Tag: Trash Can

  • پیسوں کی خاطر لاش کو ’زندہ‘ رکھنے والی عورت

    پیسوں کی خاطر لاش کو ’زندہ‘ رکھنے والی عورت

    امریکا میں ایک عورت نے پیسوں کے لیے ایک لاش کو کئی ہفتے تک چھپائے رکھا، کچھ عرصے بعد وہ گھر چھوڑ گئی اور جاتے ہوئے لاش کو ایک ڈبے میں بند کر کے پڑوسی کے ہاں رکھوا گئی۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک کاؤنٹی کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایک شخص کی کال موصول ہوئی جس کا کہنا تھا کہ اس کے گھر میں موجود ٹریش کین (کچرے کے ڈبے) میں انسانی باقیات موجود ہیں۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو اس شخص نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل ان کی پڑوسی خاتون اس سیل شدہ ڈبے کو امانتاً رکھوا کر گئی تھیں، خاتون کا کہنا تھا کہ اس میں ان کا ذاتی سامان ہے اور وہ کچھ عرصے بعد واپس آ کر اسے اپنے ساتھ لے جائیں گی۔

    تاہم 2 ماہ بعد بھی جب وہ خاتون واپس نہیں آئیں تو پڑوسی نے کچرے کو ڈبے کو کھولنے کا فیصلہ کیا، ڈبے کو کھولتے ہی اندر سے شدید بدبو کا بھبھکا آیا، اندر ایک انسانی لاش موجود تھی جو گلنا سڑنا شروع ہوچکی تھی۔

    پولیس نے پڑوسی خاتون کی تلاش شروع کردی اور جلد ہی اسے حراست میں لے لیا، ملزمہ نے بتایا کہ مذکورہ شخص (لاش) ان کا پارٹنر تھا جو ایک روز گھر میں مردہ پایا گیا تھا۔

    خاتون نے پولیس کو اطلاع دینے کے بجائے لاش کو الماری میں چھپا دیا، 3 ہفتے بعد انہوں نے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور جاتے ہوئے لاش کو کچرے کے ڈبے میں سیل کر کے پڑوسی کا ہاں رکھوا گئیں۔

    ملزمہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا اپنے پارٹنر کی سوشل سیکیورٹی کی رقم حاصل کرنے کے لیے کیا۔

    پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا جبکہ خاتون کو لاش کی بے حرمتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

  • امریکی ماں نے نومولود بچہ کچرے میں پھینک دیا

    امریکی ماں نے نومولود بچہ کچرے میں پھینک دیا

    امریکا میں 21 سالہ ماں نے اپنا نومولود بچہ کچرے کے ڈبے میں پھینک دیا، پولیس نے ماں کو حراست میں لے لیا جبکہ بچے کو محفوظ مقام پر متقل کردیا گیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں پیش آیا جہاں 21 سالہ ماں نے مبینہ طور پر اپنے نومولود کو کچرے کی نذر کردیا۔

    نومولود کو سب سے پہلے ایک خاتون نے دریافت کیا جو اپنے کتے کو ٹہلانے کے لیے وہاں سے گزر رہی تھیں، انہوں نے کچرے کے ڈرم میں بچے کے رونے کی آواز سنی تو911 کو کال کی۔

    پولیس کے آنے سے قبل ہی وہ نومولود کو کچرے سے نکال چکی تھیں۔ خوش قسمتی سے بچہ محفوظ رہا اور اسے کوئی چوٹ نہیں پہنچی۔ نومولود کو بچوں کے حفاظتی ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا۔

    پولیس نے ماں پر اقدام قتل کی دفعات عائد کی ہیں، بذریعہ ویڈیو عدالت کے سامنے پیش کیے جانے پر ماں نے وکیل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔