Tag: traffic

  • سعودی عرب کی 40 خواتین نے ٹریفک تفتیش کار کا کورس مکمل کرلیا

    سعودی عرب کی 40 خواتین نے ٹریفک تفتیش کار کا کورس مکمل کرلیا

    ریاض : سعودی دارالحکومت ریاض میں 40 خواتین پر مشتمل دستے کا ٹریفک تفتیش کار کا کورس مکمل کرنے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں کورس کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والی خواتین کو ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی 40 خواتین پر مشتمل پہلے دستے نے جمعرات کے روز ٹریفک تفتیش کار کا کورس مکمل کرلیا ہے، جس کی تقریب دارالحکومت ریاض میں سعودی عرب کی ٹریفک جنرل کے ڈائریکٹر جنرل کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

    سعودی انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر فہد بن ابراہیم العقیل کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹریفک کنٹرول ٹیم میں خواتین کے شامل ہونے سے ٹریفک حادثات کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

    فہد بن ابراہیم العقیل کا کہنا تھا کہ ٹریفک تفتیش کار کا کورس پاس کرنے والی 40 خواتین شاہی فرمان کے مطابق خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور شاہی فرمان کو نافذ کرنے میں معاون ثابت ہوگیں۔

    سعودی انشورنس کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل آف کمیونیکیشن ماہا الشانیفی کا کہنا تھا کہ ٹریفک تفتیش کار کا کورس پاس کرنے والی تمام خواتین کو ٹرینگ کے دوران سخت مراحل سے گزارا گیا ہے، تاکہ حادثات کے وقت صورتحال کو آرام سے کنٹرول کرسکیں۔

    الشانیفی نے خواتین کو اختیارات دے کر طاقتور بنانا معاشرے کا اہم جز ہے، ساتھ ساتھ ہی انہوں نے اس نے ٹریفک حادثات کی تحقیقات کے لیے خاتون تفتیشی افسر کا ہونے پر بھی زور دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پنجاب:‌ تحریک لبیک کا احتجاج جاری، معمولاتِ زندگی متاثر، ٹریفک نظام درھم برہم

    پنجاب:‌ تحریک لبیک کا احتجاج جاری، معمولاتِ زندگی متاثر، ٹریفک نظام درھم برہم

    لاہور: تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے حکومت سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کا احتجاجی دھرنا جاری ہے جس کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے احتجاجی مظاہروں کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوچکا ہے، مظاہرے کے باعث جی ٹی اور مری روڈ پر ٹریفک معطل ہے جبکہ ٹی چوک بلاک، فتح جنگ، اسلام آباد موٹروے پر بھی شدید ٹریفک جام ہے۔

    تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے کیے جانے والے مظاہروں کے باعث بندروڈ، کلمہ چوک، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بند کر دی گئی جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے جس کے باعث جی ٹی روڈ لاہور تا پشاور کا ٹریفک بھی متاثر ہوا۔

    فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی و دیگر ملزمان اشتہاری قرار

    دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے رانا ثنااللہ کی نگرانی میں مذہبی جماعت سے مذاکرات ہو رہے ہیں اور مظاہرین کے مطالبات پر غور کیا جارہا ہے، امید ہے جلد معاملات طے ہوجائیں گے۔

    ترجمان موٹروے کی جانب سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی صورتحال اور راستوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں جس کے مطابق پکامیل، چوہنگ، موہلنوال، پتوکی، ساہیوال، چیچہ وطنی کے راستےبند ہیں لیکن پتوکی سے چھانگا مانگا براستہ چونیاں سفر کیا جاسکتا ہے۔

    حکومت 7 روز میں شریعت نافذ کرے، لبیک یارسول اللہ کا جیل بھرو تحریک کا اعلان

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک پتن چوک سے نورشاہ روڈ، گیمبر سے ساہیوال سفر کیا جاسکتا ہے، اور چیچہ وطنی سے بورے والا کے راستے ملتان جاسکتے ہیں، جبکہ ایم 2کوٹ مومن سے لاہور تک ٹریفک کھلی ہے، لیکن ایم 2 شیخوپورہ سے لاہور تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چین: بدترین ٹریفک جام سے جنم لیتی حیران کن تصاویر

    چین: بدترین ٹریفک جام سے جنم لیتی حیران کن تصاویر

    بیجنگ: چین کے جنوبی صوبے ’ہینان‘ میں ہفتہ وار تعطیل پر شہریوں کی اتنی بڑی تعدار گھروں سے باہر نکلی کہ گاڑیوں کی قطار لگ گئی، شدید ٹریفک جام میں پچاس ہزار سے زائد شہری سڑکوں پر پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں چین میں قمری سال نو کی مناسبت سے فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں سرکاری سطح پر ہفتہ وار تعطیل کا اعلان کیا گیا، جس کا جشن منانے کے لیے شہری گھروں سے نکلے، تو دور دور تک گاڑیوں کی قطار لگ گئی۔ البتہ جب اس ٹریفک جام کی بلندی سے منظر کشی کی گئی، تو رنگا رنگ تصاویر سامنے آئیں، جو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں۔

    ٹریفک جام کا مسئلہ، کون سا ملک سرفہرست ہے؟ رپورٹ سامنے آگئی

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً پچاس ہزار سے زائد شہری ٹریفک جام میں بری طرح پھنس رہے جس کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور دو دن مسلسل محنت کے بعد ٹریفک بحال کرایا۔ اس دوران ڈرون کیمروں سے تصاویر لی گئیں، جو کسی فن پارے کے مانند معلوم ہوتی ہیں۔ یہ تصاویر پر انٹرنیٹ پر بڑے دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔

    اس سے قبل گذشتہ سال چین کے دار الحکومت بیجنگ میں شدید ٹریفک جام ہوا تھا، جہاں تقریباً پچاس کلومیٹر تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں تھیں اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا تھا۔

    خیال رہے دنیا بھر میں پھیلے کروڑوں چینی باشندے نئے چینی قمری سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔مقامی اور انوکھے ملبوسات زیب تن کرتے ہوئے خوب ہلا گلا کرتے ہیں۔

    ٹریفک جام سے شہروں میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    واضح رہے گاڑیوں سے متعلق تجزیوں پر نظر رکھنے والی کمپنی ’انریکس‘ نے سال 2017 میں بدترین ٹریفک جام والے شہروں کی فہرست جاری کی تھی۔

    جس میں سال 2017 میں بدترین ٹریفک جام کے لحاظ سے شہروں کی فہرست میں لاس اینجلس پہلے جبکہ ماسکور اور نیویارک مساوی طور پر دوسرے نمبر پر جبکہ بالترتیب ساؤ پاؤلو ، سانس فرانسسکو ، لندن، پیرس بھی فہرست میں ابتدائی 10 شہروں میں شامل ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ٹریفک حادثات کی روک تھام، پولیس کو بلی سے مدد لینی پڑ گئی، ویڈیو وائرل

    ٹریفک حادثات کی روک تھام، پولیس کو بلی سے مدد لینی پڑ گئی، ویڈیو وائرل

    ممبئی: بھارتی شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور نظم و نسق سکھانے کےلیے بالاآخر پولیس کو بلی سے ہی مدد لینی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی معاشرے میں بعض جانور اتنی تہذیب کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہوتے ہیں کہ اُن کی عادات کو دیکھتے ہوئے یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ اگر یہ فعل ہم روزمرہ کی زندگی میں اپنا لیں تو معاشرہ کی بہت سی خرابیاں ٹھیک ہوسکتی ہیں۔

    ممبئی پولیس نے بڑھتے ہوئے حادثات اور ٹریفک جام کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کئی بار عوامی سطح پر مہم چلائی تاہم وہ ہر بار بے سود ہی رہی مگر اب محکمہ ٹریفک نے ایک نئے انداز سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی کوشش کی۔

    پڑھیں: حکمرانی کے لیے جانوروں کے درمیان خونخوار لڑائی

    میڈیا اطلاعات کے مطابق سال 2016 کے اعداد و شمار  کے حساب سے  بھارت کی آبادی 1 ارب سے تجاوز کرچکی اس لیے مختلف شہروں میں یومیہ 10 سے زائد ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں۔

    ممبئی پولیس نے مسلسل ناکامی کے بعد شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے بلی کی ویڈیو شیئر کی جو ٹریفک سگنل کی پاسداری کررہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: جانوروں سے محبت اور نرمی کا سلوک ۔ اسلام اس بارے میں کیا کہتا ہے؟

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’بلی سڑک پار کرنے کے لیے زیبرہ کراسنگ کے قریب آئی اور سرخ (لال) بتی کو دیکھتے ہوئے اپنی باری کا انتظار کرنے لگی اور جیسے ہی سبز بتی جلی اور گاڑیاں رکیں تو اُس بے زبان نے سڑک پار کرلی‘۔

    بلی کی ویڈیو شیئر کرنے اور لوگوں کو منفرد انداز میں تہذیب سکھانے پر بھارتی شہری اپنی ہی پولیس پر برس پڑے اور انہوں نے ٹریفک پولیس کو مختلف القابات سے بھی نواز۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی، تین بڑی شاہراہوں پر ٹریفک مخالف سمت میں چلے گا

    کراچی، تین بڑی شاہراہوں پر ٹریفک مخالف سمت میں چلے گا

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی جنوبی کے اہم اور مصروف ترین کاروباری علاقے میں ٹریفک کی روانی کو بہتر اور رواں رکھنے کے لیے ٹریفک پلان میں غیر معمولی ردوبدل کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک کی روانی کے لیے ترتیب دیے گئے نئے پلان کے مطابق آئی آئی چندر ریگر روڈ کو ٹاور تک یک طرفہ جب کہ ایم اے جناح اور شاہراہ لیاقت کو مخالف سمت میں ون وے کیا جارہا ہے آئی آئی چندریگر روڈ کئی دہائیوں سے دو رویہ ٹریفک کے لیے مختص ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم پر اس اہم شاہراہ کو ون وے کیا جا رہا ہے، منصوبے کے تحت شاہین کمپلیکس سے آئی آئی چندر ریگر روڈ پر ٹریفک میری ویدر ٹاور کی طرف جا سکے گا،اسی طرح کھارادر میں اولڈ اسٹیٹ بینک سے برنس روڈ تک شاہراہ لیاقت کو بھی ون وے کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ شاہین کمپلیکس کی جانب ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی جب فریسکو سے شاہراہ لیاقت کو جانے والی سڑک کو بھی ون سے کیا جا رہا ہے اور ایم اے جناح روڈ پر ٹاور سے جامع کلاتھ کے لیے مخالف سمت میں ٹریفک چلے گی۔

    عوام الناس کا کہنا ہے کہ ان تین بڑی شاہراہوں کے برسہا برس سے استعمال کے عادی شہری ان اچانک تبدیلیوں سے کوفت اور اذیت کا شکار ہو جائیں گے۔

  • کراچی، فائرنگ کے واقعات ڈی ایس پی سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی، فائرنگ کے واقعات ڈی ایس پی سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے راشد مہناس روڈ پر نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی جاں بحق جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہوا، فائرنگ کا دوسرا واقعہ سچل کے علاقے میں پیش آیا جہاں نوجوان جاں بحق ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے میں ٹارگٹ کلر ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں ، شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں فائرنگ کا پہلا واقعہ پیش آیا جس میں ڈی ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’فائرنگ ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی گاڑی پر کی گئی جس کے نتیجے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے، فائرنگ سے متاثر ہونے والے دونوں افراد کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈی ایس پی ٹریفک جانبر نہ ہوسکے جبکہ ڈرائیور کی حالت بھی تشویشناک ہے‘‘۔

    فیض علی تھانہ ائیرپورٹ پولیس پر بطور ڈی ایس پی اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔

    فائرنگ کا دوسرا واقعہ گلستان جوہر کے علاقے سچل میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نےتعاقب کر کے کنیز فاطمہ سوسائٹی کے رہائشی نوجوان پر گھر کے باہر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں نوجوان جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ کا نوٹس:

    وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر کراچی میں فائرنگ کے واقعات پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کیسے شروع ہوجاتے ہیں؟ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے‘‘۔

  • شہر قائد میں بدترین ٹریفک جام، ایمبولینسز بھی پھنس گئیں

    شہر قائد میں بدترین ٹریفک جام، ایمبولینسز بھی پھنس گئیں

    کراچی: شہر قائد میں دفاعی نمائش کے موقع پر صبح سے ہی شہریوں کو ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا ہے، حسن اسکوائر کے اطراف جانے والی سٹرکیں بند ہونے کے باعث کئی علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہے اور مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے جس کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی کراچی سلمان لودھی کے مطابق شہر کی صرف ایک سڑک بند ہونے سے ٹریفک پولیس کے پلان کا پول کھل گیا ہے، پولیس کی جانب سے ناقص حکمتِ عملی کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

    سلمان لودھی نے کہا کہ سول اور جناح اسپتال کے اطراف میں شدید ٹریفک جام ہے جس میں ایمبولینسز بھی پھنسی ہوئیں ہیں۔ ٹریفک سنگلز کام کررہے جبکہ پولیس اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر موجود ہیں تاہم دفاتر کی چھٹی ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ ٹریفک کے پھنسے لوگ جلدی جانے کے چکر میں اپنی گاڑی غلط ٹریک پر لے جاتے ہیں جو ٹریفک جام کی بڑی وجہ ہے۔


    پڑھیں: ’’ آئیڈیاز 2016، متبادل ٹریفک روٹ کا اعلان ‘‘


    نمائندہ اے آر وائی کامل عارف کے مطابق لوگوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ماری پور سے شہر میں داخل ہوں لیکن وہاں بھی پولیس نے انتظامات نہیں کیے جس کے باعث ٹریفک کی روانی وہاں بھی متاثر ہے ۔

    کچھ اہم شاہراہیں وی وی آئی  پی موومنٹ کے سبب بند ہیں جس کے باعث ٹریفک جام ہے، لاکھوں کی تعداد میں گاڑیاں سڑکوں پر موجود ہیں، ٹریف جام کے سبب ذیلی سڑکیں گھی بند ہوگئیں ہیں۔


    مزید پڑھیں: ’’ آئیڈیاز 2016: یونی ورسٹی روڈ کی تزئین و آرائش کا کام شروع ‘‘


    خیال رہے آئیڈیاز 2016 سے قبل ٹریفک پولیس کی جانب سے پلان دیا گیا تھا اور شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اس پر عمل کرتے  ہوئے خود اور دوسروں کو پریشانی سے بچائیں تاہم پولیس نے علی الصباح نیپا سے حسن اسکوائر آنے والی سڑک بھی بند کردی تھی جس کے باعث گلشن اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک جام کا مسئلہ پیش آرہا ہے۔
  • محرم الحرام کی آمد، رینجرز کے تحت بوائز اسکاؤٹس کے تربیتی پروگرام کا انعقاد

    محرم الحرام کی آمد، رینجرز کے تحت بوائز اسکاؤٹس کے تربیتی پروگرام کا انعقاد

    کراچی: پاکستان رینجرز کی جانب سے محرم الحرام میں سیکیورٹی کی صورتحال اور ٹریفک کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے شہر قائد کی بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی مختلف تنظیموں کے مرحلہ وار تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’محرم الحرام میں ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کےلیے بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی مختلف تنظیموں کے لڑکوں کو تربیت دی جائے گی‘‘۔ ترجمان رینجرز نے کہا کہ ’’اس پروگرام کا مقصد محرم الحرام میں سیکیورٹی کی صورتحال سمیت ٹریفک و دیگر انتظامات کو بہتر بنانے کے ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی اور فوری ردِ عمل اپنانا ہے‘‘۔

    پڑھیں:  ماہ محرم کاسیکیورٹی پلان،آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کردیں

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’اس تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے اسکاؤٹس کو سیکیورٹی ادارے سے فوری رابطے، ٹریفک کنٹرول، گاڑیوں کی تلاشی، خودکش حملہ آور کی شناخت، بم ڈسپوزل اور فوری طبی امداد سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے‘‘۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’’اس تربیتی پروگرام کے تحت بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے 594 رضاکاروں کو پاکستان رینجرز کے مختلف ونگز کی زیر نگرانی تربیت دی جارہی ہے تاہم دیگر اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اگر اس پروگرام میں شرکت کرنا چاہیں تو وہ سندھ رینجرز کے ہیڈ کوارٹر یا پھر سیکٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں‘‘۔

    یاد رہے محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے، جس کے تحت شہر میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے رینجرز کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے۔

     

  • شہر میں ٹریفک جام ، فیصل واؤڈا کی شہریوں سے معذرت

    شہر میں ٹریفک جام ، فیصل واؤڈا کی شہریوں سے معذرت

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا نے شہریوں سے گزشتہ روز ٹریفک جام کی معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما لیکس سمیت کرپشن اور بدعنوانی جمہوری حق ہے اسے جاری رکھوں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضمانت کے بعد اپنے رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوا جس کے باعث شہریوں کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم میرا مقصد عوام کو تنگ کرنا نہیں تھا‘‘۔

    پڑھیں: شارع فیصل پر احتجاج، بدترین ٹریفک جام، فیصل وائوڈا گرفتار،لاٹھی چارج

    رہنماء تحریک انصاف نے عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری جانب سے مظاہرین کو سڑک بلاک کرنے کی کوئی کال نہیں دی گئی تھی تاہم نیشنل ہائی وے پر پہلے سے دھرنا جاری تھا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘‘۔

    مزید پڑھیں:  فیصل وائوڈا گرفتار: پی ٹی آئی کی مرکزی اور کراچی قیادت میں اختلاف

    انہوں نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم کے خلاف بہت سارے ثبوت موجود ہیں جو اداروں کو دوں گا اور اسی طرح وفاقی حکومت کی کرپشن پر بھی ثبوت موجود ہیں تاہم ادارے حکومت کے خلاف کارروائی نہیں کرتے اس لیے اُن کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج جاری رکھا جائے گا‘‘۔

    خبر پڑھیں: فیصل واؤڈا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس ایس پی راؤ انوار

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’گزشتہ روز کا احتجاج پارٹی کی جانب سے نہیں تھا تاہم میں پاکستان کی خاطر کچھ کرنا چاہتا ہوں اس لیے گمشدہ حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے باہر نکلا اور اس مسئلے کو عالمی سطح تک بھی لے کر جاؤں گا‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں:  فیصل واوڈا کی ضمانت منظوری کے بعد رہائی

    فیصل واؤڈا نے مزید کہا کہ ’’تحریک انصاف نہیں چھوڑ رہا اور عمران خان سے ہدایات لیتا رہوں گا مگر چیئرمین کو علم ہے کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے اور ہم اسے جاری رکھیں گے‘‘۔

    یاد رہے گزشتہ روز سول سوسائٹی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے بلوچ کالونی پُل سے اسٹار گیٹ تک ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا، جس کے اختتام پر فیصل واؤڈا نے شرکاء سے خطاب بھی کیا تھا تاہم پروگرام ختم ہوتے ہی ایس ایس پی راؤ انوار وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کنٹرینر میں داخل ہوئے اور انہیں گرفتار کرکے ائیرپورٹ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا۔فیصل واؤڈا کو آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں اُن کی شخصی ضمانت ملازم نے لی تھی بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

     

  • کراچی میں دوبارہ بارش، بجلی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم

    کراچی میں دوبارہ بارش، بجلی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم

    کراچی : شہر قائد میں صبح سویرے ہونے والی بارش کے زخم ابھی بھرے نہیں تھے کہ رات کو ہونے والی بارش نے ایک بار پھر زخم ہرے کردئیے، بجلی کا نظام ایک بار پھر درہم برہم ہوکر رہ گیا۔

    رات کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر تیز بارش ہوئی جس شہر کو جل تھل کردیا۔ بارش نے انتظامیہ کی رین ایمرجنسی کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں، ایم اے جناح روڈ، سٹی کورٹ، کے ایم سی مرکزی بلڈنگ، بولٹن مارکیٹ، جوڑیا بازار، میڈیسن مارکیٹ، ڈینسو ہال، لیاقت مارکیٹ، جامعہ کلاتھ میں گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا۔


    Karachi inundated by few hours' rain by arynews

    دکانوں میں پانی چلے جانے سے سامان خراب ہوگیا، نارتھ کراچی،ناظم آباد ،میٹرو وول ،سائٹ ایریا ،ملیر ،گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں بادل جم کر برسے، رات میں ہونے والی بارش نے ایک بار پھر بجلی کے نظام کی قلعی کھول دی اور کئی فیڈر ایک بار پھر ٹرپ کرگئے۔

    کراچی میں صبح سویرےکالی گھٹائیں ٹوٹ کر برسیں اور شہر پانی پانی ہوگیا۔ مسلسل ہونے والی بارش نے ۔ گلشن اقبال کو تالاب بنادیا۔

    گلستان جوہرجوہڑ بن گیا۔ ڈیفنس سےلیکرمٹروول، سپر ہائی وے سے لیاری اور سرجانی سے گلشن حدید تک مین شاہراہیں برساتی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں، گاڑیوں کو گھٹنوں گھٹنوں پانی سے گزارنا پل صراط پار کرنے کے مترادف ہوگیا۔ کہیں شہری پانی میں بند ہوتی گاڑیوں کوگھسیٹتےتو کہیں ٹریفک جام کا عذاب جھیلتے رہے۔

    لگ بھگ دوماہ سےجاری محکمہ موسمیات کی پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو سائیں سرکار کے تمام دعوے غلط ثابت ہوگئے۔ کراچی میں بارہ افراد کرنٹ لگنے سے جان سے گئے لیکن کے الیکٹرک کو ہوش نہ آیا، کورنگی روڈ پر گزشتہ رات سے تاریں ٹوٹی پڑی ہیں لیکن انہیں کوئی جوڑنے والا نہیں۔

    تاریں دونوں شاہراہوں پر بکھری پڑی ہیں، بارش کے باعث ٹریفک کا نظام بھی مفلوج ہوکر رہ گیا اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہر قائد میں فراہمی آب کا بھٹہ بٹھادیا۔ شہر کو 65کروڑ 76لاکھ 80 ہزار سے زائد گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔