Tag: travel advisory

  • سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کیلیے ٹریول ایڈوائزری جاری

    سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کیلیے ٹریول ایڈوائزری جاری

    سعودی عرب نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شہریوں اور رہائشیوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ میں متعدد ممالک نے اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔

    سعودی عرب کے بڑے ایئرپورٹس کے حکام نے مسافروں کیلیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی ایئرلائنز سے رابطہ کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔

    رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایڈوائزری میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ ریاض، کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے کہا ہے کہ فضائی حدود کی بندش سے متاثر ہونے والے مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ائیرپورٹ جانے سے قبل اپنی ایئرلائنز سے براہ راست رابطہ کریں۔

    پروازوں کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹس کی تصدیق کسی بھی غیر متوقع تاخیر یا تبدیلی سے بچنے کے لیے ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے مہرآباد ایئرپورٹ کے قریب فضائی حملے کئے ہیں، حملوں کے باعث ہوائی اڈے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    اسرائیل کی جانب سے مہر آباد ایئرپورٹ کے قریب کئے گئے فضائی حملے کے بعد متاثرہ علاقے سے دھوا اُٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ وسطی تہران میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    جبکہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ کیا گیا ہے، چوتھے حملے میں میزائل اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے عین وسط میں گرا تھا، جس میں اسرائیلی جوہری تحقیق مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

    ایران پر اسرائیلی حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں، برطانیہ

    تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن کی آوازیں گونج رہی ہیں، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کو روکنے کے لیے دفاعی نظام کو متحرک کردیا گیا ہے۔

  • امریکا کا سفر سوچ سمجھ کر کریں، چین کا شہریوں کو مشورہ

    امریکا کا سفر سوچ سمجھ کر کریں، چین کا شہریوں کو مشورہ

    بیجنگ : چین نے امریکا سے کشیدہ تجارتی تعلقات اور امریکی داخلی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کو امریکی سفر میں محتاط رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

    اس حوالے سے چین کی وزارت ثقافت و سیاحت نے امریکا کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات ( ٹریول ایڈوائزری) جاری کردی ہے۔

    چین کی حکومت نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کا سفر کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، اس کی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائی گئی ہے۔

    یہ حالیہ پیش رفت ٹرمپ حکومت کی جانب سے لگائی گئی بھاری تجارتی محصولات (ٹیرِف) کے جواب میں چین کے ردعمل کا اظہار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب بیجنگ نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کیے گئے نئے محصولات کے جواب میں مزید جوابی اقدامات کیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت تعلیم  نے چینی طلبہ کو بھی اس حوالے سے خبردار کیا ہے۔

    وزارت تعلیم کے بیان میں امریکی ریاست اوہائیو کی اسمبلی میں زیر غور ایک بل کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس میں چین سے متعلق منفی دفعات شامل ہیں۔ یہ بل چین اور امریکی جامعات کے درمیان تعلیمی تبادلوں اور تعاون پر پابندیوں سے متعلق ہے۔

    بیجنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ سے درآمد کی جانے والی تمام اشیاء پر 84 فیصد ٹیکس عائد کرے گا، جس سے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔

  • امریکا کی لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت

    امریکا کی لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت

    واشنگٹن: امریکا نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    امریکا نے اپنے شہریوں کو سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی سے حالات خطرناک ہو گئے ہیں، حالات بہتر ہونے سے پہلے امریکی شہری لبنان کا سفر کرنے کا ارادہ ملتوی کر دیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے ہفتے کے روز جاری ٹریول ایڈوائزری میں لبنان میں موجود امریکیوں پر زور دیا کہ کمرشل پروازیں اس وقت موجود ہیں اس لیے وہ فوراً وہاں سے نکل جائیں۔

    امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں سے لبنان چھوڑنے کی یہ اپیل حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعہ کی غیر متوقع نوعیت اور بیروت سمیت پورے لبنان میں حالیہ دھماکوں کی وجہ سے کی ہے۔

    جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کے آج صبح لبنان میں 110 مقامات پر حملے

    ایڈوائزری میں زور دیا گیا ہے کہ اس وقت لبنان میں تجارتی پروازیں دستیاب ہیں، اگر امن و امان کی صورت حال مزید خراب ہوتی ہے تو روانگی کے لیے تجارتی آپشنز دستیاب نہیں ہو سکیں گے۔

  • عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے نئی سفری ہدایات

    اسلام آباد: وزارت خارجہ نے فضائی راستے سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق سے ایران جانے کے خواہش مند زائرین اسلام آباد سے ہی ایرانی سفارت خانے سے ویزہ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے فضائی راستے سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کردیں، سفری ہدایات ایران اور عراق کے حکام سے مشاورت کے بعد جاری کی گئیں۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فضائی راستے سے عراق جانے والے زائرین اسی راستے سے وطن واپس آئیں۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عراق سے ایران جانے کے خواہش مند زائرین اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے سے ویزہ لیں، عراق کے راستے ایران جانے کے لیے ایرانی سفارت خانے سے ویزہ لینا ضروری ہوگا۔

    وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ کسی دوسرے ملک پہنچ کر تیسرے ملک کا ویزہ حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا ہوگا۔

  • امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات میں نرمی

    امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات میں نرمی

    واشنگٹن : امریکی حکومت نے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات میں نرمی کردی، سفری ہدایات میں’زیادہ احتیاط برتنے‘ کے الفاظ حذف کردیئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات میں نرمی کردی گئی۔

    تازہ جاری کی گئی سفری ہدایات میں’زیادہ احتیاط برتنے‘ کے الفاظ حذف کردیئے گئے ہیں جبکہ سی ڈی سی کی جانب سے پاکستان کا لیول ون کیٹیگری میں شمار کرلیا گیا ہے۔

    یاد رہے پاکستان میں بیرونی سازش پر،امریکی محکمہ خارجہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ملک آئین کی بالادستی اور جمہوری اصولوں کی حمایت کرتا ہے،یہ اصول صرف پاکستان نہیں بلکہ باقی ملکوں کے لیے بھی ہے۔

    امریکہ کسی ایک جماعت نہیں قانون کی حکمرانی اور برابری کےاصول کی حمایت کرتا ہے۔

  • پاکستان کا ڈنمارک  سے مسافروں کیلئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کا مطالبہ

    پاکستان کا ڈنمارک سے مسافروں کیلئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈینش ہم منصب سے مسافروں کیلئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈینش کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈنمارک کے وزیرخارجہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ، ائیرپورٹ پر دفترخارجہ کےحکام نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر ڈنمارک وزیرخارجہ نے اسلام آبادایئرپورٹ کےلاؤنج کا دورہ کیا ، جہاں ایئرپورٹ حکام کی انخلااورسفارتخانےعملےکےانتظامات سےمتعلق بریفنگ دی۔

    جس کے بعد ڈنمارک کے وزیرخارجہ وزارت خارجہ پہنچے، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر ڈنمارک کے وزیرخارجہ نے پودا بھی لگایا۔

    وزارت خارجہ میں پاکستان اورڈنمارک کےدرمیان وفودکی سطح پرمذاکرات ہوئے ، مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    مذاکرات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان،ڈنمارک کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستانیوں کی ایک کثیرتعداد ڈنمارک میں مقیم ہے، جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے معاونت پرشکر گزار ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مراعات دےرہےہیں، ڈینش کمپنیاں،پاکستان میں سرمایہ کاری سے استفادہ کرسکتی ہیں،شاہ محمودقریشی

    وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دو طرفہ تعاون کا فروغ قابل ستائش ہے، جرمنی، نیدرلینڈز، برطانیہ ،اٹلی، اسپین کے وزرائے خارجہ پاکستان آئے، ان وزرائے خارجہ کیساتھ افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔

    افغانستان سے انخلا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک ہزارسےزائدڈینش شہریوں کوکابل سےانخلا میں معاونت فراہم کی، افغانستان کےحوالےسےہمارے نقطہ نظر میں ہم آہنگی دکھائی دی، افغانستان میں خون خرابےاورخانہ جنگی کا نہ ہونا مثبت پہلو ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں اجتماعیت کی حامل حکومت کی متمنی ہے ، عالمی برادری افغانوں کی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، اقتصادی بحران سےدہشت گرد گروہوں کوافغانستان میں قدم جمانےکاموقع ملےگا، ہمیں افغانستان کے حوالے سے اسپاییلرزکی موجودگی سے باخبررہنا ہوگا۔

    اس موقع پر شاہ محمودقریشی نےڈینش ہم منصب کےساتھ ٹریول ایڈوائزی پرنظر ثانی کا مطالبہ بھی کیا۔

  • بیرون ملک سے آنے والوں مسافروں کیلیے نیا  سفری ہدایت نامہ جاری

    بیرون ملک سے آنے والوں مسافروں کیلیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مزید چار ممالک کو کیٹیگری سی کی فہرست میں شامل کرلیا ، جس کے بعد فہرست میں شامل ممالک کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ، جس میں مزید ممالک کو سی کیٹیگری میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    این سی او سی کے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری میں کیٹیگری سی کی فہرست میں مزید چار ممالک کو شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد اس فہرست میں شامل ممالک کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ایران،عراق،بھارت سمیت کیٹیگری سی میں 26ممالک شامل ہیں اور کیٹیگری سی ممالک مسافروں کا کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ لازم ہوگا۔

    یاد رہے 08 جون کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کو مطلع کیا گیا تھا کہ ملک کے ایئرپورٹس پر کورونا سے متاثرہ مسافروں کا پتہ لگانے کے لئے ایک مربوط طریقہ کار وضع کیا گیا تھا اور اب تک 388 مسافروں میں وائرس پایا گیا۔

  • عمان جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

    عمان جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

    اسلام آباد : عمانی حکومت نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی، جس میں پاکستانیوں کا داخلہ عمانی سفارتخانے کے خصوصی پرمٹ سے مشروط کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمان میں کورونا سے بچاو کیلئے حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیئے اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی عمان حکومت کی نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔

    ٹریول ایڈوائزری کے مطابق عمانی ائیر لائنز سلام ائیر اور عمان ائیر کے علاوہ دیگر ائیر لائنز کو عمان میں آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں، پاکستان سمیت دیگر ممالک سے عمان جانے والے مسافر صرف عمانی ائیر لائنز سے ہی عمان سفر کریں گے۔

    ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عمان نے پاکستانیوں کو داخلے بھی عمانی سفارت خانے کے جاری کردہ خصوصی پرمٹ سے مشروط کردیا ہے۔

    ایڈوائزری کے مطابق عمان میں مسافروں کاقیام کے دوران سیلف انشورنس کا ہونا لازم ہوگا، عمان جانے والے پاکستانیوں کو بھی چودہ روز کیلئے قرنطینہ ہونا لازم ہوگا، صرف جہازوں کا عملہ قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوگا۔

    ٹریول ایڈوائزری میں مسافروں کو عمان پہنچ کر قرنطینہ کی شرط پوری کرنے کیلئے ٹریکنگ بریسلیٹ پہننا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔

  • کورونا وائرس ، ایئر لائنز کی عالمی تنظیم ایاٹا نے  ٹریول ایڈ وائزری جاری کردی

    کورونا وائرس ، ایئر لائنز کی عالمی تنظیم ایاٹا نے ٹریول ایڈ وائزری جاری کردی

    اسلام آباد : ایئر لائنز کی عالمی تنظیم ایاٹا نے فضائی آپریشن کے لئے نئی حکمت عملی تیارکرتے ہوئے ٹریول ایڈ وائزری جاری کردی، جس میں ایئرلائنزکو مسافروں کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر لائنز کی عالمی تنظیم ایاٹا نے کورونا کے پھیلاؤکی روک تھام کے بعد فضائی آپریشن کے لئے نئی حکمت عملی تیار کرلی اور؎ ٹریول ایڈ وائزری جاری کردی۔

    جس میں عالمی ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ایئرلائنزکو مسافروں کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایئرلائنز مسافروں کو ٹکٹ کی فروخت سے قبل ان کے رابطوں کی تفصیل الگ سے جمع کی جائیں اور ٹکٹ کی فروخت سے قبل ٹریول ایجنٹس مسافروں کی مکمل تفصیلات مرتب کریں گے۔

    ایاٹا کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سفر کرنے والوں کا اب پبلک ہیلتھ پیسنجرلوکیٹر فارم بھی مکمل کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : کورونا وائرس: بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے نقشہ متعارف

    یاد رہے ایئر لائنز کی عالمی تنظیم ایاٹا انٹرنیشل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن سے متعلق نقشہ متعارف کرایا تھا ، بین الاقوامی پروازوں کے نقشے میں ان ملکوں اور شہروں کی نشاندھی کی جا سکے گی، جہاں فضائی آپریشن جاری ہے۔

    ایاٹا سفری نقشے کو ہر 15 منٹ بعد اپ ڈیٹ کرے گا، اس نقشے کا مقصد بیرون ملک سفر کر نے والے مسافروں کی رہنمائی کر نا ہے اور عالمی وباء کورونا وائرس کے دوران سفری طریقہ کار میں کیا تبدیلیاں ہوئی ہیں ، مسافروں کو اپ ڈیٹ رکھا جائے گا۔

    بین القوامی پروازوں سے سفر سے متعلق قوانین میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی تبدیلی سے متعلق بھی باخبر رکھا جائے گا جبکہ اس نقشے میں بتایا جائے گا کہ سرحدوں میں داخلے اور پروازوں کے آپریٹ ہونے سے متعلق مختلف ممالک اپنے قوانین بھی تبدیل کررہے ہیں اور سفری کیا پابندیاں عائد ہیں۔

  • کرونا وائرس : تمام ایئر لائنز پرواز سے قبل طیاروں میں اسپرے کریں، سی اے اے

    کرونا وائرس : تمام ایئر لائنز پرواز سے قبل طیاروں میں اسپرے کریں، سی اے اے

    کراچی : سول ایوی ایشن نے پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائنز کے لیے مسافروں کو بٹھانے سے قبل طیاروں میں اسپرے، فضائی میزبان اور مسافروں کیلئے سرجیکل ماسک لازمی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی، پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائنز کیلئے اکیس نکات پر مبنی ایڈوائرزری جاری کی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایات میں کہا ہے کہ تمام ائیر لائنز ان نکات پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں، طیاروں میں مسافروں کو بٹھانے سے قبل اسپرے کے ذریعے ڈس انفیکٹ کیا جائے.

    اس کے علاوہ جہاز کو جراثیم سے پاک اور مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیرشن فارم پر کروانا لازمی اور تمام ائیرلائنز کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم موجود ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔

    سی اے اے نے ہدایات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ دوران پرواز تمام فضائی میزبان اور مسافر سرجیکل ماسک کا استعمال لازمی کریں گے، مسافروں کی ائیرپورٹس پر پرواز سے قبل طبی جانچ اور اسکریننگ کی جائے گی۔

    کوئی بھی مسافر دوران پرواز اپنی نشست تبدیل نہیں کرسکے گا، جہاز میں کیبن کریو ہر آدھے گھنٹے بعد مسافروں کو ہینڈسینیٹائز فراہم کریں گے۔

    اس کے علاوہ ڈھائی گھنٹے سے زیادہ دورانیے والی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم کیا جائے گا جبکہ اس سے کم دورانیے والی پروازوں پر کھانے پر پابندی ہوگی، دوران پرواز مسافروں کو پیک شدہ اسنیکس دئیے جائیں گے۔

    سی اے اے کے مطابق پرواز سے قبل کیبن کریو نشستوں بیٹھے مسافروں کی تصویر واٹس ایپ کے ذریعے سی اے اے کو بھیجیں گے۔

    لینڈنگ سے قبل کپتان کی جانب سے ائیر ٹریفک کنٹرولر کو تمام مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم پر ہونے کی یقین دہانی کے بعد لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ  محکمہ صحت کا عملہ لینڈنگ پر ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم وصول اور مسافروں کی مکمل اسکریننگ کرے گا۔