Tag: Treatment abroad

  • غریب درزی پراسرار بیماری کا شکار

    غریب درزی پراسرار بیماری کا شکار

    ڈسکہ : پنجاب میں ایک غریب درزی پراسرار بیماری کا شکار ہوگیا جس کے باعث اس کے جسم کے مختلف حصوں کی ہڈیاں بڑھ گئیں، غربت کے باعث وہ اپنا علاج کروانے سے قاصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ڈسکہ میں غریب محنت کش پراسرار بیماری میں مبتلا ہوکر دہری اذیت کا شکار ہوگیا، ڈاکٹروں نے بھی ملک میں اس بیماری کے علاج نہ ہونے کی تصدیق کردی۔

    ڈسکہ کے نواحی گاؤں دھدھے والی کا رہائشی درزی محسن علی جسم کی ہڈیاں بڑھ جانے کے سبب انتہائی پریشانی کا شکار اور بیرون ملک علاج کیلئے کسی مسیحا کا منتظر ہے۔

    ڈسکہ سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے رانا غلام مصطفیٰ کی رپورٹ کے مطابق محسن علی دن رات محنت کرکے اپنا اور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔

    فٹبال سی کر گزارا کرنے والا شہری ایک کمرے کے گھر میں رہائش پذیر ہے جو اس بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد شدید مالی مشکلات میں گھر گیا ہے۔

    محسن علی کے جسم کی مختلف ہڈیاں مختلف زاویوں سے بڑھنا شروع ہوگئیں جس کے باعث وہ کام کرنے سمیت صحیح طرح چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہے۔

    کئی ڈاکٹروں کو دکھانے کے باوجود معالجین اس پراسرار بیماری کی تشخیص اور علاج کرنے سے انکار کررہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس مرض کا علاج بیرون ملک ہی کیا جاسکتا ہے۔

    محسن علی کی اہلیہ لوگوں کے گھروں کا کام کرکے اپنے گھر کا خرچہ چلانے کی کوشش کررہی ہے، اس کا کہنا ہے کہ بچوں کو کھلانے کے لیے پیسے نہیں اسکول کی فیس بھی نہیں دے سکتے۔

    ہڈیوں کی پراسرار بیماری میں مبتلا محسن علی وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امید لگائے بیٹھا ہے کہ حکومتی سطح پر اس کا علاج کرایا جائے گا۔

  • سعودی حکومت کا بیمار اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کیلئے اہم اعلان

    سعودی حکومت کا بیمار اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کیلئے اہم اعلان

    سعودی وزارت صحت نے مملکت میں رہنے والے تمام شہریوں کیلئے بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کے لیے حکجومت سے اجازت نامے کا طریقہ کارجاری کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ بیرون ملک اپنے خرچ پرعلاج کا اجازت نامہ شرائط کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔

    وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ طب کے شعبے میں ترقی یافتہ ملک کے اسپیشلسٹ سینٹر یا ہسپتال سے علاج کا خط پیش کرنا ہوگا۔

    مرض ایسا ہو جس کا علاج اندرون ملک مہیا نہ ہو اور بیرون مملکت ہی اس کا علاج کرایا جاسکتا ہو۔ اس حوالے سے وزارت صحت کی مصدقہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

    بیرون ملک علاج کا امیدوار کسی ایسے مرض میں مبتلا ہو جس کی بابت ہائی میڈیکل اتھارٹی مملکت کے باہرعلاج کی سفارش کرتی ہو۔

    حکومت کے خرچ پر بیرون ملک علاج کی اجازت بھی شرائط پوری کرنے پر دی جائے گی۔ ان میں پہلی شرط یہ ہے کہ شاہی فرمان جاری ہوا ہو یا ہائی میڈیکل اتھارٹی بیرون ملک علاج کا فیصلہ جاری کرے۔

    شرائط کے مطابق بیرون ملک علاج کی منظوری جن لوگوں کو حاصل ہوگی ان کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ دو افراد سفر کرسکیں گے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک علاج کے لیے اجازت ناموں کی درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی۔ پہلے ان پر وزارت صحت غورکرے گی، شرائط پوری ہونے پر انہیں آن لائن ہی محکمہ پاسپورٹ ضروری کارروائی کے لیے بھیج دیا جائے گا۔