پر 10 ہزار روپے کا چالان کٹا تھا۔

    چالان کی عدم ادائیگی پر ٹریفک پولیس نے ایلیا کی گاڑی ضبط کر لی تھی، جس پر وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا تھا، پولیس کے مطابق ایلیا نے پیر کی رات گھر آ کر زہر پی لیا۔

    جب گھر والے ایلیا کو تشویش ناک حالت میں اسپتال لے گئے تو ڈاکٹروں نے کہا کہ اس کی پہلے ہی موت واقع ہو چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایلیا ایک مزدور کے طور پر کام کرتا تھا اور دس ہزار کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔

    ایلیا نے خودکشی نوٹ بھی لکھا، جس میں اس نے وزیر اعلیٰ اور کے ٹی آر سے خواہش کا اظہار کیا کہ غریب لوگوں کو چالان کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا ہے اس لیے اس مسئلے پر توجہ دی جائے۔

    بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تتلنگانہ میں ٹریفک چالان لوگوں کے لیے سزائے موت بن چکا ہے، بی آر ایس حکومت اور ٹریفک پولیس کو عام آدمی پر لاپرواہی سے جرمانے کرنے کی بجائے انسانی رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ٹریفک چالان کے حوالے سے سعودی ٹریفک پولیس کی وضاحت

    ٹریفک چالان کے حوالے سے سعودی ٹریفک پولیس کی وضاحت

    ریاض: سعودی ٹریفک پولیس نے ایسے افراد کے لیے جو اپنی گاڑی عارضی طور پر استعمال کے لیے کسی اور شخص کو دیں، ٹریفک چالان کی وضاحت دی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں ڈرائیونگ کے دوران خلاف ورزیوں پر خود کار چالان رجسٹریشن پلیٹ کے ذریعے درج کیے جاتے ہیں، گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے چالان کا اندراج گاڑی کے مالک پر کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر موصول ہونے والا چالان مالک کے بجائے گاڑی استعمال کرنے والے کے نام پر منتقل کیا جا سکتا ہے البتہ اس کے لیے درکار ثبوت مہیا کیا جانا ضروری ہے۔

    ٹریفک پولیس کے ٹویٹر پر دریافت کیا گیا تھا کہ خلاف ورزی پر کیے جانے والے چالان کو گاڑی کے مالک کے بجائے عملی طور پر گاڑی استعمال کرنے والے کے نام منتقل کیا جا سکتا ہے؟

    جواب میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کے مطابق گاڑی کسی اور کو دینے کی ممانعت ہے تاہم اگر کسی دوسرے شخص کو گاڑی دی جائے تو اس کے لیے قانونی کارروائی کرتے ہوئے این او سی بنایا جانا لازمی ہوتا ہے، جس کے تحت عارضی بنیادوں پر گاڑی دوسرے شخص کے نام رجسٹر ہوتی ہے (محض استعمال کے لیے)۔

    این او سی کو عربی میں تفویض کہا جاتا ہے جس کا مقصد گاڑی کو استعمال کرنے کی اجازت ہے، تفویض کی کارروائی ابشر کے ذریعے کی جاتی ہے جس کی کنفرمیشن موبائل میسج کے ذریعے کردی جاتی ہے۔

    این او سی رجسٹرکروانے کے بعد کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی پر ہونے والا چالان اسی شخص کے نام پر ارسال کیا جائے گا جو اس وقت گاڑی استعمال کر رہا ہوگا۔

  • ملک کے بڑے شہر میں ٹریفک چالانوں میں 84 فی صد کمی آ گئی

    ملک کے بڑے شہر میں ٹریفک چالانوں میں 84 فی صد کمی آ گئی

    کراچی: ملک کے بڑے شہر کراچی میں ٹریفک چالانوں میں 84 فی صد کمی آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے دو دن قبل ٹریفک چالان اختیارات سیکشن افسر تک محدود کر دیے تھے، جس کے بعد شہر میں چالان کی شرح بڑی حد تک گر گئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے 13 فروری کو کراچی میں مجموعی طور پر 12 ہزار 600 چالان کیے تھے، لیکن اختیار صرف سیکشن افسر کو دینے کے بعد گزشتہ روز 14 فروری کو صرف 2000 چالان ہوئے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات کے بعد 10 ہزار 4 سو چالان کم ہوئے، اس طرح عملے سے چالان اختیارات واپس لینے سے چالانوں میں 84 فی صد کمی ہوئی ہے۔

    شکار کی طرح شہریوں کو سڑک کنارے روک کر اب چالان نہیں ہوگا، کراچی پولیس کا بڑا فیصلہ

    شہریوں نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ چالان کم ہونے سے انھیں بڑا ریلیف ملا ہے، سڑکوں پر ناکے لگا کر چالان کاٹنے والے اہل کار اب ٹریفک کنٹرول کرنے میں مصروف ہو گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں شہریوں کو شکار کی طرح گھیر کر سڑک کنارے چالان کیے جاتے تھے، جس پر نئے تعینات ہونے والے اے آئی جی غلام نبی نے آتے ہی پابندی عائد کر دی، اور چالان کا اختیار صرف سیکشن افسر تک محدود کر دیا، اب عام اہل کار چالان نہیں کر سکیں گے۔

    غلام نبی میمن کے پہلے اجلاس میں موٹر سائیکلوں کی چوری کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام اور سدِ باب کا معاملہ بھی اٹھا، جس پر اے آئی جی نے ایس ایس پی ای وی ایل سی کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    خیال رہے کہ کراچی میں ٹریفک چالان کے ذریعے پرائیویٹ کمپنی کو فائدہ پہنچائے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ایک نجی کمپنی سرکاری خزانے میں جمع ہونے والے ٹریفک چالان سے 20 روپے فی چالان کمیشن وصول کرتی ہے۔

  • سعودی عرب : ٹریفک چالان کی رقم واپس مل سکتی ہے، لیکن کیسے

    سعودی عرب : ٹریفک چالان کی رقم واپس مل سکتی ہے، لیکن کیسے

    محکمہ ٹریفک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چالان پر کیا گیا اعتراض منظور ہونے کی صورت میں رقم واپس لی جا سکتی ہے جس کا طریقہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک سے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر دریافت کیا گیا تھا کہ ایس ایم ایس کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اطلاع ملنے پر اس کے خلاف اعتراض پیش کیا تھا۔

    کافی عرصے تک جواب کا انتظار کرتا رہا اور جواب نہ ملنے پر چالان کا جرمانہ جمع کرادیا، اسی دوران اطلاع ملی کہ اعتراض قبول کرلیا گیا ہے، اس ضمن میں جرمانے کی جمع کی گئی رقم واپس ملنے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟

    محکمہ ٹریفک نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جرمانے کی رقم واپس ملے گی اور اسی چینل سے واپس ہوگی جس چینل سے جمع کرائی گئی تھی۔

    یہ کارروائی اس وقت ہوگی جب محکمہ ٹریفک کی جانب سے مقررہ کمیٹی چالان پر اعتراض منظور کرنے اور جرمانے کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ جاری کردے۔

     

  • میاں بیوی لڑائی کا انوکھا مقدمہ لے کر عدالت پہنچ گئے

    میاں بیوی لڑائی کا انوکھا مقدمہ لے کر عدالت پہنچ گئے

    آپ نے فیملی کورٹس میں خاندانی جھگڑوں اور میاں بیوی کے درمیان ہونے والی چپقلش کے حوالے سے بہت سے مقدمات کے بارے میں پڑھا ہوگا۔

    اس بار ایک ایسا مقدمہ دیکھنے کو ملا ہے جس کو دیکھنے والے خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے، یو اے ای : متحدہ عرب امارات کی ریاستی عدالتوں میں میاں بیوی کے درمیان ٹریفک خلاف ورزیوں پر ہونے والے اختلافات کے مقدمات بھی پہنچنے لگے ہیں۔

    ذرائع ابلاغ کے مطابق بیوی کی گاڑی سے شوہر اور شوہر کی گاڑی سے بیوی نے جو ٹریفک خلاف ورزیاں ہوئیں ان کے جرمانے کون ادا کرے اس پر معاملات عدالت تک پہنچ گئے۔

    قانونی مشیر ڈاکٹر یوسف الشریف نے بتایا کہ بعض خواتین کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر ان کے شہور غصے ہوجاتے ہیں، وہ ٹریفک خلاف ورزیوں پر ہونے والے جرمانوں کو بلاوجہ کا خرچ سمجھتے ہیں، نوک جھونک ہوتی ہے اور معاملہ بسا اوقات عدالت تک پہنچ جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قانون کسی کو بھی فریق ثانی کی غلطی کا ذمہ دار نہیں ٹھہراتا، ٹریفک خلاف ورزی انفرادی عمل ہے جو بھی اس کا مرتکب ہوگا اسی کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

    اگر بیوی نے ٹریفک خلاف ورزی کی ہوگی تو جرمانہ شوہر کو نہیں بلکہ خود بیوی کو ادا کرنا ہوگا۔ شوہر جرمانہ جمع کراتا ہے تو یہ اچھی بات ہے تاہم قانونا وہ اس کا پابند نہیں۔ اگر معاملہ عدالت تک پہنچے گا تو شوہر جرمانے کا ذمے دار نہیں ہوگا۔

    ڈاکٹر یوسف الشریف نےکہا کہ ٹریفک خلاف ورزیاں شوہر کے ذمے مطلقہ کے نان نفقے کا حصہ نہیں، شوہر معاشی ضروریات پوری کرنے کا پابند ہے اگر مطلقہ ٹریفک خلاف ورزیاں کرتی ہے تو جرمانے بھی اسی کو دینا ہوں گے۔

    اماراتی عدالتوں نے حال ہی میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر ہونے والی طلاق کا تنازعہ آیا تھا جسے نمٹا دیا گیا۔ پرائمری کورٹ نے مطلقہ خاتون کو حکم دیا کہ وہ اپنے سابق شوہر کے نام سے رجسٹرڈ گاڑی سے ہونے والی پندرہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کرے۔

     

  • لاک ڈاؤن : کراچی میں موٹر سائیکل سواروں کے ایک ساتھ تین تین چالان

    لاک ڈاؤن : کراچی میں موٹر سائیکل سواروں کے ایک ساتھ تین تین چالان

    کراچی : لاک ڈاؤن کی پابندیوں اور کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کیلئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی۔ ٹریفک پولیس ایک کے بجائے تین چالان کاٹ رہی ہے۔

    سندھ بھر میں آج سے نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں ڈبل سواری کی پابندی بھی شامل ہے جس کی خلاف ورزی موٹر سائیکل سواروں کو بہت مہنگی پڑ رہی ہے۔

    کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار قانون شکنی کرنے والے شہریوں کیخلاف بھرہور ایکشن میں نظر آرہے ہیں، ٹریفک پولیس نے فی موٹرسائیکل تین تین چالان کاٹنا شروع کردیے جس کے باعث شہری دہری اذیت میں مبتلاہوگئے۔

    ایم اے جناح روڈ پر موٹرسائیکل سواروں کی شامت آگئی، ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کا پہلا چالان ڈبل سواری، دوسرا ہیلمٹ نہ پہننے اور تیسرا ماسک نہ لگانے پر کیا گیا ہے۔

    ٹریفک پولیس اہلکاروں نے متعدد افراد کے چالان کاٹ دیے، ان کا کہنا ہے کہ سخت پابندی کے باوجود موٹرسائیکل سوار ڈبل سواری پر سفر کررہے ہیں۔

    اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے چہرے پر ماسک بھی نہیں لگایا اور نہ ہی ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ایک ٹریفک اہلکار نے بتایا کہ ایک رکشے سے 12 افراد کو بھی اتار کر رکشے کا چالان بھی کیا گیا ہے۔

  • کراچی : شہریوں کے ٹریفک چالان کرنے والے افسران کیلئے نقد انعامات

    کراچی : شہریوں کے ٹریفک چالان کرنے والے افسران کیلئے نقد انعامات

    کراچی : شہر قائد میں شہریوں کے چالان کاٹنے والنے والے ٹریفک پولیس افسران پر انعامات کی بارش کردی گئی، افسران میں فی کس20 ہزار کے چیک تقسیم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں پر جرمانے اور ان کا چالان کاٹنے والے ٹریفک پولیس کے سیکشن آفیسرز اور چالاننگ افسران کو نقد انعامات سے نوازا گیا ہے ۔

    اس حوالے سے ڈسٹرکٹ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے پریڈی اسٹریٹ تھانے میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ایس ایس پی سٹی ٹریفک احمد بیگ نےشرکت کی بہترین کارکردگی پر افسران میں چیک تقسیم کیے۔

    تقریب میں جنوری سے جون تک اچھی کارکردگی کے حامل36سیکشن آفیسرز اور چالاننگ افسران میں فی کس20 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے،

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران نے دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شہریوں کے چالان کیے ان ہی خدمات کے اعتراف میں انہیں انعام سے نوازا گیا۔

    ان افسران نے چالان کے ساتھ ساتھ اپنے سیکشنز میں ٹریفک کی روانی کو بھی بحال رکھا، اس کے علاوہ سیکشن آفیسرز نے اپنےعلاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھی بھرپورآپریشن کیا۔

    جن شہریوں پر جرمانے عائد کیے گئے وہ رانگ وے، ون وے، پریشر ہارن، رنگین شیشوں، فینسی نمبر پیلٹس اور ہیلمٹ استعمال نہ کرنے سمیت دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب قرار پائے تھے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں یومیہ 14 لاکھ روپے سے زائد کے ٹریفک چالان کیے جاتے ہیں۔ مالی سال2017-18کی ایک رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے ٹریفک چالان کی مد میں 57 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے تھے جس میں سے 53 کروڑ روپے صرف کراچی کے شہریوں نے جمع کرائے جب کہ صوبے کے دیگر 5 اضلاع سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر صرف 4 کروڑ روپے وصول کیے گئے ۔

  • پاکستان میں پہلی بار ڈرون کیمرے کے ذریعے ٹریفک چالان

    پاکستان میں پہلی بار ڈرون کیمرے کے ذریعے ٹریفک چالان

    پاکستان میں پہلی بار موٹر وے پولیس نے ڈرون کیمروں کے ذریعے ٹریفک چالان کردیا، ڈی آئی جی ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی کا کہنا ہے کہ ڈرون کیمروں کی مدد سے نہ صرف چالان بلکہ موٹرویز اور ہائی ویز کی مجموعی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی کے مطابق پاکستان میں پہلی بار موٹروے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرون کیمروں کی مدد سے ٹریفک چالان شروع کرنے جا رہی ہے۔

    ڈرون کیمروں کے استعمال سے ہم نہ صرف چالان کریں گے بلکہ موٹروے اور ہائی ویز کی مکمل مانیٹرنگ بھی ہوگی جس میں حادثات ہونے کی صورت میں حادثے کی وجوہات، کرائم کا سراغ جیسی معلومات حاصل کر سکیں گے۔

    سیکٹر کمانڈر جامشورو سید فرحان احمد نے ایم نائن بحریہ ٹاؤن اور کاٹھوڑ کے مقامات پر ڈرون کیمروں کے استعمال کو دکھایا۔

    ڈی آئی جی علی شیر جکھرانی کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سنگین وائلیشن کرنے پر نیشنل ہائی ویز اینڈ سیفٹی آرڈیننس کے تحت موٹر وے پولیس پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ کے مالکان کو نوٹسز جاری کررہی ہے کہ آئندہ اس طرح کی غلطی نہیں ہونی چاہیے جس سے کوئی حادثہ ہو جائے اگر اس طرح کی غلطی بار بار ہوگی تو ان گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا جائے گا۔

    جی علی شیر جکھرانی مطابق ڈرون کی مدد سے پتہ چلا کہ کراچی اور حیدرآباد کے درمیان چار فلیش پوائنٹس ہیں جہاں قوانین کی خلاف ورزی ہو یا کوئی گاڑی خراب ہوجائے تو کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مذکورہ روٹ پر یومیہ کم و بیش ایک لاکھ گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے اور کسی بھی ڈرائیور کی معمولی سی غلطی سے سیکڑوں افراد پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ زون کا کہنا تھا کہ اس روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ کا ڈرائیور پہلی مرتبہ قوانین کی خلاف ورزی پر پکڑا جائے گا تو اس کا صرف چالان کیاجائے گا لیکن اگر تسلسل کے ساتھ کسی کمپنی کے ڈرائیورز قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔