Tag: Trainer

  • خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    چین میں سرکس کے ایک خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا جس کی دہشت ناک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    یہ واقعہ شمالی چین میں پیش آیا جہاں سینکڑوں تماشائیوں کی موجودگی میں شیر کا سرکس جاری تھا۔ اس دوران شیر اپنے ٹرینر کی طرف خطرناک ارادے سے بڑھا جس کے بعد ٹرینر نے اسے زمین پر گرانے کی کوشش شروع کردی۔

    اس دوران وہاں موجود دیگر ٹرینرز بھی اس کی مدد کو پہنچے، ایک شخص نے چھڑی مار مار کر شیر کو وہاں سے دور ہٹانے کی کوشش کی۔

    تمام منظر کے دوران شائقین خوف سے چلاتے رہے۔

    سرکس انتظامیہ کے مطابق خوش قسمتی سے شیر کے دانت نکالے جا چکے تھے لہٰذا ٹرینر کو چند معمولی خراشیں آئیں، اسپتال میں کچھ وقت گزارنے کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا جہاں وہ روبصحت ہے۔

    حادثے میں سرکس کی ایک خاتون ورکر بھی معمولی زخمی ہوئیں۔

    واقعے کی خوفزدہ کردینے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ملک بھر سے سرکس انتظامیہ پر تنقید شروع ہوگئی۔

    جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والی کئی تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ سرکس کے لیے جانوروں پر اس ظلم کا خاتمہ کیا جائے۔

    ایک تنظیم کی جانب سے کہا گیا کہ جب کسی جانور کو اس طرح قید رکھا جاتا ہے تو وہ سخت تناؤ کا شکار ہوجاتا ہے، ایسی صورت میں وہ مزید خطرناک بن جاتا ہے اور انسانوں کے لیے ایک خطرہ ہوتا ہے۔

    کئی افراد نے کہا جانور بھی احساس رکھتے ہیں، انہیں آزاد رہنے کا حق ہے اور وہ انسانوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوئے۔

    بے شمار افراد نے سرکسز کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ ہی ایسا اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں سرکس کے بھاری بھرکم سیاہ ریچھ نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا تھا۔

  • سرکس میں شیروں کا حملہ، ٹرینر ہلاک

    سرکس میں شیروں کا حملہ، ٹرینر ہلاک

    روم: اٹلی میں سرکس کے شیروں نے اپنے ہی ٹرینر کو حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق شمالی اٹلی کے علاقے ٹریگیانو میں سرکس میلا سجا ہے جہاں اٹور ویبر نامی ٹرینر نے جوں ہی چار تیندووں کو ٹریننگ دینا شروع کی تو ان میں سے ایک چیتا ٹرینر پر جھپٹ پڑا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک چیتے کو دیکھ کر دیگر نے بھی ویبر پر حملہ کردیا اور چہرے سمیت جسم کے مختلف حصوں کو نوچ ڈالا جس کے باعث وہ شیروں کے پنجرے میں ہی تڑپتے رہے۔

    ٹرینر کو ریسکیو کرنے جب عملہ پہنچا تو چیتے ان کے خون آلود زخمی جسم کے ساتھ کھیل رہے تھے، بعد ازاں انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

    اس حملے کے بعد چاروں شیروں کو سرکس سے پارک منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ تحقیقاتی اداروں نے واقعے کی تفتیش بھی شروع کردی ہے، سرکس انتظامیہ نے شیروں کے حملے کی وجہ بتانا قبل از وقت قرار دیا ہے۔

    خیال رہے کہ کئی ممالک میں سرکس میں جانوروں کے استعمال پر پابندی ہے، ان میں یورپ کے بیس ممالک بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں امریکی ریاست کولوراڈا میں شیر کو انسان پر حملہ کرنا مہنگا پڑا تھا، شہری نے دفاع کرتے ہوئے تیندوے کو ہلاک کردیا تھا۔

    امریکی شہری نے’ آدم خور شیر‘کو گلا گھونٹ کر مارڈالا

    ہارستوتھ نامی پہاڑی علاقے میں چہل قدمی کرتے شخص پر پہاڑی شیر نے اچانک حملہ کیا، شہری نے جان بچاتے ہوئے شیر کو ہی مار ڈالا تھا۔