Tag: tree plantation

  • وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے درخت اپناؤ مہم کا آغاز کر دیا

    وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے درخت اپناؤ مہم کا آغاز کر دیا

    لاہور: وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ کائنات اور زندگی کا مستقبل درختوں سے وابستہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے نیو کیمپس میں اکیڈیمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام درخت اپناؤ مہم کا آغاز کر دیا۔

    اس موقع پر پر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، سیکرٹری جاوید سمیع، اقامتی آفیسر دوئم ملک محمد ظہیر، فیکلٹی ممبران اور ان کی فیمیلیز موجود تھیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ کائنات اور زندگی کا مستقبل درختوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ درخت فضاء میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں اور آکسیجن خارج کرتے ہیں جو کہ ہماری زندگی کے لیے لازمی جزو ہے۔

    وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ اگر فوری طور پر درخت نہیں لگائے جائیں گے تو ماحول کا توازن خطرناک حد تک بگڑ جائے گا جو کہ سیارہ زمین کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انوار چوہدری نے کہا کہ درخت لگانا اور اسے اپنانا ہر پاکستانی خاندان کا فرض ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے درخت اپناؤ مہم کا آغاز کیا ہے تا کہ عوام میں درختوں کو لگانے ، انہیں اپنانے اور زندگی کے لیے ان کے کردار سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔

    پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انوار چوہدری نے کہا کہ اگر ہمیں آئندہ آنے والی نسلوں کو صاف ماحول دینا ہے اور انہیں صحت مند زندگی دینی ہے تو ہمیں اربوں درخت لگانے ہوں گے۔

    قبل ازیں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا اس موقع پر اساتذہ اور ان کے خاندانوں نے بڑی تعداد میں درخت لگائے۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پودے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم، سوات میں جنگلات کی کٹائی کا نوٹس

    ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پودے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم، سوات میں جنگلات کی کٹائی کا نوٹس

    کمالیہ/پشاور: ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں پودے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا، جنگلات میں 42 سیکنڈز میں 16 ہزار پودے لگائے گئے۔ دوسری طرف وزیرِ اعلیٰ کے پی نے سوات میں جنگلات کی کٹائی کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کے جنگلات میں شجر کاری مہم کے تحت 42 سیکنڈز میں 16 ہزار پودے لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔

    مقامی ڈپٹی کمشنر احمد خاور نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی شجر کاری مہم میں 16 ہزار مرد، خواتین اور طلبا نے حصہ لیا، سب نے مل کر ایک ہی وقت میں 16 ہزار پودے لگائے۔

    ڈی سی خاور کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں شجر کاری مہم کے تحت 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، اس مہم میں شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا، ہم مل کر پاکستان کو سرسبز و شاداب بنائیں گے۔


    مزید پڑھیں:  ملک بھرمیں’’پلانٹ فار پاکستان‘‘کے نام سے شجرکاری مہم کا آغاز


    دوسری طرف خیبر پختونخوا میں جنگلات کی کٹائی کے ایک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ کے پی نے متعلقہ حکام کو تحقیقات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے ڈی سی سوات کو ہدایت کی کہ سوات میں جنگلات کی کٹائی کے واقعے کی تحقیقات کر کے فوری طور پر رپورٹ پیش کریں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، وزیر اعظم


    انھوں نے صوبے کے چیف سیکریٹری کو بھی ہدایت کی کہ ڈی ایف او سوات کو فوری طور پر معطل کر دیا جائے اور جنگلات کی کٹائی روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

    وزیرِ اعلیٰ نے کہا ’تحقیقات کر کے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کی جائے، ہدایات کے با وجود درختوں کی کٹائی ناقابلِ برداشت ہے، صوبے میں جنگلات کی کٹائی پر پابندی کے فیصلے پر عمل در آمد کیا جائے۔‘

  • 71 سیکنڈ میں 71 پودے لگانے کا ریکارڈ

    71 سیکنڈ میں 71 پودے لگانے کا ریکارڈ

    لاہور: سرعام کی ٹیم ان دنوں جشنِ آزادی کے سلسلے میں 14 لاکھ پودے لگانے کے مشن پر ہے، اس سلسلے میں لاہور میں 71 سیکنڈ میں 71 پودے لگا کر نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرعام کی ٹیم نے لاہور میں پاک ترک اسکول کے طلبہ کے ساتھ مل کر پاکستان کے 71 ویں جشنِ آزادی کے موقع پر 71 سیکنڈ میں 71 پودے لگائے ٹیم کے زیرِ اہتمام ملک کے طول و عرض میں شجر کاری مہم جاری ہے۔

    اے آروائی نیوز کے مشہورِ زمانہ ٹی وی شو’سرعام‘ کے میزبان اقرار الحسن کا کہنا ہے کہ ہمیں صرف پودے نہیں لگانے بلکہ ان کی حفاظت بھی کرنی ہے، گزشتہ روز اس سلسلے میں انہوں نے طلبہ و طالبات ، سول سوسائٹی اور وکلا کے ساتھ مل کر شجر کاری کی تھی۔

    ٹیم سرِ عام کے رضاکار اس سلسلے میں ملک بھر میں سرگرم ہیں، اور ان کی جانب سے شجر کاری کرکے تصاویر مسلسل سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہیں جس سے دیگر افراد کو بھی تحریک مل رہی ہے۔

    سر عام کی اس مہم میں مشہور و معروف اداکار اور کرکٹر بھی شامل ہیں۔ سابق کرکٹر محسن خان اور بوم بوم شاہد آفریدی بھی اس مہم میں پیش پیش رہے اور اقرار الحسن کے ہمراہ درخت لگائے۔

    دیگر اہم شخصیات میں نوید رضا، شان بیگ، کنور نفیس، ٹیپو شریف، اور معروف ٹی وی اینکر فرح یوسف سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس وقت پوری دنیا ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کررہی ہے اور اس کے سبب دنیا بھر میں بارشوں ، برف باری اور گرمی کے نظام الاوقات تبدیل ہوکر رہ گئے ہیں۔ پاکستان میں بھی ان تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ سنہ 2015 میں پیرس میں ہونے والے عالمی معاہدے کا پاکستان بھی دستخط کنندہ ہے جس کے تحت دنیا کے 195 ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں گے جن میں شجر کاری کو اولین ترجیح حاصل ہے۔

  • کراچی کے نوجوان شجرکاری کے لیے مشینری استعمال کرنے لگے

    کراچی کے نوجوان شجرکاری کے لیے مشینری استعمال کرنے لگے

    کراچی: شہر قائد کے نوجوانوں نے شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیےاپنی مدد آپ کے تحت جدید مشینری کا استعمال شروع کردیا ہے، مشینری کے استعمال سے پودے لگانے پر صرف ہونے والے وقت اور لاگت دونوں کی بچت ہوگی۔

    تفصیلات کےمطابق اپنی مدد آپ کے جذبے کے تحت کراچی کے نوجوانوں کی ایک تنظیم ’امیدبہار‘ شہر کے مختلف علاقوں میں مقامی درخت لگارہی اور ان کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی کررہی ہے اور اب اس مقصد کے لیے وہ مشینری بھی استعمال کررہے ہیں۔

    شہر قائد کے ان نوجوانوں کا طریقہ کار یہ ہے کہ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے ہم خیال لوگوں کی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جو کہ ہر اتوار کو شجر کاری کرتی ہیں۔ تاہم یہ نوجوان پودے لگا کر انہیں یونہی نہیں چھوڑدیتے بلکہ جہاں بھی یہ شجر کاری کرتے ہیں ، اس سے پہلے وہاں باقاعدہ کسی شخص یا ادارے کو اس پودے کی دیکھ بھال اور پانی فراہم کرنے کی ذمہ داری تفویض کرتے ہیں۔

    شجر کاری میں سب سے مشکل کام زمین میں گڑھا کرنا ہوتا ہے جس کے لیے عموماً کسی مزدور کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور اس میں وقت بھی صرف ہوتا ہے، تاہم ان نوجوانوں کی مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مخیر شخص نے انہیں لاہور سے ایک مشین منگوا کر دی ہے جس سے گڑھا کرنا منٹوں کی بات ہوگئی ہے۔

    کراچی کے یہ نوجوان اب تک عائشہ منزل، کنیز فاطمہ سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں 400 سے زائد مختلف اقسام کے پودے لگا چکے ہیں جن میں نیم، پیپل، مورنگا، کنیر ،فارس بیلیا وغیرہ شامل ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان سب پودوں کا کوئی نہ کوئی شخص ذمہ دار ہے ، لہذا یہ پودے بخوبی پروان چڑھ رہے ہیں۔

    یہ نوجوان پر امید ہیں کہ ایک دن ان کے لگائے یہ درخت نہ صرف انسانوں کو سایہ اور آکسیجن فراہم کریں گے بلکہ ماضی میں ہیٹ اسٹروک کا شکار بننے والے کراچی شہر کو درپیش موسمیاتی چیلنجز پرقابو پانے میں بھی مدد دیں گے، ان کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں یہ اور جدید مشینری حاصل کرکے اپنے کام کی رفتار کو بڑھائیں۔

  • پاک بحریہ کے زیراہتمام موسم بہارکی شجرکاری مہم کا افتتاح

    پاک بحریہ کے زیراہتمام موسم بہارکی شجرکاری مہم کا افتتاح

    کراچی : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پودا لگا کر موسم بہار شجر کاری مہم 2018 کا آغازکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز کراچی میں پاک بحریہ کے سربراہ نے نیوی کے زیر اہتمام پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا.

    اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ شجرکاری مہمات ہمیں نادر مواقع فراہم کرتی ہیں، اس سے ہمیں فطرت کے ساتھ اپنےتعلق کو مضبوط بنانے موقع ملتا ہے.

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل ظفر محمودعباسی نے مزید بتایا کہ پاک بحریہ جیوانی سے سرکریک تک ساحلی علاقوں میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کرے گی۔

    انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھراماحول فراہم کرنے کے لیے کم ازکم ایک درخت ضرورلگائیں، اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری روبینہ خورشید عالم بھی موجود تھیں۔