Tag: TRAFFIC JAM

  • کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی میں ڈیفنس تھانے کے قریب وکلا کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کے نیتجے میں کورنگی روڈ پر ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اور وکلاء کے درمیان تنازع کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد نے احتجاج کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کردی۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے وکلا کے زخمی ہونے کا واقعہ اور پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر وکلاء نے کورنگی روڈ پر احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے ڈیفنس موڑ کے قریب میں روڈ پر دھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    وکلا کے مطابق پولیس کی جانب سے چند روز قبل ڈیفنس تھانے کے اندر کئی لاء کے اسٹوڈنٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہے۔

    مظاہرین وکلا کے مطابق پولیس نے یکطرفہ طور پر واقعے کا مقدمہ وکلا کے خلاف درج کیا، آج وکلا کی بڑی تعداد عدالتی احکامات لے کر ڈیفنس تھانے کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے پہنچی تھی ، تاہم پولیس نے ایف ائی ار درج کرنے سے انکار کر دیا۔

    جس کے بعد وکلا نے پہلے ڈیفنس تھانے پھر ڈیفنس موڑ کے قریب احتجاج کیا، جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے  ٹریفک جام  اور گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی۔

    وکلاء برادری نے مطالبہ کیا کہ ان کے کیس کا فوری طور پر ایف آئی آر درج کیا جائے تاکہ معاملے کا جلد حل نکالا جا سکے۔

    بعد ازاں ڈیفنس موڑ کے قریب وکلاء نے پولیس کے خلاف 3 گھنٹے بعد احتجاج ختم کردیا، وکلا پُرامن طور پر منتشر ہوگئے اور کورنگی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا،  احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک  جام رہا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام

    کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھر بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا گاڑیوں میں موجود ہزاروں شہری سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر بدترین ٹریفک جام کے باعث ہزاروں شہری رُل گئے، کورنگی ندی سے کورنگی ناصر جمپ جانے والی مکمل طور پر سڑک بند ہوگئی۔

    اس کے علاوہ قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ جانے والے روڈ پر گاڑیوں کی کبی قطاریں لگ گئیں، صورتحال پر قابو پانے والے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار سڑکوں سے غائب ہیں۔

    ٹریفک جام

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ لانڈھی قائد آباد میں ایک جماعت کی جانب سے منعقدہ جلسے کے باعث انڈسٹریل ایریا سے آنے والے ہیوی ٹریفک کو ناصر جمپ کی طرف سے کورنگی کراسنگ کی جانب بھیجا جارہا ہے۔

     اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے ایک شہری نے کہا کہ گزشتہ 2گھنٹے سے کورنگی کراسنگ پر ٹریفک جام کی یہی صورت حال درپیش ہے جائیں تو کہاں جائیں؟

    علاوہ ازیں آج شہر کے مختلف علاقوں لیاقت آباد تین ہٹی اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

  • پشاور ہائیکورٹ کے جج کو گاڑی اور اسکواڈ سڑک پر چھوڑ کر جانا پڑ گیا

    پشاور ہائیکورٹ کے جج کو گاڑی اور اسکواڈ سڑک پر چھوڑ کر جانا پڑ گیا

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں ہائی کورٹ کے جج کو وی آئی پی موومنٹ کے باعث اپنی گاڑی اور اسکواڈ دونوں کو سڑک پر چھوڑ کر جانا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سڑکوں پر آئے دن کی وی آئی پی موومنٹ کے باعث نہ صرف عوام کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بعض اوقات خصوصی افراد بھی اس تکلیف دہ صورت حال سے متاثر ہو جاتے ہیں۔

    ایسا ہی آج صبح پشاور میں اس وقت ہوا جب ہائیکورٹ کے جج کو گاڑی اور اسکواڈ سڑک کے بیچ چھوڑ کر پیدل ہائیکورٹ پہنچنا پڑا، جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے وی آئی پی مومنٹ کے لیے روڈ کی بندش پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    پولیس حکام نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی موومنٹ کے باعث ٹریفک کو روکا گیا تھا، تاہم اس کے بعد پولیس نے ٹریفک کلیئر کرا دیا ہے۔

  • کویت میں ٹریفک جام کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا

    کویت میں ٹریفک جام کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا

    کویت سٹی: کویت میں سڑکوں پر ٹریفک جام کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا، ارکان پارلیمنٹ نے مسئلے کا حل نکالنے کے لیے لائحہ عمل بنانے پر زور دیا ہے۔

    کویتی پارلیمانی نمائندوں نے حکومت کے سامنے مطالبات کی ایک فہرست پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک جام کا حل تلاش کیا جائے۔

    رکن پارلیمان ڈاکٹر عبدالکریم الکندری نے سروس بیورو سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام وزارتوں، سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کے لچکدار اوقات کی منظوری دے، ایسا اقدام شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات دلانے کے لیے ضروری ہے جو وقت اور توانائی کو ضائع کرتے ہیں اور نفسیاتی دباؤ کا باعث بنتے ہیں۔

    رکن حمدان العجمی نے فوری طور پر پرانے نظام کی واپسی کا مطالبہ کیا تاکہ پرائمری اسکولوں میں دوپہر 12 بجے، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں میں دوپہر 1 بجے چھٹی کی جائے جبکہ ڈاکٹر محمد الحوائلہ نے اعلان کیا کہ وہ کام کے اوقات میں کمی کی تجویز دوبارہ پیش کریں گے، تاکہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات متاثر نہ ہوں اور پارٹ ٹائم سسٹم کا آپشن کھولا جا سکے۔

    نمائندہ ڈاکٹر مبارک التاشا نے وزارت داخلہ، تعلیم اور تعمیرات کے وزرا سے اس مسئلے کا فوری اور مستقل حل تلاش کرنے کے لیے مشترکہ رابطہ کاری پر زور دیا جیسے کہ طلبہ کے اوقات کار کو ایڈجسٹ کرنا، ماس ٹرانزٹ اور سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنا شامل ہے۔

    رکن عبد اللہ فہد نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک فوری حل وضع کرے جو ٹریفک بحران کو حل کرنے میں معاون ثابت ہو جیسا کہ اوقات کار کے نظام کو لاگو کرنا اور کچھ اسکولوں کے اوقات کار کو تبدیل کرنا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سروس بیورو نے ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل ایک سرکلر جاری کیا تھا جس کے تحت سرکاری اداروں میں خاتون ملازمین کو 30 منٹ کی رعایتی مدت دی گئی تھی تاکہ وہ کام کے آغاز سے ایک چوتھائی گھنٹہ لیٹ جبکہ کام کے اختتام سے ایک گھنٹے کا چوتھائی پہلے چھٹی کر جائیں۔

    ذرائع کے مطابق شیڈول کام کے اوقات کی تعداد کو برقرار رکھتے ہوئے شفٹوں کے آغاز اور اختتامی اوقات کا اطلاق کر کے کام کے لچکدار اوقات کو نافذ کرنے کا امکان ہے۔

  • کس عام سبزی نے ہائی وے بند کرادی؟

    کس عام سبزی نے ہائی وے بند کرادی؟

    مینسوٹا میں ہائی وے پر آلوؤں سے لدا ٹرک الٹ گیا، جس کے نتیجے میں کئی ٹن آلو سڑک پر بکھر گئے اور ٹریفک 4 گھنٹے تک معطل رہی۔

    حادثات اور احتجاج کی وجہ سے سڑکیں بند ہونا کوئی انہونی بات نہیں مگر کیا آپ نے کبھی سوچا بھی ہے کہ کسی سبزی نے ٹریفک جام کرایا ہو، اگر آپ کا جواب ناں میں ہے تو جان لیں کہ ایسا واقعہ رونما ہوچکا ہے۔

     غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق مغربی ملک مینسوٹا کی ایک مصروف شاہراہ پر سیکڑوں گاڑی ڈرائیوروں کو اپنی گاڑیوں کو اس وقت بریک لگانے پڑگئے جب انہیں آگے بڑھنے کا راستہ نہ ملا۔

    مذکورہ شاہراہ پر ہزاروں کی تعداد میں منجمد آلو پڑے تھے جو ایک ٹرک سے گرے تھے اور وہاں منفی 13 درجہ حرارت کی وجہ سے گرنے کے بعد جم کر سڑک سے چپک گئے تھے۔

    مینیسوٹا ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے مطابق حادثہ البرٹ ول میں سڑک کے مشرقی حصے پر پیش آیا، حکام کے مطابق آلو تازہ تھے اور اس وقت کے منفی 13 درجہ حرارت کے باعث گرنے کے بعد جم کر سڑک سے چپک گئے تھے جس کے باعث انہیں وہاں سے ہٹانے میں کئی گھنٹے لگے۔

    رپورٹر کے مطابق ٹریفک حکام کو سڑک سے چپکے  ہوئے جمے آلو ہٹانے کے لیے مخصوص آلات منگوانے پڑے۔

    بالآخر 4 گھنٹوں کی محنت کے بعد سڑک سے آلوؤں کو ہٹا کر ٹریفک کو بحال کیا گیا، حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

  • اداکارفیصل قریشی نےٹریفک کےخراب نظام کا ذمےدار شہریوں کوقرار دے دیا

    اداکارفیصل قریشی نےٹریفک کےخراب نظام کا ذمےدار شہریوں کوقرار دے دیا

    کراچی : اداکارفیصل قریشی نے ٹریفک کےخراب نظام کاذمےدارشہریوں کوقرار دیتے ہوئے کہا کوئی کسی کے لئے رکے گا نہیں ، دو منٹ کے لیےرک جائیں توسب کو راستہ مل جائےاورٹریفک جام نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارفیصل قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹریفک کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کی بے ترتیبی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر وڈیو بنا کر شیئر کی۔

    فیصل قریشی نے ٹریفک کےخراب نظام کا ذمےدار شہریوں کو قرار دیتے ہوئے کہا سڑک پر لوگوں کی بے چینیاں دیکھیں ، کوئی کسی کے لئے رکے گا نہیں ، بے چین ہوکر روڈ بلاک کردیا جاتا ہے ،پھر ہارن دئیے جاتے ہیں، دو منٹ کے لیےرک جائیں توسب کو راستہ مل جائےاورٹریفک جام نہ ہو۔

    خیال رہےٹریفک جام کراچی کا ایک اہم مسئلہ ہے، اہم ترین شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام معمول، منٹوں کا فاصلہ گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے۔

  • کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ نے شہر میں ٹریفک جا م کا نوٹس لے لیا

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ نے شہر میں ٹریفک جا م کا نوٹس لے لیا

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ نے شہر میں بد ترین ٹریفک جا م کا نوٹس لے لیا، آئی جی ٹریفک سے رابطہ کر کے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں شدید ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی ٹریفک سے رابطہ کر کے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔

    قبل ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں آج شدید ٹریفک جام رہا، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ٹریفک پولیس کے مطابق گرو مندر سے لسبیلہ جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کی گئی۔

    رضویہ سوسائٹی سے ناظم آباد ایک نمبر تک بھی سڑک بند کی گئی، راستے بند ہونے سے صدر، سولجر بازار اور اطراف میں بد ترین ٹریفک جام ہوا۔


    یہ بھی پڑھیں:  چپ تعزیے کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد


    گرو مندر، جہانگیر روڈ، لیاقت آباد، ناظم آباد، عائشہ منزل میں بھی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، گارڈن، سائٹ ایریا،غریب آباد، حسن اسکوائر، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ، گولیمار چورنگی میں بھی ٹریفک جام رہا۔

    خیال رہے کہ آج شہر میں چُپ تعزیے کا جلوس نکلنا تھا، مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو ایم اے جناح روڈ سے صدر، ایمپریس مارکیٹ اور پھر دوبارہ ایم اے جناح روڈ پر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

  • تجاوزات کے خلاف آپریشن: کراچی کے متعدد علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام، پتھارے دوبارہ لگ گئے

    تجاوزات کے خلاف آپریشن: کراچی کے متعدد علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام، پتھارے دوبارہ لگ گئے

    کراچی: شہرِ قائد کے مصروف ترین علاقے صدر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے شروع کیے جانے والے آپریشن کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر، شارع لیاقت اور اطراف میں ٹریفک جام ہونے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    [bs-quote quote=”صدر میں آپریشن کے بعد قبضہ مافیا نے ایک بار پھر ٹھیلے اور پتھارے لگانا شروع کر دیے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    نشتر روڈ، ڈرگ روڈ، حب ریور روڈ پر بھی درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں، صدر میں آپریشن کے بعد قبضہ مافیا نے ایک بار پھر ٹھیلے اور پتھارے لگانا شروع کر دیے۔

    بد ترین ٹریفک جام کی وجہ سے دفاتر سے گھروں کو جانے والے افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ دیر تک سڑکوں پر بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

    دریں اثنا بنارس فلائی اوور کے قریب پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا گیا، جس کے باعث اورنگی ٹاؤن جانے والے فلائی اوور پر ٹریفک معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  سپریم کورٹ کا پورے کراچی سے تجاوزات15 دن میں ختم کرنے کا حکم


    فلائی اوور بلاک ہونے کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بھی شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کو پہاڑ گنج اور پاپوش نگر کی جانب موڑا گیا۔

    آئی جی سندھ نے ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا

    شدید ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ڈی آئی جی کو ٹریفک کی روانی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی، انھوں نے کہا کہ سیکشن افسران ٹریفک دباؤ میں آنے والی سڑکوں کو کلیئر کرائیں۔

    [bs-quote quote=”زونل ڈی آئی جیز ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″ author_name=”ڈاکٹر کلیم امام” author_job=”آئی جی سندھ”][/bs-quote]

    آئی جی سندھ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متبادل روٹس پر ٹریفک اہل کاروں کو تعینات کیا جائے اور ٹریفک اہل کار شہریوں کو آگاہ رکھنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات بھی اٹھائیں۔

    ڈاکٹر کلیم امام نے زونل ڈی آئی جیز کو بھی ٹریفک پولیس سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی، انھوں نے حکم دیا کہ ٹریفک جام سے متاثرہ سڑکوں پر مزید سیکورٹی اقدامات کیے جائیں اور تھانہ پولیس سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کے لیے مدد کریں۔

  • یوم آزادی پر شہرقائد میں بدترین ٹریفک جام، عوام شدید اذیت کا شکار

    یوم آزادی پر شہرقائد میں بدترین ٹریفک جام، عوام شدید اذیت کا شکار

    کراچی: شہر قائد کی کئی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں.

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی پر شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں.

    ٹریفک کے دباؤ سے شارع فیصل شدید متاثر ہوئی، ایئرپورٹ سےصدر جانے والی شارع پرہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں.

    ٹریفک جام ہونےکی وجہ سےدرجنوں گاڑیوں میں فیول ختم ہوگیا، ایمبولینسز کو بھی راستہ نہیں مل سکا.

    گرومندر، کارساز اور صدر کے علاقے میں شہری گاڑیوں کی دباؤ کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں‌ طے کرنے پر مجبور ہیں.

    ڈی آئی جی ٹریفک کا موقف

    شہر میں بدترین ٹریفک جام پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ جشن آزادی ریلیوں کی وجہ سےعوام کا رش ہے.

    انھوں نے کہا کہ ایس ایس پی ٹریفک اسٹاف کے ہمراہ ٹریفک کنٹرول کررہے ہیں، کوشش ہےاہم شاہراہوں پرٹریفک جلد سے جلد بحال کیا جائے.

  • ٹریفک جام آپ کی صحت کو متاثر کرسکتا ہے

    ٹریفک جام آپ کی صحت کو متاثر کرسکتا ہے

    بڑے شہروں میں رہنا یوں تو بے شمار فوائد کا باعث ہے، دنیا کی تمام جدید سہولیات یہاں رہنے والوں تک قابل رسائی ہوتی ہیں۔ لیکن بڑے شہروں میں رہنے کے کئی نقصانات بھی ہیں جن میں سرفہرست ٹریفک کا اژدہام اور اس سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹریفک کا شور اور دھواں ایک طرف تو آپ کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے، دوسری طرف ٹریفک جام میں پھنسنا اور بھانت بھانت کے ڈرائیوروں سے الجھنا آپ کی دماغی کیفیات اور مزاج کو تبدیل کردیتا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ شہروں میں رہنے والے افراد میں امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر اور ڈپریشن کا مرض عام ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کیا آپ شور شرابہ کے نقصانات جانتے ہیں؟

    ماہرین نے کئی سروے اور رپورٹس کے ذریعے واضح کیا ہے کہ ٹریفک کس طرح ہمیں متاثر کرتا ہے۔


    دماغی و نفسیاتی مسائل

    traffic-post-3

    کیلیفورنیا کے ماہرین نفسیات نے ایک تحقیقاتی سروے کے بعد بتایا کہ ایک طویل عرصے تک روزانہ ٹریفک جام میں پھنسنا، قطاروں میں انتظار کرنا اور سڑک پر دوسرے ڈرائیوروں کی اوور ٹیکنگ اور غلط گاڑی چلانا آپ کے دماغ کو تناؤ اور بے چینی میں مبتلا کرتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق روزانہ اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا یا تو آپ کے اعصاب کو توڑ پھوڑ دے گا، یا پھر آپ اس کے عادی ہوجائیں گے اور ایک وقت آئے گا کہ آپ اس کو محسوس کرنے سے عاری ہو جائیں گے۔

    لیکن ایک بات پر ماہرین متفق ہیں کہ یہ ساری چیزیں مل کر دماغ پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں اور اس کے اثرات کم از کم 10 سال بعد ظاہر ہونا شروع ہوتے ہیں جب عمر بڑھنے کے ساتھ مختلف ذہنی امراض جیسے الزائمر، ڈیمینشیا اور دیگر نفسیاتی مسائل آپ کو گھیر لیتے ہیں۔


    سانس کے امراض

    traffic-post-6

    وال اسٹریٹ جنرل کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹریفک کے دھویں میں آدھے گھنٹے تک سانس لینا دماغ میں برقی حرکت کو بڑھا دیتا ہے جس کے نتیجے میں مزاج اور شخصیت کی منفیت میں اضافہ ہوتا ہے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

    ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق ٹریفک کا دھواں نومولود بچوں کی جینیات کو بھی متاثر کرتا ہے جو ساری زندگی منفی عادات و حرکات کی صورت میں ان کے ساتھ رہتا ہے۔


    بچوں کی ذہنی کارکردگی متاثر

    traffic-post-7

    مختلف یورپی ممالک میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق ٹریفک کا شور اور دھواں بچوں کی دماغی کارکردگی پر بھی اثر انداز ہوتا ہے اور وہ اپنی نصابی سرگرمیوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پاتا۔

    علاوہ ازیں روزانہ ٹریفک کا شور اور دھواں انہیں بچپن ہی سے مختلف نفسیاتی مسائل کا شکار بنا دیتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ہر 7 میں سے 1 بچہ فضائی آلودگی کے نقصانات کا شکار


    الزائمر کا خطرہ

    traffic-post-2

    بوسٹن یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق وہ معمر افراد جو براہ راست ٹریفک کے دھویں اور شور کا شکار ہوتے ہیں ان میں الزائمر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    ٹریفک کی آلودگی سے پیدا ہونے والے ذرات ان کے دماغ میں جا کر یادداشت اور دماغی خلیات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: فضائی آلودگی دماغی بیماریاں پیدا کرنے کا باعث


    کیا کینسر کا خطرہ بھی موجود ہے؟

    traffic-post-1

    عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹریفک کا دھواں کینسر کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

    اس سے قبل کئی تحقیقی رپورٹس میں بتایا جاچکا ہے کہ فضائی آلودگی مختلف اقسام کے کینسر کا سبب بن سکتی ہے اور ٹریفک کا دھواں آلودگی پیدا کرنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔