Tag: traffic

  • سعودی عرب:  ڈرائیوروں کو سخت وارننگ دے دی گئی

    سعودی عرب: ڈرائیوروں کو سخت وارننگ دے دی گئی

    ریاض : سعودی عرب میں ایمبولینس، محکمہ شہری دفاع اور سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر سخت سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کے ترجمان نے ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے والی گاڑیوں کو راستہ دینے کے ضوابط مقرر کرتے ہوئے تنبیہہ کی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد ہوں گے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے والی گاڑیوں یا سرکاری کارواں کے ہارن کی آواز سنیں تو ترجیحی بنیادوں پر ان کے لیے راستہ دینے کا اہتمام کریں۔

    مثلاً اگر آپ کسی چوراہے پر ہوں تو فوراً ہی ایک طرف ہوجائیں اور ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے والی گاڑی یا سرکاری کارواں کو گزرنے کے لیے راستہ دیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ کریں۔

    محکمہ ٹریفک نے توجہ دلائی ہے کہ ٹریفک قانون کی شق 54 کے مطابق اس پر عمل کرنا اور اس کی پابندی کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔ یاد رہے کہ ایمبولینس، محکمہ شہری دفاع اور سکیورٹی فورس کی گاڑیاں ایمرجنسی خدمات کے دائرے میں آتی ہیں۔

  • بارش کو کئی گھنٹے گزر گئے، پانی سڑکوں پر تاحال موجود

    بارش کو کئی گھنٹے گزر گئے، پانی سڑکوں پر تاحال موجود

    کراچی : گزشتہ روز بارش کے بعد کئی علاقوں سے نکاسی نہیں ہوسکی، بارش کا پانی گھروں میں موجود تاحال موجود ہے، اہم شاہراہوں پر برساتی پانی کے باعث ٹریفک کی روانی انتہائی سست ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد شہر کی صورتحال بدستور پہلے جیسی ہے، پچھلی بارش کی طرح کئی علاقوں سے برساتی پانی نکالا نہیں جاسکا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شارع فیصل اور دیگراہم شاہراہوں سے برساتی پانی نکال لیا گیا ہے، گجر نالے کا پانی اطراف کی گلیوں میں تاحال کھڑا ہے، مختلف علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی جمع ہے، سٹی ریلوے کالونی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے،۔

    نیوکراچی،سرجانی، نارتھ ناظم آباد میں نکاسی نہیں ہوسکی، سہراب گوٹھ پل اور شفیق موڑ کے قریب بارش کا پانی موجود ہے، ہاکس بےروڈ پر گلبائی سے ماری پور تک صورتحال بدترین ہوگئی۔

    تباہ حال ہاکس بےروڈ پر رہی سہی کسر بارش نے نکال دی، ہاکس بےروڈ پر گڑہوں، جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

    اس کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں موجود ہے، گھروں کے اندر اور باہر برساتی پانی سے
    معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، نکاسی نہ ہونے سے بفرزون سیکٹر 15 کے مکین پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

    شہریوں کا  کہنا ہے کہ گھروں میں پانی داخل ہونے کے باعث سارا سامان خراب ہوگیا، نکاسی آب کے لیے انتظامیہ سے اب تک کوئی نہیں آیا۔

    ذرائع کے مطابق شہری اپنی مدد آپ کےتحت گھروں سے پانی نکالنے لگے، شہری گھروں میں موجود سامان کو بھی منتقل کرنے
    لگے۔

  • سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    ریاض: سعودی عرب کے الجوف ریجن میں آج اتوار سے خود کار چالان سسٹم کام کرے گا جو سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار چالان کرے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے الجوف ریجن میں ٹریفک پولیس اتوار سے سیٹ بیلٹ اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار طریقے سے چالان کرنے کا آغاز کرے گی۔

    ٹریفک پولیس کے ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق الجوف کے علاقے کی متعدد شاہراہوں پر خود کار چالان سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ سسٹم کو ادارے کے مرکزی نیٹ ورک سے جوڑنے کے بعد تجرباتی مراحل بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    خود کار چالان کا آغاز اتوار سے کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کار طریقے سے کیے جانے والے چالان میں سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 150 ریال جرمانہ مقرر ہے۔

    30 دن کے اندر دوبارہ خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں چالان کی رقم دو گنا کر کے 300 ریال کردی جائے گی۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال بھی انتہائی سنگین خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے جس پر 500 سے 900 ریال کا چالان کیا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب میں نیا ٹریفک قانون متعارف

    سعودی عرب میں نیا ٹریفک قانون متعارف

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ صرف ٹریفک سگنل پر دھیان دینے کے بجائے ٹریفک اہلکار کے اشارے پر بھی توجہ دی جائے، وگرنہ بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اہم شاہراہوں پر متعین ٹریفک پولیس اہلکار کی ہدایات پر عمل نہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی شمار ہوگی۔

    اس خلاف ورزی پر 500 سے 900 ریال تک چالان کیا جا سکتا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ بعض مقامات پر ضرورت پڑنے کی صورت میں ٹریفک اہلکاروں کو متعین کیا جاتا ہے جو ٹریفک سگنل کی موجودگی میں بھی اپنے طور پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے عمل کو جاری رکھتے ہیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیوروں کو چاہیئے کہ وہ ٹریفک سگنل کے بجائے ٹریفک اہلکار کے اشارے پر توجہ دیں جو حالات کو دیکھتے ہوئے ٹریفک کو منظم کر رہا ہوتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قانون کی دفعہ 4 کی شق نمبر 7 کے مطابق ٹریفک اہلکار کے اشارے پر عمل نہ کرنا قانون شکنی شمار ہوگی اور ایسا نہ کرنے والے پر 900 ریال تک چالان کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ ٹریفک نے جنوری 2020 کے شروع میں ٹریفک قانون کا لائحہ عمل جاری کیا تھا، محکمے نے خبردار کیا تھا کہ خطرناک ٹریفک خلاف ورزیوں پر 20 ہزار ریال تک جرمانے ہیں۔

  • سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے سڑکوں پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد لوگوں کو ٹریفک خلاف ورزیاں نہایت بھاری پڑیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے اسمارٹ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسمارٹ کیمروں کی تنصیب کے بعد 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں مہنگی پڑیں گی۔

    ٹوئٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑنے کے لیے اسمارٹ کیمرے جلد استعمال کیے جائیں گے۔

    محکمے نے ٹریفک خلاف ورزیوں اور ان کے جرمانے کی فہرست ایک بار پھر جاری کی ہے جو کچھ یوں ہے۔

    ریڈ سگنل توڑنا بڑی خلاف ورزی ہے اس پر 3 ہزار سے لے کر 6 ہزار ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹائر اسکریچنگ پر 20 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، ٹائر اسکریچنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی 15 دن کے لیے ضبط کرلی جائے گی۔

    کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا قانوناً جرم ہے، اس پر 5 ہزار سے لے کر 10 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، مذکورہ نمبر پلیٹ ہٹانے تک گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر پہلی مرتبہ کم از کم جرمانہ 150 سے 300 ریال تک ہے۔ 30 روز کے اندر یہ خلاف ورزی دوبارہ کرنے پر جرمانے میں اضافہ ہوگا، یا گاڑی 24 گھنٹے کے لیے تحویل میں لے لی جائے گی یا دونوں سزائیں بیک وقت ہوں گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر صرف ڈرائیور ہی سے جرمانہ نہیں لیا جائے گا بلکہ اس کے برابر کی نشست پر بیٹھا شخص بھی حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ دے گا۔

    مقررہ رفتار سے فی گھنٹہ 10 تا 20 کلو میٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا بھی خلاف ورزی ہے، اس کا جرمانہ 150 تا 300 ریال ہے۔

    فی گھنٹہ مقررہ رفتار سے 20 تا 30 کلو میٹر زیادہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 300 تا 500 ریال جرمانہ متعین ہے۔

    مقررہ رفتار سے 30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹے زیادہ اسپیڈ سے گاڑی چلانا خلاف ورزی ہے اس کا جرمانہ 800 تا 1 ہزار ریال ہے۔

    مقررہ رفتار سے 40 کلو میٹر سے لے کر 50 کلو میٹر حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر 1200 تا 1500 ریال جرمانہ ہوگا۔

    مقررہ رفتار سے 50 کلو میٹر زیادہ اسپیڈ سے فی گھنٹہ گاڑی چلانے پر 1500 تا 2 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    سروس روڈ پر مخالف سمت میں گاڑی چلانا یا ڈرائیونگ کے لیے ممنوعہ مقامات پر گاڑی چلانا جرم ہے۔ اس پر 1 ہزا ر سے 2 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔

    رات کے وقت یا خراب موسمی حالات میں لائٹ کے بغیر گاڑی چلانا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 1 سے 2 ہزار ریال جرمانہ ہے۔

    ڈھلوانوں اور چڑھائی جیسے مقامات پر مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا جہاں اوور ٹیک پر پابندی ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے اور اس کا جرمانہ 1 ہزار سے 2 ہزار ریال ہے۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500 تا 900 ریال تک کا ہے۔

    ایمرجنسی سروس گاڑیوں کا تعاقب ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔ یہ خلاف ورزی اس وقت شمار ہوگی جب ایمرجنسی گاڑی انتباہی الارم بجاتے ہوئے چل رہی ہو۔

    سگنل پر جہاں ٹھہرنا ضروری ہو اس کی پابندی نہ کرنے پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ سگنلز پر ایک بورڈ لگا ہوتا ہے جس پر عربی میں (قف) اور انگریزی میں اسٹاپ لکھا ہوتا ہے وہاں ٹھہرے بغیر مڑنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    ٹریفک اہلکار کے اشارے کی پابندی نہ کرنا اور سگنلز پر اس کے اشارے کو نظر انداز کردینے پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔

    شاہراہوں پر ماحول کو آلودہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اگر گاڑی سے دھواں نکل رہا ہو اور اس سے ماحول آلودہ ہورہا ہو تو اس پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہے۔

  • جرمانوں کے حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک کی اہم وضاحت

    جرمانوں کے حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک کی اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے وضاحت کردی ہے کہ ٹریفک جرمانے قسطوں میں تقسیم نہیں ہوسکتے اور انہیں یکمشت ادا کرنا ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق آن لائن ایپلی کیشن ابشر کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے پر اعتراض کیا جا سکتا ہے تاہم جرمانوں کی قسطیں کسی حالت میں نہیں ہوں گی۔

    سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق ہر ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ الگ الگ ادا کیا جائے گا۔ محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ پانچ صورتوں میں ٹریفک جرمانے ہر قیمت پر ادا کرنا ہوں گے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید یا گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس کے بدلے لائسنس نکلوانے سے قبل جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔

    رخصہ سیر (استمارا) کے اجرا یا تجدید یا گمشدہ استمارے کی جگہ نیا رخصہ سیر (گاڑی کی رجسٹریشن) جاری کرواتے وقت اسی طرح گاڑیوں کی نمبر پلیٹ نام سے ہٹوانے اور نمبر پلیٹ کی اصلاح سے قبل ادائیگی کرنا ہوگی۔

    گاڑی چلانے کا مختار نامہ جاری کرنے والے اور جس کے نام سے جاری کروایا جا رہا ہے اس کے نام پر موجود جرمانے، اسی طرح گاڑی پولیس کی ضبطی سے نکلوانے سے قبل جرمانے ادا کرنے ہوں گے۔ اس کے بغیر کوئی کارروائی نہیں ہو سکے گی۔

  • سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والے ہوشیار ہوجائیں

    سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والے ہوشیار ہوجائیں

    ریاض: سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کے لیے محکمہ ٹریفک نے نئی سخت ہدایات جاری کردیں، خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے شیشے مشروط شکل میں رنگین کیے جاسکتے ہیں۔ شرائط کی پابندی نہ کرنے پر شیشے رنگین کرنا خلاف ورزی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق پہلی شرط یہ ہے کہ شیشہ رنگین کرنے کی صورت میں شفاف رہے، شیشہ ایسا ہو جس سے تصویر منعکس نہ ہوتی ہو۔

    شیشہ کسی انسان یا ماحول کے لیے ضرر رساں نہ ہو، گاڑی کے سامنے والے یا عقبی شیشے کو کسی طور رنگین کرنے کی اجازت نہیں۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق جن گاڑیوں کے شیشے رنگین کرنے کی مشروط اجازت دی جاتی ہے وہ ایسی گاڑیاں ہوتی ہیں جن میں ڈرائیونگ کیبن ہوتا ہے اور ان کی عقبی نشستیں سواریوں کی منتقلی کے لیے مختص ہوتی ہیں۔

    لیموزین، عام ٹیکسی، یومیہ سواریاں لانے لے جانے والی گاڑیاں، ایک دروازے والی سپورٹس کار، سامان بردار گاڑیوں اور شہروں کے اندر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والی بسوں کو شیشے رنگین کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    محکمہ ٹریفک نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ 6 خلاف ورزیوں سے انتہائی محتاط رہیں۔ ان میں سے بعض کے جرمانے 10 ہزار ریال تک ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق ریڈ سگنل توڑنے پر کم از کم جرمانہ 3 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 6 ہزار ریال ہے۔ یہ ایسی خلاف ورزی ہے جس سے لوگوں کی جان بھی ضائع ہوسکتی ہے لہٰذا اسے بھاری ٹریفک خلاف ورزیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    کسی اور کی گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنے پر کم از کم جرمانہ 5 ہزار ریال اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ریال تک ہے۔ ایسی گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی۔

    ٹریفک قوانین کی 11 خلاف ورزیاں عوامی سلامتی کے لیے خطرناک ہیں۔ ان میں ٹائر اسکریچنگ، نشے یا خواب آور دوا لے کر گاڑی چلانا، ریڈ سگنل توڑنا اور مخالف سمت میں گاڑی چلانا شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں زگ زیگ ڈرائیونگ، مٹی ہوئی نمبر پلیٹ کے ساتھ ڈرائیونگ، موڑ اور ڈھلوان پر اوور ٹیک کرنا، بغیر بریک والی گاڑی چلانا، بغیر لائٹس والی گاڑی چلانا، فی گھنٹہ مقررہ رفتار یعنی 25 کلو میٹر سے زیادہ رفتار کے ساتھ گاڑی چلانا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال، اسٹاپ والے سگنل پر گاڑی وقفے کے بغیر چلاتے چلے جانا بھی ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

  • گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑ کر جانے سے گاڑی چوری کی وارداتوں اور دیگر حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اب ایسی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا قانونی خلاف ورزی شماری کی جائے گی، ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ اگر گاڑی میں کوئی نہ ہو اور وہ اسٹارٹ حالت میں کھڑی ہو تو مالک کے خلاف چالان کاٹے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں گاڑی چوری کی وارداتوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت چالان کیے جارہے ہیں۔

    اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے کا مطلب یہ ہے کہ چوروں کو خود دعوت دی جائے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ انہیں اپنی جانب سے کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

    ٹریفک پولیس کے مروجہ قانون میں سٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر کم از کم 100 اور زیادہ سے زیادہ 150 ریال چالان کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی اشیا کی حفاظت کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے مملکت کے مختلف شہروں میں کار چوری کی متعدد وارداتیں ہو رہی ہیں جن میں سے بیشتر واقعات میں گاڑی اسٹارٹ حالت میں ہوتی ہے جس میں چور بغیر کسی زحمت کے باآسانی گاڑی چرا لیتے ہیں۔

    محکمہ سیفٹی کا کہنا ہے کہ آٹو میٹک گاڑیوں کے بیشتر حادثات اس وجہ سے بھی ہوتے ہیں کہ گاڑی بچوں کی موجودگی میں اسٹارٹ حالت میں چھوڑ دی جاتی ہے۔ بچے کھیل ہی کھیل میں گیئر لگا دیتے ہیں جس سے گاڑی حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔

    حفاظتی قوانین کے تحت خاص ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی میں اسے کبھی اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

  • کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، 70 کروڑ کے بھاری چالان بھی کراچی کی سڑکوں پر چلنے والے بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہ لا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 میں کراچی کی سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کا راج رہا، ٹریفک پولیس کا سارا زور جرمانوں پر رہا۔

    صرف 11 ماہ میں شہریوں کو 70 کروڑ کی خطیر رقم کے 33 لاکھ سے زائد چالان تھمائے گئے۔

    رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 15 ہزار ڈرائیوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

    رواں سال اب تک کراچی میں مختلف نوعیت کے حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق اور 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے لیکن ٹریفک پولیس کی توجہ قانون سے زیادہ سرکاری خزانہ بھرنے پر رہی۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے صرف مخصوص قسم کے چالان اورغریب طبقے کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار بھی کیا ہے۔

  • لاہوراوراس کے مضافات میں شدید دھند، ٹریفک کی روانی بھی متاثر

    لاہوراوراس کے مضافات میں شدید دھند، ٹریفک کی روانی بھی متاثر

    لاہور : شہر اور اس کے مضافات میں شدید دھند کا راج ہے، حدنگاہ 100 میٹرتک محدود ہوگئی جبکہ قومی شاہراہ پر حد نگاہ 20میٹر رہ گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی بہت متاثر ہورہی ہے۔

    اس کے علاوہ ایئرپورٹ اور اطراف میں حد نگاہ 250 میٹر رہ گئی ہے، دھند کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے سول ایوی ایشن کو بھی متنبہ کردیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح تک دھند کےباعث حد نگاہ میں مزید کمی کا امکان ہے، اس کے علاوہ پتوکی شہر اور گردونواح میں شدید دھند ہے،حدنگاہ 50 میٹر سے بھی کم رہ گئی، ملتان روڈ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہے، اوس کی وجہ سے پھسلن کے باعث سڑکوں پر موٹر سائیکل سوار گر پڑے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر رینالہ، اوکاڑہ، ساہیوال اور چیچہ وطنی میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کا راج ہے۔

    ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پرحدنگاہ 40میٹر تک ہے، لاہور سے کالاشاہ کاکو موٹروے پرحدنگاہ20میٹر رہ گئی،ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹر وے پر سفر سے قبل موٹر وے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اور آج بھی دھند نے لاہور شہر کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، جس کے نتیجے میں لاہور کے شہریوں میں گلے اور آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    بھارت سمیت جنوبی ایشیا میں فضائی آلودگی نے اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں جس کے باعث متعدد ممالک اس کے سدباب کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔