Tag: Traffic police

  • ٹریفک پولیس شہریوں کو ہراساں نہ کرے، سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت

    ٹریفک پولیس شہریوں کو ہراساں نہ کرے، سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس کو متنبہ کیا ہے کہ شہریوں کو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ سے متعلق ہراساں نہ کیا جائے، عدالت نے ایکسائز حکام کو فوری طور پر نمبر پلیٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے شہریوں کو گاڑیوں کے نمبر جاری نہ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    درخواست کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے کی، درخواست گزار کا موقف تھا کہ دو سال سے نئی گاڑیوں کو نمبر پلیٹ جاری نہیں کی جارہیں، محکمہ ایکسائز نمبر پلیٹ نہیں دے رہا اور دوسری جانب ٹریفک پولیس ہراساں کر رہی ہے۔

    سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے محکمہ ایکسائز حکام سے استفسار کیا کہ آپ شہریوں کو نمبر پلیٹ دے نہیں رہے اور الٹا آپ ان کو روک رہے ہیں، کیا اب عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی؟

    جس پر ایکسائز حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ جاری کرنا شروع کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کو شہریوں کو نمبر پلیٹ سے متعلق ہراساں کرنے سے روک دیا گیا، جن کے پاس نمبر پلیٹ کی جگہ سرٹیفکیٹ ہے انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔

    عدالت سندھ ہائی کورٹ کا ایکسائز حکام کو شہریوں کو فوری نمبر پلیٹ جاری کرنے کا حکم دیا، جج کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر کیا کر رہے ہیں؟

    جواب میں نمائندہ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ہم صرف فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو روک رہے ہیں، نمبر پلیٹس کے اجرا کا کام شروع کردیا گیا ہے، 7 ہزار نمبر پلیٹ بن رہی ہیں، عدالت نے کہا کہ سات ہزار نمبر پلیٹس سے کیا ہوگا آپ گزشتہ دو سال سے نمبر پلیٹ جاری نہیں کر رہے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہر میں دو سے3 لاکھ گاڑیاں بغیر نمبر پلیٹ کے چل رہی ہیں، عدالت کا کہنا تھا کہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے باوجود گاڑیوں کو کیوں روک رہے ہیں؟ جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک نے پولیس آفیشلز کو نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

  • سعودی عرب : بلاوجہ ہارن بجانے پر کیا سزا ہوگی ؟؟

    سعودی عرب : بلاوجہ ہارن بجانے پر کیا سزا ہوگی ؟؟

    ریاض : سعودی محکمہ ٹریفک نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ گاڑی چلانے کے دوران ہارن کے غیر ضروری استعمال سے گزیز کیا جائے بصورت دیگر ڈرائیور پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گاڑی چلاتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہم سب کا قومی اور اخلاقی فرض ہے، ترقی یافتہ ممالک میں ایمبولینس کے پیچھے اسکولوں اور اسپتالوں کے سامنے جان بوجھ کر ہارن نہیں دیے جاتے کیونکہ اس سے خلل پیدا ہوتا ہے اور سننے والے کے کانوں پر گراں گزرتا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران ہارن کا غیرضروری استعمال نہ صرف یہ کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے مریضوں، بچوں اور عام لوگوں کو اذیت بھی ہوتی ہے، یہ سماجی تہذیب اور اسلامی اخلاق کے سراسر منافی ہے،

    سعودی محکمہ ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ غیر معمولی طور پر ہارن بجانا جو دوسروں کے لئے اذیت اور آداب عامہ کے خلاف ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے جو شخص بھی بلاوجہ ہارن کا استعمال کرے گا اس پر جرمانہ ہوگا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ہارن کا بلاوجہ استعمال کرنا ویسے بھی غلط ہے۔ اس سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے، کبھی کبھار اس سے حادثہ بھی پیش آجاتا ہے، محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا کہ بلاوجہ ہارن کا استعمال کرنے پر 150سے 300 ریال تک کا جرمانہ لگایا جائے گا۔

  • سعودی عرب میں ڈرائیوروں کے لیے نقد انعامات اور گاڑی

    سعودی عرب میں ڈرائیوروں کے لیے نقد انعامات اور گاڑی

    ریاض : سعودی ٹریفک پولیس نے شاہراہوں پر قوانین پر مکمل عمل درآمد کرنے والے ڈرائیوروں کو خوشخبری سنادی اس مہم میں ڈرائیوروں کو ایک ہزار ریال سمیت تعریفی سرٹیفکیٹ اور دس گاڑیاں بطور انعام دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑیاں چلانے والوں کو اب انعامات دیئے جائیں گے، اس سلسلے میں محکمہ ٹریفک پولیس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جو ڈرائیور حضرات مکمل قوانین پر عمل پیرا ہوکر روڈ گاڑی پر چلائیں گے انہیں تعریفی اسناد کے ساتھ دس گاڑیاں بھی انعام میں پیش کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے باضابطہ طور پر ایک مہم کا آغاز کیا گیا ہے، محکمہ ٹریفک نے اپنی نوعیت کی یہ نئی مہم روڈ سیکیورٹی نیشنل سینٹر کے تعاون سے شروع کی ہے، جس میں تعریفی اسناد اور گاڑیاں شاہراہوں پر ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک ضوابط کی پابندی کرنے والے ڈرائیوروں کو دی جائیں گی۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق انعامات کی تقسیم کا آغاز سعودی عرب کے شہر ریاض سے کیا گیا ہے، اس مہم کے دوران یہ دیکھا جارہا ہے کہ ڈرائیور ٹریفک قوانین کی کس حد تک پابندی کررہا ہے۔

    اس سلسلے میں گاڑی کی رفتار اور لین کی پابندی سمیت حفاظتی بیلٹ باندھنے، موبائل استعمال نہ کرنے اور دائیں بائیں مڑتے وقت اشارہ دینے والے قوانین شامل ہیں۔

    اس حوالے سے محکمہ ٹریفک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک وڈیو کلپ شئیئر کیا ہے جس میں ٹریفک پولیس نے ان دو ڈرائیوروں کا شکریہ ادا کیا ہے جو قوانین پر عمل کرتے ہیں۔

    ویڈیو میں انہیں محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے تعریفی اسناد اور نقد انعام دیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

  • گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑ کر جانے سے گاڑی چوری کی وارداتوں اور دیگر حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اب ایسی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا قانونی خلاف ورزی شماری کی جائے گی، ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ اگر گاڑی میں کوئی نہ ہو اور وہ اسٹارٹ حالت میں کھڑی ہو تو مالک کے خلاف چالان کاٹے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں گاڑی چوری کی وارداتوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت چالان کیے جارہے ہیں۔

    اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے کا مطلب یہ ہے کہ چوروں کو خود دعوت دی جائے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ انہیں اپنی جانب سے کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

    ٹریفک پولیس کے مروجہ قانون میں سٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر کم از کم 100 اور زیادہ سے زیادہ 150 ریال چالان کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی اشیا کی حفاظت کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے مملکت کے مختلف شہروں میں کار چوری کی متعدد وارداتیں ہو رہی ہیں جن میں سے بیشتر واقعات میں گاڑی اسٹارٹ حالت میں ہوتی ہے جس میں چور بغیر کسی زحمت کے باآسانی گاڑی چرا لیتے ہیں۔

    محکمہ سیفٹی کا کہنا ہے کہ آٹو میٹک گاڑیوں کے بیشتر حادثات اس وجہ سے بھی ہوتے ہیں کہ گاڑی بچوں کی موجودگی میں اسٹارٹ حالت میں چھوڑ دی جاتی ہے۔ بچے کھیل ہی کھیل میں گیئر لگا دیتے ہیں جس سے گاڑی حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔

    حفاظتی قوانین کے تحت خاص ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی میں اسے کبھی اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

  • ملائشین اولمپکس : کراچی ٹریفک پولیس افسر کی بیٹی قومی تھرو بال ٹیم میں منتخب

    ملائشین اولمپکس : کراچی ٹریفک پولیس افسر کی بیٹی قومی تھرو بال ٹیم میں منتخب

    کراچی : آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ملائشین اولمپکس میں تھرو بال ٹیم میں منتخب ہونے والی خاتون کھلاڑی کو دولاکھ روپے کا چیک پیش کیا، اقراء کراچی ٹریفک پولیس کے افسر کی صاحبزادی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس افسر کی صاحبزادی نے ملائشین اولمپکس میں تھرو بال ٹیم کیلئے منتخب ہوکر ملک کانام روشن کردیا، اقراء کراچی ٹریفک پولیس کے افسر ذاکر حسین کی صاحبزادی ہیں۔

    آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ملائشین اولمپکس میں تھرو بال ٹیم میں منتخب ہونے والی خاتون کھلاڑی اقراء سے ملاقات کی اس موقع پران کے والد ذاکر حسین بھی موجود تھے جو کراچی ٹریفک پولیس میں انسپکٹر کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    اس موقع پر آئی جی سندھ نے دولاکھ روپے کاچیک دیا، أئی جی سندھ نے ملائشین اولمپکس کے تحت تھرو بال ٹیم میں سلیکشن پراقراء کو مبارکباد دی اور مقابلے میں ان کی ٹیم کی فتح اور پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرنے کی دعا کرتے ہوئے اپنی اور سندھ پولیس کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    آئی جی سندھ کی تھرو بال ٹیم کے ساتھ ملائشیا روانگی کی مد میں اٹھنے والے اخراجات کی اقراء کو فراہمی کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے امروز اے آئی جی ویلفیئر سندھ کی جانب سے دو لاکھ روپے کا چیک ان کے والد ٹریفک پولیس انسپکٹر ذاکر کو دیا گیا۔

  • کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، 70 کروڑ کے بھاری چالان بھی کراچی کی سڑکوں پر چلنے والے بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہ لا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 میں کراچی کی سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کا راج رہا، ٹریفک پولیس کا سارا زور جرمانوں پر رہا۔

    صرف 11 ماہ میں شہریوں کو 70 کروڑ کی خطیر رقم کے 33 لاکھ سے زائد چالان تھمائے گئے۔

    رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 15 ہزار ڈرائیوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

    رواں سال اب تک کراچی میں مختلف نوعیت کے حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق اور 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے لیکن ٹریفک پولیس کی توجہ قانون سے زیادہ سرکاری خزانہ بھرنے پر رہی۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے صرف مخصوص قسم کے چالان اورغریب طبقے کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار بھی کیا ہے۔

  • گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری : ابوظبی ٹریفک پولیس نے جرمانوں کی رقم آدھی کردی

    گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری : ابوظبی ٹریفک پولیس نے جرمانوں کی رقم آدھی کردی

    ابوظبی : ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزیوں پر مقررہ جرمانوں میں50 فیصد مشروط کمی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق 60روز اندر جرمانے کی ادائیگی کرنے والے افراد کو آدھی رقم ادا کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر چالان کی رقم کی پیشگی ادائیگی کا فارمولا جاری کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ جرمانوں میں50 فیصد مشروط کمی کی جارہی ہے جس کا اطلاق اتوار22 دسمبر سے ہوگا۔

    ابوظبی پولیس کی جنرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے60 دن کے اندر عائد جرمانہ ادا کردیتے ہیں تو اس صورت میں جرمانے کی رقم میں 50 فیصد کمی کردی جائے گی۔

    اس کے علاوہ خلاف ورزی پر گاڑی تحویل میں لینے اور تاخیر پر جرمانہ ہوا تو اس میں 35فیصد کمی کی جائے گی۔

    ابوظبی ٹریفک پولیس کے جاری کردہ چارٹ کے مطابق28 اقسام کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے والے افراد رعایتی فارمولے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

  • ٹریفک پولیس کو دھمکیاں دینا امیر زادے کو مہنگا پڑگیا

    ٹریفک پولیس کو دھمکیاں دینا امیر زادے کو مہنگا پڑگیا

    کراچی :شہر قائد میں جاری فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں کے خلاف مہم کے دوران پولیس کو دھمکانا امیر زادے کو مہنگا پڑگیا، تلاشی پر گاڑی سے شراب بر آمد ، ٹریفک پولیس نے ویڈیو بھی بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کالے شیشوں کے خلاف مہم کے دوران مہنگی اووڈی کار سے مہنگی شراب نکل آئی ، ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں نوجوان مسلسل ٹریفک حکام کو دھمکیاں دیتا نظر آرہا ہے ۔

    ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق جب مذکورہ گاڑی کو روکا گیا تو اس میں موجود نوجوان ٹریفک پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے پر اتر آیا، کار سوار کو سیاہ شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ کی بنا پر روکا گیا تھا ، اس نے پولیس اسکواڈ سے بچ کر بھاگنے کی کوشش بھی کی تھی۔

    نوجوان کی حرکتوں پر موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو شک گزرا، اورانہوں نے گاڑی کی تفصیلی تلاشی لینے کا فیصلہ کیا، جس پر نوجوان چراغ پا ہوگیا اوردھمکیاں دینے پر اتر آیا، بعد ازاں اس نے کوشش کی کہ چالان بھر کر فوراً نکل جائے۔

    نوجوان کے رویے سے پولیس کا شک یقین میں بدل گیااور جب گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے مہنگی وائن اور بیئر کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔

    پولیس نے شراب برآمد ہونے پر ملزم کو حراست میں لے لیا ہے ، اور اس کو کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ پر جرمانہ بھی بھرنا ہوگا۔

    طلحہ نامی اس ملزم نے گاڑی میں شراب کی موجودگی کا جواز دیتے ہوئے کہا کہ وہ بنکاک سے کراچی پہنچاتھا اس لیے اس کے پاس یہ بوتلیں موجود تھیں۔

    یاد رہے کہ اے آئی جی کراچی امیر شیخ کے حکم پر ان دنوں کالے اور اندھے شیشوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم جاری ہے ، اس سے قبل ٹریفک پولیس کامیاب ہیلمٹ مہم بھی چلا چکی ہے۔

  • ہیلمٹ مہم : 25 روز میں شہریوں کے ساڑھے 5 کروڑ سے زائد کے چالان

    ہیلمٹ مہم : 25 روز میں شہریوں کے ساڑھے 5 کروڑ سے زائد کے چالان

    کراچی : ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ کی خصوصی مہم کی خلاف ورزی پر 25 روز کے دوران شہریوں کےساڑھے 5 کروڑ سے زائد کےچالان کردیئے جبکہ رانگ وے مہم میں صرف 4 روز میں 50 لاکھ روپے کے قریب چالان ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم میں تاریخ کے سب سے بھاری چالان کئے گئے ، 25 روز کے دوران شہریوں کےساڑھے 5 کروڑ سے زائد کےچالان کئے ، جبکہ رانگ وے مہم میں صرف 4 روز میں 50 لاکھ روپے کے قریب چالان کئے۔

    کراچی کے 7 اضلاع کی 25 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے ، جس میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے بتایا ہیلمٹ نہ پہننے والے شہریوں کے3 لاکھ40 ہزار 669 چالان کیےگئے، قانون کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 20 ہزار 548 موٹرسائیکلیں ضبط کی گئی۔

    جاوید مہر کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ مہم میں کل کی تاریخ تک 5 کروڑ 11 لاکھ کے چالان کئے جبکہ رانگ وے کی خلاف ورزی پر صرف 4 روز میں 40 لاکھ 94 ہزار کے چالان کیے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا رانگ وے پر 18 ہزار 9 سو 22 شہریوں کے چالان کیے گئے، چالان ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ، سٹی، ملیر، سینٹرل ، کورنگی میں کیے گئے۔

    مزید پڑھیں : ہیلمٹ کے بعد کراچی میں رانگ وے پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم

    یاد رہے چند روز قبل جاوید علی مہر کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ مہم اور اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا مقصد قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو روکنا ہے، عموماً ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نظر انداز کرتی ہے لیکن اس مہم کے دوران ٹریفک پولیس خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی کرے گی۔

    جاوید علی مہر نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ ون وے کی پابندی ان کی اپنی جان کے تحفظ کے لیے ہے ، لہذا شہری اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر مہم میں تعاون کرنے والے میڈیا اور دیگر سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    خیال رہے یکم جولائی کو ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ پہننا لازم مہم کا آغاز پر کہا تھا کسی کو بھی بنا ہیلمٹ بائیک چلانے نہیں دیں گے اور شارع فیصل پر بغیرہیلمٹ سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • ہیلمٹ کے بغیر شارع فیصل  پر سفر کی اجازت نہیں ،  ڈی آئی جی ٹریفک

    ہیلمٹ کے بغیر شارع فیصل پر سفر کی اجازت نہیں ، ڈی آئی جی ٹریفک

    کراچی : ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ پہننا لازم مہم کا آغاز پر کہا کسی کو بھی بنا ہیلمٹ بائیک چلانے نہیں دیں گے اور شارع فیصل پر بغیرہیلمٹ سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ پہننا لازم مہم کا آغاز کردیا گیا ، جس کے تحت شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہو گی ، ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کے چالان کئے جارہے ہیں ۔

    شاہراہ فیصل پر مہم کے آغاز کے موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک جاویدمہر نے کہا کسی کو بھی بناہیلمٹ بائیک چلانے نہیں دیں گے، شارع فیصل پرکسی کوبھی بناہیلمٹ بائیک چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، شارع فیصل پر کوئی موٹرسائیکل سوار بنا ہیلمٹ نہ آئے۔

    جاویدمہر نے واضح الفاظ میں کہا ہیلمٹ نہیں توسفرنہیں، بغیر ہیلمٹ چالان پرموٹرسائیکل ہیلمٹ لانے پرملےگی، شارع فیصل تاجروں کی مدد سے ہیلمٹ اسٹال لگائےگئے ہیں، 13 مقامات پر قائم اسٹالز پر ڈسکاؤنٹ پر ہیلمٹ ملیں گے، 400 سے زائد ہیلمٹ بانٹے جاچکے ہیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا حادثات کی شرح کم کرنے کیلئے فیصلہ کیاگیاہے، ہیلمٹ ہوناانتہائی ضروری ہے اوریہ انسانی زندگی کی چھوٹی سی قیمت ہر موٹر سائیکل سوار کو ادا کرنی چاہیے۔

    یاد رہے رواں سال جنوری میںڈی آئی جی ٹریفک جاویدمہر نے کمشنرکراچی کوخط ارسال کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا، پمپس انتظامیہ نوٹیفکیشن لگانے کی پابند ہوگی۔

    خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ خلاف ورزی کرنیوالے پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائےگی، پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن کمشنر کراچی جاری کریں ۔