Tag: Traitor

  • پختونوں کو غدار لکھنے پر تحریری معافی مانگنے کا حکم

    پختونوں کو غدار لکھنے پر تحریری معافی مانگنے کا حکم

    پشاور: ہائی کورٹ نے پختونخوں کو غدارقرار دینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اور پبلشر کو تحریری معافی مانگنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں پختونخوں کو غدار قرار دینے کے خلاف درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیاتھا کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے مطالعہ پاکستان کے مضمون میں پختونوں کو غدار قرار دیا ہے۔

    جسٹس قیصر رشید نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ ’پختونوں نے ملک کی آزادی کے لیے بہت سی قربانیاں دیں تو ایسے لوگوں کو کس طرح غدار قرار دیا جاسکتا ہے؟، نصاب میں لفظ غدار استعمال کرنے سے تمام پختونوں اور ساری قوم کی دل آزاری ہوئی۔

    سماعت کے دوران جج نے پبلشر سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ پختونوں کو غدار لکھنے پر آپ کو تحریری طور پر معافی مانگنی ہوگی جس پر وکیل صفائی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ماضی میں بھی اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور اب بھی معافی مانگنے سے گریز نہیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پنجاب میں مقیم پختونوں کو استحصال کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں نئے شناختی کارڈ جاری نہیں کیے جارہے اور پولیس نے مختلف مارکیٹوں میں کاروبار کرنے والے پختون تاجروں کو بھی متنازع قوم پرستی پر مبنی پمفلٹ تقسیم کیے تھے۔

    پنجاب میں پختونوں کے ساتھ ہونے والے متعصبانہ رویے پر ملک کی تمام جماعتوں اور خصوصا پختون قوم پرست جماعتوں نے شدید احتجاج کیا تھا جبکہ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی اسلام آباد پریس کلب کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

    تمام حلقوں کی جانب سے پرزور احتجاج کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے اپنا تفصیلی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے صوبے میں بسنے والے پختونوں کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کی آگ صوبے کے امن کو خراب کرنے کے لیے پھیلائی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بانی ایم کیوایم نے نریندر مودی سے مدد مانگ لی

    بانی ایم کیوایم نے نریندر مودی سے مدد مانگ لی

    لندن : بھارتی مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی بانی ایم کیوایم کو مسیحا نظرآنے لگے۔ پاکستان مخالف نعروں کے بعد بانی ایم کیوایم نے بھارت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بیان کی مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پرایم کیوایم کے قائد سرزمینِ پاکستان کیخلاف کھل کر سامنےآ گئے۔ بانی ایم کیوایم نے پاکستان کیخلاف بھارت سے مدد مانگ لی۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان بنا کرغلطی کی تھی۔

    اپنے بیان میں بانی ایم کیوایم نے کراچی کے عوام کو پناہ گزین قراردے دیا، انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاجروں کے حق میں آواز اٹھائیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے بیان کی مذمت کردی 

    دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بانی ایم کیوایم کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصرکی سازشوں اور مہاجرعوام کی حب الوطنی کیخلاف سازشوں کو ہرسطح پرناکام بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے آباؤ اجداد نے پاکستان کےحصول کیلئے ہراول دستے کا کردارادا کیا، مہاجروں کی اولادوں کے دل بھی وطن عزیز کیلئے دھڑکتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی پاکستان کا کہنا ہے کہ مہاجرعوام جانتے ہیں کہ نریندرمودی کو گجرات کا قصائی کہا جاتا ہے، مودی نے اترپردیش کا وزیراعلیٰ بھی مسلمان دشمن منتخب کیا ہے۔

    بانی ایم کیو ایم ملک دشمن اورغدار ہے، رہنما پی ایس پی 

    علاوہ ازیں بانی ایم کیو ایم کے بیان پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون نے اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، وہ ملک دشمن اورغدار شخص ہے،۔

    رہنماؤں نے کہا کہ بانی ایم کیوایم نے اس بیان سے اپنا ’’را‘‘ کا ایجنٹ ہونا ثابت کردیا ہے، انیس ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ بانی ایم کیوایم کی پاکستانی شہریت منسوخ ہونی چاہیئے۔

    رہنما پی ایس پی رضاہارون نے کہا کہ مجھے بانی ایم کیوایم کے بیان پرکوئی حیرانگی نہیں ہوئی، ہم تو 3 ماہ سے یہی کہہ رہے ہیں کہ بانی ایم کیو ایم "را” کےایجنڈے پر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ان ہی کا وزیراعظم ہے، متحدہ قائد اور ان کے لوگ ’’را‘‘کے ایجنڈے کو فالو کرتےہیں۔