Tag: Traffic police

  • کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : پولیس نے بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلانے پر 30ہزار موٹرسائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سٹی ٹریفک پولیس سرکل کے عملے نے گزشتہ چند روز میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کیا اورخلاف ورزی کرنے پر 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا۔

    بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کی موٹر سائیکلیں بند کردی جائیں گی، ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ نذیر احمد کرد کی نگرانی کی میں ایس پی سٹی ٹریفک پولیس جاوید احمد خان کی سربراہی میں ٹریفک پولیس نے سٹی سرکل میں کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے انہیں جرمانہ عائد کردیا اس کے علاوہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا ۔

    ایس پی سٹی سرکل جاوید احمد خان نے بتایا کہ ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل چلانے والوں کا تناسب 10 فیصد ہے ٹریفک پولیس نے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کو ٹریفک قوانین کی پابندی کروانے کے لئے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کو بند کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔

    شہریوں سے التماس ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ ضرور پہنیں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چالان کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلیں بند کی جائیں گئی۔

  • کراچی: متعدد وارداتوں میں ملوث ٹریفک پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی: متعدد وارداتوں میں ملوث ٹریفک پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی: قانون کا محافظ ٹریفک اہلکار کراچی پولیس کا انتہائی مطلوب ڈکیت نکلا، ملزم پولیس اہلکار اپنے دو شریک جرم بھائیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سکھن کے قریب پولیس مقابلے میں حاضر سروس ٹریفک اہلکار گرفتار کرلیا گیا، ٹریفک پولیس اہلکار تقدس علی کو سرکاری پستول سمیت گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران تقدس علی کے 2 سگے بھائی بھی گرفتار کرلیے گئے۔ 3 رکنی ملزمان کا گروہ ڈکیتی اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔

    سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کا حاضر سروس اہلکار سرکاری پستول کی نوک پر ڈکیتیاں کرتا تھا، تقدس علی نے دوران تفتیش ساتھیوں کے ہمراہ متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم تقدس علی ٹریفک سیکشن ماڈل کالونی میں بطور نائٹ منشی تعینات ہے، ملزم کا بکل نمبر 36466 ہے، گرفتار ملزمان سے سرکاری پستول سمیت 3 پستول اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔

    ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ ملزم بابر ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آیا تھا، ملزم نے جمشید کوراٹر اور فیروز آباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا۔

    ملزمان کے خلاف پولیس پر فائرنگ اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ ملزمان سے برآمد اسلحے کو فارنزک لیب روانہ کیا جا رہا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے اپیل ہے اگر ان ملزمان کو کسی واردات کے حوالے سے شناخت کرسکیں تو سکھن تھانے سے رابطہ کریں۔

  • قانون کی خلاف ورزی : ٹریفک اہلکاروں نے پولیس موبائل کا بھی چالان کردیا

    قانون کی خلاف ورزی : ٹریفک اہلکاروں نے پولیس موبائل کا بھی چالان کردیا

    کراچی : گارڈن میں ٹریفک پولیس نے پولیس موبائل کا بھی چالان کردیا، موبائل رانگ وے پر آرہی تھی، مہم کے دوران197 ڈرائیوروں کا چالان کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ون وے اور رانگ وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے، اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے پپٹی بند بھائیوں کو بھی نہ بخشا۔

    گارڈن کے علاقے میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے غلط راستے سے آنے والی پولیس موبائل کا چالان کردیا، اے آر وائی نیوز کے نمائندے سلمان لودھی کے مطابق کراچی میں ٹریفک جام کی سب سے بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اکثر شہری ون وے اور رانگ وے کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس کے باعث اہم چوراہوں اور سڑکوں پر گاڑیاں پھنس جاتی ہیں۔

    گارڈن میں بھی یہی ہوا، قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس وقت ڈرائیور کے پاس نہ شناختی کارڈ تھا اور نہ ہی سروس کارڈ اور نہ ہی وہ رودی میں ملبوس تھا، مذکورہ پولیس موبائل سرکاری افسر کے پروٹوکول میں شامل ہے۔

    اہلکاروں نے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کے بعد اس کا 520روپے کا چالان کیا، اس حوالے سے ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آج ون وے اور رانگ وے کیخلاف مہم کے دوران197ڈرائیوروں کو گرفتار اور چالان کیا گیا۔

  • گرین لائن منصوبہ: ایم اے جناح روڈ کا دوسرا روڈ بھی بند، متبادل راستے کا اعلامیہ جاری

    گرین لائن منصوبہ: ایم اے جناح روڈ کا دوسرا روڈ بھی بند، متبادل راستے کا اعلامیہ جاری

    کراچی : ٹریفک پولیس کراچی نے گرین لائن منصوبے کے انڈر پاس کے تعمیراتی کام کے باعث مورخہ یکم دسمبر سے ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش تک کا روڈ بند کرنے کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق شہر قائد میں گرین لائن بس منصوبے کی تعمیر کا کام جاری ہے، تعمیراتی کام کے دوران کسی بھی نقصان سے بچنے کے لیے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے ایم اے جناح روڈ کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل روٹ پلان جاری کردیا۔

    اعلامیہ میں شہریوں کو زحمت اور پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مورخہ یکم دسمبر بروز ہفتہ انڈر پاس پر تعمیراتی کام کے باعث ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش تک دوسرا روڈ بھی بند کردیا جائے گا، شہری زحمت اور پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستہ اختیار کریں۔

    لیاقت آباد نمبر دس اور گرومندر سے جانے والے حضرات پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی سے کوریڈور تھری صدر دواخانہ والا راستہ اختیار کریں، بہادریار جنگ روڈ سولجر بازار ، ہولی فیملی ، کیپری سنیما سگنل ایم اے جناح روڈ کے راستے سے سفر کریں۔

    اسی طرح ٹاور سے گرومندر جانے والے حضرات تبت چوک ، گارڈن چوک، آغا خان سوئم روڈ، انکل سریا چوک سے دائیں جانب بہادریار جنگ روڈ سولجر بازار سے گرومندر  کا راستہ اختیار کریں۔

    اس کے علاوہ تبت چوک، کیپری چوک سے دائیں صدر دواخانہ سے بائیں جانب کوریڈور تھری کا راستہ اختیار کریں۔ محکمہ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے ہدایت پر عمل کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

  • دو روز میں ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 22 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کا چالان

    دو روز میں ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 22 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کا چالان

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متعلق کیس میں سی ٹی او لاہور کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی ، جس کے مطابق دو روز میں ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 22 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کے چالان کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی نے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔

    جس میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کیا گیا ہے، 2 دنوں میں مال روڈ پر 4778 بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ مجموعی طور پر لاہور میں 22246 بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔

    سی ٹی او کی جانب سے کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، اگر کوئی پولیس اہلکار بغیر ہیلمٹ مال روڈ پر دکھائی دیا تو وہ اپنی نوکری بھول جائے، وکلاء اور صحافیوں سمیت تمام شہری اپنی حفاظت کے لئے ہیلمٹ پہنیں، ہیلمٹ بیچنے اور بنانے والے ہیلمٹ کی قیمتیں کم کریں۔

    عدالت نے مزید ہدایت کی کہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھی کارروائی جاری رکھی جائے، اگلے ہفتے سے جیل روڈ پر بھی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کیا جائے۔

    عدالت نے پیمرا کے نمائندے کو روڈ سیفٹی پر ایڈ چلانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا بنگلہ دیش میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو تیل نہیں دیا جاتا۔

    یاد رہے ٹریفک پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا۔

  • بھتے کا الزام: لاہور میں خواجہ سرا پولیس کے خلاف سڑکوں پر آگئے

    بھتے کا الزام: لاہور میں خواجہ سرا پولیس کے خلاف سڑکوں پر آگئے

    لاہور: پنجاب کے دار الحکومت لاہور میں خواجہ سراؤں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے بھتہ لینے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلیاں نکالیں۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سراؤں نے پہلے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا بعد ازاں اپنے مطالبات کی منظوری اور ٹریفک پولیس کے نارواں سلوک کے خلاف پنجاب اسمبلی کے باہر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔

    مظاہرے کے دوران خواجہ سراؤں نے موقف اختیار کیا کہ ٹریفک پولیس بھیک مانگنے کی اجازت دینے پر بھتہ مانگتے ہیں، رشوت کا مطالبہ پورا نہ کیا جائے تو ہمیں تنگ کیا جاتا ہے، بعض اوقات گرفتاری بھی عمل میں آتی۔

    پاکستان میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

    اپنے خلاف ہونے والے اس قسم کے واقعات پر شدید مذمت کرتے ہوئے خواجہ سراؤں نے مطالبہ کیا کہ اگر ہمیں بھیک مانگنے سے روکنے کے بجائے حکومت کو چاہیے کہ وہ ہمیں باعزت روزگار فراہم کرے تاکہ ہم سڑکوں پر بھیک مانگنے پر مجبور نہ ہوں۔

    واضح رہے کہ ملک میں خواجہ سرا اپنے حقوق کے لیے ہمیشہ سے آواز بلند کرتے آرہے ہیں جن میں ان کا موقف یہ ہے کہ انہیں بھی بحیثیت پاکستانی بنیادی سہولیات فراہم کیے جائیں اور نوکری کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی ان کی واضح نمائندگی دی جائے۔

    خواجہ سراؤں نے ووٹ کا حق مانگ لیا، پشاورہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر

    خیال رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے خواجہ سراؤں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں شناختی کارڈ کی فراہمی، پاسپورٹ اور صحت و انصاف کارڈ شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں گذشتہ دنوں صوبے میں خواجہ سراؤں کو مرحلہ وار خصوصی طور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل جاری کیا ساتھ ہی ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے سارٹ کورسز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی: آج  سے بغیر ہیلمٹ سفرکرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: آج سے بغیر ہیلمٹ سفرکرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: آج سے بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ خصوصی مہم میں بلاتفریق کارروائی کی جائےگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج جو موٹر سائیکل پر ہیلمٹ کے بغیر نظر آئے گا، اسکاچالان ہو جائے گا، ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف آج سے خصوصی مہم کا اعلان کیا ہے، یہ مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے موٹر سائیکل چلانے والے تمام حضرات کو خبردار کیا کہ وہ سفر کے دوران ہیلمٹ کا استعمال کریں نہیں تو قانونی کارروائی کاسامناکرنا ہوگا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ خصوصی مہم میں بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پولیس حکام نے متعدد بار مختلف مہم کے ذریعے قانون کے نفاذ کی کوشش کی گئی لیکن ناکام رہی ۔

    خیال رہے کہ شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کی اموات کی بنیادی وجہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہوتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لاہور: ٹریفک پولیس اہلکاروں کی گاڑی پرلاتوں کی بارش

    لاہور: ٹریفک پولیس اہلکاروں کی گاڑی پرلاتوں کی بارش

    لاہور: ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس نے ڈرائیور کے نہ نکلنے پر گاڑی کے اوپر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی، اعلی حکام نے واقعے کا نوٹس لے کر اہلکار کو معطل کردیا، اے آر وائی کو واقعے کی فوٹیج مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے اپنا غصہ گاڑیوں پر نکالنا شروع کردیا، ٹریفک وارڈن کنگ فو ماسٹر بن گیا، لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر پولیس نے ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نہیں رکا۔

    بعد ازاں گاڑی کا تعاقب کیا گیا اور یتیم خانہ چوک پر ٹریفک پولیس اورڈولفن فورس کے اہلکاروں نے گاڑی کو روک لیا، اہلکاروں نے ڈرائیور کو گاڑی سے اترنے کو کہا لیکن وہ گاڑی سے اترنے کو تیار نہیں تھا، جس پر اہلکاروں نے غصے میں آکر گاڑی پر لاتیں اور گھونسے مارے۔

    وردی میں ملبوس وارڈن نےگاڑی پرفلائنگ ککس ماریں، پولیس کے مطابق مظہر نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ گاڑی نان کسٹم پیڈ ہے، بعد ازاں گاڑی کسٹم حکام کےحوالے کردی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوارافراد نےفائرنگ بھی کی۔

    لاتیں مارنے والا ٹریفک وارڈن معطل

    لاہور ٹریفک پولیس حکام نے اے آر وائی نیوزکی خبر پر فوری ایکشن لیتے ہوئے شہری کی گاڑی کو لاتیں مارنے والےٹریفک وارڈن حیدرکو معطل کردیا۔

    اس حوالے سے سی ٹی او رائےاعجاز کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈن کو شہریوں سے ایسا سلوک کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ گاڑی سوار فرار ہورہا تھا لہٰذا اسے روکنا ضروری تھا لیکن پولیس اہلکار کے ایسے رویے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی۔ یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز نےٹریفک وارڈن کے رویے کی فوٹیج بریک کی تھی۔


    مزید پڑھیں : لاہور: ٹریفک وارڈنز کا بزرگ شہری پر تشدد


     واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ٹریفک وارڈنز کی جانب سے شہریوں کے ساتھ نازیبا رویے کی کبریں منظر عام پر آچکی ہیں، جس میں صرف کاغذٓت دیر سے دکھانے پر وارڈن نے ایک بزرگ شہری اور اس کے بیٹے کو تشددد کا نشانہ بنایا تھا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں بھی ٹریفک وارڈن کے تشدد سے ایک ٹرک ڈرائیور جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔


    مزید پڑھیں : فیصل آباد : ٹریفک وارڈن کے تشدد سے ڈرائیور جاں بحق


  • ٹریفک پولیس کا شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    ٹریفک پولیس کا شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    اسلام آباد: ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک شہری پر تشدد کیا گیا، شہری کو لاتوں اور گھونسوں سے مارا گیا،حکام نے فوٹیج کا نوٹس لے لیا۔

    اطلاعات ہیں کہ یہ ویڈیو ایک راہ گیر کی جانب سے بنائی گئی ہے جسے خود بھی نہیں پتا تھا کہ شہری پر تشدد کیوں کیا گیا؟ بعدازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور میڈیا کو بھی موصول ہوئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین اہل کاروں نے ایک شہری کو سڑک پر لٹایا ہوا ہے، قبل ازیں اسے کتنا مارا گیا یہ نہیں معلوم تاہم ویڈیو میں دیکھیں تو شہری کو اہلکار نے بھرپور لات کمر پر ماری۔

    اس ضمن میں پولیس حکام نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کررہے ہیں کہ یہ شہری کون ہے جس پر تشدد کیا گیا جب کہ پولیس اہل کاروں کی شناخت کرلی گئی ہے، تاہم شہری نے کسی بھی تھانے میں تشدد کے خلا ف کوئی درخواست جمع نہیں کرائی۔

  • کراچی: ٹریفک پولیس کا شہریوں‌ سے مک مکا جاری

    کراچی: ٹریفک پولیس کا شہریوں‌ سے مک مکا جاری

    کراچی: ٹریفک پولیس نے نجی افراد سے مل کر شہریوں کو لوٹنے کا نیا طریقہ نکال لیا، صدر میں نو پارکنگ سے موٹر سائیکلیں اٹھانے کے بعد چالان کاٹنے کے بجائے وہیں کھڑے ہوکرآدھے پیسوں میں بائیک چھوڑ دی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر سلمان لودھی کے مطابق ٹریفک پولیس نے نجی افراد سے نو پارکنگ پرکھڑی گاڑیاں اٹھوانی شروع کردی ہیں، صدر کے علاقے پریڈی اسٹریٹ اور اس کے اطراف سے نو پارکنگ سے اٹھائی جانے والی موٹر سائیکلیں پریڈی تھانے کے پاس قائم ٹریفک چوکی پر لائی جاتی ہیں۔

    جب موٹر سائیکل مالکان اپنی بائیک لینے آتے ہیں تو راستے میں کھڑے اہلکار دوسو روپے قانونی جرمانے کے بجائے ان سے بھاؤ تاؤ کرکے سو روپے کی رشوت کے عوض وہیں پر موٹر سائیکل اتار کر ان کے حوالے کر دیتے ہیں۔

    قانون کے مطابق موٹر سائیکل کی نو پارکنگ پر 200 روپے کا چالان کاٹا جاتا ہے جس کو جمع کرانے کی رسید دینے کے بعد موٹر سائیکل حوالے کی جاتی ہے تاہم اہل کاروں کی جانب سے مک مکا کے بعد قومی خزانے کے بجائے رقم اہلکاروں کی جیب میں جارہی ہے۔