Tag: train

  • متعدد ٹرینیں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار

    متعدد ٹرینیں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوگئی، متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی سے شاہ حسین ایکسپریس 7:30 کے بجائے 9:30 بجے لاہور روانہ ہوگی، گرین لائن رات کو 10 بجے کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔

    خیبر میل رات کو 10:15 بجے کراچی سے پشاور، سکھر ایکسپرسکراچی سے جیکب آباد کے لیے رات 11 بجے کے بجائے 12 بجے روانہ ہوگی۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی آمد و رفت بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے، چند روز میں ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر چلنا شروع ہوجائیں گی۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مسافر اسٹیشن آنے سے پہلے ٹرین روانگی کے حوالے سے ریلوے انکوائری سے معلوم کرلیں۔

  • ٹرین سے گرنے پر بچی شدید زخمی، والدین کی تلاش

    ٹرین سے گرنے پر بچی شدید زخمی، والدین کی تلاش

    بھکر: راولپنڈی سے ملتان جانے والی ایک ٹرین سے 5 سالہ بچی گر کر شدید زخمی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مہر ایکسپریس سے پانچ سال کی ایک بچی گر کر شدید زخمی ہوگئی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچی سے ایک تصویر اور ٹیکسلا سے ملتان کا ریلوے ٹکٹ برآمد ہوا ہے۔

    ریسکیو کے مطابق مقامی لوگوں کو ریلوے ٹریک کے قریب ایک زخمی بچی ملی تھی، جسے دیکھ کر انھوں نے ریسکیو کو اطلاع دے دی۔

    ریسکیو ٹیموں نے بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا ہے، اور ورثا کی تلاش شروع کر دی۔

    یاد رہے کہ نومبر 2021 میں بھی کراچی سے پشاور جانے والی تیز رفتار ٹرین سے ایک بچہ باہر جا گرا تھا، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ سکھر کے قریب پنو عاقل میں پیش آیا تھا، جہاں رحمان بابا ایکسپریس کی ‏کھڑکی سے بچہ باہر گرِ گیا تھا۔

    مسافروں کا کہنا تھا کہ بچہ کھڑکی سے بندھے جھولے میں سو رہا تھا کہ اس دوران کھڑکی میں راڈ نہ ‏ہونے کی وجہ سے وہ باہر جا گرا، جس پر ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو روکا گیا اور فوری طور پر بچے کی تلاش شروع کر دی گئی، 2 گھنٹے کی ‏مسلسل جدوجہد کے بعد بچہ زخمی حالت میں مل گیا تھا۔

  • خوف ناک ٹرین حادثے کو ایک سال مکمل، ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی

    خوف ناک ٹرین حادثے کو ایک سال مکمل، ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی

    سکھر: سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب 7 جون 2021 کو ہونے والے خوف ناک ٹرین حادثے کو آج ایک سال مکمل ہو گیا، تاہم اس کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق 7 جون کی رات ڈہرکی کے قریب دو ریل گاڑیاں ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس آپس میں ٹکرا گئی تھیں، آج اس واقعے کو ایک سال پورا ہو گیا ہے۔

    کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، ایسے میں لاہور سے کراچی آنے والی سر سید ایکسپریس اس سے ٹکرا گئی۔

    اس خوف ناک حادثے میں 70 سے زائد مسافر جاں بحق، اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود ذمہ داروں کے خلاف خاطر خواہ کارروائی نہ ہو سکی، تاہم واقعے کے بعد ابتدائی طور پر کچھ افسران کو معطل کر دیا گیا تھا۔

    محکمہ ریلوے نے ماہرین کی نگرانی میں واقعے کی تحقیقات کرائی تو حادثے کی وجہ خستہ پٹری بتائی گئی۔

    واضح رہے کہ ریل کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعات میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے، آئے دن بوگیاں ڈی ریل ہونے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، گزشتہ روز بھی کینٹ اسٹیشن سے لاہور روانہ ہونے والی کراچی ایکسپریس کے 4 ڈبے پٹڑی سے اتر گئے تھے، یہ حادثہ کالا پل کے قریب پیش آیا تھا۔

  • کیا یہ گھوڑا ٹرین سے ریس لگا رہا ہے، ویڈیو دیکھیں

    کیا یہ گھوڑا ٹرین سے ریس لگا رہا ہے، ویڈیو دیکھیں

    مصر میں 2تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان انتہائی خطرناک انداز میں دوڑتے گھوڑے کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے لوگوں میں سنسنی پھیلا دی ۔

    گھوڑوں کی دوڑ یا تیز رفتار ٹرینیں بھاگتے کئی بار دیکھا ہوگا لیکن اب دیکھیں دو چلتی ٹرینوں کے درمیان دوڑتا گھوڑا جس نے ٹرین میں سوار افراد کے بھی رونگٹے کھڑے کردیے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک تیز رفتار ٹرین اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے اسی دوران دوسرے ٹریک پر مخالف سمت سے ٹرین آتی دکھائی دیتی ہے۔

    دونوں ٹرینیں ایک دوسرے کی مخالف سمت میں بھاگتی ہوئی قریب آتی ہیں تو منظر میں ایک سفید گھوڑا نظر آتا ہے جو تیز رفتاری سے ٹرینوں کے درمیان دوڑ رہا ہے۔

    گھوڑے کو اس طرح ٹرینوں کے درمیان دوڑ کر کئی مسافروں کی چیخیں نکل جاتی ہیں لیکن قسمت کی یاوری سے گھوڑا کسی حادثے سے محفوظ رہتا ہے۔

    ویڈیو میں آگے چل کر یہ منظر سامنے آتا ہے کہ مخالف سمت سے آنے والی ٹرین کے گزر جانے کے بعد گھوڑا اسی ٹریک پر بغیر رکے دوڑنا شروع کردیتا ہے اور کچھ لمحوں میں ہی منظر سے غائب ہوجاتا ہے۔

  • بچوں کے ساتھ جاتی ماں کی بائیک پٹریوں پر پھنس گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بچوں کے ساتھ جاتی ماں کی بائیک پٹریوں پر پھنس گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    انڈونیشیا میں ایک ماں اپنے 2 بچوں کے ساتھ موٹر بائیک پر جاتے ہوئے اس وقت بال بال بچ گئی جب بائیک ریل کی پٹریوں پر پھنس گئی اور ٹرین سر پر پہنچ گئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں بائیک پر ایک بچی اور چھوٹے بچے کے ساتھ جارہی ہے، ریلوے ٹریک پار کرتے ہوئے بائیک کے پہیے پٹریوں میں پھنس جاتے ہیں۔

    ماں اسے نکالنے کی کوشش کرتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے، اتنے میں سامنے سے ٹرین آتی دکھائی دے جاتی ہے۔ ماں کی ہدایت پر دونوں بچے جلدی سے بائیک سے اتر کر دور ہوجاتے ہیں اور ماں خود بھی اتر کر بائیک کو ہٹانے کی کوشش کرتی ہے۔

    اس دوران بچی بھی ماں کی مدد کرتی ہے لیکن ٹرین سر پہ پہنچ جاتی ہے جس کے بعد ماں بچی کو لے کر پیچھے ہٹتی ہے، اور اسی لمحے ٹرین زناٹے سے گزرتی ہے اور بائیک اس سے ٹکرا کر اڑتی ہوئی جھاڑیوں میں گرتی ہے۔

    حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں، پولیس نے مقامی حکام کو ریلوے لائن کی جانچ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے خاتون سے پوچھ گچھ کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔

    وہ حادثے کے بعد بہت خوفزدہ ہیں۔ حکام نے مذکورہ ریلوے ٹریک کو مزید محفوظ بنانے کے لیے کام شروع کردیا ہے۔

  • شیخوپورہ : اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، دو بچے جاں بحق متعدد زخمی

    شیخوپورہ : اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، دو بچے جاں بحق متعدد زخمی

    شیخوپورہ : صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے سریانوالا کے نزدیک اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ10 زخمی ہوگئے۔

    حکام کے مطابق یہ واقعہ سریانوالا کے قریب اس وقت پیش آیا جب بچے اسکول جارہے تھے، ڈرائیور کی غفلت کے باعث وین حادثے کا شکار ہوئیں، مرنے والوں میں ایک طالبہ اور ایک طالب علم شامل ہے۔

    جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں ریسکیو 1122اور دیگر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

    ہولناک حادثے میں ہلاک ہونے والی طالبہ کی لاش اور زخمی ہونے والے طلباء کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے قریبی اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت طلباء و طالبات کی وین چارچک رسالہ سے شیخوپورہ جارہی تھی کہ خوفناک حآدثے کا شکار ہوگئی۔

  • لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی

    لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی

    لاہور: ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے، متعدد ٹرینوں کو آج کے روز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے، ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، سرگودھا، سانگلہ ہل اور شیخو پورہ، لاہور روانہ کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ سبک خرام، اسلام آباد ایکسپریس، راول ایکسپریس کو آج معطل کیا گیا ہے، جعفر ایکسپریس کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کر دیا گیا جبکہ خیبر میل کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرین لائن کو راولپنڈی اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے، تیز گام ایکسپریس کو راولپنڈی، لاہور اور کراچی کے درمیان جبکہ پاکستان ایکسپریس کو راولپنڈی اور کراچی کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔

  • بھارت: ٹرین اچانک الٹی سمت میں چلنے لگی، اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ

    بھارت: ٹرین اچانک الٹی سمت میں چلنے لگی، اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ

    نئی دہلی: بھارت میں آئے روز ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں جو خبروں کی زینت بنتے ہیں ایسا ہی واقعہ ٹاٹانگر میں پیش آیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹاٹا نگر سے بھونیشور جانے والی ‘کرانتی ایکسپریس’ اچانک الٹی سمت میں چلنے لگی، جس پر مسافروں میں کھبلی مچ گئی اور ہر کوئی ایک دوسرے سے سر گوشی کرنے لگا۔

    ٹرین مسافروں میں تشویش زیادہ بڑھی تو ریلوے حکام نے بتایا کہ دوران سفر خاتون کی طبیعت خراب ہوئی ہے، جس کے باعث ٹرین کو پچھلے اسٹیشن پر لے جایا جارہا ہے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم خاتون کا انتظار کررہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فتح پر جشن منانے والی بھارتی مسلمان ٹیچر نوکری سے برطرف

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرین کو تقریباً ڈھائی کلو میٹر پیچھے لے کر ٹاٹا نگر اسٹیشن پر روکا گیا تو اس وقت تک خاتون نے بچے کو جنم دے دیا تھا، میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر خاتون اور نوزائیدہ بچے کو خاص محل میں واقع صدر اسپتال منتقل کیا ، چلتی ٹرین میں بچے کو جنم دینے والی خاتون کا نام رانو داس معلوم ہوا ہے۔

    واقعے سے متعلق ریلوے افسر نے میڈیا کو بتایا کہ حاملہ خاتون کو اڈیشہ کے جلیشور اسٹیشن پر اترنا تھا، خاتون کو شدید درد کے باعث ٹرین کو واپس لیجانے کا فیصلہ کیا کیونکہ ٹرین کو اگلی منزل تک پہنچنے میں کم از کم دو گھنٹے درکار تھے، اس دوران دونوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔

  • گاڑیوں سے لدے ٹرک کا ٹرین سے تصادم، ٹرک کے پرخچے اڑ گئے

    گاڑیوں سے لدے ٹرک کا ٹرین سے تصادم، ٹرک کے پرخچے اڑ گئے

    امریکی ریاست اوکلاہوما میں خوفناک واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے، یہ ویڈیو ایک حادثے کی ہے جس میں ٹرین، گاڑیوں سے بھرے ہوئے ٹرک سے ایسے ٹکرا کر گزرتی ہے کہ گاڑیاں فضا میں اچھل جاتی ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑیوں سے لوڈڈ ٹرک ٹرین کی پٹری کے قریب پہنچتا ہے تو لوڈ کی وجہ سے گزر نہیں پاتا اور پٹری پر پھنس جاتا ہے۔

    اسی دوران ٹرین وہاں پہنچ جاتی ہے اور دھماکے سے ٹرک سے ٹکرا کر گزرتی چلی جاتی ہے، ٹرین کی ٹکر سے لوڈڈ گاڑیاں فضا میں اچھلتی ہیں جبکہ ٹرک کے بھی پرخچے اڑ جاتے ہیں۔

    تصادم سے ٹرین کا ایک ڈبہ بھی ڈی ریل ہوگیا جبکہ 5 مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

    ٹرین ٹریک کو فوری طور پر بند کر کے وہاں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں، حکام کے مطابق پٹری کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے جس کی مرمت کرنے کے بعد ٹریک کو کھول دیا جائے گا۔

    حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئیں تو صارفین نے ٹرک ڈرائیور سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اس کے زندہ بچنے پر خوشی ظاہر کی۔

  • پولیس اہلکار نے ٹرین آنے سے پہلے جان پر کھیل کر شہری کو بچا لیا

    پولیس اہلکار نے ٹرین آنے سے پہلے جان پر کھیل کر شہری کو بچا لیا

    واشنگٹن: امریکی شہر نیویارک میں ایک پولیس افسر نے جان پر کھیل کر ایک بوڑھے شخص کی جان بچا لی جو چکرا کر ٹرین کے ٹریک پر گر گیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص زیر زمین ٹرین کے ٹریک پر گرا ہوا ہے۔ اس موقع پر پلیٹ فارم پر کھڑے لوگ پریشان ہو کر اسے آوازیں دیتے ہیں لیکن وہ بے حس و حرکت پڑا ہے۔

    اسی لمحے یونیفارم میں ملبوس پولیس اہلکار جان کی بازی لگا کر ٹریک پر اترتا ہے، اس دوران دور سے ٹرین کی لائٹس بھی جلتی بجھتی دکھائی دیتی ہیں۔

    پولیس اہلکار مذکورہ شخص کو اٹھا کر پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کرتا ہے، اس دوران ایک اور شخص ٹریک پر کود کر پولیس اہلکار کی مدد کرتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by NYPD (@nypd)

    جب وہ تینوں پلیٹ فارم کے قریب پہنچتے ہیں تو اوپر کھڑے افراد انہیں جلدی سے اوپر کھینچ لیتے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی شناخت جیسی برانچ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 60 سال ہے، وہ سب وے اسٹیشن پر اچانک طبیعت خرابی کے باعث چکرا کر پٹریوں پر جا گرا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر لوگوں نے پولیس اہلکار کی فرض شناسی پر اسے بے حد سراہا۔