Tag: Traveling

  • وہ شے جو دولت سے بھی زیادہ خوشی دے سکتی ہے

    وہ شے جو دولت سے بھی زیادہ خوشی دے سکتی ہے

    ایک عام خیال ہے کہ دولت انسان کو بہت سی خوشیاں دے سکتی ہے، لیکن کیا واقعی یہ بات درست ہے؟

    نیویارک کی کورنل یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دولت سے انسان کی زندگی میں آنے والی خوشی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، تاہم ایک شے ایسی ہے جو دولت سے بھی زیادہ کسی انسان کو خوش باش بنا سکتی ہے۔

    وہ شے ہے، سیر و سیاحت کرنا۔

    تحقیق میں دیکھا گیا کہ دولت، اور دولت سے خریدی جانے والی اشیا خوشی تو دے سکتی ہیں، تاہم یہ خوشی عارضی ہوتی ہے۔ اس کے برعکس سیاحت آپ کی خوشگوار یادوں میں ایک اضافہ ثابت ہوتی ہے اور ہمیشہ آپ کو خوش کرتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر بار نئی چیزیں خریدنے کی خوشی یکساں ہوتی ہے جو وقت کے ساتھ ماند پڑتی جاتی ہے۔

    اس کی 3 وجوہات ہیں۔ ہم جلد ہی ان چیزوں سے بور ہو کر نئی چیزوں کے شوق میں مبتلا ہوجاتے ہیں، ہم اپنا معیار بلند کرتے جاتے ہیں یا اس کی خواہش رکھتے ہیں (جس کے بعد وہ شے ہمارے لیے بے معنی ہوجاتی ہے) اور ہم دوسروں کی اشیا دیکھ کر احساس کمتری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    یہ چیزیں کچھ عرصہ تو ہمیں خوش رکھتی ہیں اس کے بعد ہم اس کے عادی ہوجاتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ہماری خوشی کا گراف نیچے چلا جاتا ہے۔

    اس کے برعکس سفر اور سیاحت ہمیں مستقل طور پر خوش رکھتا ہے۔ جب ہم اپنے پرانے ماحول سے کچھ عرصے کے لیے کٹ کر نئے ماحول میں جاتے ہیں، نئے لوگوں سے ملتے ہیں اور نئی چیزیں سیکھتے ہیں تو ہمارا دماغ ان تمام معلومات کو جذب کرنے میں مصروف ہوجاتا ہے۔

    ایسے میں دماغ میں موجود منفی خیالات، ناخوشی اور ڈپریشن کی سطح بہت نیچے چلی جاتی ہے اور دماغ نئے سرے سے تازہ دم ہوجاتا ہے۔ اس سفر کی یادیں ہر بار یاد کرنے پر خوشی کا احساس ہوتا ہے جبکہ یہ یادیں ناقابل فراموش ہوتی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ نہ صرف سفر کرنا بلکہ کچھ نیا سیکھنا یا کسی کھیل میں حصہ لینا بھی آپ کو مادی اشیا کے حصول سے زیادہ خوش کرسکتا ہے۔

    آپ اس تحقیق سے کتنے متفق ہیں؟

  • چاند تاروں کا رقص دکھاتا شیشے کا کمرہ

    چاند تاروں کا رقص دکھاتا شیشے کا کمرہ

    کیسا لگے گا آپ کو جب آپ زمین سے کئی فٹ اوپر فضا میں معلق ہوں اور سورج کے طلوع ہونے، غروب ہونے اور چاند تاروں کے سفر کو اپنے بالکل قریب سے دیکھ سکیں۔

    جنوبی امریکی ملک پیرو میں بھی ایسے ہی ہینگنگ لاجز بنائے گئے ہیں جہاں رہنا تو بڑا دل گردے کا کام ہے، تاہم وہاں وقت گزارنا زندگی کے بہترین تجربات میں سے ایک ہوسکتا ہے۔

    پیرو کے شہر کزکو میں ایک پہاڑ پر معلق شیشے کے کیپسولز بنائے گئے ہیں۔ یہ کیپسولز زمین سے 12 سو فٹ اونچائی پر واقع ہیں۔

    یہاں تک پہنچنے کے لیے آپ کو باقاعدہ کوہ پیمائی کر کے پہاڑ کے اوپر چڑھنا ہوگا۔

    زمین سے کئی سو فٹ اوپر شیشے سے بنے اس عارضی کمرے میں آپ طلوع آفتاب کے ساتھ ناشتہ اور غروب آفتاب کے وقت چائے پی سکتے ہیں۔ چاروں طرف قدرت کے شاندار مناظر بکھرے ہوئے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

    رات میں سوتے ہوئے چاند اور تارے آپ کے اوپر رقص کرتے دکھائی دیں گے اور آپ اندھیری رات کو صبح کاذب اور پھر صبح کے خوبصورت رنگوں میں ڈھلتا ہوا دیکھ سکیں گے۔

    یہاں پر آپ کو پیرو کے مقامی کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔

    واپسی کے وقت ایک اور ایکسائٹمنٹ آپ کی منتظر ہوگی۔ واپس جانے والوں کے لیے یہاں 7 طویل زپ لائنز لگائی گئی ہیں جن کے ذریعے آپ چند منٹوں میں واپس زمین پر پہنچ جائیں گے۔

    اس انوکھے اور حسین لاج میں وقت گزارنا زندگی کا شاندار تجربہ ہوسکتا ہے۔