Tag: TRAFFIC JAM

  • کراچی: سڑکوں پر پانی جمع،شدید ٹریفک جام، گاڑیوں کی قطاریں

    کراچی: سڑکوں پر پانی جمع،شدید ٹریفک جام، گاڑیوں کی قطاریں

    کراچی: شہر قائد میں ہونے والی بارش کے سبب کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، متعدد شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، دفاتر سے واپس جانے والے لاکھوں شہری سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے، وزیر بلدیات نے کہا ہے کہ ناتھا خان پل کے اطراف سے پانی نکالنے کا کام شروع کردیا۔

    ایئرپورٹ اور شارع فیصل پر زیادہ پانی جمع

    اطلاعات کے مطابق موسلا دھار بارش کے سبب شارع فیصل، ڈالمیا، راشد منہاس روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نیپا چورنگی، ناتھا خان، ڈرگ روڈ، شاہ فیصل اور اطراف کی شاہراہوں پر بارش ہوتے ہی بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا جس شہری انتظامیہ کی جانب سے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال نہیں نکالا جاسکا اور نہ پیشگی ایسے انتظامات کیے گئے کہ پانی جمع ہی نہ ہو۔

    پانی نکالنے کا کام شروع کردیا، وزیر بلدیات جام خان شورو

    اے آر وائی نیوز نے وزیر بلدیات سندھ کو آن لائن لیا اور سوالات کیے جواب میں جام خان شورو نے کہا کہ انتظامات شروع کردیے ہیں، ناتھا خان کے دونوں اطراف سے پانی کی نکاسی کے لی مشینیں بھیج دی ہیں جنہوں نے کام شروع کردیا ہے ،چند گھنٹوں میں پانی بالکل نکال دیا جائے، ہمیں احساس ہے کہ لوگوں کو ایئرپورٹ بھی جانا ہے اور لوگ کئی گھنٹے سے پھنسے ہوئے ہیں۔

    بارش کی پیشگی اطلاع نہیں تھی، ایئرپورٹ کے اطراف 56ملی میٹر بارش ہوئی، وزیر بلدیات

    وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ کے اطراف 56 ملی میٹر بارش ہوئی، اس بارش کی پیش گوئی نہیں تھی یہ بارش اچانک ہوئی جس کی وجہ سے یہ حالت ہوئی، آئندہ بارش کے پانی کی نکاسی کے پیشگی انتظامات کریں گے شہریوں کو دوبارہ تکلیف اٹھانی نہیں پڑے گی۔

    ایئرپورٹ جانے والا راستہ زیادہ جام ہے ، نمائندہ اے آر وائی

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر انجم وہاب کے مطابق ایئرپورٹ جانے والے رستے پر پانی جمع ہونے کے سبب شدید ٹریفک جام ہے، ہزاروں گاڑیاں کئ گھنٹوں سے وہاں پھنسی ہوئی ہیں،ناتھ خان پل کے دونوں اطراف سڑک پر نیچے گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہے اس کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا، ہر انتظامیہ یہ مسئلہ حل کرنے کا کہتی ہے لیکن تاحال یہ مسئلہ حل نہیں ہوا۔

    ہر بار بارش میں یہاں ایسا ہی ہوتا ہے،انجم وہاب

    رپورٹر نے مزید بتایا کہ یہاں ہر بار بارش میں ایسا ہی ہوتا ہے، شہری انتظامیہ نے وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں ، بارش ہونے کے کئی گھنٹوں بعد بھی پانی کی نکاسی ممکن نہ ہوسکی، متعدد گاڑیاں بند بھی ہوگئیں اور کئی گاڑیوں کا فیول ختم ہوگیا، کئی شہری گاڑیاں چھوڑ گئے، مسافر شدید پریشانی سے دوچار ہیں ان میں سے کچھ کی فلائٹ بھی تھی جنہیں ایئرپورٹ جانا تھا۔

    دفاتر سے نکلنے والے لاکھوں شہری پھنس کر رہ گئے

    اطلاعات ہیں کہ دفاتر سے جانے والے لاکھوں افراد سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے ہیں، شہری انتظامیہ کی نااہلی نے باران رحمت کو باران زحمت بنا دیا۔

    اگلے 24 گھںٹوں میں دوبارہ بارش کا امکان

    اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہےاور کہا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں دوبارہ بارش کا امکان ہے۔

    دریں اثنا بارش کے بعد پکوڑوں اور سموسوں کی دکان پر رش لگ گیا اور لوگوں موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے


    People of Karachi enjoy rainy weather by arynews

  • کراچی، لاہور، مری میں ٹریفک جام، لاکھوں شہری پھنس گئے

    کراچی، لاہور، مری میں ٹریفک جام، لاکھوں شہری پھنس گئے

    کراچی+لاہور+مری: ملک کے مختلف شہروں میں شام ہوتے ہی لاکھوں شہریوں نے  اپنی سواریوں پر رشتہ داروں اور تفریح گاہوں کا رخ کیا جس کے سبب بدترین ٹریفک جام ہوگیا، شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال، الٰدین پارک، راشد منہاس روڈ، جہانگیر روڈ، تین ہٹی، لسبیلہ، غریب آباد، کریم آباد، عائشہ منزل، حسن اسکوائر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نیپا،یوپی موڑ، ناگن چورنگی اور ڈرگ روڈ پر ہزاروں انتہائی سست رفتاری سے منزل مقصود کی جانب رواں دواں ہیں، شہریوں کا منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔

    اس طرح تفریح کے لیے لاکھوں شہریوں کے سی ویو جانے کے سبب اس روڈ پر بھی بدترین ٹریفک جام ہوگیا،موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں راستے بدلتے ہوئے کلفٹن اور ڈیفنس میں بھی داخل ہوگئیں تاہم انہیں سی ویوجانے والے ہر رستے پر گاڑیوں کی قطاریں ہی ملیں۔

    اے آئی وائی نیوز کراچی کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق ٹریفک جام اس قدر بدترین ہے کہ بہت سی گاڑیوں کا ایندھن تک ختم ہوگیا ہے جب کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار کہیں بھی نظر نہیں آرہے۔

    الہٰ دین پارک میں عوام کا داخلہ بند

    ٹریفک جام کے سبب راشد منہاس روڈ پر واقع الہٰ دین پارک میں عوام کا داخلہ بند کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایسٹ قاضی جان نے کہا کہ عوام کے بے پناہ ہجوم کے سبب الٰہ دین پارک کےاطراف ٹریفک جام ہوگیا، عوام سے اپیل ہے کہ وہ الٰہ دین پارک نہ آئیں یہاں پہلے ہی ہزاروں افراد موجود ہیں۔

    مری میں راول جھیل سے گلیات تک ٹریفک جام

    ملک کے دیگر شہروں کی طرح مری میں بھی ٹریفک جام ہوگیا، روال جھیل سے مری گلیات تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیںِ۔اطلاعات کے مطابق مری روڈ، گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی تفریح کے لیے آنے والے ہزاروں شہری پھنسے ہوئے ہیں، ٹریفک انتہائی سست رفتاری سے چل رہا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مری میں آج پچاس ہزار سے زائد گاڑیوں داخل ہوئیں جس کے سبب ٹریفک جام ہوا۔

     اطلاعات ہیں کہ لاکھوں سیاح کے بیک وقت مری پہنچنے کے سبب ٹریفک جام ہوگا، تمام ہوٹل بک ہوچکے ہیں سڑکوں پر لگے ہوئے تخت اور ہوٹلوں سمیت کہیں بھی جگہ خالی نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ٹریفک جام کا معاملہ فوری طور پر حل کیا جائے،شہریوں کی لمحہ بہ لمحہ رہنمائی کی جائے اور مری روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جائے۔

    لاہور میں فوڈ اسٹریٹس کے اطراف گاڑیوں کی قطاریں

    اسی طرح لاہور میں بھی فوڈ اسٹریٹس، باغات سمیت تفریح گاہوں اور شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام کی اطلاعات ہیں۔

  • قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے صاحبزادے کی شادی شہریوں کے لیے باعث اذیت بن گئی

    قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے صاحبزادے کی شادی شہریوں کے لیے باعث اذیت بن گئی

    کراچی : قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ کے صاحبزادے کی شادی عوام کے لئے پھر عذاب بن گئی، پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے بیٹے کی شادی پر وی آئی پی شخصیات کے پروٹوکول کے باعث شہری کئی گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے.

    کراچی کے علاقے کلفٹن میں سیدخورشید شاہ کے صاحبزادے کی شادی پروی آئی پیز شخصیات کے پروٹوکول کیلئے نجی ہوٹل کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور کچھ شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کردی تھی.

    جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی اور بدترین ٹریفک جام ہونے شہریوں کو کئی گھنٹے تک سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

    یاد رہے کہ دو روز پہلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وی آئی پی پروٹوکول کے باعث دس ماہ کی بچی بسمہ بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے انتقال کر گئی تھی۔

  • کراچی: شاہراہ فیصل پراسٹارگیٹ سے ڈرگ روڈ تک ٹریفک جام

    کراچی: شاہراہ فیصل پراسٹارگیٹ سے ڈرگ روڈ تک ٹریفک جام

    کراچی: شاہراہ فیصل پراسٹارگیٹ سے ڈرگ روڈ تک گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سےگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

    کراچی میں ٹریفک جام کا مسئلہ پُرانا ہے لیکن حل کوئی نہیں، ٹریفک جام شہریوں کیلئے مشکلات کھڑی کر دیتا ہے، شاہراہ فیصل پر اسٹار گیٹ سے ڈرگ روڈ تک بد ترین ٹریفک جام رہا، صبح آٹھ بجے دفاتر پہنچنے والے لوگ کئی کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔

    ٹریفک جام کے دوران ٹریفک اہلکار غائب رہے اور شہری پھنسے رہے کئی گھنٹوں تک شاہراہ فیصل پر گاڑیاں انتہائی سست رفتاری سے چلتی رہیں، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا۔

    بڑی گاڑیوں والے ٹریفک میں پھنسے ایک دوسرے کا منہ تکتے رہے جبکہ چھوٹی گاڑی والے جگہ ملنے کی تگ و دو کرتے رہے۔

  • کراچی:ایکسپوسینٹر میں دفاعی نمائش2014  ٹریفک جام معمول بن گیا

    کراچی:ایکسپوسینٹر میں دفاعی نمائش2014 ٹریفک جام معمول بن گیا

    کراچی:  ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش دو ہزار چودہ کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا ہے، جسکے باعث شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ایکسپو سینٹرمیں دفاعی نمائش جہاں ملک کی معیشت کے لئے فائدہ مند ہے وہیں شہرِقائد والوں کے لئے نمائش سے مشکلات بڑھ گئی ہیں، وی وی آئی پی موومنٹ اورغیر ملکی مندوبین کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے شہرکی اہم شاہراہیں بند کردی گئی ہیں۔

    حکام نے اسٹیڈیم روڈ ، یونیورسٹی روڈ ، کارساز روڈ اور آغاخان روڈ عام ٹریفک کے لیے چاد دن کیلئے بند کی ہے، اہم شاہراہیں بند ہونے کے باعث متبادل سڑکوں پرگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں ۔۔ جس کی وجہ سے جہاں ایک طرف دفاترجانے والوں کوہوتا ہے روزپریشانی کا سامنا وہیں یونیورسٹیوں میں امتحانات کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے طالبعلم پیپرکے لئے لیٹ ہوجاتے ہیں۔

    ان علاقوں کےقریب رہائش پذیر افراد کو بھی گھرجانے میں طویل وقت لگ جاتا ہے، متبادل راستوں پر بھی ٹریفک اہلکاروں اور پولیس کی غیر موجودگی کے باعث عوام پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔

  • کراچی دفاعی نمائش، ٹریفک کی بدترین صورتحال

    کراچی دفاعی نمائش، ٹریفک کی بدترین صورتحال

    کراچی: ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش اور وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث بیشتر سڑکوں پرٹریفک کی بدترین صورتحال ہے ۔ جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کراچی ایکسپو سینٹر میں نمائش میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، چار بڑی سڑکیں بند ہیں، آئیڈیاز دوہزار چودہ کے سلسلے میں وی وی آئی پی موومنٹ اور غیر ملکی مندوبین کی حفاظت کے لیے ایکسپو سینٹر کے اطراف سڑکوں کی بندش سے متبادل سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    حکام نےاسٹیڈیم روڈ ، یونیورسٹی روڈ ، کارساز روڈ اور آغا خان روڈ عام ٹریفک کے لیے چاد دن تک بند کی گئی ہے، شہری متبادل راستوں کا استعمال کریں گے، متبادل راستوں پر بھی ٹریفک اہلکاروں اور پولیس کی غیر موجودگی کے باعث عوام پریشانی کا شکارہے۔

  • بجلی وپانی کی بندش کیخلاف کراچی کے شہری سراپا احتجاج

    بجلی وپانی کی بندش کیخلاف کراچی کے شہری سراپا احتجاج

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پانی بجلی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے اوراحتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، بجلی اور پانی کی بندش کیخلاف مکینوں کے احتجاج کا سلسلہ دن بھرجاری رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی نایاب ہوگئے،جس پرعوام بلبلاکر سڑکوں پر نکل آئے، لسبیلہ میں بجلی عدم فراہمی کے خلاف مکینوں نے شدیداحتجاج کیا۔

    مظاہرین نے سڑک بلاک کردی اورکےالیکٹرک کی گاڑیوں کا گھیراؤبھی کیا۔ علاوہ ازیں سات روزقبل لسبیلہ فٹبال گراؤنڈ سے متصل آبادی کی بجلی واجبات کی عدم ادائیگی پر کاٹی گئی جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    مظاہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاہےکہ بجلی بحال کی جائے کیونکہ لوگ بجلی کے بل ادا کرتے ہیں،نیوکراچی میں بھی بجلی اورپانی کی بندش کے خلاف شہریوں نے واٹر بورڈ کے دفترکے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین نے مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔نیوکراچی مشتعل واٹربورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت کے باعث شہر میں پانی کے مصنوعی بحران کیخلاف شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبری ہوگیا۔

    بدھ کے روز نیوکراچی میں کئ ماہ سے پانی کی بوند بوند کو ترستے مکینوں نے ناصرف سڑک پر احتجاج کیا بلکہ واٹر بورڈ کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور شکایتوں کے انبار لگا دئیے۔

    جمشید ٹاون اور سولجر بازار کے مکینوں نے بھی بجلی اور پانی کی بندش کیخلاف لسبیلہ چوک پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی معطل رہی۔

    بلدیہ اتحاد ٹاون، گلشن معمار اور کورنگی سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

  • پنجاب حکومت کی رکاوٹیں:ساٹھ سالہ مریض  راستے میں دم توڑگیا

    پنجاب حکومت کی رکاوٹیں:ساٹھ سالہ مریض راستے میں دم توڑگیا

    فیروزوالا: یوم شہداء کے موقع پر کنٹینرز لگنے سے ساٹھ سالہ مریض اسپتال نہ پہنچ سکا اور راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ امامیہ کالونی کے قریب کنٹینرز اور رکاوٹوں کے باعث گاڑیوں کو متبادل اور خراب راستوں سے جانا پڑا۔ ان میں سے ایک ایمبولینس میں کامونکی کے رہائشی کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال لے جایا جارہا تھا ۔

    راستے میں رکاوٹیں اور سڑکوں کی بندش اس کی زندگی کی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی۔ ایمبولینس ڈرائیور نے اپنی سی کوشش کرکے مریض کو متبادل کچے پکے راستوں سے لے جانے کی کوشش کی لیکن تاخیر کےباعث ساٹھ سالہ مریض راستے میں دم توڑ گیا ۔

    جی ٹی روڈ پر تاحال مزید ایمبولیسز ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں جس میں کئی لوگ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں لیکن یوم شہداء میں شرکت کے لئے جانے والوں کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے لگائے گئے کنٹینرز ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہے۔

  • کراچی میں ٹریفک جام ، لوٹ مار جاری

    کراچی میں ٹریفک جام ، لوٹ مار جاری

    کراچی: رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی کراچی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیاہے شہر بھر کی مصروف شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    شہرِقائدمیں ماہ صیام کےدوران ہرگزرتےدن کےساتھ پولیس اور انتظامیہ ٹریفک کنٹرول کرنےمیں ناکام نظرآرہی ہے۔ عام دنوں میں سڑکوں پرتعینات ٹریفک پولیس کےاہلکار رمضان المبارک کے آخری عشرےمیں کہیں کہیں دکھائی دےرہےہیں۔

    صدر، آئی آئی چندریگرروڈ، حیدری اورمختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونےسےمسافروں کوگھنٹوں انتظارکرناپڑرہاہے۔کئی مقامات پر ٹریفک جام کےدوران لوٹ مارکےواقعات بھی پیش آئے۔